Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • کہا تھا پاکستان جواب دے گا تو پوری دنیا دیکھے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    کہا تھا پاکستان جواب دے گا تو پوری دنیا دیکھے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    اسلام آباد : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ کہا تھا پاکستان جواب دیگا تو پوری دنیا دیکھے گی اور شکر الحمد للہ ایسا ہی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوان صدر میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستانی میڈیا نے ستون کا کردار ادا کیا، میڈیا ہمارا فخر ہے، میڈیا نے دنیا کو بتایا کہ ہم سچ بولتے ہیں۔

    فلیڈ مارشل کا کہنا تھا کہ میڈیا ہمارا پلر ہے، میڈیا نے ہمارے ساتھ مل کر جنگ لڑی اور ہم نے ثابت کیاکہ مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

    صحافی نے فیلڈ مارشل سے سوال کیا آپریشن بنیان مرصوص کا نام کس نے تجویز کیا؟ تو انھوں نے بتایا کہ آپریشن بنیان مرصوص کانام بہت سوچ سمجھ کرمشاورت کے بعد رکھا گیا، بنیان مرصوص کا مطلب واضح ہے اور ہم اللہ کی مدد سے سیسہ پلائی دیوارثابت ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کہا تھا پاکستان جواب دے گا تو پوری دنیا دیکھے گی اور شکر الحمدللہ ایسا ہی ہوا۔

    مزید پڑھیں : پاک افواج کے سربراہ سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا

    خضدار حملے کے حوالے سے فیلڈمارشل نے کہا کہ بلوچستان میں بچوں کونشانہ بنانےوالوں کیخلاف بھرپورکارروائی جاری ہے اور پاکستان کی مسلح افواج ہروقت تیارہیں، شکر الحمد للہ دشمن کو اپنی سرزمین اورفضائی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا۔

    یاد رہے ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں پاک افواج کے سربراہ سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا گیا تھا۔

    صدرمملکت آصف زرداری نے پاک افواج کے سربراہ سید عاصم منیرکو بھارت کے خلاف جنگ میں ان کی شاندار خدمات اور قائدانہ صلاحیت پر بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا۔

  • پاک افواج کے سربراہ سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا

    پاک افواج کے سربراہ سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا

    اسلام آباد: ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں پاک افواج کے سربراہ سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدرمملکت آصف زرداری نے پاک افواج کے سربراہ سید عاصم منیرکو بھارت کے خلاف جنگ میں ان کی شاندار خدمات اور قائدانہ صلاحیت پر بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا، اس پروقار موقع پر وزیراعظم شہباز شریف بھی وہاں موجود تھے۔

    تقریب میں وزیراعظم کے علاوہ وفاقی وزرا، سروسزچیفس و اعلیٰ حکام بھی اس تقریب میں موجود تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

    مقبوضہ جموں وکشمیر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے پوسٹر لگ گئے، کشمیرمیڈیا سروس

    وزیراعظم شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قومی ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں، جنرل ساحر شمشاد مرزا، ایئرچیف اور نیول چیف کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ہیروز کی خدمات کے معترف ہیں، جارحیت کرنے والے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا اور سبق سکھا دیا۔

    اللہ کی مدد سے دشمن کےخلاف تاریخی فتح حاصل کی، افواج پاکستان نے اپنی سرحدوں کا دفاع کیا اور دشمن کو جواب دیا، ملٹری فتح کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور سفارتی کامیابی بھی حاصل کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی قیادت میں افواج نے تاریخی فتح حاصل کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈمارشل سیدعاصم منیر کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سید عاصم منیر کو ملکی خدمات کے اعتراف میں فیلڈمارشل کا اعزاز دیا گیا۔

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ تقریب کا مقصد قوم کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، پوری قوم کو اپنی بہادرمسلح افواج پر فخر ہے، وطن کا دفاع کرنے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    صدرآصف زرداری نے کہا کہ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پرترقی دینے پر خوشی ہے، معرکہ حق میں دشمن کو ذمہ دارانہ جواب دیا گیا۔

    دشمن کو سفارتی سطح پر بھی بہترین جواب دیا گیا، پاکستانی میڈیا نے سچ کو سامنے لانے کےلیے بہترین کام کیا، پوری قوم دشمن کےخلاف متحد ہوئی جس پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں

    انھوں نے کہا کہ ہم نے دشمن کےخلاف ملٹری اور اخلاقی کامیابی حاصل کی، واضح کرتا ہوں پاکستان امن پسند ملک ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنی سرزمین پرکوئی حملہ برداشت نہیں کرےگا۔

    بیٹن آف فیلڈ مارشل دینے کی تقریب میں سفارتکار، سول وعسکری حکام، سندھ، پنجاب، بلوچستان کے وزرائےاعلیٰ، گورنرز اور ارکان پارلیمنٹ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی میں موجود تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/corps-commanders-conference-field-marshal-protection-pakistani-people-top-priority/

  • مذاکرات کرنے ہیں تو بانی پی ٹی آئی تیار ہیں، علی امین گنڈاپور

    مذاکرات کرنے ہیں تو بانی پی ٹی آئی تیار ہیں، علی امین گنڈاپور

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اگر مذاکرات کرنے ہیں تو بانی تحریک انصاف اس کے لیے تیار ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرت ہوئے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے۔

    ہمارے ورکرز آج بھی جیلوں میں ہیں۔ اگر مذاکرات کرنے ہیں تو عمران خان اس کے لیے تیار ہیں، لیکن ہماری تحریک جاری ہے اور جلد ہم اپنی پارٹی کے بانی کو رہا کرائیں گے۔ کارکنوں کی جان مال کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہائیکورٹ آرڈر کے باوجود ہمیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جاتا۔ بجٹ، حکومتی اور سیاسی معاملات پر بانی پی ٹی آئی کو بریفنگ دی ہے۔ اگر پارٹی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی گئی تو آئی ایم ایف شرائط پر ساتھ نہیں دیں گے۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ حکومت ہمارے ساتھ بیٹھے۔ بانی پی ٹی آئی کا مجھ پر اعتماد ہے اور جو بیان انہوں نے دیا میں اس کا پابند ہوں۔ پیسے کمانے والے لوگ مجھ سے نظریے کی بات نہ کریں۔

    علی امین گنڈاپور نے عدلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم آپ کے ساتھ ہے، فیصلے کریں۔

  • پاکستان میں عیدالاضحیٰ کس دن ہوگی؟ سپارکو کی پیشگوئی بھی سامنے آگئی

    پاکستان میں عیدالاضحیٰ کس دن ہوگی؟ سپارکو کی پیشگوئی بھی سامنے آگئی

    اسلام آباد : پاکستان میں ذوالحجہ کے چاند کے حوالے سے ماہر فلکیات کے بعد سپارکو کی پیشگوئی بھی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپارکو نے ذوالحجہ 1446 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے پیشگوئی جاری کردی۔

    جس میں بتایا کہ ذوالحجہ کے نئے چاند کی پیدائش 27 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجکر 2 منٹ پرہوگی اور 27 مئی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 34 منٹ ہوگی۔

    سپارکو کا کہنا تھا کہ سائنسی لحاظ سے 27 مئی کو ملک بھر میں چاند کے نظر آنے کے امکانات تقریباًنہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ 27 مئی کو غروبِ آفتاب اور چاند میں صرف37 منٹ کا مختصر وقت ہوگا۔

    مزید پڑھیں : ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

    یکم ذوالحجہ 29 مئی کو متوقع ہے اور ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ 7جون کومنائی جائے گی تاہم چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت کمیٹی کرنے کی مجاز ہے۔

    خیال رہے ذوالحج کاچاند دیکھنےکے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 27مئی کوطلب کیا گیا ہے ، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزرات مذمبی امورکو ہسار بلاک میں ہوگا۔

    زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرزمیں ہوں گے، جس میں چاند کی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔

    ماہر فلکیات نےذوالحج کا چاند 28 مئی کو نظر آنے کی پیش گوئی کر رکھی ہے، جس کے تحت ملک میں عیدالاضحیٰ 7 جون کو ہوگی۔

  • فوج کی تمام فورسز کی تنخواہیں ڈبل اور دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا: فیصل واوڈا

    فوج کی تمام فورسز کی تنخواہیں ڈبل اور دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا: فیصل واوڈا

    سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فوج کی تمام فورسز کی تنخواہیں ڈبل اور دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سید عاصم منیر کی ہدایت تھی کسی سویلین کو نقصان نہ پہنچے، پاک افواج نے بھارتی فوج کے 285 لوگوں کو مارا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنا پیٹ کاٹ کے اپنا دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا، اب ڈیولپمنٹ کی نہیں ڈیفنس کی بات کرنی ہے، فوج کی تمام فورسز کی تنخواہوں کو ڈبل کرنا پڑے گا۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس وقت ایک پرچم کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپوزیشن کو آن بورڈ لیں، فورسز کی تنخواہیں ڈبل اور دفاعی بجٹ بڑھانے کا کام اپوزیشن کو ساتھ ملائے بغیر نہیں ہوسکتا ہے۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بھارت ہمیں کمزور سمجھ رہا تھا ہم نے منہ توڑ جواب دیا، پاکستان سیز فائر کا دفاع کررہا ہے لیکن یہ ہماری کمزوری نہیں، اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں پھر ڈیولپمنٹ کی بات کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہندوستان کے آگے اپنی طاقت واضح کرچکے ہیں، ہندوستان میں فوج کی تعداد ہم سے زیادہ ہے اور ہم ابھی تک اپنا بھر پور دفاع کررہے ہیں، فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا کہ کمیٹی میں اپوزیشن کو بھی شامل کریں نہیں تو آن بورڈ لیں۔

  • پاکستان، چین اور افغانستان کا باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

    پاکستان، چین اور افغانستان کا باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

    پاکستان چین اور افغانستان وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس میں تینوں ممالک نے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، چین اور افغانستان وزرائے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس بیجنگ میں ہوا۔ اجلاس میں تینوں ممالک کے تعاون بڑھانے کے لیے بات چیت تعمیری اور وسیع تر تھی اور تینوں ملکوں نے اعتماد سازی اور قریبی روابط پر زور دیا۔

    ترجمان کے مطابق سہ فریقی پلیٹ فارم کو علاقائی امن اور ترقی کے لیے اہم اور افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے علاقائی ترقی کے لیے مضبوط معاشی روابط اور کنیکٹیوٹی کو لازم قرار دیا گیا جب کہ سہ فریقی فریم ورک کے تحت عملی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

    اجلاس میں پاکستان کا افغانستان سے قریبی تجارتی اور صحت روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چین اور پاکستان نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی حمایت کی جب کہ چین نے پاکستان اور افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کی حمایت کا اظہار کیا۔

    اجلاس میں دہشتگردی اور بیرونی خطرات کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ تینوں ملکوںنے دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چھٹا سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس جلد کابل میں منعقد کیا جائے گا۔

    دریں اثنا سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کے حوالے سے چینی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ میں ہونے والے پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جب کہ چین نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی حمایت کی۔

    اجلاس میں پاکستان اور افغانستان نے جلد از جلد سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا جبکہ چین نے دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تینوں ملکوں کے داخلی امور میں کوئی بیرونی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی اور تینوں ملک علاقائی امن اور استحکام کا ہر صورت تحفظ کریں گے۔ ترقی کے لیے خطے میں سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ تین روزہ چین کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں اور انکا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔

  • بھارت کا گودی میڈیا دہشت گردوں کو صحافی بنا کر پیش کرنے لگا

    بھارت کا گودی میڈیا دہشت گردوں کو صحافی بنا کر پیش کرنے لگا

    بھارت دہشت گرد تنظیم کالعدم بی ایل اے کی تشہیر اور حمایت میں کھل کر سامنے آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مودی کا گودی میڈیا اس حد تک گر گیا کہ کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں کو صحافی بنا کر پیش کرنے لگا۔

    کالعدم بی ایل اے نے جنگ میں پاکستان کے خلاف بھارت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا جو دنیا پر واضح کرتا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے کوئی اور نہیں بھارت ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کروانے میں بی ایل اے کی سہولت کاری بے نقاب ہوگئی۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بنیان مرصوص میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے لگیں۔

    یہ پڑھیں: پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں بی ایل اے کی سہولت کاری بے نقاب

    10 مئی کے بعد بھارت کے مختلف سوشل میڈیا ہینڈلرز نے بلوچستان پر حملوں کی دھمکیاں دیں، بھارتی انسپانسرڈ کالعدم بی ایل اے کے ذریعے بھارت، بلوچستان میں دہشت گردی پھیلانے میں سرگرم ہے

    خضدار میں بی ایل اے کا اسکول بس پر  حملہ اسی سازش کی کڑی ہے، حملے میں تین معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید اور متعدد بچے شدید زخمی ہیں۔

  • پاکستان امن کا خواہاں، جنگ مسلط کی گئی تو ہر وقت تیار ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

    پاکستان امن کا خواہاں، جنگ مسلط کی گئی تو ہر وقت تیار ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر جنگ مسلط کی جاتی ہے تو ہر وقت تیار ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ریاستیں ہیں اور ان کے درمیان جنگ محض ’’بے وقوفی‘‘ ہوگی۔ ایٹمی جنگ دونوں ملکوں کے لیے باہمی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔ ایٹمی جنگ کا نا قابل تصور اور نامعقول خیال ہونا چاہیے۔

    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت جھوٹے بیانیہ کی بنیاد پر آگ سے کھیل رہا ہے۔ وہ گھمنڈ کا شکار ہے اور تنازع میں کسی بھی وقت چنگاری ڈالی جا سکتی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کچھ عرصہ سے بھارت ایسی صورتحال بنا رہا ہے، جس سے تصادم ہو۔ ہر چند سال بعد بھارت ایک جھوٹا بیانیہ گھڑتا ہے۔ اس کا بیانیہ پرانا ہوچکا اور دنبا بھی جان چکی ہے کہ بھارت کا پہلے دن سے موقف بے بنیاد تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان نے بہت بالغ نظری سے ردعمل دیا۔ شدت پسندی کے کسی واقعہ میں ملوث ہیں تو ثبوت دیے جائیں۔ کوئی پاکستانی شہری شدت پسندی میں ملوث ہوا تو خود اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔

    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم امن سے محبت کرتے ہیں اور امن کو ترجیح دیتے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت امن کا جشن منایا جا رہا ہے، لیکن جنگ کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں، اگر جنگ چاہیے تو پھر جنگ ہی سہی۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت میں حد سے زیادہ خوش فہمی ہے کہ پاکستان کمزور ملک ہے۔ بھارت کے تکبر کو ہم نے اس تنازع کے دوران کئی سطح پر توڑا۔ بھارت کی طرف سے کسی اطلاع کی ضرورت نہیں۔ بھارت کیا کر رہا اور کیوں کر رہا ہے، ہم ہمیشہ چوکنا اور تیار رہتے ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ 10 مئی کو کتنے دن گزر چکے، مگر بھارت میں جھوٹا بیانیہ چلایا جا رہا ہے۔ وہ بنیادی طور پر اپنی داخلی سیاست بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ کیا آپ کو بھارت میں کسی ذمہ دار سیاسی قیادت کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔بھارتی حکومت سے کوئی بھی پہلگام واقعہ سے متعلق سوالات نہیں کر رہا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے جو کچھ چلایا گیا وہ ایک مزاحیہ بیانیہ ہے، ایسا کچھ نہیں ہوا۔ ہم انٹیلیجنس کے لیے بھارتی ذرائع پر انحصار نہیں کرتے۔ میڈیا کو دکھا چکے بھارتی ڈرون داخل ہوتا ہے تو ہمیں معلوم ہو جاتا ہے کہ کہاں سے آ رہا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بہاولپور، مریدکے اور مظفر آباد میں جن جگہوں کو نشانہ بنایا گیا، وہاں تمام مساجد تھیں۔ میڈیا کا اگلے دن ان جگہوں پر لے جایا گیا۔ کیا یہ ممکن ہے کہ رات وہاں دہشتگرد کیمپس ہوں اور چند گھنٹوں میں نشانات مٹا دیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس الزامات ثابت کرنے کے کوئی ثبوت ہیں اور نہ ہی منطق۔ پاکستان نے واضح کر دیا کہ بھارت کے پاس ثبوت ہے تو لے آئیں تحقیقات کریں گے، مگر وہ ثبوت دینے پر بھی آمادہ نہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی حملے میں شہید ہمارے قوم کے بچے تھے۔ میرے پاس ان تمام لوگوں کی تصویریں ہیں جو دکھا سکتا ہوں۔ ہم اپنے شہدا کو عزت دیتے ہیں۔ کیا پاکستان کی فوج ان کے جنازوں میں شریک نہیں ہوگی؟ کیا پاکسانی انتظامیہ وہاں نہیں جائے گی۔ پاکستان نے کب سے بھارت کی خوشنودی کے لیے فیصلے کرنا شروع کر دیے۔ فوج، حکومت اور ریاست صرف پاکستان کے عوام کی مقروض ہے۔

    بھارت پاکستان میں کہیں بم گرائے اور دعویٰ کرے کہ وہاں جیش محمد کے لوگ تھے۔ ہمیں کوئی ثبوت دیں، جو جیشِ محمد کی شمولیت کو ثابت کرے وہ ثبوت لائیں۔ ثابت کریں بہاولپور میں دہشتگردوں کا کوئی تربیتی کیمپ موجود ہے۔ ہم دہشتگردی سے نفرت کرتے ہیں۔ کوئی پاکستانی شہری دہشت گردی میں ملوث ہے تو ثبوت دیں خود کارروائی کریں گے۔

  • آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ کس کا تھا ؟ وزیراعظم نے بتادیا

    آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ کس کا تھا ؟ وزیراعظم نے بتادیا

    اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ میرا تھا اور فیصلے میں نواز شریف کی مشاورت شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کوفیلڈمارشل بنانےکافیصلہ میراتھا لیکن کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے نواز شریف سےبھی مشاورت کرتا ہوں، فیلڈ مارشل بنانے کے فیصلے میں نوازشریف کی مشاورت شامل ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنگ میں کسی کی جیت ہوتی ہےتو ایک کی ہار ہوتی ہے، جنگ مستقل حل نہیں دیرپا امن ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔

    پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ جب بھی دہشت گردی پر مذاکرات ہوئے دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیرکریں گے لیکن بھارت کسی بھی تیسرےملک کی مذاکرات میں شرکت پر آمادہ نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کے دوران پاکستان کی جانب سے 4 اہم نکات شامل ہوں گے، بھارت سے کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی کے حوالے سے بات ہوگی، تیسرے ملک میں بات چیت کرنے کا فیصلہ اچھا ہوسکتا ہے۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ پاک بھارت مذاکرات کیلئے سعودی عرب یا یو اے ای کے مقام کا تعین ہوگا، پاک بھارت مذاکرات میں امریکا بنیادی کردار ادا کرے گا۔

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران اسرائیل نے بھارت کی خوب مدد کی، سری نگر اور دیگر مقامات پر بھارت نے اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جنگ بندی کے لئے قطعاً کوئی درخواست نہیں کی تھی، اگر ہم  نے جنگ بندی کی درخواست کی ہوتی تو عالمی برادری بتا دیتی، جب مذاکرات ہوں گے تو نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر،ڈجی جی آئی ایس آئی ہی جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری

    وزیراعظم نے کہا کہ ملٹری آپریشنز کی گفتگو میں طے پایا، دونوں ممالک کی افواج جنگ سے پہلی پوزیشن پر جائیں گی، دونوں ممالک کی افواج پہلے والی پوزیشن پر کب جائیں گی اس کاٹائم فریم بھی نہیں بتاسکتے۔

    انھوں نے بتایا پسرور میں ایک چوکی پر ہماری افواج نےڈٹ کرمقابلہ کیااورپیچھے نہیں ہٹے، پسرور کی اُس چیک پوسٹ پر ایک جوان اور 8شہری شہید ہوئے، پسرورچیک پوسٹ بہادرسپاہی آخری فوجی تک لڑ ے اور اپنی چیک پوسٹ کو نہیں چھوڑا۔

    صحافی نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ پاک بھارت جنگ کےدوران کیا اسرائیلی بھارت میں موجودتھے؟ تو انھوں نے بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ اسرائیل کے لوگ بھارت میں موجود تھے لیکن ہم نے فتح پائی، پاکستان نے بھارت پر حملے میں جو الفتح میزائل استعمال کیا وہ پاکستان کا اپنا بنایا ہوا تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف نے پوری جنگ کو تمام افواج کی طرف سے لیڈ کیا، ہم نے دعائے خیر بھی کی اور پھر فتح بھی نصیب ہوئی، رات ڈھائی بجے آرمی چیف کافون آیاکہ بھارت نے حملے کی تیاری کرلی ہے، آرمی چیف کو کہا ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے بھارت کو جواب دیں آگے بڑھیں، اپنے سے پانچ گنا بڑا ملک جومعاشی اور دفاعی لحاظ سے بہت آگے ہے، اس کو بھرپور جواب دیا۔

  • فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں یادگار شہداء پر خصوصی تقریب، گارڈ آف آنر پیش

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں یادگار شہداء پر خصوصی تقریب، گارڈ آف آنر پیش

    راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اعزاز ملنے پر یادگار شہداء پر خصوصی تقریب میں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کے سربراہ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر خصوصی مگر پروقار تقریب یادگار شہداء جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔

    جس کے دوران   سید عاصم منیر کو خصوصی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس پروقار موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے بلند درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

    فیلڈ مارشل نے یہ اعزاز پوری قوم، پاکستان کی مسلح افواج بالخصوص سول و مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء اور سابق فوجیوں کے نام کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اعزاز پوری پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کے بہادر مردوں اور خواتین کو خراج تحسین ہے، خاص طور پر ان شہداء کو جو پاکستان کے خلاف بھارتی بلا اشتعال اور بزدلانہ جارحیت کے خلاف آہنی کی دیوار کی طرح کھڑے رہے۔