Category: Uncategorized

  • ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں میں ناقابل تصور تباہی ہوئی ہے، سربراہ آئی اے ای اے

    ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں میں ناقابل تصور تباہی ہوئی ہے، سربراہ آئی اے ای اے

    نیویارک : سربراہ آئی اے ای اے رافیل گروسی کا کہنا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں میں ناقابل تصور تباہی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ آئی اے ای اے رافیل گروسی نے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے حوالے سے کہا ابھی بھی امن اور مذاکرات کو موقع دیاجاسکتا ہے، امن کو موقع نہ دیاگیا تو مزید تباہی اور بربادی ہوگی۔

    رافیل گروسی کا کہنا تھا کہ ایٹمی تنصیبات پرحملے کے شدید مخالف ہیں، مشرق وسطیٰ کو امن چاہیے اور راستہ صرف سفارتکاری ہے، آئی اےای اے کے انسپکٹرز کو تنصیبات کےدورے کرنے دیں، آئی اےای اے کی انسپکشن سے امن کو موقع مل سکتا ہے۔

    سربراہ آئی اے ای اے نے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں میں ناقابل تصور تباہی ہوئی ہے، ایران کی فردو سائٹ پر حملوں کےنشانات واضح ہیں، فردوپریورینیم کی افزودگی 60فیصد تک ہے، فردو میں زیرزمین کتنا نقصان ہوا کوئی بتا نہیں سکتا، انسپکشن تک پتا نہیں لگایاجاسکتا کہ کتنا نقصان ہوا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے اصفہان میں یورینیم کی موجودگی کے مقام کو نشانہ بنایا، اصفہان میں سائٹ کےاطراف عمارتوں کو نقصان ہوا ہے . جن میں سے کچھ "یورینیم کی تبدیلی کے عمل سے متعلق ہیں۔

    گروسی کا کہنا تھا کہ افزودہ مواد کو ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی سرنگوں کے داخلی راستے بھی متاثر ہوئے ہیں تاہم ایران نےاطلاع دی ہےکہ جوہری تابکاری نہیں ہوئی، ہم تسلسل سے جوہری تنصیبات پرحملوں پرتشویش کا اظہارکرچکے ہیں۔

    سربراہ آئی اے ای اے نے کہا کہ نظنز میں، امریکہ نےایندھن کی افزودگی کے پلانٹ کو نشانہ بنایا، ی اے ای اے کے معائنہ کار ہدف شدہ تنصیبات کی جانچ کے لیے تیار ہے۔

    گروسی کا کہنا تھا ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے عدم حصول کی یقین دہانی کیلئے ہمیں مذاکرات کی طرف واپس آنا ہوگا، ایران جب اجازت دے گا آئی اے ای اے انسپکٹرز تباہ شدہ سائٹس کا جائزہ لیں گے۔

    انھوں نے کہا یواین چاہےتو ایران میں سیفٹی سیکیورٹی گارڈزتعینات کرسکتےہیں، یواین کےتعاون سےہم نیوکلیئرسیفٹی ماہر ایران بھیج سکتےہیں، سفارت کاری کے دروازوں کو بند نہیں کرنا چاہیے۔

    ،سربراہ آئی اےای اے نے مزید کہا کہ دنیا میں مزید جوہری ہتھیار ہونگے تو دنیا کو محفوظ تصور نہیں کرتے، ایران کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے۔

  • کراچی میں قائد آباد اور اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    کراچی میں قائد آباد اور اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    کراچی کے علاقے قائد آباد اور اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے سبب شہری خوف زدہ ہوگئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کراچی میں زلزلے کے جھٹکے 3 بجکر 14 منٹ پر محسوس کئے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 3 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلہ کی گہرائی 8 کلومیٹر، مرکز ملیر تھا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کوئٹہ میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، جس کے سبب عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ شہر اور گردونواح میں 2.8 شدت کا زلزلہ آیا، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی گہرائی 23 کلومیٹرتھی جبکہ مرکز کوئٹہ سے 75 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔

    زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    یاد رہے کراچی میں قائد آباد اور ملیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔

    جاپان کے ساحلی علاقے میں 6.1 شدت کا زلزلہ آ گیا

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی، زلزلہ ملیر اور اطراف کے ایک کلو میٹر علاقے میں آیا۔

  • جوئے کو فروغ دینے کا الزام یوراج، ہربھجن رائنا بڑی مشکل میں پھنس گئے

    جوئے کو فروغ دینے کا الزام یوراج، ہربھجن رائنا بڑی مشکل میں پھنس گئے

    بھارت کے سابق کرکٹر یوراج سنگھ، ہربھجن سنگھ اور سریش رائنا سے جوئے کو فروغ دینے کے الزام میں سیکیورٹی حکام نے پوچھ گوچھ کی ہے۔

    انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے تینوں سابق کرکٹرز کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا سے بھی تفتیش کی ہے، یوراج، ہربھجن اور رائنا مشکل میں پھنستے ہوئے نظر آرہے ہیں، چاروں پر آن لائن سٹہ لگانے والی ایپ کی تشہیر کرنے کا سنگین الزام لگایا گیا ہے۔

    بھارتی حکام ای ڈی 1XBET جیسے ممنوعہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے حوالے سے جانچ پڑتال کررہے ہیں، 1XBET جیسے ممنوعہ پلیٹ فارمس کی تشہیر میں شامل ہونے کے معاملے میں ان چاروں سیلیبرٹیز سمیت کئی دیگر شخصیات بھی پوچھ گوچھ کی زد میں آئی ہیں۔

    بتایا گیا ہے کہ کچھ پلیٹ فارمز 1xbet جیسے ممنوعہ ناموں کا استعمال کررہے تھے، یہ پلیٹ فارمز صارفین کو غیرقانونی سٹہ بازی پلیٹ فارم پر ری ڈائرکٹ کرتے تھے جو کہ قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    ای ڈی نے بتایا کہ مذکورہ پلیٹ فارمز خود کو کھیلوں کی میزبانی کرنے والا بتاتے تھے، تاہم انھوں نے چالاکی سے ریگڈ الگورتھم کا استعمال کیا جو بھارتی قوانین کے تحت ایک جوا ہے۔

    یوراج سنگھ، ہربھجن سنگھ اور سریش رائنا نے بھی 1xbet پلیٹ فارم کا اشتہار کیا جس کے بعد وہ بھارتی حکام کے تفتیش کے دائرے میں آگئے۔

    رپورٹس کے مطابق یوراج سنگھ اور سریش رائنا کے قریبی حلقوں نے اس خبر پر ردعمل ظاہر کرنے سے انکار کر دیا ہے ،اس کے علاوہ اروشی روٹیلا اور سونو سود سمیت بالی ووڈ کے کئی دیگر مشہور اداکار بھی اس پلیٹ فارم سے جڑے ہیں۔

    تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ جوئے کو پرموٹ کرنے والی 1xbet کمپنی نے اپنی تشہیر پر 50 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم خرچ کی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/promoting-gambling-cases-registered-south-indian-stars/

  • پی ٹی آئی نے 3سال میں 54 لاکھ نوکریاں دیں، سابق وزیر خزانہ کا دعویٰ

    پی ٹی آئی نے 3سال میں 54 لاکھ نوکریاں دیں، سابق وزیر خزانہ کا دعویٰ

    اسلام آباد : سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہپی ٹی آئی نے 3سال میں 54 لاکھ نوکریاں دیں، یقین نہیں آتا تو پی ڈی ایم حکومت کی رپورٹ دیکھ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک سیاسی دندل کے اندر پھنسا ہوا ہے، تمام لیڈرملک کو سیاسی استحکام کی طرف لےکر آئیں۔

    سابق وزیر کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف ہے، پی ٹی آئی کےساتھ بیٹھیں اورایک مشترکہ ایجنڈا بنائیں، ملک کوسیاسی بحران سے کیسے نکالنا ہے اس کی طرف جائیں۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے ابتدائی تین سال میں چون لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کیے، یقین نہیں آتا تو پی ڈی ایم حکومت کی رپورٹ دیکھ لیں، چھے فیصد سے معیشت کی ترقی ہورہی تھی، پچھلے تین سال میں یہ اوسطاً ایک اعشاریہ چھے فیصد ہوگئی ہے۔

    سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ الحمدللہ ہماری افواج نے ٹھوک کر بھارت کو جواب دیا، جو طاقتور ہے اس سے حکومت پیسہ نہیں نکلواسکی۔

    بجٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ میں بھی بڑے جاگیرداروں پر کوئی ٹیکس نہیں لگا، میوزیکل چیئرچلتی رہی تو عوام کو کچھ نہیں ملے گا۔

  • انسداد دہشت گردی عدالت نے ‘را’ کے 3 ایجنٹوں کو جیل بھجوا دیا

    انسداد دہشت گردی عدالت نے ‘را’ کے 3 ایجنٹوں کو جیل بھجوا دیا

    فیصل آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے ‘را’ کے 3 ایجنٹوں کوجیل بھجوادیا، ملزمان کو 4 جون کو ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی انسداددہشت گردی عدالت میں سی ٹی ڈی کے تفتیشی افسر نے را کے 3 ایجنٹوں اعظم، امجد اور منظور کو پیش کیا۔

    تفتیشی افسر کی درخواست پرعدالت نے ملزمان کو جوڈیشل کرنے کا حکم دے دیا اور کہا تینوں ملزمان کو 25 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کیاجائے۔

    ملزمان کو چار جون کو ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بارودی مواد سمیت گرفتارکیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : عید پر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام ‘را’ کے 3 دہشت گرد گرفتار

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے، ملزمان عید پر لاہور، بہاولنگر، بہاولپور اور پاکپتن میں اہم مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار را کے ایجنٹ فتنہ الخوارج کے لیے بھی کام کرتے ہیں، ملزمان سرینگر، راجستھان میں را نمائندوں سے متعدد بارمل چکے ہیں۔

    ملزمان غیرقانونی طور پر بارڈر کراس کرکے را کے نمائندوں سے ملے، را کو واٹس ایپ کے ذریعے اہم مقامات کے نقشے بھیجے جاتے تھے۔

  • ڈوپامین : خوشی کا وہ راز جو ہماری زندگی بدل دیتا ہے

    ڈوپامین : خوشی کا وہ راز جو ہماری زندگی بدل دیتا ہے

    ڈوپامین ہمارے دماغ میں موجود ایک ایسا ہارمون ہے جو ہمیں خوشی کا احساس دلاتا ہے، دوسرے الفاظ میں اسے خوشی کا ہارمون بھی کہا جاتا ہے۔

    آپ نے اپنے آس پاس کئی طرح کے لوگوں کا مشاہدہ کیا ہوگا کچھ لوگ آپ کو ہمیشہ خوش باش سے نظر آتے ہیں جبکہ بہت سارے لوگوں میں ہر وقت ایک طرح کی اداسی پائی جاتی ہے یا ایسا لگتا ہے کہ جیسے خوشی ان سے دور ہوچکی ہے جبکہ وہ اپنے حالات کا رونا روتے بھی نظر آتے ہیں۔

    خوشی کا ہارمون ڈوپامین

    ڈوپامین دماغ میں خارج ہونے والا ایک ایسا کیمیائی مرکب ہے جو انسان میں خوشی حاصل کرنے کی خواہش پیدا کرتا ہے، ڈوپامین کے بارے میں یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ یہ سماجی تعلقات کے حوالے سے بھی کردار ادا کرتا ہے۔

    کیا آپ نے کبھی محسوس کیا ہے کہ آپ کا دماغ جنک فوڈ، سوشل میڈیا اسکرولنگ، یا دیگر دل لبھانے والی چیزوں کا عادی ہوگیا ہے؟ یہ سب ڈوپامین کی وجہ سے ہے، یہ کیمیکل دماغ میں خوشی کا احساس دلانے کے ساتھ ساتھ ہمیں بار بار ان ہی چیزوں کی جانب مائل کرتا ہے۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پارکنسن کی بیماری اس لیے پیدا ہوتی ہے کہ دماغ میں کیمیائی رطوبت ’ڈوپامین‘ کی کمی واقع ہو جاتی ہے اس کے علاوہ یہ کیمیکل جسمانی حرکات کی ترتیب اور نظم و ضبط میں اہم کردار کرتا ہے۔

    کسی شخص کا ڈوپامین کا نظام جتنا مستعد ہوگا اتنا ہی زیادہ ہشاش بشاش ایکٹو اور خود کو کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کا اہل سمجھے گا، لیکن ڈوپامین کی زیادہ مقدار پُرلطف لمحات کے حصول کی راہ میں حائل ہو سکتی ہے۔

    ڈوپامین ایک نیورو ٹرانسمیٹر ہے جسے آپ کا جسم خود بناتا ہے۔ یہ انسان کے اندر خوشی، حوصلہ افزائی اور اطمینان محسوس کرنے کا ذریعہ ہے۔

    مثال کے طور پر جب آپ اپنا کوئی مقصد حاصل کرلیتے ہیں تو آپ کے دماغ میں ڈوپامائن کا اضافہ خوشی کا احساس پیدا کرتا ہے، یہ دماغ کے چار کیمیکلز میں سے ایک ہے جو آپ کے مثبت اور ‘اچھے محسوس’ جذبات کو چلاتا ہے۔

    ڈوپامین کے پیچھے بھاگنا آپ کی صحت، کیریئر اور زندگی کے اہداف کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ جب لوگ فوری خوشی کو ترجیح دیتے ہیں تو وہ اکثر سوشل میڈیا پر حد سے زیادہ وقت گزارتے ہیں۔

    اس کے ساتھ وہ ویڈیو گیمز کے عادی بن جاتے ہیں یا کسی قسم کے نشے میں مبتلا ہوجاتے ہیں جس کے نتیجے میں ان کی ذہنی و جسمانی صحت متاثر اور زندگی میں بے معنی پن کا احساس جنم لیتا ہے۔

    اس کے علاوہ یہ لت ایک ایسا چکر چلاتی ہے جس میں دماغ کو سکون فراہم کرنے کے لیے ہر بار پہلے سے زیادہ شدت درکار ہوتی ہے۔

    زندگی کے اہداف میں رکاوٹ

    یاد رکھیں !! جب آپ ہر وقت فوری خوشی کے حصول کے لیے سرگرداں رہتے ہیں تو دیگر اہداف پیچھے رہ جاتے ہیں، سستی اور کام کی تاخیر میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ لوگوں سے تعلقات بنانے کی خواہش اور صلاحیت کم ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں انسان میں اندرونی خلا پیدا ہوجاتا ہے۔

    ڈوپامین ڈیٹاکس کیا ہے؟

    ایسے لوگ جو سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد دیکھنے سے پرہیز کرنے کی سخت کوشش کرتے ہیں لیکن وہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں جو ان کے دماغ میں ڈوپامین کے اخراج کی طلب پیدا کرتی رہتی ہیں جیسا کہ ویڈیو گیمز، فیس بُک کی ریلز ، موسیقی ، فلمیں یا ڈرامہ سیریلز وغیرہ۔

    یہ سب سرگرمیاں ایسی ہیں جن سے ہمارے دماغ میں ڈوپامین کی کچھ نا کچھ مقدار خارج ہوتی رہتی ہے۔ اسے آپ ڈوپامین لیکیج (لیک ہونا یا رِسنا) کہہ سکتے ہیں۔

    جب ہمارا دماغ مسلسل لذت اور اس کے نتیجے میں حاصل ہونے والے انعام کے پیچھے بھاگ رہا ہے تو یہ طلب کم ہونے کی بجائے بڑھتی چلی جاتی ہے، جب ہم اوپر بیان کی گئی سرگرمیوں سے اُکتا جاتے ہیں تو دماغ مزید لذت یا انعام کی فرمائش کرتا ہے۔اس کے نتیجے میں ہمیں ڈوپامین کی ایک بڑی ہِٹ کی ضرورت محسوس ہوتی ہے اور ہم وہ غیر اخلاقی مواد دیکھنے کے لیے بے تاب ہوجاتے ہیں۔

    یہ سب چیزیں دماغ کو اس قدر زیادہ تحریص دیتی ہیں کہ سادہ چیزیں جیسے پڑھائی، دوستوں سے بات کرنا، یا صرف سکون سے بیٹھنا بھی بور لگتا ہے۔ ڈیٹاکس سے آپ اپنے دماغ کو ری سیٹ کرتے ہیں تاکہ وہ حقیقی، مثبت سرگرمیوں سے خوشی محسوس کرنا سیکھے۔

    ڈوپامین ڈیٹاکس سے کیا حاصل ہوتا ہے؟ :

    ڈوپامین ڈیٹاکس سے ذہنی خلفشار میں کمی اچھا موڈ، چڑچڑا پن کم اور زیادہ سکون میسر ہوتا ہے اور خود پر کنٹرول ہونے سے دماغ بھی قابو میں رہتا ہے۔

    ڈوپامین ڈیٹاکس کیسے حاصل کریں؟

    اپنی بری عادتوں کی شناخت کریں یہ سوچیں کہ آپ کس چیز میں پھنسے ہوئے ہیں؟ جنک فوڈ جیسے کہ چپس، کولڈ ڈرنک، چاکلیٹ؟ غیراخلاقی ویڈیوز، تصاویر، یا دل لبھانے والے شوز؟ یا پھر سوشل میڈیا میں انسٹاگرام ٹک ٹاک یا یو ٹیوب وغیرہ۔ اپنی بڑی 2 یا 3 بری عادتیں لکھ لیں اور خود سے ایماندار رہیں۔

    ڈیٹاکس کا ہدف طے کریں

    ایک دن یا ویک اینڈ چیلنج سے شروع کریں مشکل اوقات میں نہ کریں، یہ بات واضح کریں کہ آپ کن چیزوں سے پرہیز کریں گے مثلاً صرف صحت مند خوراک لیں گے، سوشل میڈیا بالکل چھوڑ دیں گے یا مختلف ایپس ڈیلیٹ کردیں گے۔

    بری عادتوں کی جگہ اچھی عادتیں ڈالیں

    آپ کا دماغ انعام پسند ہے، تو اسے صحت مند انعام دیں۔ جنک فوڈ کی جگہ تازہ اور موسمی پھل، خشک میوہ اوردہی کھائیں اور سادہ پانی پیئں، کوئی صاف ستھری فلم دیکھیں یا دلچسپ کتاب کا مطالعہ کریں۔

    سوشل میڈیا پر وقت گزاری کے بجائے چہل قدمی کریں، دوستوں کو فون کریں، نیا مشغلہ جیسے ڈرائنگ پینٹنگ یا کسی کھیلوں کی سرگرمیاں اپنائیں۔

    ماحول کو صاف رکھیں

    جنک فوڈز کو اپنے کچن اور کمرے سے نکال دیں، غیر اخلاقی ویب سائٹ بلاک کریں، سوشل میڈیا پرایسے نوٹیفکیشن بند کریں۔

    اس کام کا آغاز آہستہ کریں

    اس کام کیلیے پہلا دن مشکل ہو سکتا ہے، جب آپ کو سوشل میڈیا کی طلب ہو؟ 10 منٹ گہری سانسیں لیں یا کھینچاؤ کی ورزش کریں۔ اگر جنک فوڈ چاہیے تو سیب کھائیں، یاد رکھیں ہر چھوٹا قدم بڑا فرق لاتا ہے۔

    خود سے سوال کریں اور انعام دیں

    ڈیٹاکس کے آخر میں خود سے دریافت کریں کہ اب کیسا محسوس ہو رہا ہے؟ یا بے چینی میں کوئی کمی آئی؟ کیا آپ پہلے سے زیادہ پر سکون اور پرعزم ہیں؟

    اس کامیابی پر خود کو انعام دیں، مثلاً نئی کتاب پڑھیں یا اچھی فلم دیکھیں مگر دوبارہ بری عادت بالکل نہ اپنائیں۔

    عادت کیسے بنائیں؟ (چند ٹپس)

    کسی دوست کو بتائیں اس سے آپ کو حوصلہ ملے گا۔ اپنی پروگریس کسی جرنل یا ایپ میں نوٹ کریں اسکرین ٹائم محدود کریں، 1-2 گھنٹے غیر ضروری اسکرین سے دور رہیں، ورزش کریں، چہل قدمی یا جاگنگ کریں، اچھی نیند لیں اس سے دماغی طاقت میں اضافہ ہوگا۔

    یہ عادتیں توڑنا کیوں مشکل ہے؟

    یہ چند چیزیں جیسے کہ جنک فوڈ، غیراخلاقی مواد یا سوشل میڈیا وغیرہ آپ کے دماغ کو حد سے زیادہ ڈوپامین دیتی ہیں۔

    جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بے چینی میں اضافہ، حقیقت سے دوری ہوجاتی ہے۔ ڈیٹاکس اس چکر کو توڑتا ہے اور آپ کو حال کا لطف لینے کے قابل بناتا ہے۔

    حوصلہ افزائی

    یاد رکھیں!! اس پریشانی میں آپ اکیلے نہیں اور بہت سے نوجوان ان عادتوں سے لڑ رہے ہیں لیکن آپ میں تبدیلی کی طاقت ہے۔ ڈوپامین ڈیٹاکس پرفیکشن کا نام نہیں، بلکہ یہ کنٹرول واپس لینے کا بہترین طریقہ ہے۔ چھوٹا چھوٹے اقدامات لیں، صبر کریں اور دیکھیں کہ زندگی کیسے بدلتی ہے۔ کسی اچھی ایک عادت کو منتخب کریں اور اس ہفتے اس پر کام کریں۔ یاد رکھیں کہ آپ یہ کر سکتے ہیں۔

  • پاکستان میں بوہری برادری آج عید الاضحیٰ منا رہی ہے

    کراچی : پاکستان میں بوہری برادری آج عید الاضحیٰ منا رہی ہے اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی بوہری برادری عید الاضحی مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔

    کراچی میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع صدر کی طاہری مسجد میں ہوا، داوٴدی بوہرہ جماعت کے تحت عید الاضحی کی نماز کے اجتماعات طاہری مسجد صدر‘ پاکستان چوک‘ حیدری ‘بلوچ کالونی ،سٹی کورٹ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر ہوئے۔

    اس موقع پر سیکیورٹی کے بھر پور انتظامات کئے گئے تھے، عید الاضحی کے اجتماع میں میں اسلام کی سربلندی اور ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    نماز عید کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی اتباع کرتے ہوئے مویشیوں کی قربانی کی جارہی ہے۔

    خیال رہے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ملکوں میں آج عید الضحی منائی جا رہی ہے۔

    مسجدالحرام اورمسجدِ نبوی میں نمازعید کےروح پرور اجتماعات ہوئے جبکہ مسجد اقصی میں بھی عیدکی نمازادا کی گئی۔

    امریکا، برطانیہ، یورپ اور کینیڈا میں اس بار بھی دو عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے، کچھ مسلمان آج عید منا رہے ہیں اور کچھ کل منائیں گے۔

  • ٹکٹوں پر رعایت ! سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں  کے لیے بڑی خوشخبری

    ٹکٹوں پر رعایت ! سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد : پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب سے آنے اور جانے والے مسافروں کے لئے بڑئے ریلیف کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب کی پروازوں کے ٹکٹوں پر بڑی رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر لائن کی جانب سے پاکستان سے سعودی شہر دمام، ریاض اور القسیم کی پروازوں کے ٹکٹوں پر رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    پاکستان سے دمام،ریاض ،القسیم کے ٹکٹس پر پچاس فیصد رعایت ہوگی، مسافر نو جون تک رعایت سے فائدہ ا±ٹھاسکیں گے۔

    ترجمان نے بتایا کہ سعودی عرب کی پروازوں پر رعایت پر فوری طور پر عمل درآمد ہوگا۔

    مزید پڑھیں : لاہور اور پیرس کے درمیان پروازوں پر 15 فیصد رعایت دینے کا اعلان

    یاد رہے اس قبل قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے لاہور اور پیرس کے درمیان پروازوں پر 15 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا تھا کہ لاہور سے پیرس کیلیے پروازوں کی ٹکٹس پر 15 فیصد رعایت فوری نافذ العمل ہوگی، پروازوں کی بکنگ 9 جون 2025 تک ہوگی، رعایتی ٹکٹ پر سفر 18 جون سے 2 جولائی تک کیا سکتا ہے۔

  • میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدے کیلئے جعلی تجربہ  اور جعلی ڈگریاں دینے کا انکشاف

    میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدے کیلئے جعلی تجربہ اور جعلی ڈگریاں دینے کا انکشاف

    لاہور : میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدے کیلئے جعلی تجربہ اور جعلی ڈگریاں دینے کے انکشاف کے بعد 10 ڈاکٹرز کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے جعلی ڈگریاں اور سرٹیفکیٹ دینے پر 10 ڈاکٹرز کیخلاف کارروائی شروع کردی۔

    عزیز بھٹی اسپتال گجرات کے ایم ایس ڈاکٹر ایاز ناصر ، نشتر اسپتال ملتان کے ڈاکٹر حسنین رضا ،ڈاکٹر لبنیٰ ،ڈاکٹر رب نواز سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ شاہدرہ اسپتال کے ڈاکٹر رضوان حبیب اورڈاکٹر شہروز خان ، قائداعظم کالج بہاولپورکی ڈاکٹر سمیرا ،ڈی ایچ کیو شیخوپورہ کی ڈاکٹر فائزہ ، ڈی ایچ اولاہورکےڈاکٹرزاہدمنیر اور میاں میر اسپتال کے ڈاکٹر حمید اللہ سے وضاحت مانگی گئی ہے۔

    شوکاز میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بننے کیلئے جعلی پبلک ہیلتھ ڈپلومہ تجربے میں دکھایا گیا۔

    محکمہ صحت پنجاب نے 3 روز میں تمام ڈاکٹرز کو جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جواب یاحقیقی تجربہ جمع نہ کرانے پرکارروائی کی جائے گی۔

  • فرانس: غزہ میں اسرائیلی ظلم کیخلاف انوکھا احتجاج، فوارہ سرخ کردیا گیا

    فرانس: غزہ میں اسرائیلی ظلم کیخلاف انوکھا احتجاج، فوارہ سرخ کردیا گیا

    غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کی علامت کے طور پر فرانس سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنوں نے پیرس کے فوارے کو سرخ رنگ سے رنگ دیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مرکزی علاقے میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اوکسفیم، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور گرین پیس کے کارکنوں نے مشہور فوارے فونٹین دیز انوسنٹ (Fontaine des Innocents) میں سرخ رنگ کا پانی ڈال کر غزہ میں قتل عام کے خلاف انوکھا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے اس موقع پر بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جنگ بندی اور غزہ میں قتلِ عام بند کرو جیسے نعرے درج تھے۔

    اوکسفیم فرانس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سابق وزیر سیسل ڈوفلو کا کہنا تھا کہ احتجاج کا مقصد ہے کہ ہم فرانس کی سست روی پر سوال اٹھا سکیں جو غزہ میں انسانی بحران کے تناظر میں ناقابلِ قبول ہے، صرف بیانات دینا کافی نہیں، عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

    اسرائیل کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اوکسفیم کی غزہ میں انسانی امدادی کاموں کی کوآرڈینیٹر کلیمانس لاگواردا نے کہا کہ غزہ کے عوام کو ہر چیز کی شدید قلت کا سامنا ہے، یہ محض ضروریات نہیں، بقا کا سوال ہے۔

    گرین پیس فرانس کے سربراہ ژاں فرانسوا جولیارد کا کہنا تھا کہ غزہ میں نسل کشی جاری ہے اور سیاستدانوں کی بے عملی اس نسل کشی میں شراکت داری کے مترادف ہے، ہم صدر ایمانوئل میکرون سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جرات اور عزم کے ساتھ خونریزی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

    مظاہرین نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر فوری اور مستقل جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالیں، اسرائیل پر اسلحے کی پابندی عائد کریں، یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان تعاون کے معاہدے پر نظرثانی کریں اور دیگر مؤثر اقدامات کریں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی غزہ کے علاقے میں صحافی Osama al-Arbid کے گھر پر اسرائیلی فوج کی بمباری سے کم از کم 8 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    غزہ میں امداد کا امریکی و اسرائیلی منصوبہ ناکام، نہتے شہریوں پر گولیاں چلادیں

    طبی ذرائع کا کہنا تھا صبح سویرے سے پوری پٹی میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں مجموعی طور پر 15 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

    حماس کا کہنا ہے کہ وہ 7 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل سے پکڑے گئے تمام باقی ماندہ یرغمالیوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے، اور اگر اسرائیل غزہ سے مکمل طور پر انخلاء کرتا ہے تو وہ مستقل جنگ بندی پر راضی ہے۔