Category: یو اے ای

یو اے ای اردو نیوز یعنی متحدہ عرب امارات سے اردو خبریں اور تازہ ترین معلومات

یو اے ای کی معیشت میں پاکستانیوں کا ایک اہم کردار ہے۔ وہ تعمیراتی، خدمات، اور دیگر شعبوں میں اہم افرادی قوت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھی پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدنی ہیں۔ 2023 میں، پاکستانیوں نے یو اے ای سے پاکستان کو 4.212 ارب ڈالر کی رقم بھیجی۔

  • یو اے ای کے ورک ویزا کے لیے نئی شرط عائد

    یو اے ای کے ورک ویزا کے لیے نئی شرط عائد

    بیورو آف امیگریشن نے متحدہ عرب امارات کے ورک ویزا حاصل کرنے کے لیے نئی شرط عائد کردی۔

    متحدہ عرب امارات کا ورک ویزا حاصل کرنے کے لیے ایک نئی شرط متعارف کروائی گئی ہے جس میں درخواست دہندگان کو پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ جمع کروانے کا پابند بنایا گیا ہے۔

    پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن (پی او ای پی اے) کے وائس چیئرمین عدنان پراچہ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے خواہشمند افراد کو اب اپنے ورک ویزا کے ساتھ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔

    انہوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ یو اے ای حکومت کی شکایات کے جواب میں لیا گیا ہے۔

    عدنان پراچہ نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں کچھ پاکستانیوں کے بھیک مانگنے اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک برادر اور دوست ملک ہونے کے ناطے متحدہ عرب امارات کے قوانین کی پاسداری ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے پہلے ہی پاکستان کے 24 شہروں کے وزٹ ویزوں پر پابندی عائد کر رکھی تھی جسے اب 30 شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ مزید برآں، پاکستانیوں کو گزشتہ ایک سال سے متحدہ عرب امارات کے لیے ورک ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    اس کی وجہ سے گزشتہ سال ایک لاکھ سے زائد افراد متحدہ عرب امارات میں روزگار حاصل کرنے سے قاصر رہے۔

  • متحدہ عرب امارات: غیر ملکیوں کو بڑی سہولت مل گئی

    متحدہ عرب امارات: غیر ملکیوں کو بڑی سہولت مل گئی

    متحدہ عرب امارات میں موجود دبئی امیگریشن اتھارٹی کا کہنا ہے غیر ملکی تارکین وطن کی سہولت کے لیے آن لائن ایگزٹ پرمٹ کا اجرا شروع کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایگزٹ پرمٹ حاصل کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ دی گئی مہلت (31 دسمبر 2024) سے قبل امارات سے چلے جائیں تاکہ کسی بھی قسم کے جرمانے سے محفوظ رہ سکیں۔

    امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اتھارٹی کے مطابق دبئی میں مقیم غیرقانونی تارکین وطن جن کے اقامے یا ورک پرمٹ کی مدت ختم ہوچکی ہے اور وہ وطن واپس جانے کے خواہش مند ہوں، ان کی سہولت کے لیے آن لائن ایگزٹ پرمٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق آن لائن ایگزٹ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے درخواست گزرا یا اس کی کمپنی ’یو ایے ای پاس‘ ڈیجیٹل سروس کے پورٹل پر لاگ ان کرنے کے بعد ’تصریح المغادرہ‘ (ایگزٹ پرمٹ) کے آپشن کا انتخاب کریں اور وہاں درکارمعلومات فیڈ کرنے کے بعد مقررہ فیس ادا کرکے درخواست اپلوڈ کردیں۔

    درخواست موصول ہونے کے بعد سسٹم تمام دستاویزات کا خود کار طریقے سے جائزہ لے گا اور ایگزٹ پرمٹ ای میل پر بھیج دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ایگزٹ پرمٹ کی مدت 14 دن ہوتی ہے، پرمٹ حاصل کرنے والے کو چاہیے کہ وہ اس دوران ملک سے چلے جائیں، اس کے علاوہ ایگزٹ پرمٹ سمارٹ ایپ کے ذریعے بھی جاری کرایا جاسکتا ہے۔

    امیگریشن اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ دبئی حکومت نے غیرقانونی تارکین کو 31 دسمبر تک مہلت دی ہے، اس دوران وہ ملک سے نکل جائیں یا اپنے قانونی معاملات کو درست کرالیں۔

    دبئی میں رہنے والے غیرقانونی تارکین کو مقررہ مہلت کے ختم ہونے کے بعد قانون شکنی کا سامنا کرنا پڑے گا جس پر قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

    سعودی عرب: چار لاکھ ملازمتوں کی خوشخبری سنادی گئی

    واضح رہے امارات میں حکام کی جانب سے ایسے غیرملکی جن کے اقامے یا ورک پرمٹ ایکسپائر ہوچکے ہیں اور ان کا قیام قانونی نہ رہا ہو انہیں خصوصی رعایت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے قیام کو قانونی شکل دیں۔دی گئی مہلت کے دوران ملک سے جانے والوں پر کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا نہ ہی انہیں کوئی فیس لی جائے گی۔

  • اسرائیلی ربی کے قتل میں ملوث ملزمان کون ہیں؟ شناخت ظاہر کردی گئی

    اسرائیلی ربی کے قتل میں ملوث ملزمان کون ہیں؟ شناخت ظاہر کردی گئی

    متحدہ عرب امارات میں اسرائیلی-مالدووان ربی زوی کوگن کے قتل میں ملوث ملزمان کی شناخت کو ظاہر کردیا گیا ہے۔ حکام نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے شبے میں تین افراد کو گزشتہ روزحراست میں لیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اماراتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے تینوں ملزمان ازبک شہری ہیں جن میں 28 سالہ اولمپی توہیرووچ، 28 سالہ محمود جان عبدالرحیم اور 33 سالہ عزیزبیک کاملووچ شامل ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں مقیم کوگن کی اسرائیلی و مالدووان شہریت تھی، وہ 21 نومبر کو یو اے ای میں لاپتہ ہوا تھا، تلاش کے سلسلے میں شروع ہونے والی تحقیقات کے دوران اس کی لاش برآمد کی گئی۔

    اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی گرفتاری نہیں، سزائے موت دینی چاہیے۔

    ایران کے سپریم لیڈر نے عالمی فوجداری عدالت کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے اجتماع، گھروں، اسپتالوں پر بم مارنا فتح نہیں جنگی جرائم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گرفتاری وارنٹ کافی نہیں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی سزائے موت کے وارنٹ جاری ہونے چاہئیں۔

    آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ غزہ، لبنان میں دشمن کی جیت نہیں ہوئی، دشمن غزہ اور لبنان میں کبھی نہیں جیت سکے گا۔

    نیتن یاہو برطانیہ آئے تو گرفتار کرلیں گے، ڈیوڈ لیمی

    واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے گذشتہ ہفتے اسرائیلی وزیراعظم کے گرفتاری وارنٹ جاری کیے تھے۔ جس پر بیشتر ممالک نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے لئے تیار ہیں۔

  • یو اے ای میں پاسپورٹ کی تجدید کی نئی فیس کتنی ہے؟

    یو اے ای میں پاسپورٹ کی تجدید کی نئی فیس کتنی ہے؟

    متحدہ عرب امارات کے شہری حکومت دبئی کی طرف سے نامزد کردہ مختلف مراحل سے گزر کر پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جس کی میعاد ختم ہوچکی ہے یا جس کی میعاد 6 ماہ سے کم ہونے والی ہے۔

    پاسپورٹ کی تجدید بروقت کروانا ضروری ہے کیونکہ کسی کو بھی درست سفری دستاویز کے بغیر طیارے میں سوار ہونے یا دوسرے ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوتی۔

    دبئی حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درخواست دینے کے عمل کو آسان بنادیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں پاسپورٹ کی تجدید کے لیے کہاں درخواست دیں

    درخواست دہندہ ڈیجیٹل چینلز کا استعمال کر سکتا ہے یا تجدید کے لیے درخواست دینے کے لیے کسٹمر ہیپی نیس سینٹر جا سکتا ہے۔

    ڈیجیٹل چینلز (ویب سائٹ/ اسمارٹ ایپلیکیشن):

     (یو اے ای پاس یا صارف نام) کے ذریعے اسمارٹ سروسز سسٹم میں لاگ ان کریں۔

    جس مقصد کے لیے اپلائی کیا جائے اسے تلاش کریں پھر جہاں قابل اطلاق ہو، درخواست کا ڈیٹا پُر کریں۔ سروس فیس (اگر کوئی ہے) ادا کریں۔

    کسٹمر ہیپی نیس سینٹر:

    قریب ترین کسٹمر ہیپی نیس سنٹر پر جائیں۔  ٹکٹ حاصل کریں اور انتظار کریں۔ درخواست جمع کرانا جو تمام شرائط اور دستاویزات (اگر کوئی ہے) کو پورا کرتی ہے۔

    کسٹمر سروس ملازم:  سروس فیس (اگر کوئی ہے) ادا کریں۔

    اماراتی پاسپورٹ کی تجدید کی فیس

    دبئی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ کی تجدید کی فیس 55 اے ای ڈی کے علاوہ پانچ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس (وی اے ٹی) ہے۔

  • یو اے ای میں چھٹیوں کا اعلان

    یو اے ای میں چھٹیوں کا اعلان

    متحدہ عرب امارات کا قومی دن اگلے ہفتے منایا جائے گا اس موقع پر سرکاری اور نجی ملازمین لمبی چھٹیوں کے مزے لیں گے۔

    امارات الیوم کے مطابق متحدہ عرب امارات کا 53 واں قومی دن اگلے ہفتے منایا جائے گا۔ قومی دن کے موقع پر سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین چار چھٹیوں کے مزے لیں گے۔

    یو اے ای کی متعلقہ وزارت نے قومی دن کے حوالے سے 2 اور 3 دسمبر (پیر اور منگل) کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جب کہ امارات میں ہفتہ اور اتوار کو معمول کی چھٹی ہوتی ہے۔

    یوں ہفتہ وار تعطیل اور قومی دن کی تعطیلات ملا کر ملازمین چار دن کی چھٹیاں کریں گے۔

    متحدہ عرب امارات میں 53 ویں قومی دن کے موقع پر سرکاری اور نجی سیکٹر کے ملازمین کےلیے دو دن کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ2 دسمبر 1971 کو متحدہ عرب امارات قائم ہوئی تھی۔ اس میں تمام ریاستیں جن میں ابوظہبی، دبئی، شارجہ، عجمان، ام القوین، راس الخیمہ اور فجیرہ شامل ہیں متحد ہوئی تھیں، جس کے بعد ان ریاستوں کو متحدہ عرب امارات کا نام دیا گیا تھا۔

    تب سے اب تک ہر سال 2 دسمبر کے دن متحدہ عرب امارات کا قومی دن منایا جاتا ہے۔

  • یو اے ای وزٹ ویزا کی درخواست دینے کے لیے یہ طریقہ اپنائیں

    یو اے ای وزٹ ویزا کی درخواست دینے کے لیے یہ طریقہ اپنائیں

    جو لوگ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزٹ ویزوں کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں وہ درخواست مسترد ہونے سے بچنے کے لیے تمام مطلوبہ دستاویزات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

    یو اے ای جانے کے لیے فلائٹ میں سوار ہوتے وقت ایئرپورٹ پر قیام کا ثبوت، واپسی کا ٹکٹ اور 300 درہم کے سفیشیئنٹ فنڈز کا ثبوت دینا ہوگا۔

    ٹریول ایجنٹوں کے مطابق اب ویزا کی درخواست دینے سے پہلے قیام کے ثبوت، فنڈز کے ثبوت اور واپسی کے ٹکٹ سے متعلق دستاویزات جمع کروانا ہوتا ہے۔

    قیام کا ثبوت

    یو اے ای میں قیام کے ثبوت میں ہوٹل کی کتاب یا رشتہ دار کی رہائش کا پتہ شامل ہے جہاں آپ دورے کے دوران قیام کریں۔ گے۔

    فنڈز کا ثبوت

    ویزا کے لیے درخواست دیتے وقت مسافر کو درکار ڈی ایچ 3000 کی کرنسی کے برابر کافی رقم رکھنے کا ثبوت (بینک اسٹیٹمنٹ) جمع کرنا ہوگا۔

    واپسی ٹکٹ

    وزیٹر کو ریٹرن ٹکٹ کا ثبوت بھی پیش کرنا ہوگا۔

    یہ اقدامات وزٹ ویزا کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں کہ درخواست گزار متحدہ عرب امارات میں اپنے قیام کے اخراجات برداشت کر سکے۔

  • یو اے ای کا ٹیکس میں بڑی چھوٹ کا اعلان، مگر کن کے لیے؟

    یو اے ای کا ٹیکس میں بڑی چھوٹ کا اعلان، مگر کن کے لیے؟

    متحدہ عرب امارات نے نئے ٹیکس ریلیف کا اعلان کیا ہے اس سے کون کون مستفید ہوسکیں گے وزارت خزانہ نے بتا دیا۔

    گلف نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ٹیکس میں نئے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ اس ریلیف سے مقامی برنس مین اور ان کے غیر ملکی بزنس پارٹنرز مستفید ہوسکیں گے۔

    لوکل بزنس اداروں پر اپنے شراکت داروں کی تبدیلی کے لیے 20 روز قبل متعلقہ اداروں کو مطلع کرنے کی پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ کے نئے قوانین کے تحت، غیر مربوط شراکت داریوں کے لیے تعمیل کے تقاضوں کے مطابق اب شراکت دار میں کسی تبدیلی کے 20 کاروباری دنوں کے اندر فیڈرل ٹیکس اتھارٹی (FTA) کو مطلع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شراکت داریوں کو متحدہ عرب امارات میں ‘ٹیکس کے معاملے میں شفاف’ سمجھا جائے گا، جس کے بعد انفرادی شراکت داروں کی FTA میں اپنے ٹیکس کی حیثیت کی الگ سے تصدیق کرنے کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے۔

    اس قانون کے تحت یو اے ای میں اثاثے رکھنے والے خاندان کو اپنے درمیان سے ایک قانونی فرد کو ٹیکس کے حوالے سے شفاف حیثیت دینے کا بھی اختیار ہوگا۔

    وزارت خزانہ کے انڈر سیکرٹری یونس حاجی الخوری نے کہا کہ اس فیصلے میں ترمیم یو اے ای کے کارپوریٹ ٹیکس نظام کی لچک کی عکاسی کرتی ہے جس سے ٹیکس دہندہ افراد کو یقین دہانی اور یو اے ای کے مسابقتی کاروباری ماحول میں اعتماد کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں سونا سستا ہوگیا

    متحدہ عرب امارات میں سونا سستا ہوگیا

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سونے کے بھاؤ میں 23.25 درھم فی گرام تک کی کمی واقع ہوگئی۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سونے کے نرخوں میں اس ہفتے کے آخر تک 11.25 درھم سے 14.5 درھم فی گرام تک کی کمی واقع ہو چکی تھی۔ مسلسل دوسرے ہفتے کے آخر تک اس کمی کا سلسلہ جاری رہا۔

    رپورٹس کے مطابق اس طرح ایک گرام سونے کے نرخوں میں 2 ہفتوں کے اختتام پر کل کمی 23 ریال سے زیادہ کی ہو چکی ہے۔

    دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹوں کی اگر بات کی جائے تو 24 قیراط سونے کا بھاؤ14.50 درھم کمی کے ساتھ 301.75 درھم تک پہنچ چکا ہے، جبکہ 22 قیراط ایک گرام کے نرخ 287.50 درہم تک آچکے ہیں جس میں 13.50 درھم کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    18 قیراط سونے کی قیمت میں 11.25 درھم کی کمی واقع ہوئی ہے اور اس کے نرخ 238.75 درھم ہو گئے ہیں جبکہ 21 قیراط ایک گرام میں 13 درھم تک کی واقع ہو چکی ہے اور اس کے نرخ 278.5 درھم پر پہنچ چکے ہیں۔

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کرانے والی کمیٹی نے نومبر 2024 کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔

    اکتوبر 2024 کے مقابلے میں پٹرول کی قیمتوں میں 8 سے 9 فلس جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 فلس فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا۔

    پٹرول سپیشل 95 کی فی لٹر قیمت نومبر میں 2.63 درھم ہوگئی جبکہ اکتوبر میں اس کی قیمت 2.54 درھم تھی، اس کے علاوہ پٹرول سپر 98 کی فی لٹر قیمت اکتوبر میں 2.66 درھم تھی اب نومبر میں 2.74 درھم میں دستیاب ہوگا۔

    اسرائیل میں سونا اور پیٹرل مہنگا ہو گیا

    نومبر میں ای پلس 91 پٹرول کی قیمت 2.55 درھم ہوگی اس کی اکتوبر میں قیمت 2.47 درھم فی لیٹر تھی، ڈیزل کی نومبر کے لیے قیمت2.67 درھم فی لیٹر کردی گئی اکتوبر میں اس کے نرخ 2.60 درھم تھے۔

  • آئندہ برس رمضان المبارک کا آغاز کب، روزے کا دورانیہ کتنا ہوگا؟

    آئندہ برس رمضان المبارک کا آغاز کب، روزے کا دورانیہ کتنا ہوگا؟

    آئندہ برس رمضان کا مبارک مہینہ ایسے وقت آئے گا جب موسم سرما کا اختتام اور موسم بہار کا آغاز ہو رہا ہوگا اور گزشتہ سالوں کی نسبت روزے قدرے ٹھنڈے ہوں گے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئندہ برس رمضان المبارک ماہ مارچ میں ہوگا۔ کچھ ممالک میں اس کا آغاز یکم مارچ اور کچھ کا 2 مارچ ہوگا۔

    فلکیاتی حساب کے مطابق غالب گمان ہے کہ سعودی عرب، خیلجی ممالک سمیت کئی مغربی اور یورپی ممالک میں یکم رمضان آئندہ برس یکم مارچ 2025 بروز ہفتہ کو ہوگا۔

    پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں جہاں عموماً اسلامی ماہ کا آغاز ایک روز بعد ہوتا ہے تو امکان ہے کہ 2 مارچ اتوار سے اس خطے میں رمضان کا آغاز ہوگا۔ تاہم اس کا حتمی تعین اس وقت چاند نظر آنے کے مطابق ہی کیا جائے گا۔

    توقع ہے کہ کئی عرب ممالک مثلا سعودی عرب ، امارات ، قطر ، کویت اور مصر سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان کے ابتدائی ایام میں روزے کا دورانیہ تقریباً 13 گھنٹے ہو گا۔

  • متحدہ عرب امارات: ویزا ایمنسٹی اسکیم سے متعلق اہم اعلان

    متحدہ عرب امارات: ویزا ایمنسٹی اسکیم سے متعلق اہم اعلان

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ویزا ایمنسٹی اسکیم میں دو ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی کی جانب سے ویزا ایمنسٹی اسکیم میں اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    دبئی سے اماراتی حکام کے مطابق ویزا ایمنسٹی اسکیم میں 31 دسمبر 2024 تک توسیع کر دی گئی ہے۔

    ویزا ایمنسٹی اسکیم کا آغاز یکم ستمبر سے ہوا اور اسے 31 اکتوبر کو ختم ہونا تھا، ہزاروں افراد نے اس اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ویزا اسٹیٹس کو ریگولرائز کرایا۔

    اماراتی حکام نے بتایا کہ اس کے باعث اوور اسٹے کرنے والوں کو لاکھوں کے جرمانے سے چھوٹ دی، ایکسپائرڈ ویزے والے افراد کو بغیر جرمانہ قانونی رہائشی بننے کا موقع دیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب کویت میں قومیت کی تحقیقات کی سپریم کمیٹی نے گزشتہ روز 489 مقدمات میں کویتی شہریت واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے بعد اسے وزراء کونسل میں پیش کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کویتی شہریت کی تحقیقات کے لیے سپریم کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد کیا گیا تھا، جس کی صدارت اول نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف سعود الصباح نے کی۔

    رپورٹس کے مطابق کویتی حکام کی جانب سے گزشتہ چند ماہ کے دوران سیکڑوں افراد سے شہریت واپس لے لی ہے کیونکہ حکام شہریت کے حصول میں جعل سازوں، دھوکہ دہی اور اس طرح کے لوگوں کا پردہ فاش کرنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال 20 ستمبر کے بعد یہ کویتی شہریت واپس لینے کا سب سے بڑا واقعہ ہے کویتی قومیت کی تحقیقات کی سپریم کمیٹی نے اس وقت 112 افراد کی شہریت کو منسوخ کردیا تھا۔