Category: یو اے ای

یو اے ای اردو نیوز یعنی متحدہ عرب امارات سے اردو خبریں اور تازہ ترین معلومات

یو اے ای کی معیشت میں پاکستانیوں کا ایک اہم کردار ہے۔ وہ تعمیراتی، خدمات، اور دیگر شعبوں میں اہم افرادی قوت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھی پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدنی ہیں۔ 2023 میں، پاکستانیوں نے یو اے ای سے پاکستان کو 4.212 ارب ڈالر کی رقم بھیجی۔

  • دنیا کا سب سے اونچا ہوٹل کہاں‌ ہے؟

    دنیا کا سب سے اونچا ہوٹل کہاں‌ ہے؟

    ابوظبی : بلند و بالا عمارتوں کےلیے مشہور دبئی میں دی سیل ٹاور کے نام سے دنیا کے سب سے بڑا ہوٹل تعمیر کیا جارہا ہے، جس کی بلندی 360.4 میٹر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے مرینہ ڈسٹرکٹ میں ہوائی اڈے کے قریب ‘دی سیل ٹاور’ کے نام سے دنیا کا سب سے اونچا ہوٹل زیر تعمیر ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس ہوٹل کی اونچائی 360.4 میٹر ہوگی اور اس میں 1 ہزار سے زائد کمرے ہوں گے۔

    ہوٹل تعمیر کرنے والی کمپنی دی فرسٹ گروپ کا کہنا تھا کہ ہوٹل کی تعمیر 2022 کے آخر تک مکمل ہو جائے گی اور 2022 کے اختتام یا 2023 کے آغاز میں ہی اس ہوٹل کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس نئے ہوٹل کے فن تعمیر اور ڈیزائن کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی مل چکی ہے اور یہ اب تک تین ایوارڈ بھی اپنے نام کر چکا ہے۔

    انہوں نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہوٹل میں دبئی کے نظاروں کے لیے خصوصی مقام بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔

    فرسٹ گروپ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صارفین کو ہوٹل سے دبئی کی بلند و بالا عمارتوں اور سمندر کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہوٹل کی تعمیر 2016 میں شروع ہوئی تھی اور جس کی تعمیر کے بعد دبئی میں بلند و بالا ہوٹلز کی فہرست میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

    ہوٹل انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ تعمیر مکمل ہونے پر وہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے سرٹیفکیٹ کے لیے رجوع کریں گے۔

  • یو اے ای، جیٹ اسکی حادثے میں پاکستانی ڈاکٹر جاں بحق

    یو اے ای، جیٹ اسکی حادثے میں پاکستانی ڈاکٹر جاں بحق

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے ساحل پرجیٹ اسکی میں تصادم کے نتیجے میں پاکستانی ڈاکٹر زندگی کی بازی ہار گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شارجہ کے مامزر ساحل سمندر پر 2 جیٹ اسکی میں تصادم کے نتیجے میں 29 سالہ پاکستانی ڈاکٹر جاں بحق اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔

    شارجہ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متوفی اور ان کی اہلیہ دونوں جیٹ اسکی پر سوار تھے۔

    رپورٹ کے مطابق جیٹ اسکی تصادم کے موقع پر پاکستانی ڈاکٹر موقع پر ہی دم توڑ گیا اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    تصادم کے نتیجے میں دوسری جیٹ اسکی پر سوار شخص بھی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ شام ساڑھے چار بجے کے قریب پیش آیا، ڈاکٹر کی لاش کو شارجہ کے کویتی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شارجہ میں جیٹ اسکی تصادم کے نتیجے میں 45 سالہ شامی شہری جاں بحق اور 27 سالہ فرانسیسی سیاح زخمی ہوگیا تھا۔

  • یو اے ای میں چوری کی انوکھی واردات

    یو اے ای میں چوری کی انوکھی واردات

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں چوروں نے رقم چرانے کے لیے ہتھوڑے سے اے ٹی ایم مشین توڑ ڈالی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں رقم چرانے کے لیے ہتھوڑے سے اے ٹی ایم مشین توڑنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ابوظبی پولیس واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    مزید پڑھیں: اے ٹی ایم ہیک کرنے والے نے تھانے میں خودکشی کرلی

    ابوظبی پولیس نے جائے وقوعہ سے ملزمان کی جانب سے استعمال کیا جانے والا ہتھوڑا اور ایک المونیم کا ٹکرا برآمد کرلیا۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس نے ابوظبی کے علاقے مسافا میں چھاپہ مار کر ملزمان کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا۔

    پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے رقم چرانے کے لیے اے ٹی ایم مشین توڑنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

  • پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور بھارتی لڑکی کا نجات دہندہ کیسے بنا؟

    پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور بھارتی لڑکی کا نجات دہندہ کیسے بنا؟

    ابوظبی : اماراتی ریاست دبئی میں ٹیکسی چلانے والا پاکستانی ڈرائیور اہم دستاویزات و غیر ملکی کرنسی ایمانداری سے لوٹا کر بھارتی لڑکی کےلیے ہیرو بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی سرزمین پر نوجوان پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور ایک بھارتی طالبہ کو اس کے اہم ترین دستاویزات جو وہ ٹیکسی میں بھول گئی تھی، وقت پر لوٹا کر اس کے لئے نجات دہندہ بن گیا۔

    گزشتہ ہفتے دبئی میں راشیل روز نامی بھارتی لڑکی برطانیہ سے چھٹیاں گزارنے دبئی اپنے والدین کے پاس آئی ہوئی تھی، اور اپنی دوستوں کے ہمراہ ایک سہیلی کی سالگرہ منانے باہر گئی تو ٹیکسی میں اپنا پرس بھول گئی۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جس ٹیکسی میں راشیل نے سفر کیا تھا اس کا ڈرائیور مدثر خادم نامی پاکستانی تھا۔

     

    کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد مدثر بھارتی طالبہ راشیل کو ڈھونڈ کر اس کا پرس لوٹانے میں کامیاب ہوگیا، جس میں راشیل کا برطانیہ کا ویزا بھی موجود تھا۔

    راشیل روز کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ تھی اور جلدی میں اپنا پرس ٹیکسی میں ہی بھول گئی تھی جس میں اس کا برطانیہ کا ویزا اور رہائشی پرمٹ سمیت اسٹوڈنٹ ویزا، امارات کا سٹیزن شپ کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، ہیلتھ انشورنس کارڈ، کریڈٹ کارڈ اور 10 ہزار سے زائد دیگر ممالک کی کرنسی شامل تھی۔

    بھارتی طالبہ کا کہنا تھا کہ اپنے اتنے قیمتی کاغذات کھو دینا بہت بڑی پریشانی کی بات تھی، ان کاغذات کی میرے پاس کوئی کاپی بھی نہیں تھی اور اس بھول پر میرے گھر والے بھی نہایت پریشان اور مجھ سے ناراض تھے۔

    راشیل کا کہنا تھا کہ انتہائی اہم دستاویزات کھونے پر میں نے پولیس کو بھی مطلع کردیا تھا کیونکہ اگلے روز مجھے برطانیہ کے نکلنا تھا اور برطانیہ پہنچ کر امتحان میں اپنی حاضری یقینی بنانی تھی۔

    پاکستانی ڈرائیور مدثر خادم کا کہنا تھا کہ لڑکی کو چھوڑنے کے بعد میں نے 2 مزید رائڈ مکمل کیں جس کے بعد مجھے احساس ہوا کے کوئی اپنا پرس بھول گیا ہے، میں نے پرس کھول کر معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تاکہ اندازہ ہوسکے کہ یہ کس کا پرس ہے۔

    مدثر نے مزید کہا کہ راشیل کے والد ان کے پرس لوٹانے پر بہت خوش ہوئے اور انعام کے طور پر اسے 600 درہم بھی دیئے جسے لینے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ راشیل میری چھوٹی بہنوں جیسی ہے مگر انہوں نے انعام وصول کرنے پر اصرار کیا۔

  • ساتھی ملازم کو چاقو مارنے والے ایشیائی شہری کو قید کی سزا

    ساتھی ملازم کو چاقو مارنے والے ایشیائی شہری کو قید کی سزا

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات میں مقیم ایشیائی شہری ساتھی کو چاقو کے وار سے زخمی کرنے کے جرم میں جیل پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں ملازمت کی غرض سے مقیم غیر ملکی شہری کو عدالت نے تین سال قید اور 40 ہزار درہم جرمانے کی سزا سنا دی۔

    غیر ملکی شہری نے نشے کی حالت میں باورچی خانے میں استعمال ہونے والی چھری سے اپنے ساتھی پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں اس کا دوست زخمی ہوگیا تھا اور کئی ہفتے اسے شدید زخمی حالت میں استپال میں گزارنا پڑے۔

    عدالتی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ مجرم اور متاثرہ شخص کے درمیان شدید بحث کے بعد رونما ہوا تھا، دونوں میں کسی بات پر بحث ہورہی تھی کہ اچانک مجرم نے چاقو نکالا اور متاثرہ کے جسم میں متعدد مرتبہ گھونپ دیا۔

    میڈیکل رپورٹ کے مطابق متاثرہ کے جسم کا دائیاں حصّہ مکمل طور پر متاثر ہوچکا ہے جبکہ کچھ اعضاء بھی بے کار ہوگئے ہیں۔

    عدالت نے مجرم پر اقدام قتل، منشیات کا استعمال اور نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے کی دفعات لگاکر تین سال قید اور 40 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا ہے۔

  • پیٹ میں ہیرے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، بڑا تاجر گرفتار

    پیٹ میں ہیرے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، بڑا تاجر گرفتار

    شارجہ : اماراتی کسٹم حکام نے پیٹ میں ہیرے چھپا کر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے افریقی شہری کو گرفتار کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے اس افریقی اسمگلر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ہیرے برآمد کیے تھے۔

    عرب نیوز کا کہنا تھا کہ کسٹمز حکام کو پہلے ہی ہیروں کی اسمگلنگ سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہوچکی تھیں، جس کے بعد اماراتی حکام نے ہوائی اڈو، بندگاہوں اور بّری کسٹم چوکیوں کو ہائی الرٹ کردیا تھا اور افریقہ سے آنے والے تمام مسافروں پر نظر رکھی جارہی تھی۔

    خفیہ اطلاع کے مطابق ایک بڑے کاروباری شخص نے بڑی مقدار میں ہیرے اسمگل کرنے تھے تاہم پیشگی اطلاعات کے باعث ملزم کو شناخت کرکے گرفتار کرنے میں آسانی ہوگئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ حکام نے ملزم کو طیارے سے اترتے ہی حراست میں لے کر کسٹمز حکام کے حوالے کردیا تھا تاہم ملزم کی تلاشی کے باوجود اس کے سامان سے کچھ برامد نہ ہوا لیکن ہیروں کی اسمگلنگ سے متعلق مصدقہ اطلاعات تھی کہ وہ ہی ہیرے اسمگل کرے گا۔

    حکام نے ملزم کا میڈیکل چیک اپ کرایا تو الٹرا ساوٓنڈ کے ذریعے معلوم ہوا ملزم کے پیٹ میں تین پلاسٹک کی تھیلیاں موجود ہیں جب میڈیکل عملے نے وہ تھیلیاں باہر نکالیں تو معلوم ہوا کہ ان میں خام ہیرے موجود تھے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پیٹ سے برآمد ہونے والے 297 گرام ہیروں کی مالیت 90 ہزار امریکی ڈالر بتائی گئی ہے، ملزم ہیرے متحدہ عرب امارات اس لیے لایا تھا تاکہ اسے اچھی قیمت میں فروخت کرسکے۔

  • سلطنت عمان کے بادشاہ قابوس بن سعید انتقال کر گئے

    سلطنت عمان کے بادشاہ قابوس بن سعید انتقال کر گئے

    مسقط: عرب ملک سلطنت عمان کے سلطان قابوس بن سعید طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، انتقال پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمان کے 79 سالہ سلطان قابوس اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں، سلطان قابوس کافی عرصے سے علیل تھے، وہ اپنے والد سعید بن تیمور کی وفات کے بعد عمان کے بادشاہ بنے تھے۔

    سلطان قابوس 18 نومبر 1940 کو پیدا ہوئے جب کہ گزشتہ روز 10 جنوری 2020 کو مسقط میں انتقال کر گئے، انھیں مسقط ہی میں سپرد خاک کیا گیا۔

    سلطان قابوس کے جانشین کا اعلان ان کا خاندان کرے گا، جانشین پر اتفاق نہ ہونے پر سلطان قابوس کی وصیت کھولی جائے گی، سلطان قابوس نے ابتدائی تعلیم عمان میں حاصل کی جس کے بعد انھیں مزید تعلیم کے لیے برطانیہ بھیجا گیا، انھوں برطانیہ کی سندھرسٹ اکیڈمی سے جنگی تربیت حاصل کی اور جرمنی میں بہ طور لیفٹننٹ جنگی مہموں میں حصہ لیا۔

    سلطان قابوس نے نوال بنت طارق سے شادی کی جو تین سال بعد ختم ہو گئی، نوال سے سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ عمان کے قانون کے مطابق سلطان قابوس کے جانشین کا فیصلہ تین دن کے اندر ان کے خاندان کو کرنا ہوگا، اگر خاندان کسی نتیجے پر نہیں پہنچا تو پھر سلطان قابوس کی وصیت کے مطابق حکومت قائم کی جائے گی، سلطان قابوس کو حکومت پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان کا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ سلطان قابوس نے اپنے والد کے خلاف کام یاب بغاوت کے بعد 23 جولائی 1970 کو تخت تک رسائی حاصل کی تھی۔ ان کا مقصد دنیا میں سلطنت کی تنہا حیثیت ختم کرنا تھا، وہ چاہتے تھے کہ ملک کے تیل کے ریونیو کو ترقی اور مملکت کو جدید بنانے کے لیے استعمال کیا جائے۔ انھوں نے تخت پر بیٹھنے کے بعد اعلان کیا کہ اب مملکت کو ’مسقط و عمان‘ نہیں کہا جائے گا بلکہ اس کا نام سلطنت عمان سے بدل دیا۔

  • متحدہ عرب امارات میں عدالت کو چور پر رحم کیوں آ گیا؟

    متحدہ عرب امارات میں عدالت کو چور پر رحم کیوں آ گیا؟

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں عدالت نے بیمار ماں کے لیے چوری کرنے والے غیر ملکی شخص کی سزا میں کمی کردی۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق عجمان کرمنل کورٹ میں چوری کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے بیمار ماں کے لیے کار سے پیسے چرائے اور اس پر جرم بھی ثابت ہوگیا ہے تو عدالت نے رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو صرف 3 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    عدالتی ریکارڈ میں بتایا گیا کہ ایشیائی شخص نے ایک کمپنی کی کار سے 7ہزار 5سو درہم چوری کیے جس میں ایک ہزار درہم والدہ کے علاج کی غرض سے فوری طور پر اپنے ملک بھیجے اور باقی رقم خرچ کرنے کی بجائے اسے صحرائی علاقے میں کہیں دفن کر دیا۔

    کار ڈرائیور نے بتایا کہ وہ کمپنی کے سامنے کچھ ضروری دستاویزات لینے کے لیے گاڑی کا انجن چلتا چھوڑ کر چند لمحوں کے لیے اندر گیا تھا اور واپسی میں دیکھا کہ پیسوں سے بھرا بیگ غائب ہے جس پر مقامی پولیس اسٹیشن کو فوری شکایت درج کرائی۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش کر کے اسے گرفتار کیا اور دوران تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ بیمار والدہ کے لیے پیسے چوری کیے تھے۔

  • ایران کی دبئی کو نشانہ بنانے کی مبینہ دھمکی پر امارات کا ردعمل آگیا

    ایران کی دبئی کو نشانہ بنانے کی مبینہ دھمکی پر امارات کا ردعمل آگیا

    دبئی کی حکومت نے ایران کی جانب امارات کو نشانہ بنانے سے متعلق برطانوی میڈیا کے دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے دھمکیوں کو افواہ قرار دیا ہے۔

    مشرق وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری سخت ترین کشیدگی میں فریقین کا ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ برقرار ہے، برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایران نے دبئی اور اسرائیل کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا نے کارروائی کی تو ایران دبئی اور اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ایران نے دبئی کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی

    گزشتہ رات بغداد میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی حملوں کے بعد پاسداران انقلاب نے بیان میں تنبیہہ کی تھی کہ امریکا خطے سے اپنی افواج نکالے، ورنہ اسرائیل اور امریکی اتحادیوں کو بھی نشانہ بنائیں گے، اگر امریکی اتحادی ممالک سے حملہ ہوا تو اس کا بھی بھرپور جواب دیں گے اور آیندہ کسی امریکی حملے کی صورت میں مزید سخت جواب دیا جائے گا۔

    برطانوی میڈیا کی رپورٹ پر دبئی حکومت نے ردعمل دیتے ہوئے امارات کو محفوظ قرار دیا ہے، دبئی میڈیا ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی میڈیا کی رپورٹس میں دبئی کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں صرف افواہ ہیں اور ان جعلی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے کسی حکام، سرکاری عہدیدار یا اعلیٰ حکومتی شخصیت نے دبئی کو نشانہ بنانے سے متعلق دھمکی آمیز بیان جاری نہیں کیا لہذا بین الاقوامی اور سوشل میڈیا پر زیر گردش دھمکیوں کو صرف افواہ سمجھا جائے۔

    قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یو اے ای کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فریقن کو سیاسی راستہ اپناتے ہوئے معاملہ حال کرنا چاہیے۔

  • امریکا ایران کشیدگی کے خاتمے کیلئے یو اے ای کا اہم مشورہ

    امریکا ایران کشیدگی کے خاتمے کیلئے یو اے ای کا اہم مشورہ

    ابوظہبی: امریکا اور ایران کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے ردعمل میں متحدہ عرب امارات نے تنازعے کے خاتمے کے لیے فریقین پر زور دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد تہران حکومت نے انتقامی بدلہ لیا اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغے جس کے باعث خطے میں کشیدگی بڑھ چکی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیربرائے خارجہ امور ڈاکٹر انور گارگش کا کہنا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے ہم خطے کو حالیہ کشیدگی سے باہر نکالیں، بھڑتے ہوئے تنازعے کو روکنا عقل مندی اور ضروری ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یو اے ای کے وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ فریقن کو سیاسی راستہ اپناتے ہوئے معاملہ حال کرنا چاہییے۔ خیال رہے کہ ایران نے گزشتہ رات عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔

    ایران نے حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی: عراقی وزیر اعظم

    ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے، امریکا کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا آغاز ہو چکا۔

    پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے۔ امریکی اور اتحادی افواج پر درجن سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، ایرانی میزائلوں کا ہدف الاسد اور اربیل میں واقع فوجی اڈے تھے۔