Category: یو اے ای

یو اے ای اردو نیوز یعنی متحدہ عرب امارات سے اردو خبریں اور تازہ ترین معلومات

یو اے ای کی معیشت میں پاکستانیوں کا ایک اہم کردار ہے۔ وہ تعمیراتی، خدمات، اور دیگر شعبوں میں اہم افرادی قوت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھی پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدنی ہیں۔ 2023 میں، پاکستانیوں نے یو اے ای سے پاکستان کو 4.212 ارب ڈالر کی رقم بھیجی۔

  • دبئی، تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے عمارت تیار، ویڈیو وائرل

    دبئی، تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے عمارت تیار، ویڈیو وائرل

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے عمارت تیار کرلی گئی جس کی نقاب کشائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے 2 منزلہ عمارت تیار کی گئی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    دبئی میونسپلٹی نے بدھ کے روز یو اے ای کے علاقے وارسان میں دنیا کے سب سے بڑے تھری ڈی پرنٹ شدہ عمارت کی نقاب کشائی کی۔

    دبئی کے سینئر بلدیاتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دو منزلہ عمارت کا رقبہ 640 مربع میٹر اور اس کی بلندی 9.5 میٹر رکھی گئی ہے۔

    دبئی میونسپلٹی کے عہدیداران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ مستقبل قریب میں دبئی ایسی عمارتوں کا ایک مرکز بن جائے گا۔

    میونسپلٹی عہدیدار الحاجری نے کہا کہ اس عمارت کو ایجادات کے مرکز کے طور پر استعمال کیا جائے گا، ہم نے شہر کے اندر رہنے کے لیے اس علاقے کو منتخب کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ عمارت کو ایک سال میں تیار کیا گیا ہے اور اس کی لاگت 8لاکھ درہم سے لے کر 1ملین درہم تک آئی ہے۔

    الحاجری کا کہنا تھا کہ اب ہم تین مہینوں میں تھری ڈی پرنٹرکی مدد سے اس نوعیت کی عمارت کی تکمیل کو پہنچ سکتے ہیں، عمارت کی تیاری میں افرادی قوت روایتی عمارت میں درکار افرادی قوت سے بھی 50 فیصد کم ہے۔

    یاد رہے کہ اس لائحہ عمل کا اعلان دو سال قبل 2016 میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا تھا، جس پر اب باقاعدگی سے عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔

  • ابوظبی، 3 سالہ بچی نے سونے کی بالیاں نگل لیں

    ابوظبی، 3 سالہ بچی نے سونے کی بالیاں نگل لیں

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 3 سالہ بچی نے سونے کی بالیاں نگل لیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 3 سالہ بچی نے دراز کھول کر والدہ کی سونے کی بالیاں نگل لیں، بچی کو پیٹ میں درد کی شکایت پر شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ میں گھریلو کاموں میں مصروف تھی کہ بچی نے کمرے میں جاکر دراز کھولی اور اس میں رکھی سونے کی بالیاں کھا لیں۔

    بچی کو شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے فیملی ڈاکٹر ڈیوڈ روٹ نے کامیاب آپریشن کرکے بچی کے پیٹ سے سونے کی بالیاں نکال لیں۔

    ڈاکٹر روٹ کا کہنا ہے کہ پہلے ایک ٹیم نے بچی کا احتیاط سے معائنہ کیا اور معصوم بچی کی زندگی بچانے کے لیے آپریشن کے ذریعے اس کے پیٹ سے بالیاں نکالنے میں کامیاب رہے۔

    مزید پڑھیں: شارجہ، ماں کی لاپروائی 3 سالہ بچے کی جان لے گئی

    شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کیس اکثر اوقات آتے رہتے ہیں، کبھی کسی بچے نے سکہ، چھوٹی بیٹریز اور چھوٹی بال نگل لی ہوتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل ہی 13 ماہ کے بچے نے چھوٹی بالز نگل لی تھیں جن کی پیمائش 3 ملی میٹر تھی۔

    ڈاکٹرز کے مطابق سرجیکل ٹیم نے چار گھنٹے کے کامیاب آپریشن کے بعد بچے کی زندگی بچالی تھی اور چند دن تک اسپتال میں رکھ کر اسے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

    والدین کا کہنا تھا کہ بچے نے فلور پر کھیلتے ہوئے چند چھوٹی بالز اٹھا کر کھالی تھیں اور فلور پر کوئی موجود نہیں تھا جو اسے اس اقدام سے روکتا تاہم آئندہ ہم بہت احتیاط کریں گے۔

  • ایکسپو2020 : دبئی جانے والے مسافروں کے لیے فری بُک مارکس

    ایکسپو2020 : دبئی جانے والے مسافروں کے لیے فری بُک مارکس

    دبئی: دبئی انٹرنیشل ایئرپورٹ پر حکام کی جانب سے اتوار کو پہنچنے والے مسافروں کو دبئی ایکسپو 2020 کے فری بُک مارکس دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد احمد الماری کا کہنا ہے کہ دبئی ایکسپو 2020 کی تیاریاں جاری ہیں اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کا محکمہ اس حوالے سے مکمل تیار ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے والے مسافروں کو بُک مارکس دیے جائیں گے جس پر لکھا ہوا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے شو میں جانے کے لیے ایک سال باقی ہے۔

    دبئی ایئرپورٹ پر حکام کی جانب سے دیے جانے والے بُک مارکس میں ایکسپو 2020 دبئی کا لوگو اور ایک خاص بار کوڈ شامل ہے جو مسافروں کو ایکسپو 2020 دبئی کی آفیشل ویب سائٹ براؤز کرنے کی سہولت دیتا ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد احمد الماری نے کہا کہ ہم سب کو یقین دلاتے ہیں ہم ایکسپو میں آنے والے مہمانوں کو تمام تر سہولیات مہیا کریں گے تاکہ وہ دبئی میں قیام کے دوران لطف اندوز ہوسکیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ مشرق وسطیٰ، افریقا اور جنوبی ایشیا میں ایسا پہلا ایونٹ ہونے جا رہا ہے اور ہم اس کی میربانی کریں گے۔

  • جعلی سی آئی ڈی افسر نے غیرملکی کو لوٹ لیا

    جعلی سی آئی ڈی افسر نے غیرملکی کو لوٹ لیا

    ابوظبی: اماراتی پولیس نے سی آئی ڈی افسر کی حیثیت سے غیر ملکی مزدور کو لوٹنے والے بے روپیے کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو خود کو پولیس کے خفیہ ادارے سی آئی ڈی کے افسر ہونے کا دعویدار تھا اور شہریوں و غیر ملکی ملازمین کو لوٹتا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے اتوار کے روز سی آئی ڈی افسر کی حیثیت سے بنگلا دیشی ملازم کو گاڑی میں زبردستی بھٹایا اور کچھ فاصلہ طے کرنے کے بعد اس سے 3 ہزار درہم اور دوموبائل لوٹ کر فرار ہوگیا۔

    پراسیکیوشن کے مطابق ملزم پر خود کو خفیہ سیکیورٹی اہلکار ظاہر کرنے اور ڈکیتی واردات کرنے کا مقدمہ بر دبئی پولیس اسٹیشن میں متاثرہ شخص کی درخواست پر درج کیا گیا تھا۔

    بنگلادیشی ملازم نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ چہل قدمی کرتا ہوا جارہا کہ ملزم نے مجھے زبردستی گاڑی میں گھسیٹا اور کچھ فاصلے پر جاکر مجھ سے دو موبائل فون اور تین ہزار لوٹ لیے، میرے سوال کرنے پر اس نے بتایا کہ وہ سی آئی ڈی افسر ہے اور جائے وقوعہ سے نکل گیا۔

    پولیس نے مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کیا اور گاڑی کے پیلٹ نمبر سے ملزم کو تلاش کرنے میں کامیاب ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گاڑی جو واردات کےلیے استعمال کی گئی ملزم کی بہن کی ہے لیکن چلارہا جعلی سی آئی ڈی افسر رہا تھا جسے اسی کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    پولیس افسر نے عدالت کو بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کو ملز م کے قبضے سے تین موبائل فون اور بڑی تعداد میں موبائل کارڈز ملے ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کو دوران تفتیش دوران معلوم ہوا کہ ملزم اس سے قبل بھی اس طرح کی واردات سرانجام دے چکا ہے۔

  • شارجہ:‌ عمارت کی سیڑھیوں‌ اور راہداری میں سامان رکھنے پر پابندی، بھاری جرمانہ ہوگا

    شارجہ:‌ عمارت کی سیڑھیوں‌ اور راہداری میں سامان رکھنے پر پابندی، بھاری جرمانہ ہوگا

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کے حکام نے عمارتوں کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گھروں کا کاٹ کباڑ بیچ راستے میں ڈال کر سیڑھیوں کا راستہ بند نہ کریں بصورت دیگر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ادارے کے حکام نے شارجہ میں واقع عمارتوں کا معائنہ کرنے کے بعد ہدایت نامہ تیار کیا جس میں کہا گیا ہے کہ  اس کا اطلاق اُن تمام شہریوں پر ہوگا جو عمارتوں میں رہائش پذیر ہیں۔

    شارجہ میں حادثات کی روک تھام اور حفاظتی اقدامات دیکھنے والے ادارے (ایس پی ایس اے) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معائنہ کرنے والی ٹیم نے 17 علاقوں کی 4ہزار 345 عمارتوں کا دورہ کیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ 80 فیصد عمارتوں میں سامان رکھنے کی وجہ سے راستے بند ہیں۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق پرانے فرنیچر کو ایمرجنسی ایگزیٹ یا راہداری میں رکھ کر راستہ بند کرنا عمارت کے رہائشیوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے لہٰذا اس عمل سے گریز کریں  بصورت دیگر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: شارجہ، شوہر کے زیادہ محبت کرنے پر خاتون نے طلاق مانگ لی

    ایس پی ایس اے نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ راہداری، سیڑھیوں پر سامان رکھنا کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے،گزرگاہوں یا ہنگامی راستوں پر رکھے ہوئے سامان کو  فوری طور پر ہٹایا جائے۔ عمارت کے مالکان اور رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانچ روز کے اندر تمام راستے کلیئر کرلیں بصورت دیگر 10 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ معائنہ کرنے والی ٹیم کی کاررائیوں کا مقصد عمارتوں سے دھوئیں کا اخراج اور آگ بجھانے کے آلات کی تنصیب کو یقینی بنایا ہے تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جائے، اسی طرح ہنگامی اخراج کے لیے سیڑھیوں ، لفٹ کے راستوں کو بھی کلیئر کرایا جائے گا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایس پی سی اے رواں سال پانچ ہزار نئی عمارتیں تعمیر کرنے کی منظوری دینے کا ارادہ رکھتا ہے، پرانی اور نئی عمارتیں تعمیر کرنے والے تمام افراد کو ہدایت کی گئی کہ وہ تعمیرات کے وقت رہائشیوں کو تحفظ فراہم کرنے والے حفاظتی اقدامات کے قوانین پر  عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ٹیم عمارت کے نقائض کی نشاندہی کرے گی اور پہلے مرحلے میں مالکان کو متنبہ کردیا جائے گا کہ وہ خامی کو دور کریں، اگر کسی نے تجاویز (ہدایات) پر عمل نہ کیا تو اُس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • شارجہ، ماں کی لاپروائی 3 سالہ بچے کی جان لے گئی

    شارجہ، ماں کی لاپروائی 3 سالہ بچے کی جان لے گئی

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں والدہ کے ہاتھ سے گرم پانی 3 سالہ بچے پر جاگرا جس کے نتیجے میں وہ دار فانی سے کوچ کرگیا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شارجہ میں بنگلہ دیشی خاتون کے ہاتھ سے گرم پانی اپنے 3 سالہ معصوم بچے پر جاگرا جس کے سبب بچے کا جسم 33 فی صد جھلس گیا اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    رپورٹ کے مطابق بچہ تین دن تک القاسمی اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج رہا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ والدہ کچن میں کام کررہی تھیں اس دوران بچہ ان کی گو دمیں موجود تھا جیسے ہی انہوں نے گرم پانی اٹھایا تو وہ بچے پر جاگرا۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی میں 2 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

    خاتون نے روتے ہوئے بتایا کہ کچن میں میرے ایک ہاتھ میں بچہ تھا اور دوسرے ہاتھ میں گرم پانی موجود تھا جسے میں سنبھال نہیں سکی اور پانی میرے معصوم بچے پر گر گیا۔

    بچے کو فوری طور پر شارجہ کے کویت اسپتال منتقل کیا گیا بعدازاں اسے القاسمی اسپتال ریفر کیا گیا جہاں تین دن زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔

    کمسن بچے کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق اس کے جسم کا زیادہ تر حصہ متاثر ہوا اور اس کی موت ہیموگلوبین اور بلڈ پریشر کی کمی کی وجہ سے ہوئی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ابوظبی میں گھر کے صحن میں کھیلتا ہوا بچہ سوئمنگ پول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ گھر والے اندر کمروں میں موجود تھے۔

  • کیا آپ دنیا کا مہنگا ترین گٹار دیکھنا چاہیں گے؟

    کیا آپ دنیا کا مہنگا ترین گٹار دیکھنا چاہیں گے؟

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات میں 26 تا 30 اکتوبر دنیا کا مہنگا ترین گٹار جس میں 11 ہزار 441 سے زائد ہیرے جڑے گئے ہیں نمائش کےلیے پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں رواں ماہ کے آخر میں منعقد ہونے والے جیولری اینڈ واچ شو میں 20 لاکھ ڈالر کے گٹار کو عوامی نمائش میں پیش کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گینس بُک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی اس شاہکار کو دنیا کا مہنگا ترین گٹار تسلیم کرلیا ہے۔

    رواداری کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی سرپرستی میں ہونے والے اس پروگرام کے شرکاء ایک غیر معمولی گٹار کو دیکھیں گے جس میں 1.6 کلو گرام سفید سونے جبکہ 44 قیراط سے زائد 11 ہزار 441 ہیروں کا استعمال کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ گٹارجسے ایدن آف کارونیٹ کانام دیا ہے کا ڈیزائن مارک لوئی نے تیار کیا تھا جو خود گانوں کے مشہور مصنف ہیں جبکہ اسے 68 کاریگروں نے 700 دنوں میں تیار کیا ہے۔

    خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ صرف مائیکل جیکسن کے بھائی سمیت کچھ ہی فنکار ہیں جنہون نے اس آلہ موسیقی کے ذریعے محافل میں موسیقی پیش کی ہے۔

    جے ڈبلیو ایس ایونٹ کے منیجر ، محمد مہیڈائن نے کہا ، "ہم ہر سال جے ڈبلیو ایس پر حیرت انگیز چیزیں آویزاں کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور دنیا کا سب سے قیمتی گٹار ایک حیرت انگیز چیز ہے۔

  • یو اے ای خلا باز نے گھر پہنچتے ہی والدہ کے قدم چوم لیے، ویڈیو وائرل

    یو اے ای خلا باز نے گھر پہنچتے ہی والدہ کے قدم چوم لیے، ویڈیو وائرل

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے خلا باز ہذاع المنصوری نے گھر پہنچتے ہی والدہ کے قدم چوم لیے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے پہلے خلا باز ہذاع المنصوری خلائی اسٹیشن سے واپس آنے کے بعد جب گھر پہنچے تو انہوں نے اپنی والدہ کے قدم چوم لیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ المنصوری گھٹنوں کے بل بیٹھ کر والدہ کے پیروں کو بوسہ دے رہے ہیں اس کے بعد انہوں نے والدہ کو گلے بھی لگایا۔

    واضح رہے کہ المنصوری کا خلائی اسٹیشن سے واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا تھا، ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان، ابوظبی کے ڈپٹی سپریم کمانڈر ان کے لیے استقبال کے لیے موجود تھے۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے دورے پر موجود روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے یو اے ای کے خلا باز المنصوری سے ملاقات کی تھی۔

    متحدہ عرب امارات کے خلا نورد المنصوری روسی اسپیس کرافٹ کے ذریعے قازقستان سے خلا کے لیے روانہ ہوئے تھے اور چھ گھنٹے کے سفر کے بعد اسپیس اسٹیشن پہنچ گئے تھے۔

    دبئی کے محمد بن راشد اسپیس سینٹر میں لوگوں کی بڑی تعداد اس مشن کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئی تھی اور خلائی گاڑی کے روانہ ہونے پر نعرے لگاتے ہوئے المنصوری کو قومی ہیرو قرار دیا تھا۔

  • دبئی کے شہریوں نے آن لائن خریداری میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    دبئی کے شہریوں نے آن لائن خریداری میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں نے ایک سال میں 4 ارب ڈالر کی آن لائن شاپنگ کر کے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں آن لائن خریداری کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور لوگ کپڑوں، تصاویر، موبائل فون، الیکٹرانک سامان سمیت دیگر اشیاء کی خریداری آن لائن ویب سائٹس سے ہی کرتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق دبئی کے خریداروں نے صرف بیرونِ شہر سے 1 ارب 5 کروڑ ڈالر کی خریداری کی۔ آن لائن خریدوفروخت کے حوالے سے قائم کی جانے والی کمپنی کے شراکت دار کا کہنا ہے کہ شہری خریداری کے عوض گھر منگوانے کا بھاری معاوضہ دینے کو بھی تیار ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’’دبئی کے شہری 20 سے تیس فیصد رعایت والی خریداری بہت زیادہ شوق سے کرتے ہیں، بعض اوقات تو ایسا بھی ہوتا ہے کہ کمپنی کے پاس آرڈر زیادہ ہوتے اور مال ختم ہوجاتا ہے‘‘۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آرڈر دینے کے بعد بیشتر اوقات شہریوں کو اُن کی چیز دو سے تین روز بعد موصول ہوتی ہے۔

    دبئی میں مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کے آؤٹ لیٹ موجود ہیں، منگل کے روز ’امارتی ڈلیوریز‘ نامی کمپنی نے خریداروں کو خوش خبری سنائی کہ وہ دنیا بھر میں کہیں بھی آرڈر کرسکتے ہیں کیونکہ کمپنی اب ہر ملک سے اشیاء منگوا کر ڈلیور کرے گی۔

    آن لائن اشیاء فروخت کرنے والی کمپنیوں نے ادائیگی کے مختلف طریقہ کار متعارف کرائے ہوئے ہیں، جن میں چیز گھر پہنچنے کے بعد ادائیگی ، آرڈر دیتے وقت مکمل یا نصف ادائیگی وغیرہ ہیں۔

  • ابوظبی، اسکول ملازمین اور اساتذہ کو پارکنگ کی فری سہولت دینے کا اعلان

    ابوظبی، اسکول ملازمین اور اساتذہ کو پارکنگ کی فری سہولت دینے کا اعلان

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے گاڑیوں کی پارکنگ کے حوالے سے نئی پالیسی متعارف کرادی جس کا براہ راست فائدہ اسکول ملازمین کو پہنچے گا۔

    خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز محکمہ ٹرانسپورٹ اور محکمہ تعلیم کا معاہدہ طے پایا جس کے بعد پارکنگ کی نئی  پالیسی کا اعلان کیا گیا۔

    محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’سرکاری اسکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ اور دیگر ملازمین کو اسکول کی حدود میں فری پارکنگ کی اجازت ہوگی اور انہیں باقاعدہ پاسز بھی جاری کیے جائیں گے‘‘۔

    معاہدے کا اطلاق رواں تعلیمی سال پر ہوگا اور مدت ختم ہونے کے بعد اس میں توثیق کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اسکولوں کو مراسلہ جاری کیا کہ وہ نئے معاہدے کی روشنی میں اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔

    View this post on Instagram

    الإتحاد : أعلنت وزارة التربية والتعليم أن معلمي المدارس الحكومية والهيئات الإدارية في أبوظبي سيحصلون على مواقف سيارات مجانية دائمة في محيط المدارس التي يعملون بها بناء على اتفاق بين الوزارة ودائرة النقل في أبوظبي بدءاً من العام الدراسي الجاري ، ودعت وزارة التربية ، الإدارات المدرسية في أبوظبي إلى الإسراع في تقديم الطلبات للاستفادة من الاتفاق المبرم بين الجهتين.

    A post shared by شبكة ابوظبي || أخبار الامارات (@net_ad) on

    محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق سرکاری اسکولوں کو سہولت حاصل کرنے کے لیے درخواست کے ساتھ پانچ ڈاکومینٹس پیش کرنا ہوں گے، جن میں ادارے کا تصدیق نامہ، اساتذہ اور ملازمین کی فہرست، گاڑیوں کے کاغذات اور ڈائیونگ لائسنس کی کاپی، ادارے کا کارڈ اور شناختی کارڈ کی کاپی شامل ہیں۔