Category: یو اے ای

یو اے ای اردو نیوز یعنی متحدہ عرب امارات سے اردو خبریں اور تازہ ترین معلومات

یو اے ای کی معیشت میں پاکستانیوں کا ایک اہم کردار ہے۔ وہ تعمیراتی، خدمات، اور دیگر شعبوں میں اہم افرادی قوت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھی پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدنی ہیں۔ 2023 میں، پاکستانیوں نے یو اے ای سے پاکستان کو 4.212 ارب ڈالر کی رقم بھیجی۔

  • ابوظبی میں ٹوائلٹ پیپرز کی چوری کرنے والا گروہ گرفتار

    ابوظبی میں ٹوائلٹ پیپرز کی چوری کرنے والا گروہ گرفتار

    ابوظبی : اماراتی پولیس نے گودام سے ٹوائلٹ پیپرز چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا، جن کا تعلق ایشیائی ممالک سے بتایا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کی ایک کمپنی کے گودام میں ٹوائلٹ پیپرز چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کا مقدمہ پولیس نے اسٹور مالک کی مدعیت میں درج کیا تھا۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات کرتے ہوئے چوری میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق ایشیائی ملک سے ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان میں سے ایک کرین آپریٹر اور دوسرا اسٹور کیپر ہے، پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار عدالت میں پیش کردیا جہاں انہیں چھ ماہ قید کی سزا سنادی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والے ٹوائلٹ پیپرز کی مالیت 42 ہزار درہم تھی، جنہیں ملزمان نے چرانے کے بعد مارکیٹ میں فروخت کردیا تھا۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی موذی ترین وبا پھیلنے کے بعد ٹوائلٹ پیپرز کی مانگ میں بےتحاشا اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث اس کی قیمتیں بھی آسمانوں سے باتیں کرنے لگیں تھیں،یورپی ممالک میں تو گاہکوں کو ٹوائلٹ پیپرز کی خریداری پر آپس میں لڑتے بھی دیکھا گیا تھا۔

  • متحدہ عرب امارات میں مزدوروں کی سہولت کیلئے بڑا اقدام

    متحدہ عرب امارات میں مزدوروں کی سہولت کیلئے بڑا اقدام

    ابوظبی : اماراتی حکام نے عوام کی سہولت کےلیے 15 جون سے دوپہر میں بیرونی مقامات پر کام کرنے پر پابندی عائد کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں مزدوروں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت انسانی وسائل نے دوپہر ساڑھے 12 بجے سے 3 بجے تک ہر قسم کا کام کرنے پر قدغن لگادی ہے۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں موسم گرما عموماً جون کے آخر سے ستمبر کے اختتام تک جاری رہتا ہے اور اس دوران درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہوجاتا ہے۔

    وزارت انسانی وسائل کا کہنا ہے کہ مالکان کی جانب سے اپنے ورکروں کے آرام کےلیے سایہ دار جگہ کا انتظام کرنا ضروری ہے اور کام کے اوقات 8 گھنٹے سے بڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی چاہے شفٹ شام کی ہو یا صبح کی اور اگر کوئی ملازم 8 گھنٹے سے زائد ملازمت کرتا ہے تو اسے اوور ٹائم دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ جن کمپنیوں کو اپنے کام تکنیکی وجوہ کی بناء پر جاری رکھنے ضروری ہیں وہ کمپنیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں تاہم وزارت کا کہنا ہے کہ ایسی کمپنیاں اپنے ملازمین کو سہولیات فراہم کریں اور اگر وہ سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہیں تو انہیں 5 ہزار سے 50 ہزار درہم تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

  • اماراتی ایئرلائن نے پاکستان سے اپنی پروازیں بحال کردیں

    اماراتی ایئرلائن نے پاکستان سے اپنی پروازیں بحال کردیں

    کراچی : اماراتی فضائی کمپنی  نے پاکستان سے اپنی شیڈولڈ پروازوں کا آغاز کردیا، اماراتی ایئرلائن کی پروازیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے آپریشن کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کا پھیلاو روکنے کےلیے دو ماہ قبل فضائی کمپنی نے پاکستان سے اپنا فضائی آپریشن بند کردیا تھا تاہم اب اماراتی ایئرلائن نے اپنی پروازیں بحال کردی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اماراتی فضائی کمپنی نے کراچی اور لاہور سے اپنی پروازیں گزشتہ روز سے بھی شروع کردیں تھیں جبکہ اسلام آباد سے پہلی شیڈولڈ پرواز جمعرات کو روانہ ہوگی۔

    فضائی کمپنی ہفتہ وار پاکستان سے 14 پروازیں آپریٹ کرے گا جن میں کراچی سے سات پروازیں، لاہور سے پانچ اور اسلام آباد سے دو پروازیں شامل ہیں جبکہ سفر کے لئے جدید بوئنگ 300-777 ای آر جہاز استعمال ہوں گے، مسافر اکانومی اور بزنس کلاس کےلیے ٹکٹیں بک کراسکتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ایئرلائن پاکستان سے مسافروں کے ساتھ ساتھ کارگو بھی دبئی لیکر جائے گی جبکہ دبئی سے پاکستان آنے والی پروازوں پر ایئرلائن کی جانب سے صرف کارگو کو لایا جائے گا۔

    ان پروازوں میں صرف انہی مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جو متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے نافذ کئے داخلے اور اہلیت کے قوانین پر پورے اترتے ہوں۔

    پاکستان میں موجود ایمریٹس کے وائس پریذیڈنٹ محمد سرحان نے کہا کہ ہم پاکستان سے پروازیں شروع کرنے پر انتہائی خوش ہیں اور حکام کے انتظامات اور انکے تعاون کے مشکور ہیں، کمپنی نے سفر کے ہر مرحلے میں جامع اقدامات نافذ کئے ہیں تاکہ تمام ٹچ پوائنٹس پر اپنے صارفین اور عملے کی حفاظت اور صحت کو یقینی بنایا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ سفر کرنے والے مسافر ان اقدامات کو اطمینان بخش محسوس کریں گے۔

    محمد سرحان کا کہنا تھا کہ تینوں ایئرپورٹس پر سماجی فاصلے برقرار رکھے جائیں گے جبکہ سامان کو بھی جراثیم کش اجزاء سے پاک کیا جاتا ہے، اکانومی کلاس کے مسافروں کے درمیان بھی فاصلہ ہوگا اور تھوڑے تھوڑے مسافر قطار میں پچھلی سیٹ سے اگلی سیٹ کی ترتیب کے مطابق سورا ہوں گے۔

  • یو اے ای، 2 کمسن بہن بھائیوں سمیت 4 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے

    یو اے ای، 2 کمسن بہن بھائیوں سمیت 4 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں سیلابی ریلے میں تین کاریں بہہ گئیں جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شارجہ کی وادی الہیلو میں گزشتہ روز سیلابی ریلا تین گاڑیوں کو بہا کر لے گیا جس کے نتیجے میں دو کمسن بہن بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

    جاں بحق ہونے والے بچوں میں ایک کی عمر ایک برس، اور ایک بچی کی عمر چار برس تھی، دونوں بہن بھائیوں کی شناخت متھیل اور عمر المطروشی کے نام سے ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق ایک گاڑی سے 40 سال کے قریب دو افراد کی لاشیں بھی ملی ہیں، اس گاڑی میں سے ایک شخص کو بچالیا گیا ہے۔

    سیلابی ریلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 2 افراد میں آٹھ سالہ فہد اور فہد کے والد شامل ہیں، تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پانچ افراد پر مشتمل ایک تیسری گاڑی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی تھی  ان افراد میں ایک ماں، والد اور تین بچے تھے ریسکیو اہلکاروں نے ان پانچوں افراد کو بچالیا۔

    رپورٹ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے مجموعی طور پر 8 افراد کو بچالیا گیا جبکہ 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    شارجہ پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل سیف زیری الشمی کا کہنا ہے کہ پولیس نے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے وادی الہیلو کے اس سیلاب والے علاقے میں تمام اہم سڑکیں بندد کردی تھیں لیکن کچھ افراد نے سب وے سڑکیں جو کھیتوں تک جانے والی تھی ان کا استعمال کیا اور اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔

    ال شمسی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ تیز بارش کے دوران وادیوں اور پہاڑوں سے دور رہیں کیونکہ ان کا آس پاس کا ماحول خطرناک ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام سے بارش کے دوران شارجہ پولیس اور وزارت داخلہ کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا۔

  • متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ویزوں پر جرمانے معاف کردئیے

    متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ویزوں پر جرمانے معاف کردئیے

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی حکومت نے مملکت میں ویزوں پر عائد جرمانے معاف کردئیے۔

    گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای حکومت نے ویزوں پر عائد جرمانے معاف کردئیے، یہ فیصلہ کرونا وائرس کی وجہ سے جاری صورتحال کے تناظر میں کیا گیا۔

    متحدہ عرب امارات میں مقیم غیرملکیوں کے ویزوں پر عائد جرمانے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے معاف کیے۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یکم مارچ 2020 سے پہلے میعاد ختم ہونے والے افراد کو جرمانے ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے، میعاد ختم ہونے والی داخلی یا رہائشی اجازت نامے والے افراد جو 18 مئی کے بعد ملک چھوڑنے کے لیے تیار ہیں ان کا بھی مکمل جرمانہ معاف کردیا گیا ہے۔

    ویزوں کے حوالے سے جاری نئے حکم نامے کا اطلاق اقامہ رکھنے والوں پر بھی ہوگا۔

    حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی شناخت اور شہریت کی تصدیق کے لیے فیڈرل اتھارٹی کا اسمارٹ پلیٹ فارم استعمال کریں۔

    فیڈرل اتھارٹی برائے شناختی اور شہریت کے ترجمان بریگیڈیئر خامس الکعبی نے کہا کہ نئے حکم سے فائدہ اٹھانے والے افراد پر داخلے پر پابندی نہیں ہوگی اور وہ دوبارہ ملک میں داخل ہوسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے فائدہ اٹھانے والے کو ملک میں واپس آنے سے نہیں روکا جائے گا جب وہ قانون کی ددفعات کے مطابق داخلے کی شرائط کو پورا کرے گا، استفادہ کرنے والوں کے لیے داخلہ پر پابندی کا کوئی طریقہ کار نہیں ہے۔

  • یو اے ای کے حکمران نے خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    یو اے ای کے حکمران نے خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    دبئی: متحدہ عرب کی ریاست راس الخیمہ کے حکمران نے خدمت کی اعلٰی مثال قائم کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران ماں سے دور ہونے والے بچے کو ان سے ملوادیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن سقر القاسمی کو 7 سالہ برطانوی بچے خط لکھا اور کہا کہ ’کرونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے پروازیں بند ہیں جس کی وجہ سے ان کی والدہ برطانیہ میں پھنس گئی ہیں اور 52 روز سے ان کے بغیر ہی رہنے پر مجبور ہیں۔

    جیسیکا فٹزجان 52 روز قبل اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے برطانیہ گئی تھیں لیکن کرونا وائرس پھیلنے کے سبب سفری پابندیوں کی وجہ سے واپس نہ آسکیں۔

    رپورٹ کے مطابق جیسیکا کا 7 سالہ بیٹا آرچی اور شوہر رچرڈ راس الخیمہ میں مقیم ہیں اور اس صورتحال کے پیش نظر ان کے بیٹے آرچی نے شیخ سعود کو خط لکھا اور جس میں ان سے مدد طلب کرتے ہوئے والدہ کو واپس یو اے ای لانے کی اپیل کی گئی۔

    آرچی نے گزشتہ سال اپنے ہم جماعت سے شیخ سعود سے ملاقات بھی یاد کروائی اور کہا کہ وہ انہیں ایک انتہائی مہربان، مددگار کے طور پر یاد کرتے ہیں۔

    شیخ سعود نے آرچی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے خط کا شکریہ، مجھے اس کو پڑھنا بہت اچھا لگا، مجھے یاد ہے کہ آپ سے ملنا اور آپ کے ہم جماعتوں کے ساتھ اچھا دن گزرا تھا، میں سمجھ سکتا ہوں کہ آپ کو والدہ کی بہت یاد آتی ہوگی اور مجھے معلوم ہے کہ والدہ کے گھر آنے سے آپ کو خوشی ملے گی۔

    NAT RAK PIC-1589382499236

    رپورٹ کے مطابق والدہ کے یو اے ای واپس پہنچنے پر آرچی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں والدہ کو واپس پاکر بہت خوش ہوں، مجھے یقین نہیں آرہا، شیخ سعود آپ کا بہت شکریہ۔

  • شارجہ، رہائشی عمارت میں آگ تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    شارجہ، رہائشی عمارت میں آگ تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں 48 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ سامنے آگئی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شارجہ پولیس کا کہنا ہے کہ 48 منزلہ رہائشی عمارت ابکوٹاور میں آتشزدگی ممنوعہ کلیڈنگ شیٹس کی وجہ سے تیزی سے پھیلی جو عمارت کے بیرونی حصے میں خوبصورتی کے لیے لگائی جاتی ہیں۔

    آپریشن روم کے قائمقام ڈائریکٹر اور شارجہ پولیس کے محکمہ فارنسک کے ڈائریکٹر جنرل، بریگیڈیئر احمد الرسکل نے بتایا کہ النہدہ آگ کی ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ ممنوعہ کلیڈنگ شیٹس ٹاور کے اگلے حصہ میں استعمال ہوئی تھی جس کے سبب آگ تیزی سے پھیلی، آتشزدگی کے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

    Sharjah restrict use of aluminium cladding for high rise building

    بریگیڈیئر السرکل نے کہا کہ ایلومینیم کمپوزٹ کلیڈنگ شیٹس کے استعمال پر شارجہ میں 2017 سے پابندی عائد ہے، پابندی اس لیے عائد کی تھی کہ 2015، 2016 اور 2017 میں بڑے پیمانے پر آگ پھیلنے کی وجہ یہی کلیڈنگ شیٹس بنی تھیں۔

    واضح رہے کہ  شارجہ میں واقعہ 48 منزلہ رہائشی عمارت ابکو ٹاور میں گزشتہ رات اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے کئی فلورز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ آتشزدگی کے نتیجے میں 7 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

    آتشزدگی کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو عملے کی جانب سے عمارت کے اندر موجود 250 فیملیز کو ریسکیو کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق بلڈنگ میں آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر فائر فائٹرز کی ٹیم موقع پر پہنچی اور چند گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    عمارت میں آگ لگنے کے سبب قریب موجود 5 سے زائد دیگر عمارتوں کو بھی خالی کرالیا گیا، آتشزدگی سے ملبہ اور دیگر سامان گرنے کی وجہ سے بلڈنگ کے نیچے کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    واضح رہے کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل کے وسط میں یو اے ای کے شہر العین میں ایک گھر میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • دبئی پولیس نے منشیات فروش گینگ کو پکڑ لیا، ویڈیو منظرعام پر آگئی

    دبئی پولیس نے منشیات فروش گینگ کو پکڑ لیا، ویڈیو منظرعام پر آگئی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پولیس نے منشیات فروش گینگ کو گرفتار کرلیا جس کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے گینگ کو گرفتار کرلیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دبئی پولیس نے کس طرح ملزمان کو حراست میں لیا۔

    دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے کہا کہ یہ گروہ منشیات کے فروغ کے لیے موجودہ کوویڈ 19 کے احتیاطی اقدامات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے محکمہ انسداد منشیات کے ذریعہ کی جانے والی بھرپور کوششوں کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ آپریشن انتہائی نفیس منصوبہ بندی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کیا گیا۔

    لیفٹیننٹ جنرل المری کے مطابق اس کارروائی سے ہمارے افسران نے بڑی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جب وہ اس گروہ کی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے میں کامیاب ہوئے اور جب متعلقہ محکمہ کو چھاپے تک گروہ کی سرگرمی کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی۔

    دبئی پولیس کے مجرمانہ تفتیشی امور کے چیف اسسٹنٹ کمشنر انچیف میجر جنرل خلیل ابراہیم نے انکشاف کیا کہ محکمہ انسداد منشیات کو اس گروہ کے ممبروں کے بارے میں اطلاع ملی جس نے نوجوانوں میں منشیات کو فروغ دینے کی کوشش کی تھی۔

    میجر جنرل المںصوری کے مطابق انسداد منشیات ٹیم نے بروقت کامیابی کے ساتھ مجرموں کو گرفتار کیا اور 59 کلو منشیات برآمد کی جن میں 26 کلو ہیروئن اور 33 کلو کرسٹل میتھ بھی شامل ہے۔

    محکمہ انسداد منشیات کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر عید محمد تھانوی نے بتایا ، "گروہ کے رہنما سمیت دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جب وہ منشیات لے جارہے تھے۔ دیگر دو مشتبہ افراد کو دبئی میں ان کی رہائش گاہ کے سامنے گرفتار کیا گیا۔”

  • یو اے ای میں موسلا دھار بارش، ویڈیو دیکھیں

    یو اے ای میں موسلا دھار بارش، ویڈیو دیکھیں

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں آج صبح موسلا دھار بارش ہوئی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موسلا دھار بارش ہورہی ہے اور سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے اور ایک شہری بارش کو انجوائے کرتے ہوئے اپنی گاڑی ویڈیو بنارہا ہے۔

    یو اے ای محکمہ موسمیات کی جانب سے موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی اور ان کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک موسم خوشگوار رہے گا اور درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے سبب مٹی کا طوفان آنے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے ڈرائیور محتاط انداز میں گاڑی چلائیں۔

    یو اے ای ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈرائیور کرتے وقت اسپیڈ لمٹ کا خیال رکھیں تاکہ وہ ان کے پیارے حادثے سے محفوظ رہ سکیں۔

    امارات کے مختلف علاقوں میں میونسپلٹی عملے نے بارش کے بعد سڑکوں کی صفائی کے کام کا آغاز کردیا ہے اور متعدد علاقوں میں نکاسی آب کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

  • متحدہ امارات کا بھی پاکستان کیلئے خصوصی پرواز چلانے کا اعلان

    متحدہ امارات کا بھی پاکستان کیلئے خصوصی پرواز چلانے کا اعلان

    اسلام آباد: عمان کے بعد متحدہ عرب امارات حکومت نے بھی پاکستان کے لیے خصوصی پرواز چلانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فلائی دبئی کو پرواز چلانے کی اجازت دے دی، فلائی دبئی کی پرواز کل دبئی سے فیصل آباد کے درمیان چلائی جائی جائے گی۔

    خصوصی پرواز کے ذریعے دبئی میں پھنسے 180 پاکستانیوں کو فیصل آباد لایا جائے گا، واپسی پر اسی پرواز میں 11 اماراتی سفارت کاروں کو واپس لے جایا جائے گا۔

    پرواز کے فیصل آباد پر اترنے پر کریو کو طیارے سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ ائیرلائن خود طیارے کو جراثیم سے پاک کرے گی۔

    اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سلام ائیر کو خصوصی پروازیں چلانے کیلئے اجازت نا مہ جاری کیا، خصوصی پرواز 16 اور 17 اپریل کو مسقط سے لاہور اور کراچی کے درمیان آپریٹ کی جائیں گی۔

    سی اے اے کے مطابق خصوصی پروازوں میں عمان میں پھنسے پاکستانیوں کو لاہور اور کراچی پہنچایا جائے گا۔
    واپسی پر خصوصی پروازوں میں عمانی شہریوں کو واپس لے جایا جائے گا، پروازوں کے پاکستانی ائیرپورٹس پر اترنے پر کریو کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    لاہور اور کراچی آمد پر ائیرلائن خود جہازوں کو جراثیم سے پاک کرے گی۔