Category: Uncategorized

  • وینا ملک کے ٹوئٹرودیگر ویب سائٹس کے اکاؤنٹس ہیک کرلئےگئے

    وینا ملک کے ٹوئٹرودیگر ویب سائٹس کے اکاؤنٹس ہیک کرلئےگئے

    اسکینڈل کوئین وینا ملک کے ٹوئٹر سمیت دیگر سماجی ویب سائٹس کے اکاؤنٹس ہیک کر لئے گئے۔ وینا ملک کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر اور سماجی ویب سائٹس پر سابق انڈین مینیجر کی جانب سے نازیبا تصاویر جاری کی گئیں ہیں۔ وینا ملک اسکینڈل کوئین وینا ملک ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں۔

    ویناملک کے ٹوئٹر سمیت دیگر سماجی ویب سائٹس کے اکاونٹ ہیک کر لئے گئے۔۔۔۔ اسکینڈل کوئین نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے تمام اکاونٹ کی تفصیلات سابق مینیجر پر شانت کے پاس تھیں،جو پیسوں کے لئے بلیک میل کررہا ہے۔

    ٹوئٹر اور سماجی ویب سائٹس پر سابق انڈین مینیجر کی جانب سے نازیبا تصاویر جاری کی گئیں ہیں۔ کوئی اچھا سا سانگ وینا ملک کا مزید کہنا تھا کہ پرشانت میرا ملازم تھا اور وہ اپنی حرکات سے ذہنی مریض بھی لگ رہے ۔

    اسکینڈل کوئین کا کہنا تھا کہ میرے شوہراسد ہمیشہ میرے ساتھ ہیں اور اس طرح کی خبروں سے ہمارے رشتے میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ لگتا ہے وینا ملک کو خبروں میں رہنے کی عادت ہوگئی ہے۔ جس کی وجہ سے آئے دن وینا کی جانب سے کوئی نہ کوئی خبر توجہ کا مرکز بن جاتی ہے۔

     

  • امریکہ میں برفانی طوفان، نظام زندگی مفلوج،تیرہ افراد ہلاک

    امریکہ میں برفانی طوفان، نظام زندگی مفلوج،تیرہ افراد ہلاک

    امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ۔ شدید سرد موسم کے باعث تیرہ افراد ہلاک ہو گئے۔ امریکا کی مختلف ریاستیں سرد موسم اوربرفانی طوفان کی زد میں ہیں۔ فلاڈیلفیا،مشرقی نیویارک اور بوسٹن سمیت کئی ریاستوں میں شدید برفباری اور طوفانی ہواؤں سے معمول کی زندگی منجمد ہوگئی۔

    خراب موسم کے باعث چارہزارپروازیں منسوخ کردی گئیں اور سیکڑوں مسافر ائیرپورٹ پر پھنس کر رہ گئے۔ ۔حکام کی جانب سے تعلیمی اورمتعدد سرکاری ادارے بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نیویارک میں ہائی وے کو جزوی طور پر بحال کیا گیاہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے سرد ہواؤں کے ساتھ درجہ حرارت مزید کم ہونے کا امکان ہے۔ کینیڈا میں بھی شدید سردی کا راج ہے۔ ٹورنٹو میں درجہ حرارت منفی اٹھائیس اور کیوبک میں منفی اڑتیس درجہ حرارت نے گذشتہ دو دہائیوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ برطانیہ اور دیگر یورپی ملکوں میں بھی انتہائی شدید سردی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

     

  • امریکی گلوکارہ ماریہ کیری کو 1 کا ڈیجٹ بے حد پسند

    امریکی گلوکارہ ماریہ کیری کو 1 کا ڈیجٹ بے حد پسند

    امریکی گلوکارہ ماریہ کیری کو ون کا ڈیجٹ بہت پسند ہے، سنگر،سانگ رائٹر، ریکارڈر، پروڈیوسر اور اداکارہ چوالیس سالہ امریکی گلوکارہ ماریہ کیری کو ون کا ڈیجٹ بے حد پسند ہے۔

    نئے سال میں مس کیری کی ون ملین میں پرائیوٹ کنسرٹ کرنے کہ حوالے سے خبریں گرم ہیں، برونائی کے سلطان کے صاحب زادے کی نئے سال کی سیلیبریشن پارٹی کی مس کیری مہمان بنیں، سنے میں آیا ہے کہ انہیں اس پرائیویٹ کنسرٹ کے ون پوئنٹ فائیو ملین ڈالرز ادا کئے گئے۔

    اکتیس سالہ پرنس عزیم اور چوالیس سالہ گلوکارہ ماریہ جینیفر کی دوستی یون تو کچھ سالوں سے ہے لیکن یہ دوستی اتنی پکی ہے کہ انکی خاص پارٹی میں پرفارمنس کے لئے نہ صرف ماریہ اور انکی فیملی کو خصوصا پرائیوٹ طیارے سے بلوایا گیا بلکہ انکے قیام کا شاہانہ اہتمام بھی کیا گیا۔

    سال دوہزار بارہ میں بھی انکی تیسویں سالگرہ پر جینیفر مدعو تھیں، جسکا شکریہ جینیفر نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں شاندار الفاظ میں کیا تھا۔
     

  • جینیفرلارنس سب سے زیادہ کمانے والے اسٹارز میں سرفہرست

    جینیفرلارنس سب سے زیادہ کمانے والے اسٹارز میں سرفہرست

    جینیفر لارنس سب سے زیادہ کمانے والے اسٹارز میں سرفہرست ہے، جینفر کو ریکارڈ بنانے اور اپنا ریکارڈ توڑنے کی جیسے عادت سی ہوگئی ہے۔

    باکس آفس پر راج کرنے کے سپنے یوں تو سبھی اسٹارز دیکھتے ہیں لیکن ان سپنوں کو حقیقت میں ہوتا ہوا دیکھنا کم ہی لوگوں کے حصے میں آتا ہے، جو مدتوں اپنی اہمیت نہیں کھوتے اور شہرت کی بلندیوں کو چھوتے چلے جاتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک نام ہالی ووڈ کی اداکارہ جینیفر لارنس کا ہے، جنکی فلمیں ریکارڈ توڑ بزنس کرتی ہیں، جینیفر کا ریکارڈ کوئی دوسرا کیا توڑے جنیفر خود اپنا ریکارڈ توڑ کر اپنا نیا ریکارڈ بنالیتے ہیں۔

    ایک حالیہ سروے میں جنیفر سب سے زیادہ دولت کمانے والی ادارہ کے طور پر سرفہرست ہیں، سال دوہزار تیرہ میں دی ہنگر گیمز کے سیکول کیچنگ فائر اور دی امریکن ہسل میں فن کے جوہر دکھانے والی جینفر لارنس بڑی تیزی سے کامیابی کا سفر طے کرنے والی اداکارہ ہیں۔

  • ہالی ووڈ میں پروڈیوسرز گِلڈ ایوارڈز سجنے جا رہا ہے

    ہالی ووڈ میں پروڈیوسرز گِلڈ ایوارڈز سجنے جا رہا ہے

    ہالی ووڈ میں پروڈیوسرز گِلڈ ایوارڈز سجنے جا رہا ہے، ایوارڈز کے لئے ایکشن، سسپنس، رومانس اور تھرل سے بھرپور دس فلموں کا انتخاب کرلیا گیا۔

    ہالی وڈ میں اداکاروں، گلوکاروں کے لئے تو ایوارڈز کے بہاریں سجتی ہی رہتی ہیں لیکن اس مرتبہ سال نو کی ابتدا پروڈیوسرز گیلڈ ایوارڈ زکے زریعے پروڈیوسرز کو خراج تحسین پیش کرکے ہو رہی ہے۔

    بہترین پروڈکشن کے لئے معروف فلمیں ٹوو ئیلو ائیر آ سیلو اور اسپیس تھرلر گریویٹی  کو بھی نامزد کیا گیا ہے، پروڈیوسرز ایوراڈز کے لئے دس فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں رومانس بھی شامل ہے اور ایکشن بھی  ہے۔

    اب یہ تو انیس جنوری کو ہی پتہ چلے گا کہ خلا سے جنگ ایوراڈ کی حق دار بنے گی یا رومانس یا ایکشن میدان مار لے گا کیونکہ ایوراڈ کی تقریب بیولی ہیلز میں انیس جنوری کو رونقیں بکھرے گی، گزشتہ سال پروڈیوسر گیلڈ ایوارڈ آرگو فلم کو ملا تھا۔
        
       

  • نواز شریف کا طالبان سے مذاکرات کیلئے فضل الرحمن سے رابطہ

    نواز شریف کا طالبان سے مذاکرات کیلئے فضل الرحمن سے رابطہ

    طالبان سے مزاکرات کیلئے حکومت نے مولانا سمیع الحق کے بعد مولانا فضل الرحمن سے بھی رابطہ کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہائوس سے مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کیاگیا ہے اورانھیں کل وزیراعظم سے ملاقات کاوقت بھی دیدیاگیاہے وزیراعظم سے ملاقات میں طالبان سے مذاکرات کاعمل بڑھانے ملک میں دہشتگردی پرقابوپانے اورقیام امن کیلئے کی جانیوالی کوششوں اوردیگرامور پربات چیت کی جائے گی۔

     یاد رہے کہ وزیراعظم کی طرف سے مولانا سمیع الحق کوطالبان سے مزاکرات کاٹاسک دیئے جانے کے بعد مولانا فضل الرحمن کی طرف سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ اس میں کوئی سنجیدگی نظرنہیں آرہی جس کے بعد وزیراعظم ہاوٗس سے مولانا فضل الرحمن سے بھی رابطہ کرلیاگیا۔

  • امریکا کا ڈرون طیاروں کو کیمیائی ہتھیاروں سے لیس کرنے کا منصوبہ تیار

    امریکا کا ڈرون طیاروں کو کیمیائی ہتھیاروں سے لیس کرنے کا منصوبہ تیار

    امریکا نے ڈرون طیاروں کو کیمیائی ہتھیاروں سے لیس کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا، ڈرون ایسی ٹیکنالوجی سے تیار کئے جائیں گے جو جام نہ ہوسکے۔

    برطانوی اخبار کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا نے ڈرون طیاروں کو مزید موثر بنانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، امریکی محکمہ دفاع کے منصوبے میں آئندہ پچیس سالوں کے دوران ڈرون طیاروں کو انتہائی مہلک بنانے کے لئے کیمیائی ہتھیاروں سے لیس کیا جائے گا۔

    اس کے ساتھ ہی ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انسانی رہنمائی کے بجائے موقع پر خود ہی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت پیدا کی جائے گی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ ڈرون جی پی ایس نظام کے تحت کام کرتے ہیں جو باآسانی جام کیے جاسکتے ہیں۔

    آئندہ تیار کیے جانے والے ڈرون کو جی پی ایس کے علاوہ دوسری ٹیکنالوجی سے اڑانے کی تیاری کی جارہی ہے، جنہیں جام نہیں کیا جاسکے گا، ڈرون میں انتہائی جدید اور حساس کیمرے نصب کئے جائیں گے اور ہدف کو نشانہ بنانے کے علاقے کو بھی وسعت دی جائے گی۔
           

  • مشرف کو سزا دینے سے جمہور کی حکمرانی کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوگا ؟

    مشرف کو سزا دینے سے جمہور کی حکمرانی کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوگا ؟

    تحریر: سید فواد رضا

    جذباتی مزاج کی حامل پاکستانی قوم جو کہ جمہوریت کی سب سے بڑی دعویدار ہے آج کل اپنی تاریخ کے اہم ترین موڑ سے گزر رہی ہےاور یہ ایک ایسا موقع ہے کہ جب اس قوم نے ایک عہد ساز فیصلہ کر کے اپنے مستقبل کی سمت کا تعین کرنا ہے اور یہ فیصلہ ہے سابق صدر مملکت جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے مستقبل کا، انکے خلاف ایک خصوصی عدالت کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے اور اس عدالت نے سابق صدر پر فرد ِ جرم عائد کرنے کے لئے انکے عدالت میں طلب کر رکھا تھا اور انتہائی سخت الفاظ میں فیصلہ سنا چکی تھی کہ اگر آج وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے تو انکی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردئے جائیں گے لیکن ہوا کچھ یوں کہ پرویز مشرف  چک شہزاد میں واقع اپنے فارم ہاوٗس سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں عدالت کے لئے روانہ تو ہوئے لیکن پہنچ گئے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی۔

    یہ خبر نشر ہونا تھی کہ سرد موسم میں اسلام آباد کا سیاسی ماحول یکدم گرم ہوگیا انکے حامی اور مخالف دونوں ہی میدان میں اتر آئے اور ان میں سب سے زیادہ متحرک نظرآئے بلاول بھٹو جنہوں نے ٹویٹر پر پیغامات کی بھرمار کردی یہ تک کہہ دیا کہ نجانے بزدل مشرف نے بہادر فوج کی وردی کیسے پہنی ہوگی؟  اسکے بعد پیپلز پارٹی کے قمرالزمان کائرہ اس بیان کی تردید کرتے نطر آئے۔

    کور کمانڈرز کی میٹنگ بھی ہوئی  اورحجاز ِمقدس کے وزیرِ خارجہ سعود الفیصل بھی پاکستان تشریف لا رہے ہیں تو گویا افواہوں کا ایک طوفان گرم ہوگیا ہر کوئی اپنی ذہنی استعطاعت کی مطابق قیاس آرائیاں کرنے لگا کہ یہ ہونے والا ہے اور وہ ہونے والا ہے ، سونے پر سہاگہ ایک اور خبر سنی کہ صہبا مشرف پہلی دستیاب پرواز سے لندن روانہ ہوجائیں گی اس خبر نے تو گویا پچھلی تمام خبروں پر تصدیق کی مہر ثبت کردی اور پرویز مشرف کے مخالفین یہ سمجھنے لگے کہ اب تو بس مشرف گئے ہاتھ سے لیکن پھر ایک اور بیان آیا چوہدری شجاعت حسین کا جس میں انہوں نے کہا کہ انکی ڈاکٹر کیانی سے بات ہوئی ہے اور انکے مطابق پرویز مشرف کو علاج کے لئے بیرون ِ ملک جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

       لیجئے جی ! بات وہیں پر آگئی جہاں سے شروع ہوئی تھی اب مشرف باہر جائیں گے یا نہیں؟ انکو سزا ہوگی یا نہیں ؟ یہ دونوں سوال ابھی بھی اپنی جگہ قائم ہیں اور انکا جواب تو بس آنے والا وقت ہی دے سکتا ہے یا وہ مقتدر افراد کے جنکے ہاتھوں میں اس ملک کے عوام کی تقدیر یک جنبش ِ قلم سے بدل دینے کا اختیار ہے لیکن میرا آج کا موضوع پرویز مشرف نہیں بلکہ آمریت ہے وہ آمریت جسکے خلاف آج اس ملک کا ہر طبقہ فکر صف بندی کئے ہوئے ہے  اور ان سرفروشان ِ جمہوریت کا پورا زور صرف اس بات پر صرف ہورہا ہے کہ  اب کوئی طالع آزما اقتدار پر قابض نا ہوپائے۔

    لیکن سوال تو یہ ہے کہ کیا ہم نے اس ملک کی تقدیر حقیقتاً جمہوری  نمائندوں کو سونپ دی ہے ؟

    تاریخ کا طالب علم ہونے کی حیثیت سے جمہوریت کی جو سب سے بہترین تشریح میری نظر سے گزری وہ کچھ اس طرح ہے کہ عوام کی عوام پر عوام کے لیے عوام کی جانب سے دیئے گئے اختیار کو جمہوریت کہتے ہیں، لیکن ہمارے ملک کا منظر نامہ کچھ اسطرح ہے کہ نا تو عوام کی حکمرانی ہے اور نا ہی عوام کی حالتِ زار کے لئےکوئی بہتری کی امید، چند گنے چنے چہرے ہیں جو بار بار ایوانِ اقتدارپر براجمان ہیں اور اب کیونکہ وہ چہرے بزرگی کی جانب مائل ہیں تو انہوں نے اپنے سیاسی گدی نشین بھی میدان میں اتار دیئے ہیں جو کہ مستقبل میں اس قوم کی قیادت کا اہم ترین فریضہ انجام دیں گے۔

     ہر پانچ سال بعد الیکشن ہونگے یکے بعد دیگرے پارٹیاں اپنی باری لیں گی اور نظام چلتا رہے گا لیکن کب تک؟ اس وقت تک جب تک ایک عام سیاسی کارکن جو کہ ہر جلسے میں سب سے آگے نعرے بازی کرتا ہے اپنے لیڈر کے لئے جذباتی سیاسی بحثیں کرتا ہے بم دھماکوں اور گولیوں کی بوچھار میں سینہ سپر رہتا ہے لیکن یہ بات نہیں سمجھ پاتا کہ اگر اسکے قائد کا جواں سال بیٹا یا بیٹی وزارت کا امیدوار ہوسکتا ہے تو وہ خود کیوں امیدوار نہیں ہوسکتا۔

    کیا ایم این اے ، ایم پی اے کی کرسیاں صرف مخصوص خاندانوں کے لے ہی مخصوص رہیں گی ایک عام سیاسی کارکن کیوں ان کرسیوں پر بیٹھ کر ملک و قوم کی قسمت کا فیصلہ کرسکتا ؟ پرویزمشرف اگرآئین و قانون کے مجرم ہیں تو انکو سزا ضرور دینی چائیے لیکن اس سے پہلے ہمیں ایک تلخ فیصلہ کرنا پڑے گا اور وہ یہ کہ صرف فوجی آمر کو سزا نہیں دینی بلکہ ہر وہ شخص سزا کا سزاوار ہے جو جمہوریت کا لبادہ اوڑھے جمہور کے حقوق پر شب خون مارتا آیا ہے اور یقین کیجئے کہ عوام کے حق میں یہ تاریخ ساز فیصلہ ان افراد میں سے کوئی بھی نہیں کرے گا جنکے ہاتھ میں اس وقت کی قوم کی تقدیر ہے ، عوام کو اپنی تقدیر کا یہ تاریخ ساز فیصلہ خود ہی کرنے ہوگا ورنہ تاریخ اس قوم کے بارے میں جو فیصلہ کرے گی اسے بیان کرنے کی قلم میں تاب نہیں۔

    وطن کی فکر کر ناداں مصیبت آنے والی ہے
    تری بربادیوں  کے مشورے ہیں آسمانوں میں

     

  • اینی میٹڈ فلم ریو ٹو رواں سال مارچ میں ریلیزہوگی

    اینی میٹڈ فلم ریو ٹو رواں سال مارچ میں ریلیزہوگی

    بچوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ اینی میٹڈ فلم  ریو ٹو رواں سال مارچ میں ریلیزہوگی۔

    خبردار ہوشیار اب کی بار بلو اور جیول ریوڈی ڈی جنیرو چھوڑنے کے لئے ہیں تیار ، یہ دونوں ہرے ہرے مٹھو میاں جارہے ہیں ایک نئی نگر، ریوڈی جنیرو سے اب بھر گیا ہے دل اور جانے کی اور اونچی اڑان بھرنی ہے ۔

    اس لئے کیا ہے رخ امیزون کے جنگلات کا،  امیزون کے خطرناک جنگلات جہاں کا راستہ بھی خطروں سے بھراہوا ہے۔

    ایسے میں تین بچوں کے ساتھ بلو کاایڈونچر کہیں بڑا مسئلہ نہ بن جائے، راستے میں مکاؤ بھی ان کے ساتھ آئیں گے خطروں کا سفر شروع ہوگا سنیماکی اسکرین پر مگر اس کے لئے صرف تھوڑا انتظار یعنی بیس مارچ دوہزار چودہ تک کا۔

  • معروف مزاحیہ فنکار لہری کی آج 85ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

    معروف مزاحیہ فنکار لہری کی آج 85ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

    بے ساختہ مکالموں سے لوگوں کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے اداکار لہری کی آج پچاسی ویں سالگرہ ہے۔

    لہری انیس سو انتیس میں بھارت میں پیدا ہوئے، خوبصورت، برجستہ اور چبھتے ہوئے جملوں سے طنز و مزاح پیدا کرنا اور پھر انتہائی کامیابی سے ادا کرنے میں لہری کو کمال حاصل تھا۔

    ان کی پہلی فلم سن انیس سو چھپن میں ریلیز ہوئی، لہری نے اپنے منفرد انداز سے بہت جلد ترقی کی منازل طے کیں، لہری نے کم و بیش سوا دو سو فلموں میں کام کیا، جن میں انسان بدلتا ہے، رات کے راہی، فیصلہ، جوکر، کون کسی کا، آگ، توبہ، جیسے جانتے نہیں، اور دیگر شامل ہیں۔

    لہری پاکستان کے وہ پہلے کامیڈین ہیں، جنہوں نے فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ نگار سب سے زیادہ حاصل کیے، ان کا آخری ایوارڈ بھی نگار ایوارڈ تھا، جو سن انیس سو تیرانوے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، لہری کے زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لاکھوں پرستار موجود تھے، ہیں اور رہیں گے۔