Category: حیرت انگیز

VIRAL STORIES FROM AROUND THE WORLD IN URDU BY ARY News Urdu وائرل حیرت انگیز خبریں اور معلومات

  • چاند میں سترسال بعد آنے والی حیرت انگیزتبدیلی

    چاند میں سترسال بعد آنے والی حیرت انگیزتبدیلی

    کیا آپ نے کبھی ’سپرمون‘ یا ماہِ عظیم کا مشاہدہ کیا ہے ‘ یقیناً کیا ہوگا لیکن اس مہینے کا چاند آپ کو ایسا نظارہ دکھانے والا ہے جو آپ نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔

    جی ہاں رواں مہینے کی 14 تاریخ کو ہونے والا سپر مون سن 1948 سے اب تک کا سب سے بڑا چاند ہوگا یعنی کے لگ بھگ 70 سال بعد یہ نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔

    moon-post-1

    اس سال نظر آنے والا سپر مون عام چاند سے 14 فیصد بڑا اور 30 فیصدزیادہ روشن ہوگا یعنی کہ چاند زمین کے جتنا قریب اس مہینے آئے گا اتنا گزشتہ ستر سالوں میں نہیں آیا اور نہ ہی 25 نومبر 2034 تک دوبارہ آئے گا۔

    امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ 14 نومبر کو ہونے والا یہ سپرمون نہ صرف 2016 کا سب سے بڑا چاند ہوگا بلکہ 21 ویں صدی میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سپر مون ہوگا۔

    moon-post-3

    ماہرین کے مطابق سپر مون درحقیقت ایک بصری دھوکہ ہوتا ہے یعنی کہ چاند کا حجم تو اتنا ہی رہتا ہے جتنا کہ حقیقت میں ہے لیکن زمین کے بے حد نزدیک آجانے سے اپنی اصل سے زیادہ بڑا نظر آتا ہے۔

    moon-post-4

    ان کا کہنا ہے کہ جب چاند افق پر اتا ہے اور اسے کسی عمارت یا درخت کے ساتھ دیکھا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ آج کا چاند کتنا زیادہ بڑا اور روشن ہے‘ حالانکہ یہ ایک بصری دھوکہ ہے تاہم اس انتہائی دلفریب اور حسین منظر ہوتا ہے جس کا تجربہ کرنا یقیناً خوش آئند ہے۔

    بین الاقوامی وقت کے مطابق یہ اس سال کا سپر مون دوپہر ایک بج کر باون منٹ پر ہوگا یعنی کے پاکستان میں اس وقت شام چھ بج کر باون منٹ ہورہے ہوں گے اور موسمِ سرما کی وجہ سے اندھیرا چھا چکا ہوگا۔

    moon-post-5

    اگر آپ سپر مون کا مشاہدہ اس کے تمام تر حسن اور تابناکی کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں تو ابھی سے پلاننگ کر لیں ‘ شہروں سے باہر نکلیں اور ایسے علاقوں کا رخ کریں جہاں تاریکی زیادہ ہو ستارے روشن ہوں۔ اور اس مقصد کے لیے پاکستان کے شمالی علاقہ جات اورسندھ اور پنجاب کے بالائی علاقے اس کام کے لیے انتہائی موزوں جگہ ہے۔

    moon-post-2

  • ٹوائلٹ کی جگہ آثار قدیمہ دریافت

    ٹوائلٹ کی جگہ آثار قدیمہ دریافت

    میلبرن: کیا ہوگا جب آپ فطرت کی پکار پر کسی سنسان جگہ پر جائیں اور اتفاق سے وہاں خفیہ خزانے دریافت کرلیں؟ یقیناً آپ لوگوں کی توجہ کا مرکز تو بن جائیں گے لیکن شاید آپ کو وجہ آمد بتاتے ہوئے بہت شرمندگی ہوگی۔

    ایسا ہی کچھ ایک آسٹریلوی شہری کے ساتھ ہوا جو ڈرائیونگ کے دوران رفع حاجت کے لیے ایک سنسان جگہ پر اترا اور وہاں سے آسٹریلوی تاریخ کے اہم آثار قدیمہ دریافت کر بیٹھا۔

    پہاڑوں میں پوشیدہ یہ جگہ 49 ہزار سال قبل آسٹریلیا کے اصل رہائشیوں یعنی ایبوریجنل افراد کی رہائش گاہ تھی۔ یہ جگہ آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ سے 340 میل دور شمال میں واقع ہے۔

    اتفاقی دریافت کے بعد ماہرین نے اس جگہ کا جائزہ لیا تو یہاں سے کچھ ہڈیاں اور قدیم اشیا بھی برآمد ہوئیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اتفاقاً سامنے آنی والی یہ دریافت ایبوریجنلز پر کی جانے والی تحقیق کے لیے نہایت معاون ثابت ہوگی اور اس سے ان کی تحقیق کو نئی سمت ملے گی۔

  • برطانیہ میں شہزادہ ’سائیکلنگ‘ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا

    برطانیہ میں شہزادہ ’سائیکلنگ‘ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا

    لندن: برطانیہ میں سائیکلنگ کرتے ہوئے ایک حادثے کے نتیجے میں اطالوی شہزادہ اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ سانحہ نائٹ برج ٹیوب سٹیشن میں پیش آیا جہا ں 21 سالہ اطالوی شہزادہ ‘کورسینی‘ سائیکلنگ کرتے ہوئے لاری کے وہیل تلےآگیا۔

    فلیپو کورسینی نامی یہ شہزادہ فلورنس کے قدیم شاہی خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور اس کا نسب پوپ کلیمنٹ ہشتم سے جاملتا ہے جو کہ اٹلی کا ایک تاریخی کردا ر ہیں۔

    prince-1

    عینی شاہدین کے مطابق شہزادہ سائیکل چلاتے ہوئے حادثاتاً لاری کے وہیل تلے آگیا اور لاری اسے تیس یارڈز کے فاصلے تک گھسیٹتی ہوئی ساتھ لے گئی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق طبی امداد محض تین منٹ کے اندر پہنچ گئی تھی تاہم زخموں کی نوعیت اتنی شدید تھی کہ کورسینی جائے وقوعہ پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    prince-2

    واضح رہے کہ رواں سال یہ اپنی نوعیت کا آٹھواں واقع ہے اور اس سے قبل بھی ساتھ افراد اسی قسم کے حادثات میں اپنی جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

    prince-3

    کورسینی کے ایک ہم جماعت نے تدفین کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے لیے یہ خبر اندوہناک تھی‘ وہ کلا س میں میرے برابر ہی بیٹھتا تھا اور ہم ہر روز صبح اس کی کتابیں سنبھالتے ہی دیکھتے تھے۔

  • معروف سیاستدانوں کے ہم شکل

    معروف سیاستدانوں کے ہم شکل

    عام طور پر ایک خاندان میں ایسے افراد پائے جاتے ہیں جن کی شکل ایک دوسرے سے بہت زیادہ مشابہت رکھتی ہے تاہم دنیا میں کچھ ایسے بھی لوگ موجود ہیں جن کے اصلی کرداروں نے اپنے ہم شکل سے ملنے کے بعد حیرانی کا اظہار کیا۔

    فلمی اداکاروں اور کھلاڑیوں کے ہم شکل عام طور پر منظر عام پر آتے رہتے ہیں تاہم کسی معروف سیاستدان کا ہم شکل سامنے آنے کے بعد لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے اور بہت کم وقت میں مشہور بھی ہوجاتا ہے۔

    اسی طرح کے کچھ لوگ ہیں جنہیں دیکھ کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تبدیلی کے بعد اُن کا عرفان نامی ہم شکل سامنے آیا، جس سے ملاقات لیے خود وزیر اعلیٰ نے رابطہ کیا اور ملاقات کر کے مسرت کا اظہار کیا۔

    post-6

    سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے ہم شکل وسیم انصاری کراچی کے رہائشی ہیں جنہیں کافی عرصے تک عوام مشرف سمجھ کر ویسے ہی اہمیت دیتے رہے۔

    post-4

    تحریک انصاف کے لاہور ڈومکی گراونڈ میں جلسے کے موقع پر کھلاڑی اُس وقت حیران ہوئے جب انہوں نے کپتان جیسے ہم شکل کو اپنے درمیان پایا، ابتدا میں تو کارکنان کپتان ہی سمجھتے رہے تاہم بعد میں انہیں پہچان لیا۔

    post-7

    امریکی صدر بارک اوباما کے ہم شکل ایلیم انس اُس وقت شش و پنچ میں مبتلا ہوئے جب لوگوں نے اُن کے ساتھ تصاویر بنوانے کی فرمائش کی اور انہیں  گلدستہ بھی پیش کیا۔ انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ نوجوان کو بعد میں معلوم ہوا کہ وہ امریکی صدر کے ہم شکل ہیں۔

    post-5

    اسی طرح بھارت کے مشہور سیاستدان گاندھی کے ہم شکل کی بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے۔

    post-3

    ابوالکلام آزاد کے ہم شکل کی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد لوگ دنگ رہ گئے، بھارت سے تعلق رکھنے والے شخص کا تعلق غریب خاندان سے ہے۔

    post-1

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ہم شکل نے پہلے پہل تو اپنے لوگوں کو بے وقوف بنایا مگر بعد میں لوگوں پر یہ سچائی عیاں ہو ہی گئی۔

    post-2

    مگر حیران کُن امر یہ ہے کہ جہاں بقیہ سیاستدانوں کے ہم شکل مرد ہیں وہیں پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ اور وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کے ہم شکل نہیں بلکہ فلپائنی خاتون ہیں۔

    فلپائن سے تعلق رکھنے والی 34 سالہ خاتون نے اپنی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیں تاہم دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں بہت زیادہ وائرل ہوئیں ۔

  • حکومت کی جانب سے انعامات کی برسات، پولیس اہلکار خوشی میں محو رقص

    حکومت کی جانب سے انعامات کی برسات، پولیس اہلکار خوشی میں محو رقص

    اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پنجاب پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا جس کے بعد پولیس اہلکار خوشی سے جھوم اٹھے اور فرط مسرت سے رقص کرنے لگے۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار نے آج پولیس دربار میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔ دوران خطاب انہوں نے اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اہلکاروں کی بہترین کارکردگی پر انہیں شاباشی دی۔

    انہوں نے پولیس کی تنخواہوں، مراعات اور ریٹائرمنٹ کی مدت میں اضافے کا اعلان بھی کیا۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کو میڈلز دینے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے اور تعریفی اسناد کے ساتھ بہترین کارکردگی پیش کرنے والے اہلکاروں کو 50 ہزار روپے بھی دیے جائیں گے۔

    انعامات کی اس برسات سے پولیس اہلکار خوشی سے جھوم اٹھے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص شروع کردیا۔

    تاہم اسلام آباد پولیس کی خوشی اس وقت مایوسی میں بدل گئی جب انہیں پتہ چلا کہ اعلان کردہ تمام انعامات پنجاب پولیس اور ایف سی کے لیے ہیں اور انہیں صرف شاباشی پر ٹرخا دیا گیا ہے۔

  • دو ماہ کے بچے نے لفظ دہرا کر حیران کردیا

    دو ماہ کے بچے نے لفظ دہرا کر حیران کردیا

    نیویارک: آپ کے سامنے اگر کوئی دو ماہ کا بچہ لفظ دہرائے تو آپ کیسا محسوس کریں گے؟ امریکا کے رہائشی 8 ہفتے کے بچے نے لفظ دہرا کر نہ صرف اپنی ماں بلکہ تمام ناظرین کو حیران کردیا۔

    اگر آپ سے کوئی کہہ دے کہ دو ماہ کا بچہ ماں کے کسی لفظ کو دہرا سکتا ہے تو پہلے آپ حیرانی سے اسے دیکھیں گے اور پھر یقیناً اُس کا مذاق بھی اڑائیں گے۔

    ویسے تو عام طور پر کوئی بھی بچہ 8 ماہ کے بعد ہی ایسے غوں غاں (بولنا) کرنا شروع کردیتا ہے جو صرف اُس کی ماں یا والد کو سمجھ آئے تاہم وہ ڈیڑھ سال کا ہونے تک ایسے الفاظ ادا کرتا ہے جو لوگوں کو بآسانی سمجھ آجاتے ہیں تاہم ان کی ادائیگی صاف نہیں ہوتی۔

    امریکا سے تعلق رکھنے والی سمانتھا جونز نامی خاتون اپنی سہیلی کے ساتھ ویڈیو شیئرنگ پر بات چیت کررہی تھیں کہ اُن کی دوست نے سمانتھا کے بیٹے کو ’’ہیلو ‘‘ بولا جس کے بعد 2 ماہ کے بچے نے دونوں کو حیرانی میں مبتلا کردیا۔

    کرسٹین کے ہیلو بولنے پر 2 ماہ کے بچے نے مسکرانے یا قہقہہ لگانے کے بجائے اُس لفظ کو دہرا کر دونوں خواتین کو حیران کردیا۔ سمانتھا کا کہنا ہے کہ ’’میرا خیال تھا کہ وہ میرے مخاطب کرنے پر مسکرائے گا مگر اُس نے صاف الفاظ دہرائے جو میرے لیے حیران کن تھے‘‘۔

    اس عمل کے بعد سمانتھا کی دوست نے زور دیا کہ وہ اس حیران کن ویڈیو کو فیس بک پر شیئر کرے، جس کے بعد اُس نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی، چند دنوں میں لاکھوں افراد اس ویڈیو کو دیکھ چکے ہیں۔

    عوام کا مثبت رد عمل ملنے پر سمانتھا کا کہنا ہے کہ ’’میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ مجھے فیس بک کی کسی پوسٹ پر 100 سے زائد لائیکس بھی مل سکیں گے یہاں تو لاکھوں لوگوں نےمیری پوسٹ کو پسند کیا ہے‘‘۔

  • مسلسل 10 ماہ تک اڑنے والا پرندہ

    مسلسل 10 ماہ تک اڑنے والا پرندہ

    آسمان پر پرندوں کو اڑتے ہوئے دیکھنا ایک نہایت خوش کن نظارہ ہوتا ہے۔ رنگ برنگے پرندے اور ان کی چہچہاٹ ہماری فضا کا ایک حصہ ہیں اور ان کے بغیر ہمارے آسمان بہت ویران ہوجاتے ہیں۔

    کیا آپ جانتے ہیں دنیا میں ایک پرندہ ایسا بھی ہے جو زمین پر اترے بغیر مسلسل 10 ماہ تک اڑ سکتا ہے؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گہرے رنگ کے پرندوں والا کامن سوئفٹ نامی یہ چھوٹا سا پرندہ سب سے زیادہ دیر فضا میں رہ سکنے والا پرندہ ہے۔ تحقیق کے مطابق یہ پرندے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ فضا میں گزارتے ہیں۔

    common-swift-2

    یہ تحقیق سوئیڈن میں کی گئی جہاں سوئیڈش سائنسدانوں نے اس نسل کے 13 پرندوں کی پشت پر ٹیکنالوجی سے مزین ایک چھوٹا سا بیگ پیک نصب کیا۔ صرف ایک گرام وزن کا حامل یہ بیگ پیک اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پرندہ فضا میں موجود ہے یا زمین پر ہے۔

    اس بیگ پیک سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی جانچ کے بعد سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کامن سوئفٹ اپنے انڈے دینے کے موسم کے بعد ہجرت کر جاتے ہیں اور مستقل فضا میں رہتے ہیں، یہاں تک ان کا تولیدی موسم لوٹ آتا ہے اور اس وقت یہ ایک طویل عرصہ بعد زمین پر اترتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق یہ تقریباً 10 ماہ کا عرصہ ہوتا ہے جو یہ مستقل فضا میں اڑتے ہوئے گزارتے ہیں۔ ان کے مطابق کچھ پرندے رات کے وقت زمیں پر اتر جاتے ہیں لیکن بیشتر تمام عرصہ فضا میں ہی رہتے ہیں۔

    common-swift-3

    لیکن زمین پر اترنے والے پرندوں کے ان 10 ماہ کا 99 فیصد سے زائد وقت فضا میں ہی گزرا۔ یہ اپنی خوراک بھی اسی طرح دوران پرواز حاصل کرتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کا تعین تو نہیں کرسکے کہ یہ پرندے سونے کے لیے کیا طریقہ کار اختیار کرتے ہیں، تاہم ان کا اندازہ ہے کہ سورج نکلنے سے کچھ دیر قبل اور بعد میں یہ اپنی پرواز دھیمی رکھتے ہوئے ذرا سی جھپکی لے لیتے ہوں گے۔

    ماہرین کے مطابق یہ اب تک معلوم پرندوں میں سے فضا میں سب سے زیادہ وقت گزارنے والا پرندہ ہے۔

  • افریقا میں چار ٹانگوں‌ والےعجیب الخلقت بچے کی پیدائش

    افریقا میں چار ٹانگوں‌ والےعجیب الخلقت بچے کی پیدائش

    مپوٹو: افریقی ملک موزمبیق میں ایک انوکھے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کی چار ٹانگیں ہیں، ڈاکٹروں نے ماں اور بچے کی حالت تسلی بخش قرار دے دی، اسی صوبے میں رواں غیر معمولی پیدائش کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

    افریقی میڈیا کے مطابق افریقا کے ملک موزمبیق کے مغربی صوبے مانیکا میں ایک خاتون کے ہاں چار ٹانگوں والے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جسے انتہائی انوکھا  قرار دیا جارہا ہے۔

    غیر ملکی میگزین کے مطابق ڈاکٹروں نے غیر معمولی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچے اور ماں کی حالت ٹھیک ہے ،دوران حمل کوئی پیچیدگی نہیں ہوئی، ڈلیوری بھی نارمل طریقے سے ہوئی، بچے کی دو کے بجائے چار ٹانگیں ہیں ،اگر اس بچے کا آپریشن کیا جائے تو اضافی دو ٹانگوں کو جسم سے علیحدہ کیا جاسکتا ہے تاہم میڈیا کو بچے کی جنس کے بارے میں اطلاعات نہیں مل سکیں۔

    اطلاعات کے مطابق اسی صوبے مانکیا میں رواں ماہ بھی ایک ایسے بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کی تین ٹانگیں تھیں تاہم وہ بچہ جانبر نہ ہوسکا۔

    اس خطے میں غیر معمولی پیدائش کے واقعات کی شرح زیادہ ہے جب کہ قبل از وقت پیدائش حمل کے اسکین کی سہولت بھی اکثر دستیاب نہیں ہوتی۔

    ہفتہ وار میگزین انڈیپنڈیٹ کے مطابق جنوری 2014ء میں زمبابوے میں ایک غیر پیدائش ہوئی تھی جس میں دو بچے ایک ساتھ جڑے ہوئے تھے۔

  • ‘ثابت کرو کہ تم صدام حسین نہیں’

    ‘ثابت کرو کہ تم صدام حسین نہیں’

    لندن: ایک برطانوی شخص کو اس وقت حیرت کا شدید جھٹکا لگا جب معروف کمپنی ایپل نے اس کا خریدا ہوا فون یہ کہہ کر واپس لینے سے انکار کردیا کہ پہلے وہ ثابت کرے کہ وہ صدام حسین نہیں ہے۔

    برمنگھم کے رہائشی ٹیکسی ڈرائیور شراکت حسین کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی بہن کے لیے آئی فون خریدا لیکن اس کی بہن کو وہ فون پسند نہیں آیا اور اس نے اسے واپس کردیا۔

    شراکت حسین نے وہ فون کمپنی کو واپس کر کے اپنی رقم واپس لینی چاہی لیکن اسے کمپنی کی جانب سے ایک ای میل موصول ہوئی۔ اس ای میل کو پڑھ کر اسے شدید حیرت ہوئی جس کے مطابق اسے کہا گیا کہ وہ ثابت کرے کہ وہ عراق کا سابق ڈکٹیٹر صدام حسین نہیں ہے۔

    کتے کے لیے 8 آئی فون *

    ای میل میں اسے کہا گیا کہ چونکہ حکومت کی جانب سے اس کا نام اس فہرست میں شامل ہے جس کے تحت اسے کسی قسم کی تجارت کی اجازت حاصل نہیں، لہٰذا اسے فون فروخت کرنا غیر قانونی ہوگا۔

    شراکت حسین نے اپنے شناختی دستاویز کمپنی کو بھجوائے تاہم اس کے بعد کمپنی نے اس سے نئی فرمائش کردی کہ چونکہ اس کا اور سابق عراقی آمر صدام حسین کا آخر نام مماثل ہے، لہٰذا اب وہ اس بات کا ثبوت پیش کرے کہ اس کا صدام حسین کے خاندان سے کوئی تعلق نہیں۔

    تاہم میڈیا پر خبر آجانے کے بعد ایپل کمپنی کی غلط فہمی دور ہوگئی اور کمپنی کے ایک عہدیدار نے شراکت حسین سے معذرت طلب کرتے ہوئے بہت جلد اس کی رقم واپس دینے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔

  • انسانوں جیسا روبوٹ جسے پہچاننا مشکل

    انسانوں جیسا روبوٹ جسے پہچاننا مشکل

    بیجنگ: چین میں منعقدہ عالمی روبوٹ کانفرنس میں خاتون سے مماثلت رکھنے والا ایسا حیرت انگیز روبوٹ متعارف کرایا گیا جسے دیکھ کر خاتون اور روبوٹ میں تمیز کرنا مشکل ہے جسے خاتون روبوٹ کا نام بھی دیا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں منعقدہ ’’ورلڈ روبوٹ کانفرنس 2016ء‘‘ میں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے والا یہ روبوٹ ایک ادارے  نے تیار کیا ہےجسے ’’جیا جیا‘‘ کا نام دیا گیا ہے جو آپ سے بات کرسکتا ہے اور آپ کے چہرے کو پہچاننے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

    جیا جیا نامی روبوٹ خاتون سے منسوب ہے ، یہ خاتونی روبوٹ چہرے کی پہچان ، جنس کی امتیاز اور لوگوں کی عمر کے ساتھ ساتھ چہرے کے تاثرات بھی شناخت کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ اس میں ایسی ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے جو انسانی زبان اور چہرے کے تاثرات کو سمجھنے میں کافی حد تک مدد دیتی ہے۔

    robot-2

    ورلڈ روبوٹ کانفرنس میں پیش کیے جانے والے جیا جیا نے لوگوں کے سوالات کے جواب دیے اور ان کے تاثرات سمجھنے کے ساتھ ساتھ لوگوں سے باقاعدہ بات چیت بھی کی۔

    روبوٹ بنانے والی ٹیم کے سربراہ لوڈونگ چی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے اپنی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ  یہ رواں سال کے ابتداء میں مکمل ہوگیا تھا تاہم ابھی بھی ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔

    robot-4

    انہوں نے کہا کہ جیا جیا کو جب نمائش میں پیش کیا گیا تو اُس وقت کئی مسائل درپیش آئے جن میں چہرے کے تاثرات کو دیکھ کر قدرتی ردعمل دیکھنے میں مشکلات پیش آئیں چونکہ یہ تاثرات انسان کی خامیوں یا خوبیوں کو بیان کرتے ہیں۔

    پڑھیں: چین میں روبوٹس کی سالانہ کانفرنس کا تصویری احوال

     نمائش میں متعدد انسانی روبوٹس پیش کیے گئے تھے جو مختلف اہمیت کے حامل تھے، جس میں ایک بیٹ منٹ تھا جو انسانوں کے ساتھ مختلف کھیل کھیلنے میں مصروف تھا جبکہ بائیونک پرندوں اور تتلیوں کو بھی کانفرنس کا حصہ رکھا گیا تھا۔

    robot-5

    اس موقع پر ایک ایسا روبوٹ بھی پیش کیا گیا جو خطاطی کی صلاحیتوں سے لوگوں کو حیران کررہا ہے، اسے تیار کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اگلے مرحلے میں یہ انسانوں کی نقل اتارنے اور آخری مرحلے پر یہ اُن کے متبادل کی صورت اختیار کرجائے گا۔

    robot-3

    یاد رہے کہ گزشتہ  برس بھی نمائش میں ایک خاتون روبوٹ کو پیش کیا گیا تھا جو اب ایک فلم میں مرکزی کردار بھی ادا کررہی ہے۔