Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    راولپنڈی (23 اگست 2025): فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا جس کا مقصد خطے میں موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا معائنہ کرنا اور سول و عسکری اداروں کے درمیان رابطہ و ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سے چینی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

    فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سکیورٹی امور، خطے کو درپیش خطرات اور فتنہ الہند کے خلاف کامیاب آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں جاری ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی بلوچستان میں سماجی و معاشی حالات کو بہتر بنانے کی حکومتی و عسکری کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    سپہ سالار نے سول انتظامیہ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران اچھی حکمرانی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوامی شمولیت پر مبنی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان آرمی بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور خطے میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کیلیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

    فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے سپہ سالار نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور مادرِ وطن کے دفاع میں غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود فوجی جوانوں نے خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

    تربت آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

  • ملک بھر میں 23 تا 30 اگست شدید بارشوں کا نیا الرٹ جاری

    ملک بھر میں 23 تا 30 اگست شدید بارشوں کا نیا الرٹ جاری

    اسلام آباد : ملک بھر میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورت حال کا نیا الرٹ جاری کردیا گیا، لینڈ سلائیڈنگ اور نالوں میں طغیانی کا خطرہ لاحق ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے 23 سے 30 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں ا ور ممکنہ سیلابی صورت حال کا الرٹ جاری کردیا۔

    این ڈی ایم اے کے این ای او سی نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی صورتحال سے متعلق عوم کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کردیا۔

    این ای او سی کے مطابق پاکستان میں بارش برسانے والے تین موسمی سلسلے داخل ہو رہے ہیں، 23 تا 30 اگست کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    23تا 25 اگست اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں شدید بارشیں متوقع ہیں، شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے، پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ راولپنڈی، اٹک، جہلم، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں بارشیں متوقع جبکہ سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بارش کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔

    لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور نارووال میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، تلہ گنگ اور چکوال میں شدید بارشیں اور سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔

    جاری ہونے والے الرٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 23 تا 27 اگست ممکنہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی متوقع ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ اور ، چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور مانسہرہ میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

    بٹگرام، ایبٹ آباد، ملاکنڈ، پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

    اس کے علاوہ صوابی، مردان، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں شدید سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں مظفرآباد، راولا کوٹ اور باغ میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ درپیش ہے۔

    حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش کے باعث ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، 23تا 27 اگست گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت، سکردو، ہنزہ، غذر اور دیامر میں شدید بارشیں متوقع ہیں جبکہ استور، گانچھے اور شگر میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    جاری ہونے والے الرٹ کے مطابق سندھ کے ساحلی اضلاع میں 27 تا 30 اگست شدید بارشیں متوقع ہیں، کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    سندھ کے اندرون اضلاع حیدرآباد، جامشورو، نواب شاہ اور دادو، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ اور جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور شہید بینظیر آباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ، خضدار اور آواران میں موسلادھار بارشیں جبکہ قلات، گوادر، تربت، کیچ اور پنجگور میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

    کوئٹہ، زیارت، ژوب، لورالائی اور بارکھان میں 24 تا 25 اور 27 تا 30 اگست بارشیں متوقع ہیں، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

    ڈیرہ مراد جمالی، اوستہ محمد، ڈیرہ بگٹی اور آواران میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، نصیر آباد، کیچ اور لہری میں بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال درپیش ہے۔

    ڈیموں میں پانی کی مزید گنجائش نہ ہونے سے دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، دریائے سندھ میں تونسہ، گڈو اور کالا باغ پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ کیوسک تک متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ دریائے راوی اور چناب کے ملحقہ علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مقامی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔

    مزید بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ شہری بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات اپنائیں، سیاح حضرات بھی خصوصی طور پر شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

  • مفت الیکٹرک موٹرسائیکلیں !‌ خواتین کے لیے اہلیت کا معیار اور  درخواست دینے کا طریقہ کار سامنے آگیا

    مفت الیکٹرک موٹرسائیکلیں !‌ خواتین کے لیے اہلیت کا معیار اور درخواست دینے کا طریقہ کار سامنے آگیا

    کراچی: مفت الیکٹرک موٹرسائیکل منصوبے میں خواتین کے لیے اہلیت کا معیار اور درخواست دینے کا طریقہ کار سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت 10 ہزار مفت الیکٹرک موٹرسائیکلوں کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    وزیر محنت سندھ شاہد تھہیم نے کہا ہے کہ منصوبے کے لیے خواتین کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے، خواتین صنعتی مزدور اپنی درخواستیں ورکرز ویلفیئر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.wwbsindh.gov.pk پر جمع کرا سکتی ہیں۔

    وزیر محنت کا کہنا تھا کہ قرعہ اندازی ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جائے گی تاکہ کسی قسم کی انسانی مداخلت کا امکان نہ رہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے لیے 45 سال تک کی خواتین صنعتی مزدور اہل قرار دی گئی ہیں جبکہ 20 فیصد اقلیتی کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔

    درخواست دہندگان کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے 60 دن کی مہلت دی جائے گی۔

    شاہد تھہیم کا کہنا تھا کہ خواتین ملک کی آبادی کا نصف ہیں، ان کی ترقی کے بغیر پاکستان کی حقیقی ترقی ممکن نہیں۔

    مزید پڑھیں : 10 ہزار صنعتی خواتین ورکرز کو ای بائیکس کی فراہمی سے متعلق اسکیم بھی منظور

    یاد رہے وزیر محنت و افرادی قوت و چیئرمین ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ شاہد تھہیم کی زیر صدارت ورکرز ویلفیئر بورڈ کا 33 واں اجلاس منعقد ہوا تھا۔

    جس میں 10 ہزار صنعتی خواتین ورکرز کو ای بائیکس کی فراہمی سے متعلق اسکیم بھی منظور کی گئی تھی۔

    اس کے ساتھ ساتھ حادثاتی ہیلتھ انشورنس اسکیم کا اجرا کر دیا گیا، اور لیبر کالونیوں اور تعلیمی اداروں کی بحالی، اور صنعتی کارکنوں میں سلائی مشینوں کی تقسیم سے متعلق اسکیم بھی منظور ہوئی۔

  • صحافی خاور حسین کی موت کی وجہ سامنے آگئی

    صحافی خاور حسین کی موت کی وجہ سامنے آگئی

    کراچی: صحافی خاور حسین کی موت کو تحقیقاتی ٹیم نے خودکشی قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صحافی خاور حسین کی موت سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ آئی جی کو پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ تمام شواہد کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ صحافی نے خودکشی کی ہے۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ کراچی سے سانگھڑ تک سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا، ہوٹل پارکنگ میں داخلے سے خودکشی تک ویڈیوز کو دیکھا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق میڈیکل اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی موت کو خودکشی قرار دیا گیا، وجوہات جاننے کے لیے اہلخانہ کا آگے آنا ضروری ہے۔

    یہ پڑھیں: صحافی خاور حسین کے موبائل فون کا ڈیٹا ری سیٹ کرنے کا انکشاف

    آئی جی سندھ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ وزیر داخلہ سندھ کو پیش کریں گے۔

    واضح رہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی آزاد خان ہیں جبکہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ، ایس ایس پی عابد بلوچ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں صحافی خاور حسین کی پُراسرار موت کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ آزاد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ خاور حسین کی گاڑی، موبائل فون اور پستول فرانزک کے لیے بھیج دیے گئے ہیں جبکہ کراچی سے سانگھڑ تک ان کی موومنٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔

    آزاد خان کا کہنا تھا کہ گاڑی سے صرف ایک موبائل فون ملا ہے جبکہ خدشہ ہے کہ خاور حسین کا دوسرا فون ان کی فیملی کے پاس ہو سکتا ہے، جسے بھی تحویل میں لیا جائے گا۔

    سربراہ کمیشن کا کہنا تھا کہ جو فون ملا ہے اس میں موجود ڈیٹا ری سیٹ کر دیا گیا تھا تاہم فرانزک ماہرین ڈیٹا ریکور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خاور حسین کی تدفین کے بعد تحقیقاتی ٹیم ان کی فیملی سے ملاقات کرے گی تاکہ مزید حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

  • چین سے پاکستان کے تعلقات سدا بہار، سی پیک 2 جلد شروع ہوگا، وزیراعظم

    چین سے پاکستان کے تعلقات سدا بہار، سی پیک 2 جلد شروع ہوگا، وزیراعظم

    اسلام آباد (22 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین سے پاکستان کے تعلقات سدا بہار ہیں اور جلد سی پیک 2 کا آغاز ہو گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین سے پاکستان کے تعلقات سدا بہار ہیں اور جلد سی پیک 2 کا آغاز ہو گا۔ میں چین جا رہا ہوں، جہاں ایس سی او کے علاوہ دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان سے تعاون کیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ پاکستان تشریف لائے تھے اور وزارت خارجہ میں ان کی بھرپور میٹنگ ہوئی تھی اور کل شب چینی وزیر خارجہ میرے پاس بھی تشریف لائے۔

    واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا تھا۔ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور ہوا جس کی صدارت مشترکہ طور پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے کی تھی۔

    بعد ازاں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔اس دوران علاقائی سییورٹی، انسداد دہشتگردی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-china-economic-relations-panda-bond-21-august-2025/

  • کراچی میں  بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑ گیا

    کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑ گیا

    کراچی: شہر قائد میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑگیا تاہم 27 اگست سے نئے سسٹم کی آمد کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

     تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہر قائد میں موجود بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑ گیا ہے تاہم دن کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مون سون سسٹم اب بھی سندھ پر اثر انداز ہے اور 27 اگست سے نئے سسٹم کی آمد کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    گزشتہ روز کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور شہری مشکلات سے دوچار رہے۔

    شارع فیصل پر پولیس کشتی اور لائف جیکٹس کے ساتھ موجود رہی جبکہ ملیر، گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، بھینس کالونی، شاہ لطیف ٹاؤن، قائد آباد، سعود آباد اور گلشن معمار سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

    بارش کے اعداد و شمار کے مطابق گلشن حدید میں سب سے زیادہ 34 ملی میٹر ، فیصل بیس 25، مسرور بیس 17، کیماڑی 18، یونیورسٹی روڈ اور سعدی ٹاؤن میں 16 ملی میٹر ، کورنگی میں 15، ڈی ایچ اے اور سرجانی میں 12، ناظم آباد اور اورنگی ٹاؤن میں 10 جبکہ گلشن معمار میں 8 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ سب سے کم بارش نارتھ کراچی میں 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    کراچی کی خبریں

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، سجاول، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، ڈی جی خان اور ملتان میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت قبائلی اضلاع میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

    گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، بارکھان، خضدار، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پنجگور اور کیچ میں بھی 23 سے 25 اگست کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

  • پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    اسلام آباد(22 اگست 2025): ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ریکوڈک منصوبے کیلئے 41 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے ریکوڈک منصوبے کیلئے 41 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دیدی، اس پیکج میں 30 کروڑ ڈالر قرض اور 11 کروڑ ڈالر کی گارنٹی شامل ہے۔

    اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ یہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے جو معیاری روزگار پیدا کرے گا، تانبے اور سونے کی کان کا منصوبہ تاریخ کی بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگا، ریکوڈک منصوبہ پاکستان میں معاشی ترقی اور غربت میں کمی کا ذریعہ بنے گا۔

    اے ڈی بی کے صدر ماسا کانڈا نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ عالمی معدنیات کی سپلائی چین کو سہارا دے گا، یہ منصوبہ دنیا میں بڑھتی ہوئی اہم معدنیات کی مانگ کو پورا کرنے میں مدد دے گا، یہ صاف توانائی کی منتقلی اور خطے میں ڈیجیٹل جدت کو بھی آگے بڑھائے گا۔

    صدر اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ ریکو ڈک منصوبہ پاکستانی معیشت کو مزید مضبوط اور متنوع بنائے گا، ریکوڈک منصوبہ دنیا کی پانچویں بڑی کاپر مائن ہوگا، پہلے مرحلے میں سالانہ 8 لاکھ ٹن کاپر کانسٹریٹ تیار کیا جائے گا اور منصوبے سے عالمی سطح پر کاپر کی کمی پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

    اے ڈی بی کے صدر کا کہنا ہے کہ کاپر الیکٹرک گاڑیاں ،بیٹریاں، موبائل فون اور ڈیٹا سینٹرز کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، منصوبہ بلوچستان کے سب سے کم ترقی یافتہ ضلع چاغی میں قائم ہے، ریکوڈک منصوبے سے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    اے بی ڈی کے صدر نے مزید کہا کہ صحت اور تعلیم کے منصوبے، خاص طور پر خواتین کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، ریکوڈک منصوبے کی متوقع مدت کم از کم 37 سال ہوگی، اس سے پیداوار کا آغاز 2028 کے آخر میں متوقع ہے۔

  • سندھ اور خیبر پختوںخوا میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    سندھ اور خیبر پختوںخوا میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    خیبرپختونخوا کے بعد سندھ میں بھی شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا، صوبے میں 28 اگست تک شدید بارش متوقع ہیں۔

    این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں 24 سے 28 اگست تک شدید برسات متوقع ہے، کراچی اور حیدرآباد میں بھی شدید بارش کا امکان ہے، حیدرآباد میں 2 گھنٹوں کے دوران تیز بارش متوقع جبکہ اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ کراچی میں اگلے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران تیز بارش متوقع ہے، موسلادھار بارش سے کراچی میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ زیرآب سڑکوں پر سفر کرنے سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔

    صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی 23 سے 26 اگست کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی پر پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

    ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ، کوہستان، بونیر میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو گا۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، ڈی آئی خان اور وزیرستان سمیت دیگر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔

    خیبرپختونخوا میں بارشوں کے نئے سلسلے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی ندی نالوں، برساتی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کاخطرہ ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/british-pm-letter-shehbaz-sharif-condolences-loss-life-floods/

  • آرمی چیف نے  برسلز میں تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی کا کوئی ذکر نہیں کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    آرمی چیف نے برسلز میں تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی کا کوئی ذکر نہیں کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر کی آرمی چیف کی جانب سے برسلز میں انٹرویو دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا آرمی چیف نے تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی کا کوئی ذکر نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے برسلز میں کسی قسم کا انٹرویو نہیں دیا گیا اور نہ ہی آرمی چیف نے تحریک انصاف اوربانی پی ٹی آئی کا کوئی ذکر کیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے ذاتی فائدے کے لیے من گھڑت کہانی گھڑی، برسلز میں سہیل وڑائچ نے سیکڑوں لوگوں کے ساتھ آرمی چیف کی تقریب میں شرکت کی، ان کی خبرچھاپنے سے پہلےان کے ادارے کوبھی ذمہ داری کاثبوت دینا چاہئے۔

    صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جس ادارے نے یہ انٹرویو چھاپا کیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی اور واضح الفاظ میں کہا اداروں کو سمجھداری کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور میڈیا کوسمجھنا چاہئے یہ مناسب نہیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ فوج کا 9 مئی کے واقعات پر مؤقف پہلے دن سے ایک ہی ہے، اس میں ملوث ہر کردار کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سہیل وڑائچ کے جس آرٹیکل کی بات ہو رہی ہے وہ برسلز کا ایونٹ تھا اوروہاں سیکڑوں لوگوں نے تصویر بنوائی تاہم پی ٹی آئی کا کوئی ذکر نہیں ہوا نہ ہی معافی کا ذکر ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا مقدمہ صرف فوج کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مقدمہ ہے۔ اس سانحے میں ملوث ماسٹر مائنڈز، سہولت کاروں اور حملہ کرانے والوں سمیت ہر کردار کو قانون کے کٹہرے میں آنا ہوگا، جو بھی قانونی طور پر غلط حرکت کرے گا اسے جرم کا جواب دینا ہوگا۔

  • ملٹری ڈپلومیسی کی شاندار مثال، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مرد آہن قرار

    ملٹری ڈپلومیسی کی شاندار مثال، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مرد آہن قرار

    واشنگٹن : عالمی جریدے واشنگٹن ٹائمز نے فیلڈمارشل سید عاصم منیر کو مرد آہن قرار دے دیا اور کہا فیلڈمارشل جنوبی ایشیا میں صدرٹرمپ کے نئے اسٹریٹجک پارٹنر بن سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور ملٹری ڈپلومیسی کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

    امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں انہیں "مرد آہن” قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر ابھر سکتے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر انتہائی مضبوط اعصاب کے مالک اور سخت فیصلے کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی سینٹرل کمانڈ اور پینٹاگون سے تعلقات بحال کیے، انہیں امریکا میں جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی کے حوالے سے انتہائی بااثر ترین شخصیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

    امریکی اخبار نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک پیشہ ور، خاموش طبع اور نظم و ضبط کے پابند فوجی افسر قرار دیا ہے۔

    اخبار کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو نہ خود نمائی میں دلچسپی ہے اور نہ ہی سیاست میں کوئی رغبت رکھتے ہیں، پاک بھارت کشیدگی کے دوران ان کی عوامی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ ان کی خوبیاں انہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک فطری اسٹریٹجک شراکت دار بناتی ہیں۔

    عالمی جریدے نے لکھا کہ بھارت کے ساتھ بگڑتے تعلقات کے پس منظر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صدر ٹرمپ سے ملاقات نہایت اہمیت کی حامل رہی ، صدر ٹرمپ نے مداخلت کر کے پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کرائی، پاکستان نے اس پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ثالثی کی پیشکش کو مسترد کر دیا۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ فیلڈ مارشل نے افغانستان اور ایران سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے فوجی حکمتِ عملی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    اخبار کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کامیاب ڈپلومیسی کے نتیجے میں پاک امریکا تعلقات خصوصاً انسدادِ دہشت گردی میں تعاون مزید مستحکم ہوا، پاکستان نے کابل ایئرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا، جس پر صدر ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بحالی اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کے لیے سرگرم نظر آ رہی ہے۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی سینٹرل کمانڈ اور پینٹاگون سے تعلقات بحال کیے اور انہیں جنوبی ایشیا کی سکیورٹی کے حوالے سے انتہائی بااثر ترین شخصیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔