Category: یو اے ای

یو اے ای اردو نیوز یعنی متحدہ عرب امارات سے اردو خبریں اور تازہ ترین معلومات

یو اے ای کی معیشت میں پاکستانیوں کا ایک اہم کردار ہے۔ وہ تعمیراتی، خدمات، اور دیگر شعبوں میں اہم افرادی قوت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھی پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدنی ہیں۔ 2023 میں، پاکستانیوں نے یو اے ای سے پاکستان کو 4.212 ارب ڈالر کی رقم بھیجی۔

  • شہری کو پستول سے دھمکانے والا دبئی پولیس کا اہلکار گرفتار

    شہری کو پستول سے دھمکانے والا دبئی پولیس کا اہلکار گرفتار

    دبئی میں غیر ملکی کاروباری شخصیت کو عوامی جگہ پر پستول سے دھمکانے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا۔

    خلیجی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی کی عدالت میں ایک پولیس اہلکار کے خلاف مقدمے کا ٹرائل جاری ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے سرعام سرکاری پستول سے نہتے شہری کو دھمکایا۔

    افریقی ملک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی شخص جو کہ مقدمے کا مدعی ہے، نے پولیس کو شکایت درج کروائی تھی کہ ایک دن وہ کیفے میں خاتون کے ساتھ بزنس ڈیل سے متعلق میٹنگ کررہا تھا کہ اس دوران باوردی پولیس اہلکار میرے پاس آیا اور اس نے مجھ پر پستول تان لی۔

    شکایت کنندہ کے مطابق پولیس اہلکار نے کہا کہ یہ میری بہن ہے اس سے آئندہ کبھی نہ ملنا اور نہ بات چیت کرنے کی کوشش کرنا، پولیس اہلکار نے کہا کہ یہاں سے اٹھو اور جاؤ اور بہن سے دور ہوجاؤ۔

    مدعی کے بقول اہلکار نے اس پر پستول تان لی اور کہا کہ چلے جاؤ ورنہ گولی مار دوں گا، جس پر وہ وہاں سے چلا گیا، تین دن تک پولیس کو واقعے سے متعلق نہیں بتایا لیکن دھمکیوں کا سلسلہ دراز ہوا تو مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا۔

    اماراتی پولیس کے کیپٹن کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کی شکایت پر پولیس اہلکار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا اور دوران تفتیش اس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ مدعی اس کی بہن کے ساتھ بیٹھا تھا جس پر وہ طیش میں آگیا اور اس نے پستول نکال لی۔

    کیپٹن کا کہنا ہے کہ ملزم کا ٹرائل جاری ہے اور 26 دسمبر تک سماعت ملتوی کی گئی ہے۔

  • یو اے ای، 18 سالہ لڑکی نے عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی

    یو اے ای، 18 سالہ لڑکی نے عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں 18 سالہ اماراتی لڑکی نے عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شارجہ کے علاقے الند القاسمیا میں 18 سالہ لڑکی نے عمارت کے 14ویں فلور سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    شارجہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ لڑکی نے خودکشی کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس کو اس واقعے کیا اطلاع گزشتہ روز صبح 9 بج کر 40 منٹ پر ملی اور فرانزک ماہرین، سی آئی ڈی افسران اور ایمبولینس کی ٹیمیں فوری روانہ کی گئیں۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد نعش کو فرانزک لیبارٹری منتقل کیا اور اہل خانہ کو تفتیش کے لیے حراست لے لیا۔

    مزید پڑھیں: شارجہ: پاکستانی شخص نے کثیرالامنزلہ عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے دو روز قبل لڑکی کے لاپتا ہونے کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق فوری طور یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ مقتولہ اس اپارٹمنٹ میں اہل خانہ کے ساتھ مقیم تھی یا نہیں تاہم الغرب پولیس اسٹیشن میں اس کے لاپتا ہونے کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ نوجوانوں کے عمارت سے گرنے کا رواں ماہ میں یہ تیسرا واقعہ پیش آیا ہے۔

    شارجہ پولیس نے اہل خانہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے نوعمر بچوں کے ساتھ محبت اور پیار سے پیش آئیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ ہمیشہ محفوظ رہیں۔

  • یو اے ای میں خوبرو ملازمہ کی لاش برآمد

    یو اے ای میں خوبرو ملازمہ کی لاش برآمد

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں کثیر المنزلہ عمارت میں رہائش پذیر خوبرو گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق پولیس کو الماہاتہ القسیمہ کے علاقے میں واقع اپارٹمنٹ کے ایک فلیٹ سے غیرملکی خاتون کی لاش ملی ہےاور موت کی وجہ جاننے کے لیے لاش کو فرانزک لیب منتقل کردیا گیا ہے۔

    متوفیہ کی شناخت 28 سالہ ٹیجسٹ کے نام سے ہوئی جو ایتھوپیئن ہے اور غیر قانونی طور پر امارات میں موجود تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے پاس یو اے ای کا ریذیڈنس ویزہ نہیں تھا۔

    پولیس نے اپارٹمنٹ کے چوکیدار اور متوفیہ کے تین دوستوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی ہے جب کی اپارٹمنٹ میں رہنے والے افراد نے بتایا کہ متوفیہ ایک عرب فیملی کے ہاں ملازمہ ہے جس نے اسے 3 ماہ کی تنخواہ نہیں دی اور اس کے زیورات تک لے لیے۔

    پولیس کو دیے گئے بیان میں مکینوں کا کہنا تھا کہ کسمپرسی کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے خاتون کی مالی مدد کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی چیزیں مہیا کیں مگر اس نے کچھ کھانے سے انکار کردیا گیا۔

  • متحدہ عرب امارات نے بھارت کے لیے سفری وارننگ جاری کر دی

    متحدہ عرب امارات نے بھارت کے لیے سفری وارننگ جاری کر دی

    دبئی: بھارت میں شہریت کے متنازع بل کے خلاف جاری احتجاج اور پر تشدد مظاہروں کے پیش نظر متحدہ عرب امارات نے بھارت کے لیے سفری وارننگ جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے بھارت کے لیے سفری وارننگ جاری کرتے ہوئے اماراتی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارت کا سفر کرتے ہوئے محتاط رہیں، ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور اسرائیل بھی بھارت میں اپنے شہریوں کے لیے سفری وارننگ جاری کر چکے ہیں۔

    تازہ ترین:  جامعہ ملیہ کے طلبہ پر وحشیانہ تشدد، ویڈیو لائک کرنے پر بالی ووڈ‌ اداکار پر تنقید

    شہریت کے متنازعہ قانون کی منظوری کے بعد بھارت کے متعدد شہروں میں مودی سرکار کے خلاف شدید احتجاج کیا جا رہا ہے، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی اپنی قیادت میں بہت بڑی ریلی نکالی۔

    مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مذموم قدم کے بعد اب مسلمان مخالف قانون کی منظوری کی وجہ سے جو ممالک پہلے خاموش تھے اب انھوں نے بھی خاموشی توڑ دی ہے۔ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، سنگاپور اور یو اے ای نے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزی جاری کر دی، ان ممالک نے اپنے شہریوں کو بھارت جانے سے متنبہ کر دیا ہے۔

    دو دن قبل ریاستی پولیس نے درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامعہ ملیہ کے طالب علموں پر لاٹھیوں اور رائفلوں کے بٹوں سے شدید تشدد کیا تھا، پولیس نے جامعہ اور مسجد میں گھس کر پناہ لینے والی طالبات کو بھی نہیں بخشا اور ان پر بد ترین تشدد کیا۔

  • یو اے ای، چوری کی انوکھی واردات، سیکنڈز میں ہزاروں درہم چوری

    یو اے ای، چوری کی انوکھی واردات، سیکنڈز میں ہزاروں درہم چوری

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں چوری کی انوکھی واردات ہوئی جس میں چور وں نے سیکنڈز میں 15 ہزار درہم چرا لیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں نامعلوم افراد بھارتی شہری کی جیب سے سیکنڈز میں 15 ہزار درہم چرا کر فرار ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق بھارتی شہری سپر مارکیٹ کے باہر چہل قدمی میں مصروف تھا کہ کچھ افراد نے آکر اسے مارنا شروع کردیا اور بعد میں اس سے معافی بھی مانگی۔

    ملزمان بھارتی شہری سے معافی مانگ کر کہنے لگے کہ ہم کسی دوسرے شخص کو تلاش کررہے تھے غلطی سے اسے مارنا شروع کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق بھارتی شہری آگے کی جانب گیا تو اس نے اپنی جیب میں موجود 15 ہزار درہم چیک کیے جو موجود نہیں تھے۔

    بھارتی شہری کی جانب سے پولیس کو شکایت درج کرائی گئی جس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، متاثرہ شخص نے ملزم کو شناخت بھی کرلیا۔

    رپورٹ کے مطابق مزید قانونی کارروائی کے لے کیس کو فوجداری عدالت میں بھیج دیا گیا ہے۔

  • گولڈن ویزہ کیلیے ویب سائٹ متعارف

    گولڈن ویزہ کیلیے ویب سائٹ متعارف

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے وفاقی ادارے برائے شناخت و شہریت نے گولڈن ویزہ کے خواہشمندوں کے لیے ویب سائٹ متعارف کروادی۔

    خلیجی میڈیا کے مطابق سرمایہ کار، کاروباری حضرات، خصوصی ہنر مند، باصلاحیت و ذہین افراد اور محققین طویل مدتی گولڈن ویزہ کے حصول کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

    اہل امیدوار ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن فارم جمع کرواسکتے ہیں اور متعلقہ سرکاری ادارے اس درخواست کا جائزہ لیں گے کہ آیا امیدوار اہلیت پر پورا اترتا ہے کہ نہیں۔

    یہ ویب سائٹ متعارف کروائے جانے کے بعد سے پوری طرح فعال ہے، بزنس ویزہ سے کاروباری افراد کو یو اے ای میں بزنس کی آزادی کی حاصل ہوگی تاکہ وہ اپنا اور اہل خانہ کا مستقبل محفوظ بنا سکیں۔

    اس حوالے سے چیئرمین فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت و شہریت علی محمد الشمسی کا کہنا ہے کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے کاروباری حضرات کو مزید سروسز اور سہولیات میسر آئیں گی جب کہ بہت سے مراحل بھی کم ہو جائیں گے۔

    گولڈن ریزیڈینسی ویزہ یا گولڈ کارڈ کے حامل افراد 5 سے 10 سال تک یو اے ای میں رہائش اختیار کرسکتے ہیں تاہم اس کے لیے کچھ شرائط و ضوابط لاگو ہیں جس پر پورا اترنے والوں کی مدت معیاد کی ازخود تجدید ہوجائے گی۔

    گولڈ ویزہ پراسس رواں سال کی 21 مئی سے شروع کیا گیا تھا اور جنرل ڈائریکٹر برائے ریذیڈینس و فارن افیئرز نے 6ہزار 8 سو ویزہ کارڈ کے اجرا کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

    ویب سائٹ: https://business.goldenvisa.ae/

     

  • یو اے ای؛ اونچی آواز میں میوزک بجانے والوں کی شامت آگئی

    یو اے ای؛ اونچی آواز میں میوزک بجانے والوں کی شامت آگئی

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں گاڑی میں اونچی آواز سے میوزک بجانے پر 400 درہم جرمانے کے ساتھ ساتھ 4 بلیک پوائنٹس بطور سزا دیے جائیں گے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق ایسے ڈرائیور جو گاڑیوں میں اونچی آواز میں موسیقی سنتے ہیں اور اس گرجنے والی آواز سے اردگرد کے افراد کو پریشان کرتے ہیں انہیں اب بخشا نہیں جائے گا۔

    خصوصاً ڈرائیونگ کرتے ہوئے یا پھر رہائشی علاقوں میں میوزک کی گونج سے آنے والی شکایت پر فوری ایکشن لیا جائے گا، ڈرائیور کو 400 درہم جرمانہ کیا جائے گا اور ساتھ ہی 4 بلیک پوانٹس دیے جائیں گے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ رہائشیوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ گاڑیوں میں گونجے والی میوزک کی اونچی آواز سے ان کے معمولات زندگی میں خلل پڑتا ہے اور انہیں پریشانیوں کا سامنا رہتا ہے ، ان شکایات کی روشنی میں جرمانے تجویز کیے گئے ہیں۔

    وفاقی ٹریفک قوانین کی دفعہ 20 کے تحت ڈرائیونگ کے دوران اونچی آواز سے میوزک بجانے والے پر 2 ہزار درہم اور 12 بلیک پوائنٹس کا جرمانہ عائد ہوتا ہے کیونکہ قانون کی اس خلاف ورزی سے سڑک پر چلنے والی دیگر گاڑیوں اور رہائشی علاقوں کے قریب سے گزرنے سے پریشان کن صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

  • یو اے ای، ہولناک ٹریفک حادثہ، 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی

    یو اے ای، ہولناک ٹریفک حادثہ، 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دبئی کے شیخ محمد بن زید روڈ پر پک اپ اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

    ڈائریکٹر جنرل دبئی ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ بریگیڈیئر سیف مہائر کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح ساڑھے پانچ بجے پک اپ اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔

    بریگیڈیئر سیف مہائر کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک کا ٹائر پھٹا اور وہ دوسری لین میں آگیا، پک اپ کا ڈرائیور تیز رفتاری کے سبب بروقت بریک نہ لگا سکا اور ٹرک سے جاٹکرایا۔

    مزید پڑھیں: یو اے ای، خوفناک ٹریفک حادثہ، گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی

    حادثے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے شہریوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔

    دبئی پولیس نے تمام ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسرے شہریوں کی حفاظت کے لیے ٹریفک کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں۔

    بریگیڈیئر سیف مہائر نے کہا کہ تمام ڈرائیوروں کو چاہئے کہ وہ گاڑی کے پہیوں پر فوکس رکھیں اور گاڑی کی مینٹینس کا خیال کریں تاکہ حادثے سے بچا جاسکے۔

    یاد رہے کہ 5 دسمبر کو بھی متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں گاڑی بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں گاڑی میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔

  • تارکین وطن 40 منٹ میں‌ دبئی کا اقامہ حاصل کرسکتے ہیں

    تارکین وطن 40 منٹ میں‌ دبئی کا اقامہ حاصل کرسکتے ہیں

    ابوظبی : اماراتی ریاست نے ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک انقلاب برپا کردیا، اب اقامہ بنوانے کےلیے 40 منٹ سے زیادہ وقت نہیں لگے گا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی اسمارٹ ریاست دبئی کے حکام نے ٹیکنالوجی میدان میں ایک زبردست اقدام اٹھالیا جس کے بعد تارکین وطن منٹوں میں منٹوں میں دبئی کا اقامہ حاصل کرسکتے ہیں، یہ کام دبئی الآن (دبئی اب) ایپلی کیشن کے ذریعے کیا جائے گا۔

    دبئی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ دبئی میں اقامہ اور تارکین وطن کے ادارے کے تعاون و اشتراک سے آن لائن اقامے کا اجرا شروع کردیا گیا ہے، تارکین اسمارٹ موبائل کے ذریعے سرکاری اداروں سے اپنے معاملات نمٹانے لگے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آن لائن اقامے کے اجراء کی منظوری کےلیے 30 منٹ جبکہ اجرا میں صرف 10 منٹ لگ رہے ہیں۔

    دبئی میں تارکین اور اقامہ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد احمد المری کا کہنا تھا کہ اقامے کا اجرا ، توسیع اور ترمیم نیز نقل کفالہ (ٹرانسفر اسپانسر شپ) سمیت تمام کام آن لائن انجام دے رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اقامے اور درخواستیں منسوخ کرنے کا عمل بھی اسمارٹ چینلز کے ذریعے کیا ہورہا ہے۔

    ڈائریکٹٹر جنرل کا کہنا تھا کہ یہ کام دبئی اسمارٹ کے تعاون سے انجام دیا جارہا ہے اور ایپلی کیشن کی مدد سے ہی یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ تارکین وطن کا ویزہ موثر ہے یا نہیں اور اس ایپلی کیشن کے ذریعے تارکین وطن اپنے بچوں، والدین اور بیوی کے اقاموں کی تجدید بھی اسی ایپ کے ذریعے کریں گے۔

  • یو اے ای ویزہ کیلیے کتنی رقم ڈپازٹ کرنا ضروری؟

    یو اے ای ویزہ کیلیے کتنی رقم ڈپازٹ کرنا ضروری؟

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے مختلف قسم کے وزٹ ویزہ حاصل کرنے کے لیے آپ کو کتنی رقم ڈپازٹ کروانا ہوگی؟

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق جب آپ یو اے ای کے مختلف وزٹ ویزہ کے لیے درخواست دیتے ہیں تو آپ کو بطور سیکورٹی رقم ڈپازٹ کرنا لازمی ہے۔

    اس حوالے سے چند قواعد و ضوابط وضع کیے گئے ہیں جنہیں پورا کرنا ضروری ہے۔

    جب آپ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈینسی و فارن افیئرز کے ذریعے وزٹ ویزہ کی درخواست دیتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو کم از کم مندرجہ ذیل مالیت کے قابل واپسی سیکورٹی کی رقوم ڈپازٹ کرنا ہوگی۔

    والدین، بچوں اور بہن بھائیوں کے لیے ایک ہزار 20 درہم، کسی رشتے دار کی کفالت کے لیے 2 ہزار 20 درہم ڈپازٹ کرنا ہوں گے۔
    اسی طرح کم از کم تنخواہ کی حد بھی مقرر کی گئی ہے۔

    والدین و بچوں کی رہائش و کفالت کے لیے 4 ہزار درہم یا پھر بہن بھائیوں اور دوست احباب کی کفالت کے لیے 6 ہزار درہم ڈپازٹ کرانا ہوں گے۔

    اگر آپ سیاحتی ایجنسی کے ذریعہ درخواست دیتے ہیں تو ، آپ ممکنہ طور پر ڈپازٹ کی ادائیگی سے بچ سکتے ہیں، آپ کو کم کاغذی کارروائی کا سامنا ہوگا۔