Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • بھارت جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    بھارت جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    راولپنڈی: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بھارت جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مختلف جامعات کے وی سیز، پرنسپل اور اساتذہ کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، ہندوستان جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوچکا اب یہ ممکن نہیں رہا، کشمیر ایک عالمی سطح کر مسئلہ ہے۔

    فیلڈ مارشل نے کہا کہ دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے، وہاں دہشت گردی کی بنیادی وجہ اقلیتوں، مسلمانوں پر بڑھتا ظلم ہے، بھارت میں دہشت گردی کی بڑھتی وجہ تعصب پسندی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں، ہم نے پاکستان کو مضبوط ریاست بنانا ہے، پاکستان کو مضبوط ریاست بنانا چاہتے ہیں، جہاں تمام ادارے قانون کے مطابق کام کریں۔

    عاصم منیر نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے آئین کے تحت کام کریں، ایسی ریاست ہو جہاں ادارے بغیر سیاسی دباؤ، مالی، ذاتی فائدے کے عوامی فلاح کے لیے کام کریں، جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کے بیانیے کی کوشش کرے اس کی نفی کریں۔

    انہوں نے کہا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، بھارت کی اجارہ داری پاکستان کبھی قبول نہیں کرے گا۔

    فیلڈ مارشل نے کہا کہ اساتذہ کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، پاکستان کی اگلی نسلوں کی رکدار سازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسلوں کو بتانی ہے۔

    فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی، معرکہ حق ثبوت ہے قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو کوئی طاقت گرا نہیں سکتی۔

    علاوہ ازیں شرکا نے سوال و جواب کے سیشن میں تاثر دیا ہے کہ یہ جو محفوظ دھرتی ہے اس کے پیچھے وردی ہے، ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

  • پاکستان نے  پہلے سرکاری حمایت یافتہ بٹ کوائن ریزرو کا اعلان کردیا

    پاکستان نے پہلے سرکاری حمایت یافتہ بٹ کوائن ریزرو کا اعلان کردیا

    اسلام آباد : پاکستان نے پہلے سرکاری حمایت یافتہ بٹ کوائن ریزرو کا اعلان کر دیا اور کرپٹو مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی اپیل بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سرکاری حمایت یافتہ بٹ کوائن ریزرو اور قومی بٹ کوائن والٹ کے قیام کا اعلان کر دیا۔

    پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال ثاقب نے اس بات کا اعلان بٹ کوائن ویگاس دو ہزار پچیس کے دوران کیا اور پاکستان کی کرپٹو مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی اپیل بھی کی۔

    پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب نے ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹرمپ کا حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں امن اور کرپٹو کیلئے امریکی صدرکی خدمات کو سراہا۔

    تقریب میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ ،ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر بھی موجود تھے۔

    مزید پڑھیں : پہلا "بلاک چین بیسڈ ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ لائسنس” جاری

    وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب نے امریکا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی بٹ کوائن والیٹ قیاس آرائیوں یا ہائپ کیلئے نہیں ہے۔ ہم ان بٹ کوائن کو کبھی فروخت نہیں کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت بٹ کوائن کے سرکاری ذخائر بنانے کی تیاری کررہی ہے، بٹ کوائن ذخائر نیشنل بٹ کوائن والٹ قرار دیے جائیں گے۔

    وزیر مملکت برائے کرپٹو نے کہا کہ پاکستان یہ بٹ کوائن فروخت کرنے کیلئےنہیں بلکہ اپنے اثاثے بنانے کیلئےمحفوظ کرے گا، بحکومت پاکستان کے بٹ کوائن ذخائر کبھی بھی بٹ کوائن کی ریٹ کے اتار چڑھاؤ میں استعمال نہیں ہوں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دنیا کے پاس پاکستان اور بٹ کوائن کے بارے میں بہت سی معلومات درست نہیں، دنیا کو خدشات ہیں کہ بٹ کوائن غیر مستحکم ہیں اور اس میں رسک ہے، دنیا بٹ کوائن کے پوٹینشل اور ریسورسز اور ٹیلنٹ کے پہلو بھی دیکھے، دنیا پاکستان کو ترقی کے مواقع کی نظر سے دیکھے۔

  • حکومت کا  کے الیکٹرک ٹیرف پر  نیپرا میں  نظرثانی درخواست دائر کرنے کا اعلان

    حکومت کا کے الیکٹرک ٹیرف پر نیپرا میں نظرثانی درخواست دائر کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: حکومت نے کے الیکٹرک ٹیرف پر نظرثانی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں وفاقی حکومت اور بجلی صارفین پر دباؤ نہ آئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی اویس لغاری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کے ٹیرف پر وفاقی حکومت نظرثانی درخواست نیپرا میں دائرکرنے جارہی ہے، نظر ثانی درخواست پرہم تیاری کررہے ہیں۔

    وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور بجلی صارفین پر دباؤ نہ آئے اس سلسلے میں ہم کام کر رہے ہیں،نجکاری کی طرف جا رہے ہیں، کے الیکٹرک اور دیگر سرمایہ اپنی کارکردگی کے اوپر منافع کمائیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہماری ڈسکوز میں ریگولیٹری قوانین نافذ کرانے چاہیے، ہم نیپرا میں جائیں گے تاکہ صارف کیلئےمناسب قیمت لے سکیں، نیپرا سے امید ہے کہ ایسے فیصلے دیں جس سے ملک اور صارفین کا فائدہ ہو۔

    اویس لغاری کا مزید کہنا تھا کہ نیٹ میٹرنگ کی پالسی پر دوبارہ نظر ثانی کی گئی ہے، نیٹ میٹرنگ پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی ہے، نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی کی منظوری دی جاتی ہے تو ایک ماہ میں عملدرآمد ہو جائے گا۔

    مزید پڑھیں : کےالیکٹرک کیلئے 7 سالہ ٹیرف کی منظوری

    انھوں نے بتایا کہ 31 فیصد انڈسٹری کیلئے بجلی سستی ہوئی ہے، 1کروڑ 80 لاکھ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 50 فیصد کم ہوئی ہیں، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پن بجلی کی پیداوار کم ہوئی ہے۔

    یاد رہے نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کیلئے 7 سالہ ملٹی ائیر ٹیرف جاری کرنے پر پاور ڈویژن کو تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے آئندہ ملٹی ائیرٹیرف دورانیہ میں سرمایہ کاری متاثرکرسکتے، وفاق کی سبسڈیزیکساں ٹیرف نظام میں فیصلے کے طویل مدتی اثرات آئیں گے۔

    پاورڈویژن نیپرا کی جانب سے کے ای کیلئے جاری ملٹی ائیر ٹیرف کا جائزہ لے گا، پرانے جنریشن ٹیرف کے بارے میں فیصلے پر نظرثانی نیپرا کی توجہ کی منتظر ہے۔

    نظر ثانی فیصلے میں تاخیر سے پاور سیکٹر پر سنگین مالیاتی اثرات آرہےہیں، ایسے معاملات پر توجہ نہ دی گئی تو ریگولیٹری نظام متاثر ہوگا، ایسے اقدام بجلی تقسیم میں نجی شعبے کو راغب کرنے کی کوششوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔

    خیال رہے نیپرا نے کے الیکٹرک کے سات سالہ بجلی سپلائی ٹیرف پر فیصلہ جاری کر دیا، جس کے مطابق کے الیکٹرک کا نیا اوسط بجلی سپلائی ٹیرف 39 روپے 97 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، نیا ٹیرف دو ہزار تئیس چوبیس سے دو ہزار انتیس تیس تک کیلئے ہوگا۔

  • غزہ ملٹری زون بن چکا، مذمت نہیں‌ ردعمل کا وقت ہے، پاکستانی مندوب عاصم افتخار

    غزہ ملٹری زون بن چکا، مذمت نہیں‌ ردعمل کا وقت ہے، پاکستانی مندوب عاصم افتخار

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ غزہ ملٹری زون بن چکا ہے جس میں شہری رہ نہیں سکتے۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتخار  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں دل دہلا دینے والی اسرائیلی بربریت سامنے آئی ہے، خواتین، بچے، ڈاکٹرز خوفناک صورت حال کا سامنا کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ انڈر سیکریٹری جنرل ٹام فلیچر نے حقائق پر مبنی بریفنگ دی جس پر تنقید قابل قبول نہیں۔

    عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد فلسطیی شہری زخمی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غزہ کے شہری ایسی نفسیاتی اذیت برداشت کررہے ہیں جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، ہم اس وقت غزہ میں تاریخ کی بدترین بربریت دیکھ رہے ہیں، مذمت کے الفاظ کافی نہیں اب ردعمل کا وقت ہے۔

    پاکستانی مندوب نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ فلسطینیوں کی نسل کشی ختم کی جائے، غزہ میں طبی سسٹم کو منصوبہ بندی کے تحت تباہ کردیا گیا ہے، اسپتالوں میں مریضوں کے علاج کے لیے ایندھن نہیں، 800 طبی سہولتوں کو نشان ہبنا کر تباہ کیا گیا، طبی عملے کے رکن مارے گئے، امدادی قافلوں کو روکا جاتا ہے اور ان پر حملے کیے جاتے ہیں، 57 بچے بھوک کی وجہ سے انتقال کرچکے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں شہری آبادی کے اسٹرکچر کو تباہ کردیا گیا ہے، پانی، بجلی اور کمیونی کیشن نظام ختم کردیا گیا ہے، 80 فیصد گھر تباہ ہوگئے، فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

  • آذربائیجان کے ساتھ ہمیشہ تعاون اور حمایت جاری رکھیں گے، وزیراعظم

    آذربائیجان کے ساتھ ہمیشہ تعاون اور حمایت جاری رکھیں گے، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آذربائیجان کے ساتھ ہمیشہ تعاون اور حمایت جاری رکھیں گے۔

    آذربائیجان کی یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کاہ کہ میرے بھائی صدر الہام علیوف کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ اتفاق کی بات ہے کہ اسی دن پاکستان ایٹمی قوت بنا اور آذربائیجان کو آزادی حاصل ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ کارباغ کو 30 سال بعد آزادی ملی جس پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، آزادی کی تحریک میں جانیں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، 28 مئی کو آذربائیجان یوم آزادی اور پاکستان یوم تکبیر منا رہا ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ فخر ہے پاکستان نے ہمیشہ سیاسی سفارتی سطح پر آذربائیجان کی حمایت کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ خوشی ہے چند ہفتے پہلے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دی، بھارت ہم سے طاقتور ہے اور کئی 100 بلین ڈالر فوجی طاقت پر خرچ کرتا ہے، بھارتی جارحیت کی وجہ سے ہم نے چھ سال کے بچے کا جنازہ بھی پڑھا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں ہمیں مجبوراً جواب دینا پڑا، پہلگام میں افسوسناک واقعہ ہوا پر بدقسمتی سے ہم پر الزام لگا دیا گیا، بغیر کسی ثبوت کے بھارت نے پاکستان پر الزامات لگائے جبکہ ہم نے عالمی سطح پر انکوائری کمیشن کی پیش کش کی۔

    ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان اچھے، برے وقت میں ایک ساتھ کھڑے ہیں، ترک صدر اردوان

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے تعاون کے جواب میں پاکستان پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 33 معصوم پاکستانی شہری شہید ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری پاک فضائیہ نے بروقت جواب دے کر بھارت کے 6 طیارے 4 رافیل اور ایک مگ 29 بھی گرایا، پاکستان نے جواب دیا کہ ہم امن پسند ہیں اور امن چاہتے ہیں، پاکستان نے جواب دیا کہ ہم پر حملہ کیا جائے گا تو پوری طاقت سے جواب دیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو ترکیہ اور آذربائیجان پوری طاقت سے ساتھ کھڑے ہوئے، ترکیہ اور آذربائیجان نے بھرپور حمایت کی جو کبھی نہیں بھولیں گے، ان دونوں ملک کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ دنیا سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، فلسیطن کے لیے ہمیں اپنی آواز کو بلند کرنا ہوگا تاکہ دنیا سن سکے۔

  • یوم تکبیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پیغام

    یوم تکبیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پیغام

    صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر ملک کی خود مختاری اور علاقائی سا لمیت کے تحفظ کا عزم دہرایا ہے۔

    صدر مملکت نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک قابل اعتماد اورکم از کم دفاعی صلاحیت پر مبنی ہے جو امن کا ضامن ہے جس کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعات کا خواہاں نہیں ہے اور پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے سامنے بھرپور تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ایٹمی سفر کو سراہا اور ملک کو معاشی طاقت میں تبدیل کرنے کیلئے اتحاد اور پختہ عزم کی تجدید کی ضرورت پر زور دیا۔

    وزیراعظم نے اس سال یوم تکبیر کو پاکستان کی اس حالیہ کامیابی کے ساتھ منسلک قرار دیا جس میں پاکستان نے بھارت کی طرف سے مسلط کی گئی بلاجواز جنگ کے خلاف کامیابی کے ساتھ اپنا دفاع کیا۔

    انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ یوم تکبیر کے ملکی دفاع کے جذبے کو معاشی ترقی کے سفر میں بھی برقرار رکھیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت بنے 27 برس بیت گئے، آج سے 27سال پہلے آج ہی کے دن وطن عزیز نے اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی جسے یوم تکبیر کے نام سے جانا جاتا ہے۔

    پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔

    بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں یکے بعد دیگرے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے جوہری قوت ہونے کا تاریخی اعلان کیا۔

    ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو ”یوم تکبیر”کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

    پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

    پاکستان اور ہندوستان نے پہلی مرتبہ1998 میں 3، 3ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کے جوہری سائنسدانوں نے سنہ 1984 میں جوہری بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی تھی۔

    یوم تکبیر پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے، چیئرمین سینیٹ

    مئی 1998 میں جب ہندوستان نے جوہری تجربات کیے تو پاکستان کے لیے کوئی چارہ کار نہیں رہا کہ وہ بھی جوہری تجربات کرے اور یوں پاکستان بھی جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہوگیا۔

  • 27واں یوم تکبیر آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

    27واں یوم تکبیر آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

    پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت بنے 27 برس بیت گئے، آج سے 27سال پہلے آج ہی کے دن وطن عزیز نے اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی جسے یوم تکبیر کے نام سے جانا جاتا ہے۔

    پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔

    بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں یکے بعد دیگرے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے جوہری قوت ہونے کا تاریخی اعلان کیا۔

    ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو "یوم تکبیر” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

    پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

    پاکستان اور ہندوستان نے پہلی مرتبہ1998 میں3، 3ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کے جوہری سائنسدانوں نے سنہ 1984 میں جوہری بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی تھی۔

    مئی 1998 میں جب ہندوستان نے جوہری تجربات کیے تو پاکستان کے لیے کوئی چارہ کار نہیں رہا کہ وہ بھی جوہری تجربات کرے اور یوں پاکستان بھی جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہوگیا۔

  • پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذی الحجہ 29 مئی کو ہوگی

    پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذی الحجہ 29 مئی کو ہوگی

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔

    چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا یکم ذی الحجہ 29 مئی کو ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 7 جون بروز ہفتے کو ہوگی۔

    مولانا رمضان سیالوی کا کہنا ہے کہ یکم ذی الحجہ جمعرات 29 مئی کو ہوگا اور عید الاضحیٰ ہفتہ 7 جون کو منائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی ہے جس سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ چاند کے نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

    ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوئے۔

    کراچی میں آج غروب آفتاب کا وقت 7 بجکر 15 منٹ تھا اور اس وقت چاند کی عمر 11 گھنٹے 34 منٹ ہوگی، چاند دیکھنے کے لیے عمر تقریباً 24 گھنٹے یا اس سے زائد ہونی چاہیے۔

    سپارکو کا کہنا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر گیارہ گھنٹے ہوگی۔ یکم ذی الحجہ 29 مئی کو ہونے کی توقع ہے۔ آج چاند نظر نہیں آتا تو عیدالاضحی سات جون کو ہونے کا امکان ہے۔

    سعودی عرب میں ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس آج ہوگا۔ سعودی ماہرفلکیات کا کہنا ہے آج چاند نظر آنے کا امکان ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز کا بھی یہی کہنا ہے کہ آج ذی الحجہ کا چاند آج نظر آنے کا امکان ہے۔ متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ 6 جون کو ہوسکتی ہے۔ ابوظبی میں چاند دوربین کے ذریعے دیکھا جاسکے گا۔ عمان، مقبوضہ بیت المقدس اور قاہرہ میں چاند آنکھ سے دیکھنا ممکن ہوگا۔

  • پاکستان کا اسلامی دنیا میں خاص مقام ہے، آیت اللہ خامنہ ای کا سوشل میڈیا پر پیغام

    پاکستان کا اسلامی دنیا میں خاص مقام ہے، آیت اللہ خامنہ ای کا سوشل میڈیا پر پیغام

    اسلام آباد: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ پاکستان کا اسلامی دنیا میں ایک خاص مقام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا پاکستان کا اسلامی دنیا میں خاص مقام ہے، مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا مؤقف قابل تعریف ہے۔

    انھوں نے کہا غزہ میں صہیونی طاقت کے جرائم روکنے کے لیے ایران اور پاکستان کو مل کر کام کرنا چاہیے، ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں، امت مسلمہ کی سلامتی کا واحد راستہ مسلم اقوام کا اتحاد ہے۔

    شہباز شریف کا ٹویٹ


    دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر دورہ ایران کے حوالے سے پیغام میں کہا ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ایک دوستانہ اور پرجوش ملاقات ہوئی، ایران کے عظیم عقائد کے حامل، سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔

    انھوں نے کہا خاص طور پر مسلم امہ کو درپیش موجودہ چیلنجز کے حوالے سے میں نے آیت اللہ خامنہ ای کی رائے جانی، ہم نے ملاقات میں باہمی مفادات، دو طرفہ اور علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا، اور حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے لیے ایران کے ثالثی کردار اور ان کی تشویش کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا پاکستان مسلم امہ میں ایران کے کردار کی قدر کرتا ہے۔


    پاکستان ایران کے سول جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے، وزیراعظم


  • پاکستان ایران کے سول جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے، وزیراعظم

    پاکستان ایران کے سول جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان پرامن مقاصد کے لیے ایران کے سول جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک ایران کا دورہ کرکے دلی خوشی ہوئی، ایران کو ہم اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، ایرانی صدر کے ساتھ تعمیری اور مفید بات چیت ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں، دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر مسعود پزشککیان نے ٹیلیفون کرکے خطے میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا، ان کے پاکستانی عوام کے لیے جذبات پر مشکور ہوں، ایرانی وزیر خارجہ بہترین سفارت کار ہیں جن سے اسلام آباد میں بات ہوئی۔

    وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

    انہوں نے کہا کہ بھارت سے پانی کے مسئلے، انسداد دہشت گردی کے معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن جارحیت ہوگی تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے، مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔

    دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان برادر ہمسایہ ملک ہے، دونوں ملکوں کے دہائیوں پر محیط ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں، او آئی سی کے پلیٹ فارم پر دونوں ملکوں کا مؤقف یکساں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاست، معیشت، بین الاقوامی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی، سرحدی علاقوں میں انسداد دہشت گردی سے متعلق قریبی تعاون ضروری ہے۔

    ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، خطے کی ترقی اور خوشحالی امن سے ہی ممکن ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان فلسطین کاز کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، فلسطین میں ہونے والی نسل کشی پر عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔