Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • معرکہ حق کے دوران شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کر دی گئیں

    معرکہ حق کے دوران شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کر دی گئیں

    راولپنڈی: فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی جارحیت کے خلاف معرکہ حق کے دوران شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

    بھارتی مسلح افواج کے بلا اشتعال اور وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں 40 شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 121 شہری زخمی ہوئے۔ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کے معرکہ حق کے تحت بھرپور جوابی کارروائی میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب بھارتی مسلح افواج نے بلا اشتعال اور وحشیانہ حملے شروع کیے جن میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، ان وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں 40 شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 121 دیگر زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے بھی شامل تھے۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کی اور آپریشن بنیان مرصوص کے تحت منہ توڑ جوابی حملے کیے، مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 78 زخمی ہوئے۔

    پاک فوج کے شہدا میں نائیک عبدالرحمن، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبراور سپاہی نثارشامل ہیں جبکہ پاک فضائیہ کے شہداء میں شامل ہیں جن میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینئر ٹیکنیشن مبشرشامل ہیں۔

    شہدا کی یہ عظیم قربانیاں ان کی بہادری، لگن اور غیر متزلزل جذبہ حب الوطنی کی ایک لازوال مثال ہے جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پاکستان کی مسلح افواج پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر شہید ہونے والے شہریوں اور فوجی جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا گو ہیں۔

    قوم ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کیلیے پرعزم ہے، کوئی شک میں نہ رہے پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

    گزشتہ روز آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال راولپنڈی کے دورے میں آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی، انہوں نے فرداً فرداً زخمیوں سے ملاقات کی۔

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جوانوں کی غیر معمولی بہادری، ثابت قدمی کی تعریف کی اور کہا کہ شہریوں جوانوں کی بہادری اور قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں۔

    سپہ سالار نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ پُرعزم یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، کوئی بھی دشمن پاکستان کی مسلح افواج کےعزم کو ختم نہیں کرسکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی کوئی سازش مسلح افواج کے جذبے کو کم نہیں کرسکتی، معرکہ حق اور بنیان مرصوص میں ہر پاکستانی کا جذبہ قابل تعریف رہا۔

  • آج آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر ملنے کی امید ہے، وزیر خزانہ کا روئٹرز کو انٹرویو

    آج آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر ملنے کی امید ہے، وزیر خزانہ کا روئٹرز کو انٹرویو

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو بیل آؤٹ معاہدے کے تحت آج آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر ملنے کی امید ہے۔

    برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز سے گفتگو میں وزیر خزانہ پاکستان محمد اورنگزیب نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کا پاکستان پر کوئی بڑا مالی اثر نہیں پڑے گا، کشیدگی کے باعث کسی نئے معاشی جائزے کی ضرورت نہیں ہے۔

    وزیر خزانہ نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ پر بات چیت 23 مئی تک جاری رہے گی، ہمارا ہدف امریکا سے کپاس، سویا بین اور ہائیڈرو کاربن کی درآمدات میں اضافہ ہے۔

    پیر کے روز، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد امریکا بھارت اور پاکستان کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے، انھوں نے دعویٰ کیا کہ تجارت ایک بڑی وجہ تھی کہ پاکستان اور بھارت نے لڑائی بند کر دی۔


    تنخواہ دارطبقے کو انکم ٹیکس میں ریلیف، آئی ایم ایف کو منانے کیلئے خصوصی تیاریاں


    واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے تیاریاں جاری ہیں، جس کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بات چیت کا آغاز کل سے ہوگا، ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات 14 سے 22 مئی تک ہوں گے۔

    آئی ایم ایف سے مذاکرات میں آئندہ بجٹ میں آمدن اور اخراجات پر بات چیت ہوگی، آئندہ بجٹ میں ٹیکس آمدنی اور نان ٹیکس آمدنی پر بریفنگ دی جائے گی، بجٹ میں 400 ارب روپے کے ٹیکس اقدامات پر غور ہوگا، ٹیکس ریلیف اقدامات پر بھی خصوصی سیشنز ہوں گے۔

    تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس میں ریلیف پر آئی ایم ایف کو منانے کے لیے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں، صنعتوں اور تعمیراتی شعبے کے لیے بھی آئی ایم ایف کو راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ ترقیاتی بجٹ اور اس کی ترجیحات پر مذاکرات ہوں گے۔

  • پاکستان کا آپریشن بُنیانٌ مَرصُوص کامیابی سے مکمل

    پاکستان کا آپریشن بُنیانٌ مَرصُوص کامیابی سے مکمل

    پاکستان کا بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے 6 سے 10 مئی تک آپریشنز بنیان مرصوص کا حصہ تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق خلاف پاکستان کا آپریشن بنیان مرصوص کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ 6 سے 10 مئی تک کے آپریشنز بنیان مرصوص کا حصہ تھے۔

    آئی ایس پی آر کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 22 اپریل سے 10 مئی تک پاک بھارت کشیدگی کو معرکہ حق کا نام دیا گیا ہے۔

    ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی سے خواتین، بچے اور بوڑھے شہید ہوئے۔ ہمارے دل اور ہمدردیاں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دے کر اپنے شہیدوں کے خون کا بدلہ لیا اور الحمدللہ پاک افواج نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کیا۔ مسلح پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر انصاف کر دکھایا۔

    جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قوم کے حوصلے اور دعاؤں نے پاک فوج کو ناقابل شکست قوت دی۔ نوجوان سائبر محاذ کے سپاہی بن کر دشمن کے جھوٹ کا مقابلہ کرتے رہے۔ پاکستانی میڈیا بھی بنیان مرصوص کی طرح بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنا۔

     سفارتکاروں نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مقدمہ جاندار انداز میں لڑا، مقامی سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیکنالوجی جنگ میں کارگر ثابت ہوئی، تمام سیاسی قیادت نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وزیراعظم اور کابینہ نے تاریخ ساز فیصلے کئے، آپریشن میں تینوں افواج کی زبردست ہم آہنگی اور جدید حکمت عملی دیکھنے میں آئی

    آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں پاک فوج کے ہر افسر، جوان، ہواباز اور سیلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور دلیری کی بدولت شاندار کامیابی ممکن ہوئی۔ پاکستان کی بہادر قوم کا بھی دل کی گہرائویں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    قوم نے مشکل حالات میں مسلح افواج کی غیر متزلزل حمایت کی۔ قوم کے حوصلے اور دعاوں سے ہمارا حوصلہ بلند رہا اور قومی یکجہتی بڑی طاقت بنی۔

    آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان آرمی کے فتح سیریز ایف ون اور ایف 2 میزائل نے دشمن کے پرخچے اڑائے۔ پی اے ایف کے جدید ہتھیار، لانگ رینج لوئٹرنگ کلر ڈرونز نے 26 اہداف کو نشانہ بنایا۔ طویل فاصلے تک مار کرنے والی توپوں سے دشمن کے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور اس آپریشن میں دشمن کی وہ تنصیبات تباہ کی گئیں جو پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے اور دہشتگردی میں ملوث تھیں۔

    آپریشن بنیان مرصوص میں جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا، ان میں بھارتی فضائی اڈے شامل تھے۔ سورت گڑھ، سرسا، بُھج، نالیا، آدم پور، بھٹنڈا، برنالہ، حلوارہ میں دشمن کے اڈوں کو تباہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اونتی پورہ، سری نگر، جموں، اودھم پور، ماموں، امبالہ اور پٹھان کوٹھ کے اڈوں کو تباہ کیا گیا۔

    بیاس اور ناگرُوٹا میں براہموس میزائلوں کے ذخیرے تباہ کیے گئے۔ آدم پور اور بھج میں نصب ایس 400 دفاعی نظام کو موثر طریقے سے ناکارہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ فیلڈ سپلائی ڈپوپوری اور ریڈار اسٹیشن پونچھ جیسے لاجسٹک سپورٹ مقامات تباہ کیے گئے۔ 10 بریگیڈ اور 80 بریگیڈ کے جی ٹاپ اور نوشہرہ جیسے ہیڈ کوارٹرز کو مکمل تباہ کیا۔

    مسلح افواج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے ایل او سی پر بھارتی چوکیاں اور توپ خانے تباہ کرکے خاموش کرائے، جن میں اڑی کا فیلڈ سپلائی ڈپو اور پونچھ ریڈار سٹیشن سمیت ملٹری کمانڈ ہیڈ کوارٹرز بھی شامل ہیں، ایل او سی پر جوابی کارروائی دشمن کے سفید جھنڈے لہرانے تک جاری رہی۔

    ، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستانی ڈرونز نے بھارت کے حساس شہروں بشمول نئی دہلی، گجرات سمیت مقبوضہ کشمیر پر مسلسل پرواز کیں، مسلح فوج کی سائبر کارروائیوں نے بھارتی انفراسٹرکچر کو عارضی مفلوج کیا، بھارت کے ساتھ ساتھ اس کے پراکسیز نے بلوچستان و خیبرپختونخوا میں دہشتگردی بڑھائی تاہم مسلح افواج نے مغربی محاذ پر دہشتگردوں کے خلاف کامیاب جوابی کارروائیاں کیں، معرکہ حق قومی طاقت کے تمام عناصر کی شاندار ہم آہنگی کی مثال ہے، پاکستان کا پیغام واضح ہے کہ جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، بے شک اللہ بہترین تدبیر کرنے والا ہے

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-attack-10-may-rehan-khan-blog/

  • پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ

    پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ

    پاکستان اور بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پر پہلا رابطہ ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کے مطابق پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان بات چیت کا پہلا راؤنڈ مکمل ہوگیا ہے جس میں بات چیت جاری رکھنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رابطے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلان کردہ سیز فائر سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 روز قبل ہونے والی جنگ بندی کے بعد ڈی جی ایم اوز کا یہ پہلا رابطہ تھا۔

    یاد رہے بھارت نے سات اور آٹھ مئی کی درمانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی اور اسے ‘آپریشن سندھور’ کا نام دیا گیا ، جس میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا اور 31 شہری شہید اور کئی زخمی ہوئے۔

    بعد ازاں پاک فوج کی جانب سے بھارت کے کیخلاف آپریشن بنیان المرصوص کا آغاز کیا ، جس میں پاک فضائیہ کے جے ایف سیونٹین تھنڈر نے جدید ترین ایس فور ہنڈریڈ ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کرکے بھارت کی فضائی ڈھال پاش پاش کردی جبکہ ناگروٹا میں براہموس میزائل کا ذخیرہ بھسم کردیا اور پاکستان کے عوام پر حملہ کرنے والی ایئربیسز کو ملیامیٹ کردیا گیا۔

    جس کے بعد ہفتے کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہفتے نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا۔

    گذشتہ روز ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ حالیہ فوجی کشیدگی کے دوران کبھی بھی جنگ بندی کی درخواست نہیں کی۔

  • جنگ بندی کے بعد پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کے درمیان آج اہم رابطہ ہوگا

    جنگ بندی کے بعد پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کے درمیان آج اہم رابطہ ہوگا

    اسلام آباد : جنگ بندی کے بعد پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز)کے درمیان آج اہم رابطہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق جنگ بندی کے بعد پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا آج رابطہ ہوگا، پاکستان کے ڈی جی ایم او میجر جنرل کاشف عبداللہ اور بھارتی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل راجیو ہاٹ لائن پرساڑھے 11 بجے رابطہ کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ سفارتی اور مشیر قومی سلامتی مذاکرات کا وقت اورمقام طے کریں گے ، جس میں آئندہ کے مذاکرات کے لائحہ عمل اور 10مئی کے سیز فائر فیصلے کی تفصیلات پر غور کیا جائے گا۔

    یاد رہے بھارت نے سات اور آٹھ مئی کی درمانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی اور اسے ‘آپریشن سندھور’ کا نام دیا گیا ، جس میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا اور 31 شہری شہید اور کئی زخمی ہوئے۔

    مزید پڑھیں : جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، پاکستان نے سیزفائر کی درخواست نہیں کی، ڈی جی آئی ایس پی آر

    بعد ازاں پاک فوج کی جانب سے بھارت کے کیخلاف آپریشن بنیان المرصوص کا آغاز کیا ، جس میں پاک فضائیہ کے جے ایف سیونٹین تھنڈر نے جدید ترین ایس فور ہنڈریڈ ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کرکے بھارت کی فضائی ڈھال پاش پاش کردی جبکہ ناگروٹا میں براہموس میزائل کا ذخیرہ بھسم کردیا اور پاکستان کے عوام پر حملہ کرنے والی ایئربیسز کو ملیامیٹ کردیا گیا۔

    جس کے بعد ہفتے کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہفتے نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا۔

    گذشتہ روز ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ حالیہ فوجی کشیدگی کے دوران کبھی بھی جنگ بندی کی درخواست نہیں کی۔

  • کیا بھارت کا کوئی پائلٹ پاکستان کی حراست میں ہے؟ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتا دیا

    کیا بھارت کا کوئی پائلٹ پاکستان کی حراست میں ہے؟ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتا دیا

    کئی دن سے یہ افواہیں پھیلی ہوئی ہیں کہ ایک بھارتی پائلٹ پاکستان کی حراست میں ہے، گزشتہ روز مسلح افواج کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس میں اس بارے بھی سوال کیا گیا۔

    پریس کانفرنس میں جب یہ پوچھا گیا کہ کیا بھارت کا کوئی پائلٹ پاکستان کی حراست میں ہے؟ تو ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کوئی بھی بھارتی پائلٹ پاکستان کی حراست میں نہیں ہے۔

    ڈی جی نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا کی پھیلائی گئی خبر ہے، یہ فیک نیوز اور پروپیگنڈا ہے جو متعدد ذرائع سے پھیلایا گیا ہے، ہمارے پاس کوئی بھارتی پائلٹ نہیں ہے۔


    جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، پاکستان نے سیزفائر کی درخواست نہیں کی، ڈی جی آئی ایس پی آر


    اس سے قبل پوچھے گئے سوال پر کہ بھارت کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس کے مطابق پاکستان نے سیز فائر کی درخواست کی، کیا پاکستان نے واقعی درخواست کی تھی؟ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بہت واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی تھی، جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی۔

    ایک اور اہم موضوع پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر حکومت کی پوزیشن کلیئر ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان اور بھارت میں امن نہیں آ سکتا، کشمیر فلیش پوائنٹ، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، پہلگام کے بعد کشمیریوں کے گھروں کو گرایا گیا۔

  • جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، پاکستان نے سیزفائر کی درخواست نہیں کی، ڈی جی آئی ایس پی آر

    جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، پاکستان نے سیزفائر کی درخواست نہیں کی، ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان نے سیزفائر کی کوئی درخواست نہیں کی تھی، جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی۔

    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا کہ بھارت کا کوئی بھی پائلٹ پاکستان کی تحویل میں نہیں، فضائیہ، نیوی اور بری فوج نے ایک ساتھ موثر طریقے سے ایکشن کیا، ان کی کوئی حرکت ہو یا ایکشن ہماری فورسز تیار ہیں، پاکستان کے ردعمل کے بعد دنیا نے دیکھا کہ کس نے کہا تنازع نہیں بڑھانا چاہتے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر حکومت کی پوزیشن کلیئر ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان اور بھارت میں امن نہیں آسکتا، کشمیر فلیش پوائنٹ، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، پہلگام کے بعد کشمیریوں کے گھروں کو گرایا گیا۔

    پاکستان نے کنٹرول لائن پران فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جو آزاد کشمیر میں معصوم شہریوں پر حملے کررہے تھے، بھارت میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان پرحملے ہوئے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی سے اڑی نیٹ ورکس اسٹیشن، پونچھ راڈار کو نشانہ بنایا، پاکستان کےخلاف استعمال ہونے والے 26 بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، بیاس اور نگروتا میں براہموس اسٹوریج کو تباہ کیاگیا۔

    بھارتی جارحیت میں زخمی ہونیوالے شہریوں کیلئے دعاگو ہیں، ہمارے دل اور دعائیں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہم بہادرمیڈیا کے شکرگزار ہیں جوبھارتی پروپیگنڈے کےخلاف آہنی دیوارکی طرح کھڑی ہوئی۔

    احمد شریف نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کے ممنون ہیں جو افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے، سیاسی جماعتوں کی قیادت کے ممنون ہیں جو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر وطن کے دفاع کیلئے متحد ہوئیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواج وزیراعظم اور کابینہ کی قائدانہ صلاحیتوں اور جرات مندانہ فیصلوں کی قدردان ہے، پاکستانی افواج نے بھرپور سائبر حملے بھی کیے، بھارتی فوج کے زیراستعمال سسٹمز کو مفلوج کیا، بھارت کے 26 اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

    بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پاکستانی فضا کی خلاف ورزی کی تاکہ عوام کو ہراساں کیا جاسکے، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان کے مسلح ڈرونز بھارت کے بڑے شہروں پر پرواز کرتے رہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کے مسلح ڈرونز بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں بھی پرواز کررہے تھے، پاکستان نے مسلح ڈرونز بھیجے تاکہ بتایا جاسکے ڈرونز کے ڈومین میں موجودہ وارفیئر میں کوئی فائدہ نہیں، افواج پاکستان نے بھرپور سائبر حملے بھی کیے، بھارتی انفرااسٹرکچر کو مفلوج کیا گیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کے پاس ایسی کئی جنگی صلاحیتیں ہیں جن میں سے کچھ کا استعمال اس تنازع میں کیا گیا، پاکستان نے کئی جنگی صلاحیتیں آئندہ کےلیے محفوظ کررکھی ہیں۔

    بھارتی اشتعال انگیزی کے مقابلے میں پاکستان کا ردعمل متوازن اور محدود نوعیت کا رہا، پاکستان نے آپریشن کے دوران یقینی بنایا کہ کوئی عام شہری متاثر نہ ہو۔

    پاک فوج نے اپنی قوم سے 3 چیزوں کا وعدہ کیا تھا، ہم نے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان کا جواب بھرپور ہوگا، ہم نے قوم سے کہا تھا کہ ہمارے جواب کا وقت، مقام اور طریقہ ہم خود طے کرینگے، ہم نے کہا تھا جب ہم جواب دینگے تو صرف بھارتی میڈیا نہیں دنیا کے میڈیا کو پتاہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ افواج دفاع میں مصروف تھیں تو کےپی، بلوچستان میں دہشت گردی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا، بھارت اپنی پراکیسز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے،

    آپریشن بنیان مرصوص ایسی شاندار مثال ہے جس میں قوم کی تمام طاقتیں متحد ہوئیں، جب کبھی ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی جائےگی ہمارا جواب فیصلہ کن ہوگا، افواج نے اپنی قوم سے وعدہ کیا تھا کہ بھارت کو بھرپور جواب دیا جائےگا۔

    احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام کے بیانات سے بھی ظاہر ہوتا ہے پاکستان نے ملٹری ٹارگٹ کے علاوہ کہیں اور نشانہ نہیں بنایا، بھارتی میڈیابھی یہی رپورٹ کررہا ہے کہ پاکستان نے صرف ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

    انھوں نے کہا کہ اس طرح کی بےشمار ٹیکنالوجی کی صلاحیتیں مستقبل میں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں، ہم نے پہلے ہی یہ کہا تھا ہماری یہ تربیت نہیں کہ سویلینز کو نشانہ بنائیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری نے بھارت کے خلاف کامیابی سے کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کی تفصیلات بھی بتائیں۔

    ترجمان مسلح افواج نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کا بھارت کو جواب تاریخی اور بروقت رہا ہے آپریشن بنیان مرصوص میں سورت گڑھ، سرسہ، آدم پور، اونتی پورہ ،ادھم پور، پٹھان کوٹ میں اہداف کونشانہ بنایا، دو مقامات پر بھارت کے ایس 400 سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ مربوط طریقے اور ذمہ داری سے ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا جس میں فتح گائیڈڈ میزائل ون اور ٹو کو استعمال کیا گیا، بھارت میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان پر حملے ہوئے، سورت گڑھ، سرسہ، بھوچ، نالیہ، آدم پور، بھٹنڈا، برنالہ، حلواڑہ، اونتی پورہ، سری نگر، جموں ادھم پور، مامون، امبالہ پٹھان کوٹ میں ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کے فیلڈ سپلائی ڈپو اڑی اور پونچھ میں ریڈار سسٹم کو تباہ کیا گیا، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے ملٹری کمانڈ ہیڈکوارٹرز کو تباہ کیاگیا، کےجی ٹاپ میں 10بریگیڈ اور نوشیرہ میں 80 بریگیڈ کو تباہ کیا گیا۔

  • ‘دشمن کو فائدہ ہوجائے گا’: رافیل کی تباہی کے سوال پر بھارتی ایئر مارشل کا جواب

    ‘دشمن کو فائدہ ہوجائے گا’: رافیل کی تباہی کے سوال پر بھارتی ایئر مارشل کا جواب

    بھارتی ایئرمارشل نے جنگ میں ہونے والے نقصانات اور رافیل کی پاک فضائیہ کے ہاتھوں تباہی کا ڈھکا چھپا اعتراف کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی فضائیہ کے ایئرمارشل اے کے بھارتی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگر میں رافیل گرنے کی تصدیق کردوں گا تو فائدہ پاکستان کو ہوگا، انھوں نے جنگ میں رافیل کے تباہ ہونے کا اعتراف کیا تاہم سبکی چھپانے کےلیے اس بات کا درست جواب دینے سے گریز کیا۔

    وہ پریس کانفرنس کے دوران کھل کر بولے بھی نہیں کہ پاکستان نے بھارت کے طیارے مار گرائے ہیں مگر اس بات کا اعتراف بھی کرلیا۔

    آپریشن سندور بھارتی رافیل طیاروں کےلیے ‘دہکتا تندور’ کیسے بنا؟ آڈیو رپورٹ

    بھارت صحافی نے سوال کیا کہ آپ کیا تباہ ہونے والے طیاروں کی تعداد بتاسکتے ہیں جس کے بارے میں خبریں آرہی ہیں کہ ہمیں ان کا نقصان اٹھانا پڑا، پاکستان دعویٰ کررہا ہے کہ اس نے ہمارے رافیل طیارے مار گرائے ہیں۔

    اس کے جواب میں بھارتی ایئرمارشل نے احمقانہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر میں اس پر کچھ کہوں گا تو یہ پاکستان کےلیے فائدے کی بات ہوگی، ہم جنگ کی صورتحال میں ہیں اور اس میں نقصانات بھی اٹھانا پڑتے ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان نے حالیہ جنگ کے دوران کشیدگی میں بھارت کے 3 رافیل سمیت 5 طیارے مار گرائے ہیں جس کی تصدیق انٹرنیشنل میڈیا نے بھی کی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/live-briefing-of-dg-ispr-pakistan-air-force-and-pakistan-navy-officers/

  • شواہد موجود ہیں بھارت نے امریکا سے جنگ بندی کیلیے منت سماجت کی، مسعود احمد خان

    شواہد موجود ہیں بھارت نے امریکا سے جنگ بندی کیلیے منت سماجت کی، مسعود احمد خان

    سابق صدر آزار جموں و کشمیر مسعود احمد خان کا کہنا ہے کہ شواہد موجود ہیں بھارت نے ہی امریکا کے سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو سے رابطہ اور جنگ بندی کیلیے منت سماجت کی۔

    مسعود احمد خان نے کی اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا مؤقف دنیا میں کسی نے تسلیم نہیں کیا، پاکستان نے کل میدان جنگ میں بری، فضائی اور ٹیکنالوجی میں اپنی اہمیت ثابت کر دی، پاکستان نے جو ٹیکنالوجی رافیل کیلیے استعمال کی بھارت کو اس کا اندازہ بھی نہیں تھا۔

    سابق صدر آزاد کشمیر کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تجارت بڑھانے کا بیان کا مقصد ہے پاکستان اور بھارت دونوں برابر ہیں، پاکستان نے ثالثی پر امریکا کا شکریہ ادا کیا لیکن بھارت نے ادا نہیں کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ بندی معاہدے میں مارکو اور وینس نے واضح فرق ڈالا: امریکا

    انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلیے نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے، جنگ بندی ہو چکی ہے اب کچھ عرصے بعد غیر جانبدار جگہ پر مذاکرات ہو سکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

    ’دیکھنا ہوگا کہ بھارت جنگ بندی کے بعد بھارت مذاکرات کیلیے تیار ہے یا نہیں، بھارت کی طرف سے جنگ بندی پائیدار ہے یا نہیں۔ مذاکرات کی میز تک پہنچنے کیلیے بہت سے مراحل طے کرنا ہوں گے۔ پاکستان کا ایک مؤقف یہ ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ غیر قانونی طور پر معطل کیا۔‘

    مسعود احمد خان نے مزید کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے خود کو عالمی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا، بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا بھی اہم معاملہ ہے، پاک بھارت مذاکرات کیلیے چین سمیت دیگر ممالک کا ثالثی گروپ بنے، یہ مشکل ہے کہ بھارت چین اور دیگر ممالک کے ثالثی گروپ پر تیار ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے اعتبار سے موجودہ صورتحال چین اور پاکستان کی مشترکہ فتح ہے، پاکستان کی دنیا میں اہمیت بڑھی ہے اس کے ساتھ چین کی بھی بڑھی ہے، کسی پیشگی شرائط یا اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے جنگ بندی کی گئی ہے۔

    سابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اس وقت جنگ بندی کے سوا کوئی بات نہیں ہوئی، ہمیں خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے بھارت سندھ طاس معاہدہ معطلی کا فیصلہ واپس نہیں لے گا، بھارت نے جنوری 2023 میں بھی پیغام بھیجا تھا کہ سندھ طاس معاہدے پر نظر ثانی چاہتا ہے۔

  • دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے، شہباز شریف

    دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے، شہباز شریف

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے۔ 

    وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غیور پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، دنیا پر ثابت کردیا کہ پاکستانی ایک خودار قوم ہے، کوئی ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے تو اپنے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن پر غالب آتے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعےکو بہانہ بنا کر بھارت نے ہم پرجنگ مسلط کرنے کی کوشش کی دشمن نے جو کچھ کیا وہ بزدلانہ اور شرمناک فعل تھا، ہماری دلیر اور بہادر افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر سنہرا باب رقم کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعے پر شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت کے بےبنیاد الزامات پر صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا، بھارت نے جہازوں، ڈرون اور میزائل سے بےگناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، بھارت نے ہماری فوجی تنصیبات اورآبی ذخیروں کو بھی نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی۔

    انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال کے تناظر میں ہم نے فیصلہ کیا کہ دشمن کو اسی زبان میں جواب دینگے جو وہ واضح سمجھتا ہے، ہم نے فیصلہ کیا کہ جو بات میز پر ہونی تھی وہ اب میدان جنگ میں ہوگی، پاکستان کےبہادر جوانوں کامقابلہ کون کرسکتا ہے، جھپٹنا پلٹنا اور پلٹ کر جھپٹنا کیا ہوتا ہے یہ ہمارے جوانوں نے ثابت کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جوابی کارروائی میں پاکستان کی مسلح افواج نے ایک ڈیڑھ گھنٹے کے اندر متعدد بھارتی عسکری اڈوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، دشمن کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے تو فیل ہوگئے۔

    یہ کارنامہ افواج پاکستان کی کامیابی کے ساتھ ساتھ پوری پاکستانی قوم کی فتح ہے، یہ عظیم لمحہ شکر ہے جس کیلئےعوام نے اپنےشیروں اور شاہینوں پر والہانہ محبت کے پھول برسائے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، الحمدللہ رب ذوالجلال کا جتنا بھی شکرادا کریں کم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ہرجری جوان اور ہر افسر کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں۔ جنرل عاصم منیرکا دل کی اتھا گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ یہ عظیم معرکہ سر ہوا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ان کے شاہینوں کو گرمجوشی سے شاباش دیتا ہوں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر کی سیاسی قیادت اور پارلیمان کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، سیاسی قائدین نے بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کیا، اپنے قائد نواز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی مدبرانہ مشاورت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کا بھی شکریہ جنہوں نے بھارت کی جعلی خبروں کا مقابلہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کیلئے مخلصانہ کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    اس کے علاوہ انتہائی مخلص اور برادر ممالک سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور قطر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، برطانیہ سمیت دیگر دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    محمد بن سلمان، محمد بن زید،شیخ تمیم، رجب طیب اردوان نے اہم موقع پر ہماری بھرپور حوصلہ افزائی کی، محمد بن سلمان،محمد بن زید،شیخ تمیم، رجب طیب اردوان نے بھائیوں کے طور پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ان کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔