Category: یو اے ای

یو اے ای اردو نیوز یعنی متحدہ عرب امارات سے اردو خبریں اور تازہ ترین معلومات

یو اے ای کی معیشت میں پاکستانیوں کا ایک اہم کردار ہے۔ وہ تعمیراتی، خدمات، اور دیگر شعبوں میں اہم افرادی قوت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھی پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدنی ہیں۔ 2023 میں، پاکستانیوں نے یو اے ای سے پاکستان کو 4.212 ارب ڈالر کی رقم بھیجی۔

  • شارجہ: کنکریٹ سے لدی کرین گر پڑی

    شارجہ: کنکریٹ سے لدی کرین گر پڑی

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں کنکریٹ سے لدی کرین گر پڑی جس کے نتیجے میں ایک بھارتی مزدور ہلاک ہوگیا۔ مزدور کی لاش 7 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد ملبے سے باہر نکالی گئی۔

    یہ واقعہ شارجہ کے علاقے ال نہادا میں تعمیراتی سائٹ پر پیش آیا جب کئی ٹن کنکریٹ سے لدی کرین ٹوٹ کر گر پڑی۔ واقعے میں 34 سالہ بھارتی مزدور ملبے تلے دب گیا جس کی لاش شارجہ سول ڈیفینس نے 7 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد نکالی۔

    حادثے میں ایک 23 سالہ پاکستانی مزدور بھی بری طرح زخمی ہوا جس کی شناخت فراست خان کے نام سے ہوئی۔ فراست کو شارجہ کے قاسمی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ آئی سی یو میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے اور اس کی حالت نازک ہے۔

    شارجہ سول ڈیفینس حکام کے مطابق حادثے کے 5 منٹ کے اندر ہی ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی جس کے بعد زخمی مزدور کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ان کے مطابق کرین نہایت بھاری بھرکم تھی اور اس پر لدی ہوئی کنکریٹ بھی خاصی مقدار میں تھی جس کی وجہ سے ریسکیو ٹیم کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مزدور کی لاش نکالنے کے لیے کرین کو کئی حصوں میں کاٹا گیا جس کے بعد ایک اہلکار اندر گہرائی میں اترا اور لاش کو کھینچ کر باہر لایا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کمپنیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کام کے دوران حفاظتی اقدامات کا خیال رکھیں اور اپنے مزدوروں کو ہیلمٹ اور دستانے پہننے کے لیے پابند کریں۔

    علاوہ ازیں مختلف تعمیراتی آلات بشمول کرین اور دیگر مشینری کی مینٹیننس کو چیک کرتے رہنا اور کسی خرابی کی صورت میں اسے درست کروانا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، اگر متعلقہ کمپنی حفاظتی اقدامات میں کوتاہی اور غفلت کی مرتکب پائی گئی تو اسے سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دبئی:جعلی دستاویزات پر گاڑیاں کرائے پر لینے والا گروہ گرفتار‘عدالت میں پیش

    دبئی:جعلی دستاویزات پر گاڑیاں کرائے پر لینے والا گروہ گرفتار‘عدالت میں پیش

    دبئی: جعلی کاغذات کا استعمال کرکے گاڑیاں رینٹ پر لینے اور کرایہ ادا کرنے سے انکار اور دھوکہ ہی میں ملوث پاکستانی گروہ کو پولیس نے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا تاہم ملزمان نے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارلحکومت دبئی میں مقیم دو پاکستانیوں نے مبینہ طور پر رینٹ اے کار کی کمپنی سے کسی اور شخص کی دستاویزات کا استعمال کرکے کرائے پر گاڑیاں لی اور کمپنی کو واپس کرنے اور گاڑی کا کرایہ دینے سے بھی انکار کردیا۔

    مقامی عدالت کے ریکارڈ کے مطابق گاڑیاں لینے کے لیے دھوکا دہی میں ملوث 37 سالہ اور 50 سالہ پاکستانی اشخاص نے جعلی اماراتی شناخی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور تصاویر کا استعمال کیا۔

    دھوکہ دہی میں ملوث اس گروہ نے دبئی کی بیشتر رینٹ اے کار کی ایجنسیوں سے گاڑی لیتے وقت کنٹرکٹ کے کاغذات پر بھی کسی اورشخص کی تفصیلات درج کی اور جعلی دستاویزات کی بنیاد پر متعدد گاڑیاں نکلوائی ہیں۔

    دبئی کی عدالت میں دونوں ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی، جعلی دستاویزات اور گاڑی کا کرایہ دینے انکار کرنے کےمقدمے درج ہوئے ہیں۔ جبکہ مذکورہ ملزمان نے عدالت میں اپنے اوپُر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

    دبئی کے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ شخص کے کاغذات استعمال ہوئے اس کا کہنا تھا کہ سنہ 2014 میں مذکورہ ملزمان کی مجھ سے ملاقات ہوئی تھی جس میں اِنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایک بینک میں نوکری کرتے ہیں مجھے قرضہ دلوانے میں مدد کرسکتے ہیں۔

    متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ ’مشتبہ شخص نے مجھ سے پاسپورٹ کی کاپی، یو اے ای کے شناختی کارڈ کی کاپی، ڈرائیونگ لاسئنس، لیبر کارڈ، اور ماہانہ تنخواہ کا سرٹیفیکیٹ مانگا تھا تاکہ بینک کا درخواست فارم پُر کیا جاسکے، میں نے تمام کاغذات اس کے حوالے کردیے تھے‘۔

    شکایت کنندہ نے بتایا کہ کچھ وقت گزرنے کے بعد میرے پوچھنے پر مشتبہ شخص نے جواب دیا کہ بینک نے میری قرض کی درخواست مسترد کردی ہے اور میری دستاویزات کی کاپیاں بھی واپس نہیں مل سکتی۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کے خلاف متعدد شکایت درج ہوچکی ہیں اور اس پر پورے دبئی کی رینٹ اے کار کمپنیوں سے اپنے ہی کاغذات کا غلط استعمال کرتے ہوئے گاڑیاں لینے کے الزامات بھی عائد ہیں۔

    متاثرہ شخص نے عدالت کو بتایا کہ اس نے اصل شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لاسئنس دبئی پولیس کو دکھایا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ شخص دھوکہ دہی سے گاڑیاں کرائے پر لینے میں ملوث نہیں ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • دبئی:ملازمت پیشہ پاکستانی شخص سے والدین کی 6 سال بعد ملاقات

    دبئی:ملازمت پیشہ پاکستانی شخص سے والدین کی 6 سال بعد ملاقات

    دبئی : سرکاری حکام نے چھ سال قبل پاکستان سے ملازمت کے لیے متحدہ عرب امارات آنے والے شخص کی ایئر پورٹ پر بوڑھے والدین سے ملاقات کروادی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے ڈائریکٹر جنرل برائے امور خارجہ نے دبئی میں ماؤں کے دن کے موقع نوکری کے سلسلے میں دبئی آنے والے پاکستانی شخص کی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پروالدین سے ملاقات کروائی۔ پاکستانی شخص گذشتہ 6 برسوں سے دبئی کے سرکاری محکمے میں ڈرائیور کی نوکری کررہا ہے جبکہ اس کے والدین پاکستان میں مقیم ہیں۔

    دبئی میں مقیم پاکستانی شہری کے والدین عمرہ ادائیگی کے بعد پاکستان واپس لوٹ رہے تھے کہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جہاز نے قیام کیا اس دوران بوڑھے والدین انتظار گاہ میں آکر بیھٹے تو حکومت کی جانب سے پاکستانی ڈرائیوراوراس کے والدین کے مابین ملاقات کروائی گئی۔عرب میڈیا کے مطابق ملازم نے اپنے ادارے سے درخواست کی تھی کہ اس کی والدین سے کچھ گھنٹے ملاقات کروائی جائے۔

    دبئی میں ملازت کی غرض سے مقیم پاکستانی شخص کی 6سال بعد والدین سے ملاقات

     

    سرکاری ادارے نے دفترخارجہ کو تحریری طور پر آگاہ کیاجس کے بعد افسران نے ہوائی اڈے کے ٹرمنل نمبر 3 پر ملاقات کا اہتمام کروایا۔ پاسپورٹ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ والدین سے ملاقات کا یہ جذباتی منظر دیکھنے والے ہر فرد کی آنکھ اشکبار تھی۔

    اس موقع پر میجر جنرل محمد احمد المرّی کا کہنا تھا کہ کسی کو خوشی فراہم کرنا کامیابیوں کی کنجی ہے،اس لیے ہم دبئی میں بسنے والے خاندان کے دلوں کو خوشیوں سے بھرنا چاہتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • دبئی:1کروڑدرہم مالیت کے ہزاروں جعلی موبائل فون برآمد

    دبئی:1کروڑدرہم مالیت کے ہزاروں جعلی موبائل فون برآمد

    دبئی: محکمہ اقتصادیاتی ترقی کے حکام نے ڈیرہ میں واقع موبائل مارکیٹ کے قریب غیر قانونی گودام پر چھاپہ مارکرلاکھوں درہم مالیت کے ہزاروں موبائل فونز برآمد کرنے کے بعد گودام کو بند کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے علاقے نائف میں واقع عمارت کے اندر سے لاکھوں درہم مالیت کے جعلی موبائل فون اور دیگر الیکڑانک اشیاء برآمد کی ہیں۔ جسے دبئی کے شعبہ اقتصادی ترقی کے اہلکاروں کارروائی کے بعد اپنے قبضے میں لے کر حکومتی خزانے میں منتقل کر دیا ہے۔

    دبئی کے شعبہ اقتصادی ترقی کے افسران نے جعلی موبائل فونز کی فروخت اور ذخیرہ کے متلعق ملنے والی انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد فوری چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نائف میں واقع فلیٹس سے 75،250 جعلی موبائل فونز برآمد کرلیے ہیں۔

    محمکہ اقتصادیات کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان فلیٹس کو غیر قانونی طریقے سے گودام کے طور پر استعمال کر رہے تھے ’تفتیشی افسران نے گودام کی کافی دیر تلاشی کے بعد دونوں فلیٹس میں سے تقریباً ایک کروڑ درہم سے زائد مالیت کے موبائل فون اور جعلی اشیاء برآمد کی ہیں۔

    دبئی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ڈیرہ کی موبائل مارکیٹ کے قریب موبائل فون رکھنے کے لیے گودام بنایا تھا تاکہ موبائل فون اورموبائل میں استعمال ہونے والی دیگراشیاء کو باآسانی فروخت کیا جاسکے، ان کا مزید کہنا تھا کہ تقریباً 573،413 جعلی موبائل فون کی اشیاء اور 327،643 اشیاء کو پیک کرنے والا مواد برآمد ہوا ہے۔ جسے قبضے میں لے کر فلیٹ کو سیل کردیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • متحدہ عرب امارات: اسکول طلبہ کو مہنگا گھر کا پروجیکٹ دینے پر پابندی عائد

    متحدہ عرب امارات: اسکول طلبہ کو مہنگا گھر کا پروجیکٹ دینے پر پابندی عائد

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی وزارت تعلیم نے اسکولوں کے طلبہ کو مہنگا گھر کا پروجیکٹ دینے پر پابندی عائد کردی، شارجہ میں فیصلے پر فوری عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فیصلے کا مقصد والدین کو بچوں کے اضافی تعلیمی اخراجات کے بوجھ سے نجات دلانا ہے جو انہیں بچوں کو اچھی تعلیم دلانے کے لیے ٹیوشن فیس کے علاوہ ادا کرنا پڑتے ہیں۔

    وزارت تعلیم کی جانب سے اسکولوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ طلبہ و طالبات کو اس طرح کے بیش قیمت پروجیکٹس کی بنیاد پر نمبر نہ دیں کیونکہ والدین کی جانب سے شکایات سامنے آئی ہیں کہ ان تعلیمی پروجیکٹس کی وجہ سے کلپ بورڈ، بیٹریاں، اسٹیکر وغیرہ خریدنا ان کے لیے معاشی بوجھ بن چکا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ والدین کو بعض اوقات اسکول میں زیر تعلیم کسی ایک بچے کے اکلوتے تعلیمی منصوبے کے لیے 60 ڈالرز تک ادا کرنا پڑتے ہیں اور یہ بھاری رقم تمام والدین کے بس کی بات نہیں ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ ایسے منصوبوں کو کلاس روم کے اندر ہی پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، فیصلہ شارجہ کے ایک براہ راست ٹی وی شو اور ریڈیو شو کے دوران بہت سے والدین کی شکایات کے بعد کیا گیا۔

    ٹی وی شو میں شریک ایک والدہ نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بچی کے تعلیمی منصوبے کے لیے درکار مواد کے حصول کی غرض سے کئی روز تک اپنا قومی شناختی کارڈ اسکول کی انتظامیہ کے حوالے کرنا پڑا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دبئی: بچے سے زیادتی‘سوڈانی شخص کو دو سال کی قید

    دبئی: بچے سے زیادتی‘سوڈانی شخص کو دو سال کی قید

    دبئی: 14 سالہ لڑکے کے ساتھ عصمت دری کرنے کی کوشش پرسوڈانی شخص کوعدالت نے دو سال کی قیدِ بامشقت کے بعد ملک بدرکرنے کی سزا سنادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کے روز متحدہ عرب امارات  کے دارالحکومت دبئی میں المقربات کے مقام پر گذشتہ سال جنسی زیادتی کا واقع پیش آیا تھا۔ جس میں سوڈان سے تعلق رکھنے والے 52 سالہ شخص کو ایک بچے کو اغواء کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے  کے جرم میں دو سال کی سزا سنادی گئ ہے۔

    مجرم پاکستانی نژاد متاثرے لڑکے کو موبائل میں ویڈیو کلپ دکھانے کے بہانے زبردستی مسجد میں لے گیا تھا، جس کے بعد اس نے لڑکے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی‘ تاہم موقع پرموجود کچھ طالب علموں نے متاثرہ بچے کو عین وقت پربچایا اورمقامی پولیس کو اطلاع دی۔

    دبئی عدالت نے سوڈانی شخص کو دھوکے سے اغواء کرنے کے بعد زبردستی عصمت دری کرنے کے مقدمے  میں دو سال جیل میں گزارنے کے بعد ملک بدر کرنے کی سزا سنا دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 19سالہ طالب علم کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے دوست کے ساتھ مسجد کے باہر موجود تھا جب سوڈانی شخص  14 سالہ لڑکے کو بہلا کراندرلے گیا تھا، ہم نے مسجد کے اندرجاکر دروازے پر دستک دی تو 52 سالہ شخص گھبرایا ہوا باہر آیا اور استسفار کرنے پر اس نے بتایا کے وہ اندراکیلا ہے لیکن اندر متاثرہ بچہ بھی موجود تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کے نرالے طریقے

    سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کے نرالے طریقے

    ریاض: بیرون ملک سے سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کے لیے جرائم پیشہ عناصر عجیب و غریب طریقے اپنانے لگے، شمالی سرحد پر کسٹمز حکام نے اردن کی ایک مسافر بردار بس کے ذریعے منشیات اسمگلنگ ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی شمالی سرحد پر کسٹمز حکام نے مسافر بس سے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا کر 77 ہزار نو سو ’کپٹاگون‘ گولیاں قبضے میں لے لیں۔

    کسٹمز ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ تمام ’کپتاگون‘ گولیاں کھانے پینے کی اشیاء کا سامان رکھنے کے لیے بنائی گئی پلاسٹک کی تین ٹوکریوں میں رکھی گئی تھیں، انہیں چھپانے کے لیے ٹوکریوں میں خوراک کا سامان بھی موجود تھا۔

    کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے نرالے طریقے اپناتے ہیں، پھلوں، ٹماٹروں، گوبی کے پتوں، مونگ پھلی کے دانوں، رنگ گورا کرنے والی کریم کی بوتلوں، پانی کے فلٹرز، گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس اور گیس سلنڈروں کے ذریعے بھی منشیات اسمگل کی جاتی رہی ہے۔

    بعض جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے مردہ جانوروں کی انتڑیوں میں منشیات ڈال کر انہیں سعودی عرب پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے، حال ہی میں سعودی کسٹمز حکام نے مختلف جانوروں کی 204 اوجھ اور انتڑیاں قبضے میں لیں۔

    سعودی حکام کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ کے حیران کردینے والے طریقوں میں پیاز کا استعمال بھی شامل ہے، کچھ عرصہ قبل کسٹمز کی جانب سے پیاز سے لدا ایک ٹرک پکڑا، پیاز کی بوریوں کے کے درمیان پلاسٹک کے ایک بیگ میں منشیات کی بھاری مقدار چھپائی گئی تھی۔

    سعودی عرب میں بیرون ملک سے قرآن پاک رکھنے کے لیے لکڑی کی تیار کردہ ریلیں منگوائی جاتی ہیں، اسمگلر لکڑی کی بنی ان ریلوں اور ڈائریوں کو بھی منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کرتے پائے گئے، کسٹمز حکام نے اس طریقے سے 20 لاکھ سے زائد ’کپتاگون‘ منشیات کی گولیاں قبضے میں لیں۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب: منشیات فروشی پر پاکستانی اور سعودی شہری کا سر قلم


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • متحدہ عرب امارات جانے کے لیے نئی شرط

    متحدہ عرب امارات جانے کے لیے نئی شرط

    دبئی : متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والوں کے لیے  اب نوکری تبدیل کرنے کے لیے اچھے کردار کا سرٹیفکٹ ضروری قرار دے دیا گیا  ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ امور نے تمام تارکینِ وطن کی لیے نوکری تبدیل  کرتے ہوئے اچھے کردار کا  سرٹیفکٹ جمع کرانا ضروری ہے‘ اس کے بغیر نئی ملازمت کا حصول  ممکن نہیں ہے‘ وزارتِ خارجہ کے کال سنٹر برائے بین الاقوامی تعاون نے اس کی تصدیق بھی کردی ہے۔

       خیال رہے کہ یہ اعلان متحدہ عرب امارات کی جانب سے گزشتہ ماہ فروری کی 23 تاریخ کو جاری کردہ اعلامیے کی نفی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ  اچھے کردار کا سرٹیفکٹ اب ضروری نہیں ہے اگر آپ پہلے سے امارات میں رہائش پذیر ہیں‘ تاہم اب پہلے سے رہائش پذیر افراد کو بھی پولیس کی جانب سے جاری کردہ کریکٹر سرٹیفیکٹ پیش کرنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ وہ افراد جو اس وقت متحدہ عرب امارات میں مقیم نہیں ہیں اور  یہاں نوکری حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ان کا ویزہ اس وقت تک پراسس نہیں کیا جائے گا جب تک وہ اپنے ملک کی پولیس کی جانب سے اچھے کردار کے حامل ہونےکا سرٹیفیکٹ پیش نہیں کریں گے۔ اس سرٹیفکٹ کو اس سال فروری کی چار تاریخ سے بطور قانون لازمی قرار دیا گیا تھا۔

    یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ امارات میں کام کرنے کے خواہش مند افراد کے اچھے کردار کا حامل ہونے کے سرٹیفیکٹ تو لازمی پیش کرنا ہوگا‘ ساتھ ہی ساتھ سیکیورٹی کو مدنظررکھتے ہوئے ان کے ماضی کی چھان بین بھی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اعلی کردار کا سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی شرط صرف ملازم کے لیے مخصوص ہے جب کہ ملازم کے اہل خانہ کو استثنیٰ حاصل ہو گا اسی طرح وزٹ ویزہ پر آنے والے افراد بھی اعلیٰ کردار کے سرٹیفکیٹ جمع کرانے سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    ترجمان متحدہ عرب امارات کا کہنا تھا کہ اس پابندی کا مقصد ملک کو محفوظ ترین ملک بنانا ہے جہاں جرائم ریٹ نہ ہونے کے برابر ہوں اور اس سرزمین کو کوئی جرائم پیشہ شخص اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال نہ کرسکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والا ایٹمی معاہدہ ناقص ہے: سعودی وزیر خارجہ

    ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والا ایٹمی معاہدہ ناقص ہے: سعودی وزیر خارجہ

    واشنگٹن: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والا ایٹمی معاہدہ ناقص ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے امریکا پہنچ چکے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 3 ہفتے کے دورے پر آج امریکا پہنچے ہیں۔ سعودی ولی عہد امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر سیاسی و کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

    شہزادہ محمد بن سلمان نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انٹونیو گٹریس سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ محمد بن سلمان کا ولی عہد بننے کے بعد امریکا کا پہلا دورہ ہے جسے نہایت اہم خیال کیا جارہا ہے۔

    وہ اس سے قبل اپنا پہلا غیر ملکی دورہ برطانیہ کا کر چکے ہیں۔

    سعودی ولی عہد سے قبل سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر واشنگٹن پہنچے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایرانی ایٹمی معاہدے کو ناقص قرار دیا۔

    سعودی وزیر خارجہ نے ایران پر ایک بار پھر الزام عائد کیا کہ تہران کا رویہ خطے میں عدم استحکام کا باعث ہے۔ ضرورت ہے کہ ایران کے خلاف سخت پالیسیاں اپنائی جائیں۔

    ان کے مطابق وہ اس سلسلے میں اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے یمن میں حوثیوں کی مدد کرنے اور شام میں بشار الاسد کی حمایت کرنے پر بھی ایران کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی صدارت کا حلف اٹھانے کے بعد اپنا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جب دونوں ممالک نے متعدد معاہدوں پر اتفاق کا اظہار کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برطانوی خاتون نے دنیا کے بہترین استاد کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا

    برطانوی خاتون نے دنیا کے بہترین استاد کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا

    دبئی: برطانوی خاتون نے دبئی میں چوتھے ورکی فاؤنڈیشن گلوبل ٹیچر پرائز ایوارڈ اپنے نام کرلیا، خاتون کو ٹرافی اور ایک ملین ڈالر انعام سے نوازا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 35 زبانوں پر عبور حاصل کرنے والی برطانوی خاتون استاد اینڈریا ظفیراکاؤ کو شیخ محمد بن راشد المختوم نے بہترین استاد کا ایوارڈ اور ایک ملین ڈالر کا انعام دیا۔

    تقریب کا انعقاد دبئی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں کیا گیا تھا، برطانوی خاتون آرٹ اینڈ ٹیکسٹائل کی استاد ہیں اور لندن کے ایلپرٹن کمیونٹی اسکول میں پناہ گزین بچوں کو تعلیم کے فرائض بہترین انداز میں سر انجام دے رہی ہیں۔

    ورکی فاؤنڈیشن گلوبل ٹیچر پرائز ایوارڈ کا انعقاد گزشتہ چار سال سے کیا جارہا ہے، جس میں بہترین کارکردگی پر منتخب کیا جاتا ہے اور اس سال یہ ایوارڈ پہلی بار کسی برطانوی خاتون کو ملا ہے۔

    اس اعزاز کے حصول کے لیے 170 ممالک سے تعلق رکھنے والے تیس ہزار سے زائد اساتذہ کی جانب سے درخواستیں دی گئی تھیں لیکن بہترین استاد کے ایوارڈ کی حقدار 39 سالہ ظفیراکاؤ قرار پائیں۔

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے اعزاز حاصل کرنے پر ظفیراکاؤ کو مبارکباد پیش کی اور تعلیم کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل فلسطین کی پرائمری اسکول ٹیچر نے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا، مغربی کنارے پر قائم اسکول کی استاد حنان ال ہروب کو دبئی میں ہونے والے دوسری سالانہ گلوبل ٹیچر پرائز کے ایونٹ میں انعام دیا گیا تھا۔

    اس موقع پر حنان کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ ایک فلسطینی ٹیچر کی حیثیت سے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے وہ اس رقم کو تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کی بہتری پر خرچ کریں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔