Category: یو اے ای

یو اے ای اردو نیوز یعنی متحدہ عرب امارات سے اردو خبریں اور تازہ ترین معلومات

یو اے ای کی معیشت میں پاکستانیوں کا ایک اہم کردار ہے۔ وہ تعمیراتی، خدمات، اور دیگر شعبوں میں اہم افرادی قوت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھی پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدنی ہیں۔ 2023 میں، پاکستانیوں نے یو اے ای سے پاکستان کو 4.212 ارب ڈالر کی رقم بھیجی۔

  • قطری فوجی طیاروں کی جارحیت، اماراتی سویلین جہازوں کے انتہائی قریب پرواز

    قطری فوجی طیاروں کی جارحیت، اماراتی سویلین جہازوں کے انتہائی قریب پرواز

    دبئی : قطری فضائیہ کے جنگی طیاروں نے جارحیت دکھاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر متحدہ عرب امارات کے مسافر بردار طیارے کو بحرینی فضائی حدود میں نرغے میں کرنے کی کوشش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے جنرل سول ایوی ایشن نے قطری فضائیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ قطر کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کے روز یو اے ای کے مسافر بردار طیارے تک خطرناک انداز میں رسائی کی کوشش کی ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے حکام نے قطری فضائیہ کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اماراتی میڈیا کو بتایا کہ قطر کے لڑاکا طیاروں نے دمام سے ابو ظہبی 86 مسافروں کے ہمراہ آنے والے مسافر بردار طیارے کو بحرین کی فضائی حدود سے گزرتے وقت گھیرنے کی کوشش کی، جس کے سبب طیارے میں سوار مسافروں کی جان کو شدید خطرات لاحق ہوگئے تھے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ یواے ای کے مسافر بردار طیارے اور قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے درمیان تصادم ہونے میں محض 2 میل کا فاصلہ رہ گیا تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’قطر کی فضائی افواج کی جانب سے کیے جانے والے یہ اقدامات مسافر بردار طیاروں اور ہوائی نیویگیشن کے لیے انتہائی خطرناک ہیں‘۔

    یو اے ای کی جنرل سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا، گذشتہ ماہ بھی قطری فضائیہ کے جنگی طیاروں نے یو اے ای دو مسافر بردار طیاروں کے انتہائی نزدیک پروازیں کی تھیں، اس کے علاوہ بھی قطری فضائیہ متعدد اشتعال انگیز اقدامات کرچکی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات سول ایوی ایشن کی عالمی تنظیم میں قطر کے خلاف درخواست دائر کرے گا۔

    متحدہ عرب امارات کے جنرل سول ایوی ایشن کے حکام کا قطر کے اس غیر ذمہ دارانہ حرکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر قطر کی یہ ہی صورتحال رہی تو ایسے حالات میں یو اے ای عالمی قوانین کے تحت کوئی بھی ایکشن لینے کا حق رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب،بحرین،مصر اورمتحدہ عرب امارات نے گشتہ برس قطرپردہشت گردوں کی معاونت کا الزام لگا کر سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے اور قطر پراپنی زمینی، فضائی اور سمندری سرحدوں کو بند کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دبئی: پولیس نے خاتون کے قتل کا معمہ 24 گھنٹوں میں حل کردیا

    دبئی: پولیس نے خاتون کے قتل کا معمہ 24 گھنٹوں میں حل کردیا

    دبئی : ال براحہ کی عمارت سے مردہ حالت میں ملنے والی افریقی خاتون کے قتل کا معمہ 24 گھنٹے میں حل کرتے ہوئے قتل میں ملوث پاکستانی شخص کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں واقع ال براحہ اپارٹمنٹ میں ایک افریقی خاتون کو قتل کرنے کے الزام میں پولیس نے پاکستان سے ملازمت کی غرض سے یو اے ای میں مقیم شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

    دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر انچیف میجر جنرل خلیل المنصوری کا کہنا ہے کہ گذشتہ اپارٹمنٹ کے سیکیورٹی گارڈ نے فلیٹ میں ناگوار تعفن اٹھنے پر پولیس کو اطلاع دی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو فلیٹ کی تلاشی کے دوران ایتھوپین خاتون کی لاش ملی تھی، مقتول کو چند روز قبل قتل کیا گیا تھا جس کے باعث نعش بہت زیادہ خراب ہوچکی تھی۔

    میجر خلیل المنصوری نے بتایا کہ متاثرہ خاتون ایتھوپیا کی رہائشی تھی اور وزٹ ویزے پر دبئی میں مقیم تھی، جس کے ال عین میں رہائش پذیر پاکستانی شخص کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار کئے گئے ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ پچھلے کچھ ماہ سے مقتولہ سے ناجائز تعلقات تھے۔

    پولیس حراست میں ملزم بتایا کہ واردات سے پہلے مقتولہ کے ساتھ دو بار مکروہ فعل انجام دیا، جس کے عوض 200 درہم بھی ادا کیے تھے اور صبح تک رکنے کی خواہش ظاہر کی جس پر اس نے مزید 200 درہم کی رقم کا مطالبہ کیا تھا۔

    پولیس حراست میں ملزم نے کہا کہ ’میں نے خاتون کی جانب سے مزید رقم کا مطالبہ کرنے پر گلا دبا کر قتل کیا اور مقتولہ کے دو موبائل، 450 درہم اور دیگر اشیاء لے کر فرار ہوگیا تھا۔

    پولیس کمانڈر انچیف نے بتایا کہ دبئی پولیس نے مذکورہ قتل کیس کی تحقیقات 24 گھنٹوں میں مکمل کرکے قاتل کو گرفتار کرلیا  ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • دبئی: منشیات فروشی کے الزام میں پاکستانی ڈرائیور گرفتار

    دبئی: منشیات فروشی کے الزام میں پاکستانی ڈرائیور گرفتار

    دبئی : متحدہ عرب امارات میں ڈرائیور کی نوکری کرنے والے پاکستانی شخص کو سیکیورٹی اداروں نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پولیس نے خفیہ اطلاعات پر الوحیدہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔

     پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دبئی میں مقیم 41 سالہ پاکستانی ڈرائیور پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر سوشل میڈیا باالخصوص واٹس ایپ کے ذریعے شہریوں کو منشیات فروخت کرتا تھا۔

    دبئی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے بااثر ذرائع سے اطلاعات موصول ہونے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے الوحیدہ کے علاقے میں اس کے گھر پر چھاپہ مارا پر گرفتار کیا تھا۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ملزم کے گھر کی تلاشی کے دوران تقریباً 17 ہزار درہم برآمد ہوئے تھے، پولیس کا خیال ہے کہ یہ رقم منشیات فروشی کے ذریعے کمائی گئی ہے۔

    دبئی کی جیل میں قید پاکستانی شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے لگایا گیا الزام بے بنیاد ہے، مذکورہ رقم اپنی گاڑی فروخت کرکے حاصل کی تھی۔

    دوسری جانب پولیس کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ مذکورہ پاکستانی ڈرائیور گذشتہ سال بھی جیل جا چکا ہے اور اسے 27 مئی 2017 کو جیل سے رہا کیا گیا تھا، ہماری اطلاعات کے مطابق مذکورہ شخص سوشل میڈیا خصوصاً فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کر رہا ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ پاکستانی شخص کا موبائل فون ضبط کرکے جنرل ڈائریکٹر انسداد منشیات فروشی کے حوالے کردیا تھا۔

    پولیس نے ملزم کے میڈیکل ٹیسٹ کروائے تھے۔ جو مثبت آئے، کرائم لیب ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص کے جسم میں پین کلر (مورپائن اور کوڈائن) کے اثرات پائے گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پارکنگ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے دبئی میں نیا سسٹم متعارف

    پارکنگ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے دبئی میں نیا سسٹم متعارف

    دبئی: متحدہ عرب امارات روڈ اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے پارکنگ فیس کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے ایک نیا اسمارٹ سسٹم متعارف کرادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ نیا سسٹم دبئی ٹریفک پولیس کی گاڑیوں کے اوپر نصب کیا گیا ہے جس کو گاڑی میں بیٹھے ہوئے پولیس آفیسرز پارکنگ میں کھڑی ہوئی گاڑیوں کی اسکیننگ کے لیے استعمال کریں گے۔

    پولیس آفیسر کو گاڑی سے باہر نکلنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی وہ گاڑی میں بیٹھ کر ہی پارکنگ فیس کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرسکیں گے۔

    یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی روڈ اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مصنوعی ذہانت کے ادارے کی جانب سے اٹھایا گیا ہے، ادارے کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نئے سسٹم پر مشتمل گاڑیاں کیسے کام انجام دیں گی۔

    مزید پڑھیں: یو اے ای کا ڈرائیونگ لائسنس 50 ممالک میں کارآمد ہوگا

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس دنیا کے پچاس ممالک میں کارآمد ہے، یو اے ای جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس کے حامل افراد ان ممالک میں گاڑی چلانے اور کرایے پر گاڑی حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔

    رپورٹ کے مطابق جن ممالک میں ڈرائیونگ لائسنس کارآمد ہوگا ان میں سعودی عرب، بحرین، کویت، عمان، الجیریا، جارڈن، موروکو، سیریا، لبنان، یمن، صومالیہ، سوڈان، امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ، سنگاپور، کینیڈا، پولینڈ، ترکی، چائنہ، فن لینڈ، ترکی، پولینڈ، نیوزی لینڈ ودیگر شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے متعلقہ شخص کو 40 کلاسز لینا ہوتی ہیں پھر ٹیسٹ میں کامیاب افراد کو لائسنس فراہم کیا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • متحدہ عرب امارات دنیا کا محفوظ ترین ملک قرار

    متحدہ عرب امارات دنیا کا محفوظ ترین ملک قرار

    دبئی : متحدہ عرب امارات چوری اور جنسی ہراسگی کے جرائم کی کم ترین شرح کے باعث رہائشوں کے لیے دنیا بھر کے محفوظ ملکوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے پُرامن ترین ممالک کے کیے گئے سروے رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات دنیا بھر کے ممالک میں محفوظ ترین مملکت ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنسی ہراسگی اور چوری کے حوالے دنیا بھر کے ممالک کی تیار کی گئی فہرست میں یو اے ای پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید النہیان نے کہا ہے کہ یو اے ای جنسی ہراسگی اور چوری ڈیکیتی کے جرائم کی شرح میں کمی کے باعث رہائشوں کے لیے دنیا کا پر امن اور محفوظ ترین ملک بن گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات دنیا واحد ملک ہے جس میں پوری دنیا کے مقابلے آتشزدگی کے سب سے کم واقعات پیش آئے ہیں اور ان واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ افراد پر 0.040 فیصد ہے۔

    شیخ سیف بن زاید النہیان کا کہنا تھا کہ ’بد قسمتی سے آتشزدگی کے واقعات میں کچھ جانیں ضائع ہوئی ہیں، لیکن امید ہے کہ ہم ہلاکتوں کی اس شرح کو بھی کم کردیں گے، یہ ہمارے لیے سب اہم مسئلہ ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات ٹریفک حادثات کے حوالے سے دنیا بھر میں ساتویں نمبر پر آتا ہے، لیکن ہماری آرزو ہے کہ مملکت میں ایسے اقدامات کیے جائیں، جس سے ٹریفک حادثات میں واضح کمی آئے اور یو اے ای ٹریفک کے حوالے سے بھی دنیا میں پہلے نمبر پر آجائے‘۔

    وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں بسنے والے رہائشوں میں 98.6 فیصد افراد یو اے ای میں خود کو رات کے اوقات میں بھی محفوظ محسوس کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کو رواں سال دنیا کے 156 ممالک کے کیے گئے سروے رپورٹ کے بعد تمام عرب ممالک میں سب سے زیادہ خوشحال مملکت قرار دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یو اے ای دنیا بھر کے خوشحال ممالک کی تیار کی گئی فہرست میں بیس ویں جبکہ عرب دنیا میں مسلسل گذشتہ چار سال سے پہلے نمبر پر برجمان ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • یواے ای میں پورے سال مفت فلم دیکھنے کا شاندار موقع

    یواے ای میں پورے سال مفت فلم دیکھنے کا شاندار موقع

    دبئی: اگر آپ فلمیں دیکھنے کے شوقین ہیں ،مستقل سینما گھروں کا رخ کرتے رہتے ہیں اور آپ کی رہائش متحدہ عرب امارات میں ہے تو اب آپ کے پاس موقع ہے کہ آپ ایک سال تک مفت فلمیں دیکھ سکیں۔

    جی ہاں ! دبئی کی ایک سینما چین ’واکس سینما نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک خوش قسمت فلم بین کو ایک سال تک مفت ٹکٹس مہیا کریں گے، یاد رہے کہ اس گروپ کے پورے متحدہ عرب امارات میں سینما ہال ہیں۔

    سینما گروپ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس لکی ڈرا میں حصہ لینے کے لیے فلم بینو ں کو عنقریب ریلیز ہونے والی ہالی وڈ فلم ’ایونجرز‘ کا ٹکٹ آن لائن لینا ہوگا ۔ اس لکی ڈرا میں شامل ہونے والے مداحوں میں سے کوئی ایک خوش نصیب 104،000 بونس واکس ریوارڈ پوائنٹ حاصل کرسکے گا یعنی ہر ہفتے اپنی پسند کی کسی بھی فلم کا ایک نہیں بلکہ دو ٹکٹس حاصل کرے گا۔

    یاد رہے کہ واکس نامی اس کمپنی کے سینما گھر سٹی سنٹر شاپنگ مالز، سنی پیکس گرانڈ حیات، برجمان سنٹر اور الحمرا مال میں موجود ہیں۔ کل ملاکر ان کے متحدہ عرب امارات میں 14 سینما گھر ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • شارجہ : غیرقانونی اسلحہ فروشوں کے خلاف کارروائی، بڑی مقدار میں  مہلک ہتھیار ضبط

    شارجہ : غیرقانونی اسلحہ فروشوں کے خلاف کارروائی، بڑی مقدار میں مہلک ہتھیار ضبط

    دبئی : متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ کی غیر قانونی اسلحہ فروخت کرنے والی دکان میں کارروائی کرتے ہوئے تلواریں، خنجر اور برقی چھڑی کو ضبط کرکے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ کے محکمہ بلدیات کے افسران نے ہفتے کے روز غیر قانونی اسلحہ فروخت کرنے والے شوروم میں خفیہ اطلاعات پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے شوروم مالکان پرنوجوانوں کو غیر قانونی طور سفید اسلحہ بیچنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

    شارجہ کے بلدیاتی ڈائریکٹر جنرل تابٹ التوریفی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی حکام نے موصول ہونے والی اطلاعات کی تصدیق کرنے کے بعد چھاپہ مار کر بڑے پیمانے پر غیر قانونی اسلحہ ضبط کیا گیا ہے، مہلک ہتھیار کی غیر قانونی فروخت سے شہر میں انتہائی خطرناک اثرات متب ہورہے ہیں، نوجوان مذکورہ اسلحہ خرید کر جھڑپوں میں ملوث ہیں جو سوسائٹی کے لیے خطرناک ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی حکام نے چھاپے کے دوران مہلک ہتھیار فروخت کرنے والی دکان کی تلاشی لی تو بڑی مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا جسے ضبط کرلیا، قبضے میں لیے گئے اسلحے میں بڑی تعداد میں تلواریں، تیز دھار خنجر اور برقی چھڑی اور دیگر اسلحہ شامل ہیں۔ جس نے معاشرے کو خطرے میں ڈالا ہوا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ’اگر ہم ایسے ہتھیار نوجوانوں کے ہاتھوں میں جانے دیں تو وہ شہر میں جرائم کی قیادت کریں گے، گذشتہ دو برسوں میں نوجوان گروپ لڑایئوں میں ملوث ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں ایسے کسی بھی شخص کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو اسلحے کی فروخت کے لیے بچوں کا استعمال کرے گا‘۔

    ڈائریکٹر جنرل تابٹ التوریفی کا مزید کہنا تھا کہ مقامی پولیس کو 14 سال سے 26 سال کی عمر کے نوجوانوں کی گروپ لڑایئوں کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھی، جھڑپوں میں ملوث نوجوانوں نے اعتراف کیا تھا کہ مہلک ہتھیار مذکورہ دکان سے ہی خریدہ تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں.

  • قطر: اخبارات نے عالمی دہشت گرد کے بیٹے کی شادی پر تہنیتی پیغامات شائع کر دیے

    قطر: اخبارات نے عالمی دہشت گرد کے بیٹے کی شادی پر تہنیتی پیغامات شائع کر دیے

    دوحہ : قطر کی حکومت اور دیگر ممالک کو مطلوب دہشت گرد کے بیٹے کی شادی پر قطری اخبارات نے جریدوں اور سوشل میڈیا پر مبارک باد کے اشتہارات شائع کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کی حکومت کو مطلوب دہشت گرد عبد الرحمان النعیمی کے بیٹے کی شادی پر قطری اخبارات نے مبارک باد کے پیغامات شائع کیے ہیں۔ عبد الرحمان النعیمی کا نام اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہے، جو کچھ عرصہ قبل ہی قطری وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کی گئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کے سب سے بڑے روزنامے ’الرزیہ‘ نے اپنی ویب سائٹ اور اخبارات میں 11 اپریل کو عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کو بھاری فنڈنگ کرنے والے تاجر عبد الرحمان النعیمی کے بیٹے کی شادی پر تہنیتی پیغامات کوریج دی۔

    قطرکے اخبار کی ویب سائٹ پر شائع کی گئی تصاویر میں قطر کی متعدد اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے، جس میں حکومتی آئل ایڈوائزر عبداللہ السلیطی بھی موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ عبد الرحمان پر سنہ 2014 میں امریکا اور برطانیہ کی وزارت دفاع نے بھی پانبدی عائد کرتے ہوئے دونوں ملکوں میں ان کے اثاثہ جات کو منجمد کرکے تمام بینکوں کے ساتھ معاملات کوممنوعہ قرار دیا تھا۔

    امریکا کا مؤقف ہے کہ عبد الرحمان گذشتہ دس برس سے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کو مالی مدد اور دیگر جنگی اشیاء فراہم کررہے ہیں۔

    امریکا کی وزارت خزانہ کے مطابق سنہ 2014 میں مذکورہ شخص نے عراق میں القاعدہ کے دہشت گردوں کو بیس لاکھ سے زائد ڈالر کی امداد کی تھی، وزارت خزانہ نے بتایا کہ سنہ 2013 میں بھی النعیمی القاعدہ کو 6 لاکھ ڈالر جبکہ سنہ 2012 میں صومالیہ کی حرکت الشباب کو ڈھائی لاکھ ڈالر کی خطیر رقم دے چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ عبد الرحمان النعیمی سنہ 2004 میں قائم ہونے والی غیر سرکاری این جی او ’الکرامہ‘ کے سربراہ ہیں، اور مذکورہ تنظیم سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی کالعدم تنظیمیوں کی فہرست میں شامل ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دبئی میں ضمانت کے لیے پاسپورٹ جمع کروانے کی ضرورت نہیں

    دبئی میں ضمانت کے لیے پاسپورٹ جمع کروانے کی ضرورت نہیں

    دبئی : متحدہ عرب امارات جانے والے سیّاحوں کو قانونی چارہ جوئی کے دوران اپنا پاسپورٹ یا عزیز و اقارب کی ضمانت کے بجائے ’اسمارٹ بیل‘برقی ضمانت متعارف کروادی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المتکوم کی جانب سے سیّاحوں کی سہولت کے لیے دبئی اور دیگر ریاستوں میں مختلف جرائم میں ملوث افراد کےلیے برقی ضمانت متعارف کروادی۔

    دبئی کے پراسیکیوٹر جنرل علی حمید بن خاتم کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کم نوعیت کے جرائم میں ملوث مشتبہ افراد اور سیّاحوں کو ضمانت کے لیے اپنا پاسپورٹ چھوڑنے یا عزیز و اقارب کی ضمانت دینے کی ضرورت نہیں۔

    پبلک پراسٹکیوٹر کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ بہت جلد دبئی سمیت تمام ریاستوں میں نافذ کردیا جائے گا، اسمارٹ ضمانت کے اقدامات حکومت کے نظام کو بہتر بنانے اور بغیر کاغذ کے منصوبے کا حصّہ ہے۔


    یو اے ای:مردوں اورعورتوں کے لیے یکساں تنخواہوں کا قانون منظور


    ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کے بعد متحدہ عرب امارات میں بسنے والے مقامی افراد اور سیّاح اپنے خلاف قانونی کارروائیوں کے باوجود اپنے ویزہ اور پاسپورٹ میں توسیع کرواسکیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ سال تقریباً پچاس ہزار سے زائد پاسپورٹ ضمانت کے طور پر جمع کیے گئے تھے، پولیس حکام کے لیے انہیں سنبھالنا مشکل کام تھا.

    اس لیے برقی ضمانت’اسمارٹ بیل‘ متعارف کروائی گئی تاکہ پاسپورٹ جمع کرنے کی مشکل ختم ہو۔  وہ سیّاح اور مقامی افراد اپنے پاسپورٹس اپنے پاس ہی رکھ سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو واٹس ایپ پر خریداری کے جعلی میسج ارسال

    متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو واٹس ایپ پر خریداری کے جعلی میسج ارسال

    دبئی: یو اے ای کے رہائشیوں کو ہائپر مارکیٹ کی پروموشن کے جعلی میسج بھیج دئیے گئے، مارکیٹ انتظامیہ کا کہنا ہے جعل سازوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای کے صارفین کو واٹس ایپ پر جعلی میسج بھیجے گئے ہیں جس میں لکھا ہے کہ لولو ہائپر مارکیٹ کی جانب 18ویں سالگرہ کے موقع پر 500 درہم کے شاپنگ واؤچرز دئیے جارہے ہیں۔

    لولو ہائپر مارکیٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس قسم کے کسی بھی میسج سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین اس حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے سوشل میڈیا اور فون کرکے تفصیلات لے سکتے ہیں۔

    مارکیٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لولو ہائپر کا نام استعمال کرکے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، فراڈ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لولو کا نام استعمال کرنے والے جعلساز کے واٹس ایپ نمبر سے اس کی پرسنل انفارمیشن نکالی جارہی ہیں، اس کے بینک اکاؤنٹس، بینک کارڈ کی بھی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔

    لولو گروپ کا کہنا ہے کہ فروری میں بھی جلعسازوں کی جانب سے صارفین کو اس طرح کے ایس ایم ایس ارسال کیے گئے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ مارکیٹ کی جانب سے 2 لاکھ درہم کے مفت واؤچرز دئیے جارہے ہیں۔

    لولو گروپ نے صارفین کو نصیحت کی ہے کہ اس طرح کے کسی بھی پیغامات کا جواب نہ دیا جائے جس میں صارفین سے بینک کارڈ یا ان کی پرسنل انفارمیشن مانگی گئی ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔