Category: یو اے ای

یو اے ای اردو نیوز یعنی متحدہ عرب امارات سے اردو خبریں اور تازہ ترین معلومات

یو اے ای کی معیشت میں پاکستانیوں کا ایک اہم کردار ہے۔ وہ تعمیراتی، خدمات، اور دیگر شعبوں میں اہم افرادی قوت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھی پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدنی ہیں۔ 2023 میں، پاکستانیوں نے یو اے ای سے پاکستان کو 4.212 ارب ڈالر کی رقم بھیجی۔

  • متحدہ عرب امارات میں تباہ کن بارشیں، نظام زندگی مفلوج

    متحدہ عرب امارات میں تباہ کن بارشیں، نظام زندگی مفلوج

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں ہونے والی بارشوں نے تباہی مچا دی۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی، شارجہ اور ابوظبی میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید طوفانی بارش ہوئی جس کی وجہ سے سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ کئی شاپنگ مالز کی چھتیں بھی ٹپکنیں لگیں۔

    بارشوں کی وجہ سے نکاسی کا نظام بری طرح سے متاثر ہوا اور سڑکوں پر تین سے چار فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔خلیج ٹائمز کی جانب سے برسات کی تباہ کاریوں کے حوالے سے ویڈیوز بھی شیئر کی گئیں۔

    متحدہ عرب امارات میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارشوں سے کئی درخت اور بل بورڈز بھی گرے، اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کسی بھی علاقے میں خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا۔

    بارشوں کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کے حکام نے تمام تعلیمی اداروں اور نجی و سرکاری دفاتروں کل بند رکھنے کا اعلان کیا جبکہ حکومت نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

    دوسری جانب محکمۂ موسمیات کے ماہرین سے پیش گوئی کی کہ طوفانی بارشوں کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہے گا جس کے بعد سسٹم کمزور پڑنا شروع ہوجائے گا۔

  • متحدہ عرب امارات، ہولناک ٹریفک حادثہ، خاتون جاں بحق

    متحدہ عرب امارات، ہولناک ٹریفک حادثہ، خاتون جاں بحق

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں کار حادثے کے نتیجے میں42 سالہ اماراتی خاتون جاں بحق اور ان کی بہن زخمی ہوگئیں۔

    ڈائریکٹر راس الخیمہ ٹریفک پولیس کرنل احمد النقبی کے مطابق 38 سالہ زخمی خاتون حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئی ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    راس الخیمہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا جس کے سبب گاڑی پول سے جاٹکرائی۔

    مزید پڑھیں: دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، دو پاکستانی سمیت 17 ہلاک

    رپورٹ کے مطابق حادثے میں جاں بحق خاتون کی لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ڈرائیورز ٹریفک کے قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں اور رفتار کی حد کا خیال رکھیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال جون میں دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں شارجہ میں سوڈانی سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • دبئی ریس، ولی عہد کی شرکت، شرکاء حیران

    دبئی ریس، ولی عہد کی شرکت، شرکاء حیران

    دبئی: متحدہ عرب کی ریاست دبئی میں ہونے والی ریس میں شرکاء ولی عہد شیخ حمدان بن راشد المکتوم کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں منعقدہ ریس میں ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے بھرپور حصہ لیا، ولی عہد نے دبئی کے شیخ زاید روڈ سے اپنی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں، تصاویر میں ان کے ساتھ امارات کے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    اس موقع پر دبئی کی مصروف اور معروف شیخ زاید روڈ ریسنگ ٹریک کا منظر پیش کررہی تھی، دبئی ریس کا انعقاد پہلی بار کیا گیا ہے اور ریس کو دبئی فٹنس چیلنج کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

    ریس میں ہر عمر کے افراد جن میں بچے، بوڑھے، نوجوان، مرد و خواتین اور ملکی غیرملکی سیاح شامل تھے۔

    رپورٹ کے مطابق ریس میں حصہ لینے والے شرکاء کی تعداد 70 ہزار کے قریب تھی، دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے قریب پانچ کلو میٹر کے فاصلے کے لیے اس دوڑ کا آغاز ہوا۔

    صبح چار بجے ہی شرکاء کا جم غفیر ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور میٹرو اسٹیشن کے قریب جمع تھا، شرکاء اپنے نمبرز کے شناختی ایپرن حاصل کررہے تھے، شرکاء نے ریس کے مقام تک پہنچنے کے لیے میٹرو کا استعمال کیا، ریس کے آغاز کے مقام پر غیرمعمولی ہجوم نظر آرہا تھا۔

    دبئی میں موجود ایک کمپنی کے سیکیورٹی سپروائزر پیٹر منڈے نے 10 کلو میٹر کی دوڑ کے بارے میں اپنے تاثرات سے آگاہ کیا اور اس صحت مند سرگرمی میں حصہ لینے پر خوشی کا اظہار کیا۔

  • ساڑھے چار ہزار بچوں کی فٹنس چیلنج مقابلے میں شرکت

    ساڑھے چار ہزار بچوں کی فٹنس چیلنج مقابلے میں شرکت

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے فٹنس چلینج فیسٹیول میں ساڑھے چار ہزار بچوں نے شرکت کر کے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی پارک اینڈ ریزورٹس میں کے ایچ ڈی اے اور محکمہ تعلیم کی جانب سے ملک کے سب سے بڑے فٹنس چیلنج کا انعقاد کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق کیمپ میں مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے ساڑھے چار ہزار سے زائد بچوں نے حصہ لیا اور ٹرینرز کی ہدایت پر مختلف ورزشیں کیں۔

    کیمپ میں حصہ لینے والے بچوں نے مختلف کھیلوں اور ورزش کے ساتھ پش اپس کی مشق بھی کی۔

    بعد ازاں منتظمین کی جانب سے شرکا کو موٹینوگیٹ اور تھیم پارک کا دورہ کروایا گیا جہاں انہوں نے تفریح کی اور جھولوں سے لطف اندوز ہوئے۔ طلب علموں نے ہالی ووڈ سے متاثر ہوکر قائم ہونے والے پارک کے مختلف حصوں کو دیکھا جبکہ وہاں پر گاڑیاں بھی چلائیں۔

    یاد رہے کہ دبئی میں آئندہ برس دبئی ایکسپو کے نام سے بین الاقوامی نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے، ایکسپو کو کامیاب بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے مختلف اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

  • یو اے ای، خاتون کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش

    یو اے ای، خاتون کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں عرب خاتون کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ابوظبی میں عرب خاتون کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ماں اور بچے صحت مند ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بچوں میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے، بچوں کا وزن 1300 سے 1500 گرام کے درمیان ہے۔

    خلیفہ اسپتال کی ڈاکٹر ریجیکا کا کہنا ہے کہ ماں اور بچوں کو کچھ ہفتوں کے لیے اسپتال میں رکھے جانے کے بعد ڈسچارج کردیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: ساہیوال، محنت کش کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش

    ڈاکٹر ریجیکا نے اس بات کی نشاندہی کی کہ اسپتال میں بچے کی پیدائش کے دوران پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے جڑواں بچوں کی پیدائش زیادہ خطرے کی بات ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میڈیکل ٹیم کی مہارت کی بدولت ولادت کے وقت ماں اور نوزائیدہ بچوں کو صحت سے متعلق کسی پریشانی یا پیچیدگیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

    یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر میں پنجاب کے شہر ساہیوال کے نواحی گاؤں کے رہائشی محنت کش جاوید کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔

  • دبئی: خواتین کا روپ دھار کر چوری کی بڑی واردات ناکام ، ملزم گرفتار

    دبئی: خواتین کا روپ دھار کر چوری کی بڑی واردات ناکام ، ملزم گرفتار

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں برقع پہن کر تیس لاکھ درہم چوری کرنے والے شخص کو پولیس نے 47 منٹ کے اندر ہی حراست میں لے لیا۔

    گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس کو ایسے گینگ کے بارے میں پہلے ہی اطلاعات موصول ہوچکی تھیں جو برقع پہن کر چوریوں کرنے میں مصروف تھا۔

    دبئی کے سیاحتی اور رہائشی علاقوں میں گینگ کے اراکین خواتین کا برقع پہن کر گھومتے اور موقع غنیمت جانتے ہی کسی بھی گھر یا دفتر کا صفایا کردیتے۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے یورپ سے تعلق رکھنے والے شخص کو گرفتار کیا، شاطر ملزم نے خود کو بچانے کے لیے پہلے خاتون اور پھر مرد کا روپ بھی دھارا مگر پولیس نے بروقت کارروائی کر کے اُسے حراست میں لیا اور تلاشی کے دوران قبضے سے قیمتی گھڑیاں اور بھاری رقم برآمد کی۔

    رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ گرفتاری سے ایک گھنٹہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھ کر پولیس نے مزید غور سے مانیٹرنگ شروع کی اور تعینات اہلکاروں کو تیار رہنے کی ہدایت بھی کی، ملزمان کے پاس ایسے ہائیڈرولک اوزار تھے جن کی مدد سے وہ مضبوط تالے بھی کاٹ سکتے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق گینگ نے اس بار جس تاجر کے گھر کا انتخاب کیا تھا وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ یورپ گیا ہوا تھا۔ ایک ملزم نے گھر میں گھس کر ہائیڈورلک اوزاروں کی مدد سے تجوریوں کے تالے توڑے اورلاکھوں‌ درہم سمیٹ کر بھاگنے کی کوشش کی جو ناکام ہوگئی۔

    مشتبہ شخص نے چکما دینے کے لیے گھر میں داخل ہوتے وقت برقع پہن رکھا تھا البتہ جب وہ باہر آیا تو مردوں کے لباس میں تھا ، پولیس نے مذکورہ ملزم کو روک کر تلاشی لی تو اُس کے پاس سے نقدی سمیت قیمتی اشیاء بھی برآمد ہوئیں۔

  • کروڑوں کی لاٹری جیتنے والے شخص نے رقم والدین کے نام کردی

    کروڑوں کی لاٹری جیتنے والے شخص نے رقم والدین کے نام کردی

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات میں ملازمت کرنے والے 36 سالہ بنگلادیشی نوجوان محمد سُمن حاجی کو 10 لاکھ درہم کی لاٹری نے کروڑ پتی بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کہتے ہیں کہ قسمت کی دیوی کبھی بھی اور کہیں بھی کسی پر بھی مہربان ہو سکتی ہے اور ایسا ہی کچھ شمالی بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے محمد حاجی کے ساتھ بھی ہوا، جب ایک لاٹری نے اس کی زندگی ہی بدل ڈالی۔

    محمد حاجی نے گزشتہ روز ابوظبی میں واقع ایک مال میں ہونے والی قرعہ اندازی میں ایک کروڑ 94 لاکھ روپے کی لاٹری جیتی ہے اور کچھ روز بعد اسے 10 لاکھ امارتی درہم کا چیک دے دیا جائے گا۔

    بنگلا دیشی شہری نے انٹرویو میں بتایا کہ میں دنیا کا خوش نصیب ترین باپ ہوں جس کے ہاں ایک ہفتہ قبل ہی جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے اور خدا نے مجھے تحفے میں دس لاکھ درہم دے دئیے۔

    بنگلادیشی شہری سنہ 2009 میں ملازمت کی غرض سے متحدہ عرب امارات آیا تھا اور ابوظبی میں ایک ڈرائیور کی حیثیت سے کام کرتا ہے۔

    محمد نے پیسے کہاں خرچ کرو گے کے جواب میں بتایا کہ وہ اس رقم سے اپنے بچوں کے سونا خریدے گا تاکہ مستقبل میں ان کے کام آسکے اور اپنی انعامی رقم کو اپنے اہلیہ کے ساتھ ساتھ اپنے والدین، تین بہنوں اور دو بھائیوں کے ساتھ بانٹوں گا۔

  • کروڑوں درہم جیتنے کے بعد بھی انعام سے محروم! لیکن کیوں؟

    کروڑوں درہم جیتنے کے بعد بھی انعام سے محروم! لیکن کیوں؟

    ابو ظہبی : اماراتی ریاست کے عالمی ہوائی اڈے پر لاٹری کا ٹکٹ خریدنے والے بھارتی شہری نے 1 کروڑ 50 لاکھ اماراتی درہم (46 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) انعام میں جیت لیے تاہم بھارتی شہری نے انتظامیہ کو غلطی سے غلط نمبر دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ڈیوٹی فری لکی ڈرا بگ ٹکٹ سے پہلی مرتبہ خریدی گئی لاٹری سے ہی 1 کروڑ 50 لاکھ اماراتی درہم کی انعامی رقم جیتی ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی شہری سرینو سریدھارن نیر نے اتوار کی صبح ٹکٹ نمبر 098165 سے انعام میں لاکھوں اماراتی درہم رقم جیت پر کروڑ پتی بنے لیکن بگ ٹکٹ کی ٹیم نے جب انہیں فون کرنے کی کوشش کی معلوم ہوا کہ نیر نے اپنا غلط نمبر لکھوا دیا۔

    بگ ٹکٹ کی انتظامیہ نیر کو خوش خبری دینے کےلیے خوش نصیب کی جانب سے لاٹری خریدتے وقت درج کروائے گئے نمبرز دونوں نمبرز پر کال کرچکی ہے۔

    پہلے نمبر پر کال کی تو ایک شخص نے کہا کہ وہ اس نام کے کسی فرد کو نہیں جانتا جبکہ دوسرے نمبر پر ایک شخص نے کہا کہ نیر موجود نہیں ہے۔

    بگ ٹکٹ لاٹری انتظامیہ کی جانب سے لاٹری جیتنے والے خوش نصیب سے مسلسل رابطے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم ساری کوششیں بے سود ثابت ہورہی ہیں۔

  • سال 2020 : متحدہ عرب امارات میں‌ 14 سرکاری چھٹیوں کی منظوری

    سال 2020 : متحدہ عرب امارات میں‌ 14 سرکاری چھٹیوں کی منظوری

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے سال 2020 میں ہونے والی سرکاری تعطیلات کی منظوری دے دی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کابینہ کی جانب سے دی جانے والی منظوری کے بعد سرکاری اور پرائیوٹ سیکٹر میں 14 سرکاری تعطیلات دی جائیں گی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2020 کی سرکاری تعطیلات کی منظوری دے دی گئی۔

    کابینہ فیصلے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 9 نومبر 2020 کو عید میلاد النبی ﷺ کی سرکاری تعطیل دی جائے گی اسی طرح یکم دسمبر کو  یادگاری دن جبکہ دو اور تین دسمبر کو جشن آزادی کے موقع پر چھٹی دی جائے گی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یکم دسمبر کو اتوار جبکہ دو اور تین دسمبر کو بالترتیب منگل اور بدھ کے دن ہوں گے، ہفتہ وار چھٹیوں کو ملا کر 7 روز میں صرف دو روز کام ہوگا جبکہ سرکاری و پرائیوٹ اداروں میں پانچ دن کی تعطیلات ہوں گی۔

    رپورٹ کے مطابق یکم جنوری کو نئے سال کی چھٹی دی جائے گی، اسی طرح چاند کی تاریخ کے حساب سے 29 رمضان سے 3 شوال تک پانچ روز کی سرکاری و نجی ادارے بند ہوں گے، یومِ عرفہ اور عیدالاضحیٰ کے تین روز چھٹی ہوگی۔

    اگست کی 23 تاریخ کو یکم محرم کی چھٹی دی جائے گی جبکہ 29 اکتوبر کو عید میلاد النبی ﷺ ، یکم دسمبر کو یادگاری دن، 2 اور دن دسمبر کو قومی دن کے موقع پر سرکاری تعطیل دی جائے گی۔

  • رفع حاجت کے بدلے 12 کروڑ روپے کا نقصان

    رفع حاجت کے بدلے 12 کروڑ روپے کا نقصان

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات میں ایشیائی شہری کو سڑک سے متصل صحرا میں رفع حاجت کرنا اس وقت مہنگا پڑگیا جب 4 نامعلوم افراد نے زبردستی اس سے 30 لاکھ درہم لوٹ لیے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ایک ایشیائی شہری کو دوران حاجت محسوس ہوئی اس نے شاہراہ سے متصل صحرا میں گاڑی اتار دی تاکہ حاجت رفع کرسکے لیکن نئی مشکل میں گرفتار ہوگیا۔

    ایشیائی شہری نے دبئی پولیس کو بتایا کہ میں جب میں رفع حاجت کے بعد گاڑی میں واپس آیا تو چار نامعلوم افراد نے مجھے گھیر لیا اور آنکھوں میں مرچوں بھرا سیال مادہ ڈال کر گاڑی کی پچھلی نشت پر رکھا بیگ لے اڑے۔

    متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ اس بیگ میں 30 لاکھ درہم کی خطیر رقم تھی جو وہ لوٹیرے لے اڑے۔

    پولیس نے متاثرہ شخص شکایت کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے نتیجے میں ایشیائی شخص کو کوئی جسمانی نقصان نہیں ہوا۔

    دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے مذکورہ شخص کو لوٹا تھا اور اپنے حصے کی رقمچینی محلے میں مقیم ایک اور ملزم کے حوالے کررکھی ہے۔

    پولیس نے چھاپہ مار کر اس کے قبضے سے 4 لاکھ 4 ہزار درہم برآمد کرلئے۔