Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • 9 مئی مقدمات : بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ، رہا کرنے کا حکم

    9 مئی مقدمات : بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ، رہا کرنے کا حکم

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 9 مئی کے واقعات سے متعلق آٹھ مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی نے سماعت کی ، سٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شفیع صدیقی بھی بینچ میں شامل تھے۔

    حکومت کی جانب سےاسپیشل پراسیکیوٹرذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت خارج کرتے ہوئے میرٹس پر حتمی رائے دی، کیا ایسی رائے ٹرائل کے دوران ایک فریق کے کیس کو متاثر نہیں کرتی؟ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ سازش کے عنصر پر سپریم کورٹ اسی الزام میں پہلے ضمانتیں منظور کرچکی ہے۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اسپیشل پراسیکیوٹر سے کہا کہ ان دونوں نکات پر عدالت کی معاونت کریں۔ اس پر ذوالفقار نقوی نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ درست ہے کہ ضمانت میں میرٹس پر حتمی رائے نہیں ہونی چاہیے، تاہم عدالت کی ایسی آبزرویشنز عارضی نوعیت کی ہوتی ہیں اور ٹرائل پر اثرانداز نہیں ہوتیں۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کوئی ایسا کیس دکھائیں جس میں سازش کے الزام پر سپریم کورٹ نے ضمانت مسترد کی ہو؟ جس پر چیف جسٹس نے خود ہی نشاندہی کی کہ عدالت نے ایسے ہی الزام میں دو مقدمات میں ضمانت منظور کی ہے۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اپنے کیس کو دیگر مقدمات سے الگ ثابت کریں۔ اس موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ انہیں کیس کے میرٹس پر دلائل دینے کی اجازت دی جائے، تاہم چیف جسٹس نے واضح کیا کہ عدالت میرٹس پر کسی کو دلائل کی اجازت نہیں دے گی، آپ صرف سازش کے متعلق قانونی سوالات کے جوابات دیں۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت خارج کرتے وقت میرٹس پر حتمی رائے دینا درست نہیں تھا، ایسی رائے ٹرائل کو متاثر کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت کے کیس میں عدالتی آبزرویشن ہمیشہ عبوری نوعیت کی ہونی چاہیے۔

    اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے تفتیش میں تعاون نہیں کیا اور پولی گرافک و فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ بھی نہیں کرائے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملات ٹرائل کورٹ میں دیکھے جائیں گے، سپریم کورٹ ضمانت کے کیس میں میرٹس پر نہیں جائے گی۔

    پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تین گواہوں کے بیانات موجود ہیں اور تمام مقدمات میں ان کا مرکزی کردار ہے، تاہم عدالت نے کہا کہ شواہد کا جائزہ ٹرائل کورٹ لے گی۔

    بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ پانچ مقدمات میں ان کے موکل نامزد ہی نہیں اور شریک ملزمان کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے، اس لیے تسلسل کے اصول کے تحت بانی پی ٹی آئی کو بھی ضمانت دی جائے۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی تمام آٹھ مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ کو چار ماہ میں کیسز کا فیصلہ کرنا چاہیے۔

    دورانِ سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے مؤقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ عدالت کی آبزرویشنز عبوری نوعیت کی ہیں۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو تسلسل کے اصول پر بھی معاونت فراہم کریں۔

    اسپیشل پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اعجاز چوہدری کو بھی سازش کے الزام میں سپریم کورٹ نے ضمانت دی تھی، تاہم ان کا کیس بانی پی ٹی آئی کے کیس سے مختلف ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اعجاز چوہدری سمیت اس عدالت کے تین فیصلے موجود ہیں جن میں سازش کے الزام کے باوجود ضمانت دی گئی۔

    پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ ان کیسز میں ایف آئی آر میں نامزدگی یا شواہد موجود نہیں تھے، جبکہ اعجاز چوہدری کے کیس میں بھی شواہد کی کمی تھی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کو ثابت کرنا ہوگا کہ بانی پی ٹی آئی کا مقدمہ دیگر مقدمات سے مختلف ہے۔

    جسٹس شفیع صدیقی نے کہا کہ اعجاز چوہدری پر بھی موقع پر موجودگی اور سازش کے الزامات تھے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا اعجاز چوہدری 9 مئی کو موقع پر موجود تھے؟ پراسیکیوٹر اس سوال پر واضح جواب نہ دے سکے جس پر جسٹس رضوی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ پراسیکیوٹر ہیں اور بنیادی بات کا علم ہی نہیں رکھتے۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عمران خان کے خلاف کیا شواہد ہیں؟ اس پر پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ تین گواہوں کے بیانات بطور ثبوت عدالت کے سامنے رکھے گئے ہیں اور تمام مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کا مرکزی کردار سامنے آتا ہے۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ اگر عدالت میرٹ پر گئی تو سلمان صفدر بھی دلائل دیں گے، تاہم اگر سپریم کورٹ میرٹ پر آبزرویشن دے گی تو ٹرائل متاثر ہوگا۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا کہ میرا کام صرف آپ کو متنبہ کرنا تھا، باقی فیصلہ عدالت اپنی سمجھ کے مطابق کرے گی۔

    سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانتیں منظور کر لیں، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے یہ حکم جاری کیا۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ان مقدمات کا ٹرائل جلد مکمل ہونا چاہیے اور ٹرائل کورٹ کو کہیں گے کہ وہ چار ماہ میں کارروائی مکمل کرے۔

    چیف جسٹس نے واضح کیا کہ ضمانت کیس کی سماعت کے دوران عدالت ٹرائل کے میرٹس کو نہیں دیکھے گی۔

  • پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ :  چینی وزیر خارجہ کی وزارتِ خارجہ آمد پر پُرتپاک استقبال

    پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ : چینی وزیر خارجہ کی وزارتِ خارجہ آمد پر پُرتپاک استقبال

    اسلام آباد :چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کی وزارتِ خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پرتپاک استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وزارتِ خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا ، اس موقع پر روایتی ملبوسات پہنے بچوں نے بھی معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔

    پاکستان اور چین کے درمیان اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور آج اسلام آباد میں ہوگا، اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے چینی ہم منصب کریں گے۔

    مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنا اور دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کو فروغ دینا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہمذاکرات میں اسٹریٹجک، سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تعاون اور عوامی سطح کے روابط کو فروغ دینے کے اقدامات بھی زیر غور آئیں گے۔ علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    سالانہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے وزارت خارجہ نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں سے تجاویز بھی طلب کی ہیں۔

    خیال رہے گزشتہ برس اس مذاکراتی عمل کا پانچواں دور 15 مئی 2024 کو بیجنگ میں منعقد ہوا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ روز چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا تھا، پاکستان اور چین کے درمیان چھٹے سٹریٹجک ڈائیلاگ سمیت اہم ملاقاتیں کریں گے.

  • کراچی میں کل اسکول و کالجز بند رکھنے کا اعلان

    کراچی میں کل اسکول و کالجز بند رکھنے کا اعلان

    سندھ حکومت نے کل کراچی میں تمام سرکاری اور نجی اسکول اور کالجز بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

    وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ کل کراچی میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی وجہ سے تمام سرکاری اور نجی اسکول و کالجز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کل اسکول اور کالجز بند رکھنے کا فیصلہ طلبا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔

    یہ پڑھیں: محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبہ کیلیے بھیجی گئیں کتابیں بارش کی نذر (ویڈیو)

    خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے جاری بارشوں کے باعث آج محکمہ تعلیم کی جانب سے نجی و سرکاری اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کردیا تھا۔

  • بین الاقوامی جریدے نے پاکستان کی حالیہ سفارتکاری مہم کو بہترین قرار دیدیا

    بین الاقوامی جریدے نے پاکستان کی حالیہ سفارتکاری مہم کو بہترین قرار دیدیا

    اسلام آباد (20 اگست 2025): پاکستان کی کامیاب سفارتکاری سے پاک امریکا تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب ڈپلومیسی کا پوری دنیا اعتراف کر رہی ہے، اسی سلسلے میں بین الاقوامی جریدے واشنگٹن پوسٹ نے بھی پاکستان کی حالیہ سفارت کاری مہم کو بہترین قرار دے دیا ہے۔

    واشنگٹن پوسٹ نے لکھا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ امریکا کو تعلقات میں "ایک نئی جہت کی علامت "قرار دیا جارہا ہے، ٹرمپ کے دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونا پاکستان کیلئے چیلنج سمجھا جارہا تھا لیکن بدلتے عالمی حالات میں پاکستانی حکام نے وائٹ ہاؤس کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دیا۔

    امریکا نے انسداد دہشت گردی کے خلاف پاکستانی اقدامات کی تعریف کی، پاکستانی کامیاب سفارتکاری کی بدولت کالعدم تنظیم بی ایل کو امریکا نے عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا، پاکستان نے امریکا کو کرپٹو کے منصوبوں اور معدنیات کی ترقی میں شراکت کی پیشکش کی۔

    امریکی اخبار نے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا، بھارت سے جنگ بندی کے بعد پاک امریکا تعلقات میں مزید تیزی آئی۔

  • پاکستان افغانستان چین سہ فریقی مذاکرات آج کابل میں شروع

    پاکستان افغانستان چین سہ فریقی مذاکرات آج کابل میں شروع

    اسلام آباد (20 اگست 2025): علاقائی امن و استحکام، دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے، اور افغانستان کی سی پیک میں شمولیت کا ایجنڈا لیے پاک افغان چین سہ فریقی مذاکرات کا ساتواں دور کابل میں شروع ہو گیا۔

    سہ فریقی مذاکرات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، جب کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور افغان وزیر خارجہ امیر مقام متقی اپنے اپنے ملک کا مؤقف پیش کریں گے۔

    مذاکرات مئی 2025 اور مئی 2023 میں ہونے والے اسلام آباد بیجنگ مذاکراتی عمل کا تسلسل ہیں، مذاکرات میں علاقائی سیکیورٹی اور بین السرحدی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے القاعدہ، ٹی ٹی پی، آئی ایس کے پی اور تحریک اسلامی مشرقی ترکستان کے ٹھکانوں کے خاتمے پر بات چیت ہوگی۔

    چین کا مؤقف ہے کہ افغانستان میں عسکریت پسندی چینی اویغور آبادی کے لیے خطرہ ہے، جب کہ پاکستان بھی افغان سرزمین کے دہشت گردی کے لیے استعمال پر تحفظات رکھتا ہے۔

    بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت افغانستان کو سی پیک میں شامل کرنے اور توانائی کے ذخائر تک رسائی کا ایجنڈا بھی مذاکرات کا حصہ ہے۔ مذاکرات میں پاکستان علاقائی سیکیورٹی، باہمی روابط کے فروغ اور انسانی امداد کی پالیسی کا اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

    چین اس مذاکراتی عمل میں پاک افغان حکومتوں کے درمیان روابط کے فروغ کے لیے پُل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ کابل میں سہ فریقی مذاکرات دو روز تک جاری رہیں گے جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

  • نویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان، رزلٹ آن لائن چیک  کریں

    نویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان، رزلٹ آن لائن چیک کریں

    لاہور(20 اگست 2025): بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے نویں جماعت کے نتائج کا اعلان کردیا، طلبا اپنا رزلٹ آن لائن چیک کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے بورڈز نے نویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان کردیا ہے، ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب منعقد کی جائے گی۔

    بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) کے مطابق پنجاب بھر کے طلباء اپنے نویں جماعتکے نتائج اپنے متعلقہ بورڈ کی ویب سائٹس یا ایس ایم ایس کوڈز کے ذریعے آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔

    لاہور بورڈ  میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 14 ہزار طلبا و طالبات نہم کا امتحان دیا، لاہور بورڈ کے نویں جماعت کے طلبا اپنا رزلٹ چیک کرنے کے لیے یہاں کلک کریں

    https://www.biselahore.com/

    گجرنوالہ بورڈ کے نویں جماعت کے طلبا اپنا رزلٹ یہاں چیک کریں

    https://www.bisegrw.edu.pk/

    فیصل آباد بورڈ کے طلبا اپنا رزلٹ رول نمبر کیساتھ یہاں پر چیک کریں

    https://bisefsd.edu.pk/

    ملتان بورڈ کے طلبا اپنا رزلٹ نیچے دئیے گئے لنک پر کلک کرکے چیک کریں

    https://results.bisemultan.edu.pk/

    بہاولپور کے نویں جماعت کے طلبا اپنا رزلٹ یہاں چیک کریں

    https://bisebwp.edu.pk/

    راولپنڈی کے نویں جمات کے طلبا اپنا رزلٹ یہاں چیک کریں

    https://biserwp.edu.pk/

    پنجاب میں کل نو تعلیمی بورڈز ہیں جن میں بہاولپور بورڈ، ڈیرہ غازی خان بورڈ، فیصل آباد بورڈ، گوجرانوالہ بورڈ، لاہور بورڈ، ملتان بورڈ، راولپنڈی بورڈ، ساہیوال بورڈ، اور سرگودھا بورڈ شامل ہیں۔

  • کراچی میں ایک دن بارش کے تین اسپیل، مزید دو روز تیز بارش کی پیشگوئی

    کراچی میں ایک دن بارش کے تین اسپیل، مزید دو روز تیز بارش کی پیشگوئی

    کراچی (20 اگست 2025): شہر قائد میں ایک دن بارش کے تین اسپیل نے نکاسی آب کا نظام فیل کر دیا، محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تیز بارشوں کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں بارش کے تین اسپیل برسے، جس نے شہر میں نکاسی کا نظام ٹھپ کر کے رکھ دیا، اور طوفانی بارش کے بعد شہر میں اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہو گئی۔

    بارش شروع ہونے کے بعد چند گھنٹوں بعد کراچی کے کئی علاقے ڈوب گئے، سڑکوں پر پانی کے ریلے بہتے رہے، سب سے بڑی شاہراہ شارع فیصل بھی اس بار پانی میں ڈوب گئی اور گاڑیاں پھنس گئیں، لوگوں کا فیول ختم ہو گیا تو انھیں گاڑیاں سڑک پر چھوڑنی پڑیں۔

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شارع فیصل کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 6 گھنٹے کی بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی اب نکل رہا ہے، برساتی نالے صاف ہیں اور پانی کی نکاسی ہو رہی ہے۔

    شہر میں سیلابی صورت حال کے باعث گھر سے نکلنے والے شہری دفتر نہیں پہنچ سکے تھے، جب کہ دفتر سے گھر کے لیے نکلنے والے افراد کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا، لیاری ایکسپریس وے پر دباؤ بڑھنے سے ٹریفک کی بدترین صورت حال بھی پیدا ہوئی، یہاں تک کہ مختلف علاقوں میں اسکول کے بچے بھی رُل گئے، اسکول وینیں سڑک پر بند ہو گئیں، ڈرائیوروں کے فون بند تھے اور والدین پریشان ہوتے رہے، دوپہر کو نکلے بچے شام اور رات کو پہنچ پائے۔

    سڑکوں پر جگہ جگہ موٹر سائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں اور لوگ مکینک ڈھونڈتے رہے، مکینکوں نے بھی بائیکیں اسٹارٹ کرنے کے معمول سے بہت زیادہ معاوضہ وصول کیا، رکشوں اور آن لائن رائڈز نے بھی کرائے بڑھائے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مزید 2 روز تک بارش کا امکان ہے، آج اور کل زیادہ بارش ہو سکتی ہے، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران گلشن حدید میں سب سے زیادہ 170 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 158، جناح ٹرمینل پر 152.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • وزیراعظم کی سندھ حکومت کو ہنگامی صورتحال میں معاونت کی پیشکش

    وزیراعظم کی سندھ حکومت کو ہنگامی صورتحال میں معاونت کی پیشکش

    وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے بارشوں سے پیدا شدہ صورحال میں مدد کی پیشکش کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سندھ حکومت کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی پیش کش ہے۔

    وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو سندھ حکومت سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے ضروریات کے حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کو سندھ کے جنوبی اضلاع میں بارش کے پیش نظر مکمل تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت ہنگامی صورتحال سےنمٹنےکیلئے حکومت سندھ کی ہرقسم کی معاونت کرے گی۔

    قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ہنگامی اجلاس کی صدارت کی تاکہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں متوقع مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔

    وزیراعلیٰ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی اور متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان قریبی رابطہ و ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔

  • کراچی میں اربن فلڈنگ کی صورتحال، شہریوں سے غیرضروری باہر نہ نکلنے کی اپیل

    کراچی میں اربن فلڈنگ کی صورتحال، شہریوں سے غیرضروری باہر نہ نکلنے کی اپیل

    کراچی میں صبح سے جاری طوفانی بارشوں سے کئی علاقے ڈوب گئے۔ شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ شارع فیصل پر گاڑیاں پانی میں تیرنے لگی ہیں جب کہ یونیورسٹی روڈ، اولڈسٹی ایریا، صدر سمیت مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔

    لیاقت آباد سے تین ہٹی جانے والی سڑک درمیان سے دھنس گئی۔ ناظم آباد، لیاقت آباد، غریب آباد انڈرپاسز میں پانی بھرگیا ہے۔ گرومندر پر بچوں سے بھری اسکول وین خراب ہوگئی اور فیڈرل بی ایریا، عزیز آباد میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

    گلستان جوہر میں راڈو بیکری کے قریب دیوار گرنے سے دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ مختلف حادثات میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

    سینئر وزیر شرجیل میمن کی شدید بارشوں کے پیش نظر شہریوں سے غیرضروری گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔

    اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں کے دوران سندھ حکومت کی پوری مشینری فعال ہے شہر میں نکاسی آب کا کام جاری ہے، عوام کی جان اور حفاظت سب سے مقدم ہے شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

    سابق گورنر سندھ محمد زبیر بھی بارش میں پھنس گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ گھنٹے سے کورنگی روڈ پر پھنسا ہوا ہوں شہر کےحالات دیکھ کر نہیں لگتا یہ معاشی حب ہے۔

    رین ایمرجنسی سیل قائم، ہیلپ لائن 1366 جاری

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ہدایت پر گورنر ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق کراچی میں بارش اور ٹریفک سے متاثرہ شہری ہیلپ لائن 1366 پر رابطہ کریں، گورنر سندھ کی ہدایت پر متاثرہ افراد کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

    کراچی میں سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟

    کراچی میں مون سون کے طوفانی اسپیل کے تحت 100 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گلشنِ حدید میں سب سے زیادہ 145 ملی میٹر بارش ہوئی جب کہ کیماڑی میں 137 ملی میٹر اور جناح ٹرمینل پر 135 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اولڈ ایئرپورٹ پر 125 ملی میٹر اور سعدی ٹاؤن میں 123 ملی میٹر بارش ہوئی۔ گلستانِ جوہر میں 122.4 ملی میٹر، ڈیفنس اور کلفٹن میں 121 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ شاہراہ فیصل میں 114 ملی میٹر اور سرجانی ٹاؤن میں 111.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کورنگی میں 96.6 ملی میٹر ناظم آباد میں 82 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    مسرور بیس میں 75 ملی میٹر، گلشنِ معمار میں 75.2 ملی میٹر اور اب تک سب سے کم بارش اورنگی ٹاؤن میں 66.2 ملی میٹر ہوئی۔

  • پاکستان کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے،  شہریوں میں خوف و ہراس

    پاکستان کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے، شہریوں میں خوف و ہراس

    اسلام آباد : پاکستان کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے ، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

    زلزلے کے جھٹکے ایبٹ آباد، مانسہرہ، منگورہ، چترال، سوات ، بٹگرام ، ملاکنڈ ، ہری پور، خانپور اور دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگوں نے خوف کے سبب گھروں اور دفاتر سے باہر باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔

    زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلےکامرکزہندو کش افغانستان میں تھا اور گہرائی 190کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

    ترجمان حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    یاد رہے جون میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، میرپور خاص میں زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی، گوادر میں بھی 3 ریکٹر اسکیل شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز نے بتایا تھا کہ زلزلے کا مرکز میرپورخاص سے 56 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، میرپور ساکرو میں بھی ایک اور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی شدت 3.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔