بھارت میں خاتون گوگل میپ پر اندھا اعتماد کرتے ہوئے گاڑی سمیت نالے میں جاگری جس کی ویڈیو سوشل میڈی پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی ممبئی میں خاتون نے گوگل میپس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوتے غلطی سے اپنی کار نئی ممبئی میں نالے میں گرادی، واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بیلاپور سے الوے جارہی تھی۔
خاتون کو الوے جاتے ہوئے بیلاپور میں پل پر جانا تھا لیکن گوگل میپس پر راستہ پل کے نیچے دکھایا گیا۔
نقشے پر بھروسہ کرتے ہوئے خاتون پل کے نیچے سے دھرواتارا جیٹی کی طرف چلی گئی اور اچانک کار نالے میں جاگری۔
حادثے کے بعد ریسکیو حکام اور وہاں موجود افراد خاتون کو بچانے کے لیے پہنچے تو خاتون کو نالے میں تیرتا ہوا پایا جس کے بعد وہ اسے بچانے میں کامیاب ہوگئے۔
بعدازاں جائے وقوعہ پر گاڑی نکالنے کے لیے کرین بلائی گئی۔
اسٹنٹ پولیس انسپکٹر بیلاپور نارائن پالمپلے نے بتایا کہ دوپہر 1 بجے ہمیں آڈی کار کے بیلاپور میں نالے میں گرنے کی اطلاع ملی، ہماری ٹیم مرین سیکیورٹی گارڈز وہاں پہنچی اور دیکھا کہ خاتون الوے کی طرف جارہی تھی کہ اس کی گاڑی نالے میں گری۔
حادثے کے بعد ہم نے میرین سیکیورٹی ٹیم کی مدد سے خاتون کو باحفاظت نکال لیا۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ گوگل میپس کی مبینہ نیویگیشن حادثات کا باعث بنی ہوں، گزشتہ سال دسمبر میں بھی ایسا ہی واقعہ اتر پردیش کے بریلی میں پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں تین افراد کی موت ہوئی تھی۔