Category: یو اے ای

یو اے ای اردو نیوز یعنی متحدہ عرب امارات سے اردو خبریں اور تازہ ترین معلومات

یو اے ای کی معیشت میں پاکستانیوں کا ایک اہم کردار ہے۔ وہ تعمیراتی، خدمات، اور دیگر شعبوں میں اہم افرادی قوت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھی پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدنی ہیں۔ 2023 میں، پاکستانیوں نے یو اے ای سے پاکستان کو 4.212 ارب ڈالر کی رقم بھیجی۔

  • دبئی، شوہر نے مکا مار کر بیوی کی ناک توڑ دی

    دبئی، شوہر نے مکا مار کر بیوی کی ناک توڑ دی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے لگژری ہوٹل میں جھگڑے کے دوران شوہر نے مکا مار کر بیوی کی ناک توڑ ڈالی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں شوہر نے جھگڑے کے دوران مکا مار کر بیوی کی ناک توڑ ڈالی اور اہلیہ کی گردن دبا کر اس کا سر دروازے پر دے مارا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

    دبئی کے سرکاری استغاثہ کے مطابق 23 اگست 2018 کو 29 سالہ اماراتی شخص نے اپنی اہلیہ کے ساتھ جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اس کی پٹائی کی اور اسے زخمی کردیا جس میں اس کے دائیں پاؤں میں شدید چوٹیں آئیں اور ناک بھی ٹوٹ گئی۔

    البشرا پولیس اسٹیشن میں واقعے کی ایف آئی آر درج کرائی گئی، ایف آئی آر کے متن کے مطابق خاتون نے شوہر پر الزام عائد کیا کہ اس نے ہوٹل میں اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور ہوٹل کو بھی نقصان پہنچایا جس کے سبب ہوٹل انتظامیہ نے اس پر 10 ہزار 890 درہم جرمانہ عائد کیا۔

    مزید پڑھیں: موبائل کارڈ مانگنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    اماراتی شخص کی 23 سالہ اہلیہ کے مطابق 23 اگست 2018 کو میں اپنے شوہر اور 2 بچوں کے ہمراہ دبئی کے ہوٹل روم میں موجود تھی کہ شوہر اچانک ہی مشتعل ہوگیا اور وہ سمجھنے لگا کہ میں اس کی جاسوسی کررہی ہوں۔

    شوہر کی جانب سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تو میں دروازے سے ٹکرا کر نیچے گری اس کے بعد اس نے میرے منہ پر مکا مارا جس کے نتیجے میں میری ناک ٹوٹ گئی۔

    خاتون کے مطابق کچھ مہمان اور سیکیورٹی گارڈ نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد مجھے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    دوران تفتیش ملزم نے اہلیہ پر تشدد کرنے کا اعتراف کرلیا، عدالت نے مقدمے کی سماعت ملتوی کردی، ملزم پر20 فروری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

  • خاتون ٹیچر کی ویڈیو وائرل، شیخ محمد بن راشد المکتوم نے نوٹس لے لیا

    خاتون ٹیچر کی ویڈیو وائرل، شیخ محمد بن راشد المکتوم نے نوٹس لے لیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست العین میں خاتون ٹیچر کی ویڈیو وائرل ہوئی، متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی ریاست العین کے اسکول میں خاتون ٹیچر سخت سردی میں بچوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے دروازے پر موجود رہیں اور انہیں گلے لگا کر کلاس روم کی جانب بھیجتی رہیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بدھ کے روز ایک متاثر کن خاتون ٹیچر کے بارے میں استفسار کیا اور اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا۔

    یو اے ای کے حکمران کا کہناتھا کہ وہ ایک وائرل کلپ میں اساتذہ کی شناخت کریں، جب انہوں نے سردی کی صبح اسکول میں طلبا کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور اپنے چہرے پر مسکراہٹ ڈال کر اپنے کیئرنگ اور محبت کا مظاہرہ کیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون ٹیچر اسکول میں بچوں کو خوش آمدید کررہی ہیں اور انہیں گلے لگارہی ہیں۔

    حکام کچھ ہی گھنٹوں میں مذکورہ ٹیچر کی نشاندہی کرنے میں کامیاب ہوگئے اور مقامی میڈیا نے اطلاع دی کہ یہ استاد سماجی کارکن شیخہ النائمی ہیں جو العین کے عالیہ اسکول میں تدریسی فرائض انجام دے رہی ہیں۔

    النائمی نے ٹویٹر پر اپنے تمام فالوورز کا ویڈیو شیئر کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی یہ ویڈیو بچوں کے استقبال کرنے کا ایک منفرد اور اچھا عمل ہے۔

    شیخہ النائمی نے کہا کہ وہ اپنے کام پر فخر محسوس کرتی ہیں اور خوش ہیں کہ اللہ سے دعا کرتی ہیں کہ وہ طلبا کو ان کے والدین اور اپنے ملک کے لیے بہتر بنائیں۔

  • متحدہ عرب امارات: ایک ہی خاندان کے 4افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

    متحدہ عرب امارات: ایک ہی خاندان کے 4افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

    ابوظبی : امارات میں بھی مہلک ترین وائرس کورونا ایک ہی خاندان کے چار افراد کو متاثر کردیا، ہلاکت خیز وائرس سے متاثرہ خاندان ووہان سٹی سے امارات پہنچا تھا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے ہلاکت خیز وائرس کرونا نے یو اے ای میں بھی ایک خاندان کو متاثر کیا ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص چین سے متحدہ عرب امارات پہنچا تھا جسے انتظامیہ نے اسپتال میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں رکھا ہوا ہے اور ان فی الحال ان کی حالت قابو میں ہے۔

    وزارت نے کہا ہے کہ ’صحت کے شعبے سے وابستہ تمام ادارے ملک کے دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کورونا کے انسداد کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں‘۔

    وزارت نے بتایا ہے کہ ’اس حوالے سے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات اور تعاون بھی حاصل ہے‘۔

    خیال رہے کہ کروناوائرس کی متحدہ عرب امارات منتقلی کے خدشے کے پیش نظر تمام ہوائی اڈوں پر حفاظتی اقدامات کیے جاچکے ہیں، ایئرپورٹ پر ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نئی اسکریننگ کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

    چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 132 ہو گئی

    خیال رہے کہ اب تک امریکا، جرمنی، جاپان، فرانس، سنگاپور سمیت 16 ایسے ممالک میں جہاں اس وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ چین نے فلو کی طرح کے اس وائرس سے نمٹنے کے لیے سفری پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں، ووہان سے باہر نکلنے یا شہر میں جانے پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

    چین میں مہلک کرونا وائرس کے سبب نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے، ایک کروڑ دس لاکھ آبادی والا شہر سنسان ہو گیا اور ہر طرف ہو کا عالم ہے، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو جان لیوا کرونا وائرس کے خلاف مدد کی پیش کش کر دی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چین سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اس معاملے کو غور سے دیکھ رہے ہیں۔

  • کچرا پھیکنے پر 13 ہزار افراد پر جرمانہ عائد

    کچرا پھیکنے پر 13 ہزار افراد پر جرمانہ عائد

    ابوظبی : اماراتی حکام نے کچرا پھیکنے اور دیگر ماحولیاتی خلاف ورزیاں کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سڑکوں اور عوامی مقامات پر کچرا پھیکنے پر جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

    اماراتی حکام کا کہنا تھا کہ قوانین کی زیادہ تر خلاف ورزیاں سیاحتی اور قدرتی مقامات پر ہوتی ہیں جیسے ساحلی مقامات اور پارکس وغیرہ۔۔۔۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال حکام کی جانبس ے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 13ہزار افراد پر 500، 500 درہم جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

    راس الخیمہ حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کی بڑی تعداد اب امارات کا رخ کررہی ہے، لیکن سیاحت کی غرض سے آنے والے کچھ لوگ اپنے پیچھے کچرا چھوڑ جاتے ہیں۔

    دستاویزات کے مطابق 1977 افراد ایسے افراد کو پکڑا گیا تھا جنہوں نے بار بی کیو بنانے کے بعد کوئلے مٹی میں ہی چھوڑ دئیے تھے۔

  • پڑوسی کو وائی فائی دینا جرم قرار، شہری پر21 لاکھ روپے جرمانہ عائد

    پڑوسی کو وائی فائی دینا جرم قرار، شہری پر21 لاکھ روپے جرمانہ عائد

    ابوظبی : اماراتی عدالت نے غیر قانونی طور پر وائی فائی انٹرنیٹ فروخت کرنے کے جرم میں ایشیائی شہری پر جرمانہ عائد کردیا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ منفرد جرمانہ متحدہ عرب امارات کی ریاست امّ القیوان کی عدالت نے غیر ملکی شہری پر عائد کیا ہے جو ملازمت کی غرض سے ریاست میں مقیم تھا۔

    عدالتی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے شہری نے اپنے گھر میں وائی فائی بوسٹر نصب کیا تھا تاکہ پڑوسی کو غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ فروخت کرسکے۔

    ریاستی عدالت نے غیر ملکی شہری پر غیر قانونی بوسٹر نصب کرنے اور انٹرنیٹ فروخت کرنے کے جرم میں 50 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا ہے۔

    استغاثہ کا کہنا تھا کہ ریاست ام القیوان میں مقیم کوئی بھی شہری اپنا انٹرنیٹ کسی دوسرے شخص کو فروخت نہیں کرسکتا کیونکہ یہ اماراتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اماراتی حکام نے ملک میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کی جانب دھوکے بازی کی شکایت درج کرانے پر مدعا الیہ کو دسمبر 2019 میں گرفتار کیا تھا۔

    حکام نے ایشیائی شخص کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا تھا، ،جس کے بعد عدالت نے ملزم پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا تھا۔

  • متحدہ عرب امارات، ویئر ہاؤس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

    متحدہ عرب امارات، ویئر ہاؤس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان کے ویئر ہاؤس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عجمان کے ویئر ہاؤس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ویئر ہاؤس میں رکھا سارا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔

    آگ عجمان کے صںعتی علاقے الجرف میں لگی، آتشزدگی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ویئر ہاؤس کو آگ نے صبح 7 بجکر 30 منٹ پر اپنی لپیٹ میں لیا، فائر فائٹرز نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    ریسکیو اداروں نے ویئر ہاؤس میں رہائش پذیر افراد کو باحفاظت دوسری عمارت میں منتقل کیا۔

    آتشزدگی کے نتیجے میں پولیس کی جانب سے اطراف کی سڑکیں بلاک کردی گئی تھیں۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر عجمان سول ڈیفنس سینٹرز کرنل رعید عبدی الزابی نے کہا کہ ویئر ہاؤس کے مالکان قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے ویئر ہاؤس میں آگ لگنے کا واقعہ اس سے قبل بھی پیش آچکا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

  • دبئی نے دنیا کا سب سے بڑا فائر انجن بنالیا

    دبئی نے دنیا کا سب سے بڑا فائر انجن بنالیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا فائر انجن بنا لیا گیا جس کی تصاویر سامنے آگئیں۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں رواں ہفتے دنیا کا سب سے بڑا فائر انجن بنایا گیا ہے جس کا سائز 8 بائی 8 کا ہے، فائر انجن امارات کی مقامی کمپنی نے بنایا ہے۔

    فائر انجن نیشنل فائر فائٹنگ مینوفیکچرنگ (نیفکو) کی جانب سے بنایا گیا ہے، فائر انجن کو ایئرپورٹ پر آگ بھڑکنے کی صورت میں استعمال میں لایا جائے گا۔

    جدید ترین فائر انجن میں 18000 لیٹر پانی لے جانے کی صلاحیت ہے اور اس میں آگ بجھانے کے متعدد اوزار رکھے جاسکتے ہیں۔

    فائر انجن کو سیاہ رنگ کیا گیا ہے جبکہ اس کے سائیڈ پر ایک پیلے رنگ کی پٹی لگائی گئی ہے، اس فائر انجن میں دو انجن موجود ہیں جو 1400 سے زیادہ ہارس پاور تیار کرتے ہیں، اس کی رفتار ہنگامی گاڑی کی رفتار سے تیز ہے۔

    نمائش میں انکشاف کردہ فالکن 8 بائی 8 ایک ماڈل تھا، جس میں دیگر گاڑیاں ابھی باقی ہیں، نافکو نے دبئی انٹرسیک میں اپنی ہائی ٹیک فورڈ ریسکیو گاڑیاں اور ایمبولینسوں کی نمائش بھی کی۔

  • ساٹھ فیصد اماراتی باشندے کمر کے درد میں مبتلا

    ساٹھ فیصد اماراتی باشندے کمر کے درد میں مبتلا

    ابوظبی : امریکی یونیورسٹی کے ایک پروفیسر نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساٹھ فیصد افراد کمر کے درد میں مبتلا ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے بیشتر افراد کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں جس کی وجہ بھاری سامان اٹھانے کے دوران جسم کی کمزوری یا اچانک حرکت ہے۔

    امریکی ریاست لاس اینجلس کی ڈیوڈ گیون یونیورسٹی کی فیکلٹی آف میڈیسن میں ہڈیو اور اعصاب کے پروفیسر ڈاکٹر یک جمی نے ایک تحقیق کے دوران انکشاف کیا ہے کہ اس دوران عضلات بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتے ہیں۔

    امریکی پروفیسر کا کہنا تھا کہ کمر کے نچلے حصّے میں تکلیف ایک عالمی مسئلہ بن رہی ہے کیونکہ کے دنیا بھر کے نوّے فیصد افراد اس درد میں مبتلا ہورہے ہیں جبکہ ان میں ساٹھ فیصد وہ افراد ہیں جنہیں درد دور ہونے کے ایک سال بعد دوبارہ علاج کروانا پڑتا ہے۔

    ڈاکٹر جمی کا کہنا تھا کہ اماراتی شہری کھلی ہوا میں کسرت کے عادی نہیں ہیں جبکہ وہ دھوپ میں بھی نہیں جاتی جس کی وجہ سے وٹامن ڈی کی کمی ہوجاتی ہے اور یہی کمی ہڈیوں میں کھوکھلے پن کا باعث بنتی ہے خصوصاً عمر رسیدہ افراد کو یہ تکلیف زیادہ ہوتی ہے۔

    واضح رہے کہ دبئی میں عرب ہیلتھ کانفرنس اور نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کا انتظام انفورما مارکیٹس کررہی ہے جس میں 64 ممالک کی کمپنیاں شرکت کریں گی۔

  • یو اے ای، خوفناک ٹریفک حادثہ، 1 جاں بحق، 10 زخمی

    یو اے ای، خوفناک ٹریفک حادثہ، 1 جاں بحق، 10 زخمی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ہولناک ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق راس الخیمہ کے محمد بن زید روڈ پر مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق حادثہ صبح 7 بجکر 27 منٹ پر پیش آیا جب ڈرائیور بس کو قابو نہ کرسکا اور بس قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری۔

    رپورٹ کے مطابق مسافر بس فیکٹری ورکرز کو لے کر جارہی ہے تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے 8 منٹ بعد ہی دو ایمبولینس نے ورکرز کو ریسکیو کیا اور بعدازاں 7 مزید ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچیں۔

    مزید پڑھیں: یو اے ای، مسافر بس اور ٹرک میں تصادم، 6 افراد جاں بحق

    حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو شیخ خلیفہ اور سقر اسپتال منتقل کیا گیا ہے، ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کی بھی مدد لی گئی۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے میں 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ باقی زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

    ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ ڈرائیور کی غفلت اور رفتار کی حد کا مشاہدہ کرنے میں ناکامی بتائی گئی ہے۔

  • اسرائیل کو دبئی ایکسپو2020 میں شرکت سے روکا جائے، فلسطین

    اسرائیل کو دبئی ایکسپو2020 میں شرکت سے روکا جائے، فلسطین

    غزہ : فلسطینی عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر اسرائیل انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کرتا ہے تو تمام مسلمان ممالک دبئی ایکسپو 2020 کا بائیکاٹ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی میزبانی میں رواں سال اکتوبر میں منعقد کی جانے والی بین الاقوامی نمائش ایکسپو 2020ء دبئی میں اسرائیل کی شرکت کے اعلان کے بعد فلسطینی عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    ایکسپو نمائش 2020 دبئی میں صیہونی ریاست اسرائیل نے بھی شرکت کا اعلان کیا ہے۔

    فلسطین میں جاری اسرائیلی مصنوعات بائیکاٹ مہم چلانے والوں نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل اس نمائش میں شرکت کرتا ہے تو مسلم ممالک اور آزادی پسند عالمی قوتوں کو اس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

    بیان میں متحدہ عرب امارات سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی وفد کو نمائش میں شرکت سے سختی سے روکے کیونکہ ایسا کرنے سے امارات کے حوالے سے فلسطینی عوام میں سخت مایوسی اور غم وغصہ کی لہر اٹھ سکتی ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ دبئی ایکسپو 2020 عالمی اہمیت کا حامل موقع ہے جس میں عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی ہوگا، اس موقع پر اسرائیلی ریاست کو شرکت کی اجازت دینا فلسطینی قوم کی تمناﺅں اور امنگوں کا خون کرنے اور فلسطینی قوم کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

    فلسطینی بائیکاٹ مہم نے کہا کہ ایکسپو نمائش میں شرکت اسرائیلی ریاست کے ساتھ دوستی کو آگے بڑھانے اورقابض ریاست کے ساتھ تعلقات کو نارملائز کرنے کی اسکیموں کا حصہ قرار دیا ہے۔