Category: اہم ترین

پاکستان اور دنیا بھر سے اہم ترین خبریں جاننے کے لئے اے آر وائی نیوز کی اردو ویب سائٹ پر آئیں

Important Breaking News from Pakistan and World from ARY News Urdu

  • دہشت گردوں کے سہولت کار گرفتار  لیکچرار کے سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے

    دہشت گردوں کے سہولت کار گرفتار لیکچرار کے سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے

    کوئٹہ: دہشت گردوں کے سہولت کار گرفتار پروفیسر ڈاکٹر عثمان کا اعترافی بیان سامنے آگیا ، جس میں تہلکہ خیز انکشافات کئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے گرفتار لیکچرار نے کالعدم تنظیم بی ایل اے سے روابط اور دہشت گردوں کی سہولت کاری کا اعتراف کرلیا،وزیراعلیٰ بلوچستان نے ڈاکٹر عثمان قاضی کا اعترافی بیان میڈیا سے شیئر کردیا۔

    گرفتار لیکچرار نے اپنے بیان میں کہا حربیار کی جانب سے اہداف بتائے جاتے تھے، دہشت گرد کارروائیوں کیلئے ٹیلی گرام ایپ استعمال کرتے تھے، ریاست نے عزت اور وقار دیا۔ غداری پر شرمندہ ہوں

    ڈاکٹر عثمان نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ دونوں سرکاری ملازم ہیں، انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کیا اور بیوٹم یونیورسٹی میں گریڈ 18 کے لیکچرار کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پشاور سے قائداعظم یونیورسٹی کے دورے کے دوران ان کی ملاقات تین دوستوں سے ہوئی، جن کا تعلق بی ایل اے سے تھا، جن میں سے دو بعد ازاں مارے گئے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

    ڈاکٹر عثمان نے بتایا کہ ڈاکٹر ہیبتان عرف کالک نے ان سے رابطہ کیا اور بی ایل اے میں شمولیت کرائی، بعد ازاں ان کی ملاقات بشیر زیب سے کرائی گئی، جس سے ان کا رابطہ ٹیلی گرام کے ذریعے رہتا تھا۔

    انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ بی ایل اے کو تین مختلف کاموں میں سہولت کاری فراہم کرتے رہے اور ان کا تنظیمی نام "عرف امیر” تھا۔

    پروفیسر کا کہنا تھا کہ پہلا کام انہوں نے بی ایل اے کے ریجنل کمانڈر شیر دل کو طبی سہولیات فراہم کر کے کیا، دوسرا کام نومبر میں دو دہشت گردوں کو اپنے گھر میں پناہ دینا تھا، جن میں سے ایک نے بعد ازاں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکا کیا اور تیسرا کام میں نے ایک پستول لی تھی جیسے ٹارگٹ کلنگ کے لئے خاتون کو دیتا تھا۔

    گرفتار لیکچرار نے بتایا کہ نعمان عرف فیرک نامی دہشت گرد آٹھ دن تک ان کے پاس رہا، جسے بعد میں ایک اور کمانڈر کے حوالے کیا گیا، نعمان نے 14 اگست کے کسی بھی پروگرام میں خودکش حملہ کرنا تھا۔

  • صرف ضلع دیر میں 1000 سے زائد اموات ہو سکتی ہیں، وزیر اعظم کے معاون نے خدشہ ظاہر کر دیا

    صرف ضلع دیر میں 1000 سے زائد اموات ہو سکتی ہیں، وزیر اعظم کے معاون نے خدشہ ظاہر کر دیا

    اسلام آباد (18 اگست 2025): وزیر اعظم کے معاون اختیار ولی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صرف ضلع دیر میں ہزار سے زائد اموات ہو سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں وزیر اعظم کے کوآرڈنیٹر اختیار ولی خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے آیا ہوں، خیبرپختونخوا میں انسانی جانوں کا المیہ اپنی آنکھوں سے دیکھا، صرف وہ اموات رپورٹ ہوئیں جن کی لاشیں اسپتال لائی گئیں۔

    انھوں نے کہا 300 افراد کی لاشیں تو صرف اسپتالوں میں پہنچائی گئیں، ایک ہزار سے زائد لوگ لاپتا ہیں اور اجتماعی تدفین ہو رہی ہے، صرف ایک ضلع دیر میں اموات کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

    اختیار ولی نے انیقہ نثار کے پروگرام میں بتایا کہ بونیر کے علاقے چغرزی میں بڑی تباہی ہوئی ہے، علاقہ بشونی میں پورا گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گیا ہے، ریلے میں آنے والا ایک ایک پتھر ٹرک سے بھی بڑا ہے، دریا کنارے موجود گھروں کا نقشہ ہی مٹ گیا ہے، پورے پورے گھر بہہ گئے ان کو کوئی رپورٹ کرنے والا نہیں ہے۔


    خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی


    معاون وزیر اعظم نے کہا میں نے 2005 زلزلہ اور 2010 کا سیلاب بھی دیکھا ہے، آج میں بونیر سے بھاری دل کے ساتھ واپس آیا ہوں، خیبرپختونخوا میں این ڈی ایم اے کے علاوہ کوئی اور ادارہ نظر نہیں آ رہا، صوبائی حکومت کے صرف چند ٹریکٹر ہی دیکھے ہیں، این ڈی ایم اے کی ہیوی مشنری نہ ہوتی تو سڑکیں اب بھی بند ہوتیں، ان کی مشینری نے بڑے بڑے پتھر ہٹا کر راستے کھولے۔

  • بھارت کے تمام 6 طیاروں کے تباہ ہونے کی وڈیوز ہمارے پاس ہیں، محسن نقوی

    بھارت کے تمام 6 طیاروں کے تباہ ہونے کی وڈیوز ہمارے پاس ہیں، محسن نقوی

    لاہور (17 اگست 2025): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ میں بھارت کے تمام 6 طیاروں کے تباہ ہونے کی ویڈیوز ہمارے پاس ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں سیمینار سے خطاب میں کہا کہ رواں برس مئی میں ہونے والی جنگ میں بھارت کے تمام 6 طیاروں کے تباہ ہونے کی ویڈیوز ہمارے پاس موجود ہیں۔ بھارتی طیارے گرانے کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا تھا کہ ثبوت آنے تک اعلان نہیں کریں گے۔ بھارت کے طیارے گرنے کے ثبوت منٹوں میں ہمارے پاس آئے، جس کا آج اعلان کر رہا ہوں۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت نے ہماری ایک بیس پر 7 میزائل فائر کیے لیکن ان میں سے ایک بھی بیس کے اندر نہیں گرا۔ پاکستان نے بھارت کے سب سے بڑے آئل اسٹوریج پر میزائل فائر کیے۔ بھارت کی بہت سی چیزیں ٹارگٹ پر تھیں اور ہم مزید حملے کرسکتے تھے۔ لیکن ہماری کوشش تھی کہ بھارت کو ڈراما کرنے کا موقع نہ دیں اس جنگ میں ہمیں اللہ کی غیبی مدد حاصل تھی۔

    محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج، ایئر فورس اور بحریہ نے ایک حکمت علمی کے تحت جنگ لڑی۔ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کو کریڈٹ جات ہے کہ انہوں نے اس پریشر کو قبول کیا اور بھارت کو بھرپور جواب دیا۔

    انہوں نے کہا کہ چند لوگ اس موقع پر بھی انٹیلی جنس ایجنسیز کو برا بھلا کہنے سے باز نہیں آتے۔ انٹیلی جنس ایجنسیز نے پاک بھارت جنگ میں پس پردہ بہترین کام کیا۔ بھارت کا ایک ایک فیصلہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز کے پاس ہوتا تھا۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت مرسڈیز اور پاکستان ڈمپر کی طرح ہے اور یہ ڈمپر بھی پتھروں اور مٹی سے لدا ہوا ہے۔ جب مرسڈیز اور ڈمپر کی ٹکر ہوگی تو سمجھ لیں کہ کیا ہوگا۔ یہی بھارت کے ساتھ ہوا۔ اس جنگ میں پاکستان میں مثالی اتحاد دیکھا گیا اور تمام سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر اکٹھی تھیں دوسری جانب بھارت کا آرمی چیف اور ایئر چیف الگ الگ مودی سے مل رہے تھے۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن ڈرامے اور پاک بھارت جنگ کے پیچھے اجیت دوول اور میت شاہ کا کردار تھا۔ یہ دونوں مودی کے ساتھ بھارت کو بھی لے ڈوبیں گے۔

    محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کھلے عام بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔ ہم کشمیر کا پیچھا اس وقت تک کریں گے جب تک کشمیریوں کوان کا حق نہیں ملتا۔

    جنگ کے بعد بھارتی وفد امریکا گیا اور لابنگ کرنے کی کوشش کی، لیکن بلاول بھٹو زرداری اکیلے ان دس پر بھاری تھے۔

     

    واضح رہے کہ رواں برس پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارت نے 7 مئی کی شب بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا تھا۔ تاہم پاک فوج نے اس کارروائی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب 10 مئی کی علی الصباح آپریشن بنیان مرصوص کے نام سے لانچ کیے گئے آپریشن کے ذریعے دیا۔

    پاک فضائیہ نے صرف  چند گھنٹوں میں بھارتی غرور خاک میں ملاتے ہوئے اس کے پورے ایئر ڈیفنس کو تباہ کر دیا، جس کے بعد مودی حکومت کو گھٹنے ٹیکنے اور جنگ بندی کی درخواست کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔

  • خیبرپختونخوا میں سیلاب، سعودی عرب، ترکیہ، روس، برطانیہ و دیگر کا اظہار افسوس

    خیبرپختونخوا میں سیلاب، سعودی عرب، ترکیہ، روس، برطانیہ و دیگر کا اظہار افسوس

    اسلام آباد (17 اگست 2025): پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں تباہ کن سیلاب پر سعودی عرب، ترکیہ، روس، برطانیہ و دیگر ممالک نے اظہار افسوس کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر سعودی عرب، یو اے ای، ایران، ترکیہ، کویت، روس اور برطانیہ نے اظہارافسوس کیا ہے،اور متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔

    سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ ہیں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تعزیتی پیغام میں کہا ایران پاکستان کے لیے ہر طرح کے تعاون، امداد اور ریلیف کے لیے تیار ہے۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے صدر آصف زرداری کے نام تعزیتی خط میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ اماراتی وزارت خارجہ نے کہا کہ یو اے ای مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے۔

    خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    ترک وزارت خارجہ نے بھی سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ کویتی وزیر خارجہ ولی عہد صباح الخالد الصباح نے اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے کہا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور سیلاب سے جانی نقصان پر تعزیت کی، برطانوی وزیر خارجہ نے مشکل وقت میں پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

  • صحافی خاور حسین کی گولی لگی لاش ملنے کا معاملہ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    صحافی خاور حسین کی گولی لگی لاش ملنے کا معاملہ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    (17 اگست 2025): کراچی کے صحافی خاور حسین کی لاش ملنے سے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے صحافی خاور حسین کی لاش ملنے کے معاملے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) شہید بینظیر آباد فیصل بشیر میمن کا بیان اور فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

    شہید بینظیر آباد فیصل بشیر میمن نے کہا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج مل چکی ہے جس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے، عینی شاہدین  گولی چلنے کی آواز کسی نے نہیں سنی۔

    ڈی آئی جی فیصل بشیر نے کہا کہ گاڑی کے شیشے چڑھے ہوئے تھے قریب کسی کے ہونے کے شواہد نہیں ملے اس کے علاوہ سی ڈی آر کا ڈیٹا چوبیس گھنٹے میں حاصل کر لیا جائے گا۔

    ڈی آئی جی فیصل بشیر نے بتایا کہ گاڑی سے ملنے والا پستول ڈان نیوز کے سینئر رپورٹر خاور حسین کا ہی تھا، خاور نے حفاظتی نکتہ نظر سے پستول رکھا ہوا تھا، خاور حسین گاڑی پارک کرکے 2 بار واش روم گئے۔

    سی سی ٹی وی کے مطابق خاور تنہا تھے، خاور نے ہوٹل کے منیجر سے جاکر واش روم کا پوچھا، پھر واپس گاڑی میں آکر بیٹھ گئے، خاور دوبارہ گاڑی سے اترے اور پھر چوکیدار سے واش روم کا پوچھا، خاور پھر واش کے پاس گئے اور واپس آکر دوبارہ گاڑی میں بیٹھ گئے۔

    ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ لاش کو حیدر آباد سرد خانے میں رکھا گیا ہے تاہم اب تک پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے، پستول اور گاڑی فرانزک کے لیے بھیج دی گئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/journalist-khawar-hussains-bullet-ridden-body-found-car/

  • وزیر اعلیٰ کا بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان

    وزیر اعلیٰ کا بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان

    بونیر (17 اگست 2025): وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کلاؤڈ برسٹ کے بعد تباہی کی زد پر آنے والے علاقے بونیر کا دورہ کیا، اور سیلاب سے نقصان اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

    علی امین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس بیس لاکھ روپے دیے جائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ بونیر کے عوام کا مشکل گھڑی میں ساتھ دیا۔

    خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    دورے کے موقع بونیر کے ڈپٹی کمشنر آفس میں سیلابی صورت حال اور ریلیف سرگرمیوں پر اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، چیف سیکریٹری اور ضلعی حکام شریک ہوئے، تباہ کاریوں پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بونیر کی 7 ولیج کونسلوں میں 5380 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور اب تک 209 اموات، 134 لاپتا، اور 159 زخمی ہوئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو فوری معاوضہ دیا جائے گا، حکومت نے ریلیف کے لیے 1.5 ارب روپے جاری کر دیے ہیں، وزیر اعظم اور دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے تعاون پر شکر گزار ہوں۔

    اجلاس میں بریفنگ کے مطابق


    خیبرپختونخوا میں 223 ریسکیو اہلکار، 205 ڈاکٹرز، 260 پیرا میڈکس، 400 پولیس اہلکار متحرک ہیں، پاک فوج کی 3 بٹالین ریلیف آپریشن میں شریک ہیں، خوراک، ٹینٹس، کمبل، دیگر ضروری اشیا فراہم کی جا رہی ہیں، پیر بابا اور گوکند کی سڑکیں بحال، 15 مقامات سے ملبہ ہٹا دیا گیا ہے، بونیر سمیت 8 اضلاع میں ریلیف ایمرجنسی نافذ ہے، 3500 پھنسے افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے، اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

    وزیر اعظم کی ہدایت


    وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ہدایت جاری کی ہے کہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند راستوں کو فوری بحال کیا جائے، بند شاہراہوں پر پھنسے مسافروں کو جلد از جلد مدد پہنچائی جائے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ چیئرمین این ڈی ایم اے سے مسلسل رابطے میں ہیں، اور ریسکیو ریلیف آپریشن اور امدادی سامان کی ترسیل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

  • خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    خیبرپختونخوا میں بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے زبردست تباہی ہوئی ہے، این ڈی ایم اے نے اب تک 328 اموات کی تصدیق کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موسمیاتی تبدیلی نے خیبرپختونخوا میں تباہی مچا دی ہے، بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائڈنگ سے ہونے والی اموات کی تصدیق شدہ تعداد تین سو اٹھائیس تک پہنچ گئی ہے۔

    کلاؤڈ برسٹ کے شکار بونیر میں 230 لاشیں نکالی گئی ہیں، اور 180 سے زائد شہری زخمی ہوئے، متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ قدر نگر کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 25 افراد جان سے گئے، قدر نگر اور ڈگر میں کئی رابطہ پل بھی بہہ گئے ہیں۔

    بونیر میں 120 سے زائد گھر بھی مکمل تباہ ہو چکے ہیں، سیلاب کے دوران جاں بحق 190 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ شانگلہ میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 34 ہو گئی ہے، اور کئی لاپتا ہیں، جب کہ 7 سے زائد رابطہ پُل ٹوٹ چکے ہیں۔

    آبی ریلا درجنوں گاڑیاں اور مویشی بھی بہالے گیا ہے، سوات میں بھی سیلاب سے ہر طرف تباہی مچی ہوئی ہے، اور جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی ہے، مانسہرہ میں بھی این ڈی ایم اے نے 20 اموات کی تصدیق کی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار


    پی ڈی ایم اے نے بھی بارشوں اور فلش فلڈ سے جانی و مالی نقصان کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مختلف حادثات میں 313 افراد جاں بحق، اور 156 زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں 263 مرد، 29 خواتین، اور 21 بچے شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 123 مرد، 23 خواتین، 10 بچے شامل ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 159 مکانات کو نقصان پہنچا، 97 جزوی، 62 مکمل منہدم ہوئے، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ضلع بونیر ہوا ہے جہاں 208 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، بٹگرام میں پیش آئے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔

  • صحافی خاور حسین کی گاڑی سے گولی لگی لاش برآمد

    صحافی خاور حسین کی گاڑی سے گولی لگی لاش برآمد

    سانگھڑ: کراچی کے نوجوان صحافی خاور حسین کی گاڑی سے گولی لگی لاش برآمد ہوئی ہے، ان کی لاش سانگھڑ سے ملی۔

    معروف نجی چینل سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافی خاور حسین کی سانگھڑ میں کار سے گولی لگی لاش ملی ہے، پولیس موقع پرپہنچ گئی ہے اور ان کی موت سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ریسکیو حکام نے لاش سے متعلق ابتدائی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صحافی خاورحسین کے ہاتھ میں پستول بھی موجود ہے۔

    وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے، انھوں نے بتایا کہ آئی جی سندھ کی جانب سے احکامات دیے گئے ہیں کہ ایس پی سانگھڑ اس واقعے کی انکوائری کریں۔

    وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ سینئرصحافی کی لاش ملنےکی جامع انکوائری رپورٹ ارسال کریں، خاورحسین کی شعبہ صحافت میں خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی وزیراعلٰی نے آئی جی پولیس کو پولیس کے بہترین افسر کو تفتیش سونپنے کی ہدایت کی ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ تحقیقات کرکے موت کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا کی گئی اور انتظامیہ کو تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • کراچی : انٹر پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج کا اعلان، زرلٹ چیک کریں

    کراچی : انٹر پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج کا اعلان، زرلٹ چیک کریں

    کراچی : انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا، جس میں کامیابی کا تناسب 54.94 فیصد فیصد رہا۔

    Check BIEK- HSC Part II- Pre-Engineering Results Here

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔

    چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں تینوں پہلی پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں ، پہلی پوزیشن مشترکہ طور پر دو طالبات نے حاصل کی۔

    سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن مشترکہ طورپر عثمان پبلک اسکول کیمپس ون کی طالبہ لائبہ انصاری اور بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ سیدہ عنزیلہ حیدر زیدی نے لی۔

    بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ آئزل مرحا نے دوسری جبکہ ہمدرد انٹرمیڈیٹ کالج فار سائنس اینڈ کامرس بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد کی طالبہ حفصہ عمران نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    گروپ کے امتحانات میں 21ہزار 617 امیدوارو ں نے رجسٹریشن حاصل کی اور 21ہزار 19 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے ، جس میں سے 11ہزار 547 امیدوار کامیاب قرار پائے

    کامیابی کا تناسب 54.94 فیصد فیصد رہا، امتحانات میں 1035امیدوار اے ون گریڈ، 1762 اے گریڈ، 2351 بی گریڈ، 2938 سی گریڈ، 3124 ڈی گریڈ، 296 ای گریڈمیں کامیاب قرار پائے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

  • ’ایک دوست کیلئے دوسرے کو قربان نہیں کریں گے‘ فیلڈ مارشل کا چین-امریکا تعلقات پر بیان

    ’ایک دوست کیلئے دوسرے کو قربان نہیں کریں گے‘ فیلڈ مارشل کا چین-امریکا تعلقات پر بیان

    برسلز(16 جولائی 2025): آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ایک دوست کیلئے دوسرے دوست کو قربان نہیں کریں گے۔

     تفصیلات کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برسلز میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو چین اور امریکا سے تعلقات میں توازن برقرار رکھنے کا طویل تجربہ ہے ہم ایک دوست کیلئے دوسرے دوست کو قربان نہیں کریں گے۔

    فیلڈ مارشل نے کہا کہ تبدیلی سے متعلق افواہیں سراسر جھوٹ ہیں اور افواہیں پھیلانے والے حکومت اور مقتدرہ دونوں کے مخالف ہیں، خدا نے مجھے ملک کا محافظ بنایا ہے اور اس کے علاوہ کسی عہدے کی خواہش نہیں ہے، ایک ایک پاکستانی کے خون کا بدلہ لینا ہم پر واجب ہے۔

    فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی امن کی خواہش جینوئن ہے اسی لئے نوبیل انعام کیلئے نامزد کرنے میں پہل کی، باقی دنیا صدر ٹرمپ کو نوبیل انعام کیلئے نامزد کرنے میں پاکستان کی پیروی کررہی ہے۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے امن کو تباہ نہ کرے اور افغان حکومت طالبان کو پاکستان میں دھکیلنے کی کوشش بند کرے۔

    برسلز میں اووسیز پاکستانیوں نے فیلڈ مارشل کا جنگ کے فاتح کے طور پر استقبال کیا، فیلڈ مارشل برسلز کے ایونٹ میں کئی گھنٹےکھڑے ہو کر دور دور سے آنے والے پاکستانیوں سے ملتے رہے۔

    فیلڈ مارشل کو مشورہ بھی دیا گیا کہ ایک ساتھ اتنے لوگوں سے ملنا بدانتظامی پیدا کرےگا لیکن فیلڈ مارشل نے کہا کہ لوگ دور دور سے آئے ہیں ان کا دل کیسے توڑا جاسکتا ہے، جب تک آخری پاکستانی فیلڈ مارشل سے ہاتھ ملا کر رخصت نہیں ہوا وہ کھڑے رہے۔

    فیلڈ مارشل نے وزیراعظم شہباز شریف کے خلوص کیساتھ 18،18 گھنٹے کام کرنے کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ نے جنگ کے دوران جس عزم کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے۔