Category: حیرت انگیز

VIRAL STORIES FROM AROUND THE WORLD IN URDU BY ARY News Urdu وائرل حیرت انگیز خبریں اور معلومات

  • علاقہ مکینوں نے گوگل میپس کی ٹیم کو چور سمجھ کر پٹائی کر دی

    علاقہ مکینوں نے گوگل میپس کی ٹیم کو چور سمجھ کر پٹائی کر دی

    (29 اگست 2025): بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں علاقہ مکینوں نے گوگل میپس کی ٹیم کو چور سمجھ کر تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    انڈین میڈیا کے مطابق کانپور کے رہائشیوں نے چور سمجھ کر گوگل میپس کی سروے ٹیم کو گھیرا اور حملہ کیا۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ٹیم رات کو گاڑی پر کیمرہ لگا کر گلیوں میں گھوم رہی تھی۔

    رہائشیوں کے مطابق علاقے میں حالیہ ہفتوں کے دوران چوری کی کئی وارداتیں ہو چکی ہیں، چور گاڑیوں میں سوار ہو کر آتے ہیں۔

    واقعہ 28 اگست کو پیش آیا، ٹیم نے مقامی پولیس اور علاقہ مکینوں کو اس بارے میں پیشگی اطلاع نہیں دی تھی۔ گاڑی کی چھٹ پر کیمرہ لگا دیکھ کر لوگوں کو شک ہوا کہ یہ ممکنہ چوری کیلیے علاقے کی تلاش کر رہی ہے اور گاڑی کو روک دیا۔

    گوگل میپس ٹیم کے سربراہ سندیپ نے بتایا کہ یہ واقعہ ایک غلط فہمی کی وجہ سے ہوا، ٹیم مرکزی اور ریاستی حکام کی طرف سے جاری کردہ اجازت ناموں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

    سندیپ نے بتایا کہ علاقہ مکینوں نے ہمیں یہ سوچ کر گھیر لیا کہ ہم چور ہیں، اگر وہ ہمارے دستاویزات کو چیک کرتے تو وہ ہمارا مقصد سمجھ جاتے۔

    پولیس افسر کرشن کانت یادو نے تصدیق کی کہ ٹیم نے سروے کرنے سے پہلے مقامی حکام کو مطلع نہیں کیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ٹیم کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دیہی علاقوں میں اس طرح کے سروے کرتے وقت مقامی پولیس یا گاؤں کے سربراہ کو پیشگی اطلاع دیں۔

  • مرغی نے نیلے رنگ کا انڈا دے کر سب کو حیران کر دیا

    مرغی نے نیلے رنگ کا انڈا دے کر سب کو حیران کر دیا

    داونگیرے (28 اگست 2025): بھارتی ریاست کرناٹک میں مرغی نے پہلی بار نیلا انڈا دے کر خوب توجہ حاصل کر لی۔

    انڈین میڈیا کے مطابق ضلع داونگیرے کے گاؤں نالور میں مرغی نے نیلے رنگ کا انڈا دے کر مالک اور علاقہ مکینوں کو حیران کر دیا۔

    مرغی کے مالک سید نور جب انڈا لینے پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ انڈے کا رنگ نیلا ہے۔ ان کو اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا کیونکہ یہ پہلی بار تھا، مرغی نے اس سے پہلے کبھی اس رنگ کا انڈا نہیں دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: گھروں میں مرغیاں پالنا قانونی یا غیر قانونی؟

    سید نور نے حیرانی کا اظہار کیا اور وہ مرغی کے مستقبل کے بارے میں بھی فکر مند ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے یہ مرغی دو سال قبل ایک تاجر سے خریدی تھی اور یہ سفید یا ہلکے پیلے رنگ کے انڈے دیتی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ میرے پاس کُل 10 مرغیاں ہیں لیکن کسی نے نیلے رنگ کا انڈا نہیں دیا۔

    جب یہ خبر گاؤں میں پھیلی تو مکینوں کی بڑی تعداد سید نور کے گھر کے باہر نایاب انڈا دیکھنے کیلیے جمع ہوگئی۔

    محکمہ مویشی پالن کے افسران جب سید نور کے گھر پہنچے تو انہوں نے بھی غیر معمولی واقعے پر حیرانی کا اظہار کیا۔

    انہوں نے مالک سے مرغیوں کی خوراک کے بارے میں پوچھا تو سید نور نے بتایا کہ میں انہیں وہی خوراک دیتا ہوں جو عام ہے۔

    سید نور نے نایاب انڈا سنبھال کر رکھا ہے جبکہ متعلقہ حکام اس بارے میں جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ غیر معمولی واقعہ کیسے پیش آیا۔

  • بندر نے کرنسی نوٹ چرا کر ہوا میں اڑا دیے، لوگوں کے لوٹنے کی ویڈیو وائرل

    بندر نے کرنسی نوٹ چرا کر ہوا میں اڑا دیے، لوگوں کے لوٹنے کی ویڈیو وائرل

    بھارت میں بندر نے کرنسی نوٹ چرا کر ہوا میں اڑا دیے لوگوں کے نوٹ لوٹنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع اوریا میں تحصیل دفتر میں آنے والے اس وقت حیران رہ گئے جب ہزاروں مالیت کے کرنسی نوٹ اچانک درخت سے نیچے گرنے لگے۔

    جو چیز پیسوں کی بارش کی طرح دکھائی دی وہ دراصل بندر کی شرارت تھی جس نے 80 ہزار روپوں سے بھرا نوٹوں کا بیگ چھین لیا تھا۔

    پرائیویٹ ٹیچر روہتاش چندر اپنے وکیل کے ساتھ رجسٹریشن سے متعلق کام کے لیے دوڈا پور گاؤں پہنچا، ڈگی میں محفوظ ریقے سے رکھے ہوئے پیسوں سے اس نے اپنی موٹر سائیکل باہر کھڑی کی تھی لیکن جب وہ کاغذی کارروائی میں مصروف تھا تو بندر تھیلا لے کر درخت پر چڑھ گیا۔

    درخت پر چڑھ کر بندر نے کھانے کی امید میں بیگ کو کھولا جو کرنسی نوٹوں کے بندل کی صورت میں موجود تھا، اس کے بعد بندر نے نوٹ نیچے پھینکنا شروع کردیے جب 500 روپے کے نوٹ ہوا میں اڑتے نظر آئے تو لوگ جمع ہوگئے اور لوٹنے لگے۔

    روہتاش نے پیسے بچانے کی کوشش کی اور لوگوں کی مدد سے وہ تقریباً 52 ہزار روپے واپس پاسکا باقی تقریباً 28 ہزار روپے یا تو خراب ہوگئے یا بھیڑ کے ساتھ غائب ہوگئے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ایک عرصے سے بندر تھیلے چھین رہے ہیں، کاغذات پھاڑ رہے ہیں اور اہم دستاویزات کو بھی تباہ کر رہے ہیں، جس سے تحصیل دفتر آنے والے لوگوں کو مستقل مشکلات کا سامنا ہے۔

  • بھارت: انڈوں کی فروخت پر پابندی

    بھارت: انڈوں کی فروخت پر پابندی

    جے پور (27 اگست 2025): بھارت کی ریاست راجستھان میں پہلی بار انڈوں کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان میں ہندو تہواروں پریوشن اور سموتساری کے دوران سالانہ برت کی رسوم کے موقع پر انڈوں کی فروخت پر پابندی لگانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    ان مواقع پر اب تک صرف گوشت اور مچھلی فروخت کرنے والی دکانوں کو بند رکھنے کو کہا جاتا تھا، لیکن اب انڈوں کی فروخت پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے مقامی انتظامیہ نے پیر کو حکم نامہ جاری کیا، جس میں واضح طور پر ذکر کیا گیا ہے کہ 28 اگست کو پریوشن اور سموتساری کے موقع پر اور 6 ستمبر کو اننت چتردشی کے موقع پر ریاست بھر میں تمام نان ویج دکانیں، ذبح خانے اور انڈے فروخت کرنے والی دکانیں بند رکھی جائیں گی۔

    شادی کا کھانا 6 ہزار روپے پلیٹ ہونے پر دلہن نے فوٹوگرافرز کو ہوٹل سے نکال دیا

    بلدیات کے سربراہ نے کہا کہ مذہبی تنظیموں کی طرف سے ان تہواروں کے دوران عدم تشدد کے اصولوں پر عمل کرنے کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر حکومت نے اس بار انڈوں کی فروخت پر بھی پابندی لگا کر روایت کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انڈوں کی فروخت پر پابندی کا یہ حکم ریاست بھر میں لاگو ہوگا، میونسپل کارپوریشنوں اور میونسپل کونسلوں کے تحت آنے والے علاقوں میں بھی انڈے فروخت نہیں کیے جا سکیں گے۔

    واضح رہے کہ جین مت کا ماننا ہے کہ اگر کچھ انڈے غیر زرخیز ہوں تو بھی ان میں زندگی کا امکان ہے، اس لیے انڈے کھانا بھی تشدد کے برابر سمجھا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ روایتی طور پر صرف گوشت اور مچھلی کی دکانیں بند رکھی جاتی تھیں، لیکن اس سال پہلی بار ’اہنسا پرمو دھرم‘ کے اصول پر عمل کرتے ہوئے انڈوں کی فروخت پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

  • کوٹ ڈیجی میوزم : سندھ میں پتھروں کا جیتا جاگتا ماضی، حیرت انگیز ویڈیو

    کوٹ ڈیجی میوزم : سندھ میں پتھروں کا جیتا جاگتا ماضی، حیرت انگیز ویڈیو

    خیرپور میں کوٹ ڈیجی میوزم سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، قلعہ سے متصل تعمیر کیے جانے والے میوزیم میں دور قدیم سے لے کر حالیہ زمانے کی رہائشی سہولیات کو مجسموں کی صورت میں دکھایا گیا ہے۔

    تاریخ صرف کتابوں کا نام نہیں کچھ عمارتیں بھی ہیں جو اپنی مثال آپ ہیں۔ کوٹ ڈیجی کے اس میوزیم میں ماضی آج بھی ان خوبصورت مجسموں کی صورت میں زندہ ہے۔

    سندھ کی ثقافت ایک ایسا خزانہ ہے جس کی چمک اور شفافیت آج بھی قائم ہے، اس میوزیم کی خاص بات بھی یہی ہے کہ یہ ماضی کے دریچوں کو کھولتا ہے۔

    یہاں آنے والے سیاح ماضی کے جھروکوں میں گم ہوجاتے ہیںم اس میوزیم میں موہن جو دڑو اور کوٹ ڈیجی کے آثار قدیمہ سے دریافت ہونے والی سیکڑوں اشیاء موجود ہیں۔ ان نایاب اشیاء میں مٹی کے برتن، سکے مختلف اشکال کے قیمتی پتھر اور مجمسمے موجود ہیں۔

    اس عجائب گھر میں ماڈلز کے ذریعے سندھ کی ثقافت اور پتھر کے زمانے کے آریا دور کی منظر کشی بہت بہترین انداز سے کی گئی ہے۔

    حکومت اگر کوٹ ڈیجی کی تاریخ سے متعلق نئی نسل کو آگاہی فراہم کرے تو ملک میں سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

  • 7ماہ کے بچے کے قتل میں والدین ملوث نکلے، اپنی نوعیت کا حیرت انگیز واقعہ

    7ماہ کے بچے کے قتل میں والدین ملوث نکلے، اپنی نوعیت کا حیرت انگیز واقعہ

    موٹرو ویلی : کیلیفورنیا میں 7 ماہ کے بچے کے قتل میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، اس واقعے کی خاص بات یہ ہے کہ پولیس نے اس بچے کے والد کو ہی قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

    گزشتہ دنوں کیلیفورنیا کی فضا میں ایک خوفناک خبر گونج اٹھی،7 ماہ کا ننھا بچہ ایمرانیول ہارو اچانک لاپتہ ہوگیا، اس کی ماں ربیکا نے رو رو کر اپنا برا حال کرلیا جبکہ اس کا والد اپنے بیٹے کو دیوانہ وار ڈھونڈتا رہا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ماں نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ اپنے بچے کو گاڑی سے نکال کر کرسی پر لٹائے بیٹھی تھی کہ اچانک کسی نے آواز دی "ہولا!” اس کے بعد سب کچھ دھندلا سا ہوگیا اور جب مجھے ہوش آیا تو بچہ غائب تھا۔

    پولیس کو دیے گئے ماں کے بیان میں بچے کی جدائی کی تڑپ دکھ اور آنکھوں میں آنسو تھے لیکن پولیس کی عقاب جیسی تیز نگاہوں کو کہیں نہ کہیں اس کہانی میں جھول محسوس ہوا۔

    بچے کی تلاش کئی روز جاری رہی لیکن پولیس کو کہیں سے کوئی سراغ یا واردات کا سرا نہیں مل رہا تھا، اس دوران والدین سے بھی پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری رہا اس دوران تفتیش گہری ہوئی تو شواہد سامنے آنے لگے۔

    Dad Searches for Body After Arrest

    ہوا یوں کہ بچے کی ماں ربیکا کے بیانات میں دن بہ دن تضادات آتے گئے، یہاں تک کہ اس نے مزید بولنے سے ہی انکار کر دیا، پھر ایک دن پولیس نے والدین جیک ہارو اور ربیکا ہارو کو ہی قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے بتایا کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ بچے کے اغوا کا ربیکا کا ابتدائی دعویٰ جھوٹا تھا۔ تفتیش کاروں کے مطابق ربیکا کے بیانات میں سنگین تضادات پائے گئے اور اس کی خاموشی نے شکوک و شبہات کو یقین میں بدل دیا۔

    Emmanuel Haro's father

    دیکھنے والوں کیلیے 24اگست کا وہ منظر دل دہلا دینے والا تھا جب قیدیوں کے نارنجی لباس میں باپ جیک ہارو پولیس اہلکاروں کے ساتھ ایک کھیت میں کھڑا تھا۔ جہاں اسے اسی کے بیٹے کی لاش کی برآمدگی اور باقیات کی تلاش کیلیے لایا گیا تھا۔ تاہم بچے کی لاش یا اس کی باقیات نہیں مل سکیں۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے اغوا کا واقعہ پیش نہیں آیا لیکن یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ بچہ مرچکا ہے۔ بچے کے والدین کو بغیر ضمانت جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے تفتیش اور باقیات کی تلاش تاحال جاری ہے۔

    یہی نہیں اس سے قبل بھی امریکا میں اس قسم کے رونما ہونے والے متعدد واقعات اپنے انجام کو نہیں پہنچ سکے۔ اب یہ واقعہ بھی کئی مشہور گمشدگی اور قتل کے پرانے مقدمات کی یاد تازہ کرتا ہے، جن میں جون بینے ریمزی (1996)، نکول براؤن سمپسن و رون گولڈ مین (1994) اور ریپر ٹوپاک شکور (1996) کے مقدمات شامل ہیں جن کی پراسراریت آج بھی اسی طرح برقرار ہے۔

  • شادی کا کھانا 6ہزار روپے پلیٹ ہونے پر دلہن نے فوٹوگرافرز کو ہوٹل سے نکال دیا

    شادی کا کھانا 6ہزار روپے پلیٹ ہونے پر دلہن نے فوٹوگرافرز کو ہوٹل سے نکال دیا

    شادی کا کھانا 6 ہزار روپے فی پلیٹ ہونے پر دلہن نے تقریب میں ذمہ داریاں نبھانے آئے فوٹوگرافرز کو فائیو اسٹار ہوٹل سے نکال دیا۔

    دہلی میں ایک دلہن نے اپنی شادی والے دن عجیب و غریب حرکت کی، اپنی شادی کے لیے دلہن نے فوٹوگرافی کمپنی کی خدمات حاصل کی تھیں، تاہم شادی کی تقریب میں کھانے کے انتظامات پر تنازعہ کے بعد دلہن نے فوٹوگرافرز کی ٹیم کو ہوٹل سے باہر جاکر کھانے کےلیے کہا۔

    تنازع نے اس وقت میڈیا کی توجہ حاصل کی جب مذکورہ دلہن نے فوٹوگرافی فرم کے لیے آن لائن ریٹ کرتے ہوئے صرف ایک اسٹار دیا، جس کے بعد فرم نے بھی واقعہ بیان کی اور آن لائن گرما گرم بحث چھڑ گئی۔

    دلہن نے فوٹوگرافرز کی ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تقریب کے دوران کھانے کی توقع کرنا ان کے لیے "غیر معقول” تھا، خاص طور پر فائیو اسٹار ہوٹل میں جہاں کھانے کی قیمت تقریباً 6,000 روپے فی پلیٹ ہے۔

    خاتون کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ان فوٹوگرافرز کو باہر سے کھانے کا بندوبست کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم وہاں بات نہ بن سکی تو بالآخر کمپنی کے ساتھ بکنگ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اس کے بعد مذکورہ دلہن نے فوٹوگرافی کمپنی کو آن لائن ریٹ کرتے ہوئے صرف ایک اسٹار دیا جس کا مطلب یہ تھا کہ یہ کمپنی پروفیشنلی بہت خراب ہے۔

    اس پر کمپنی کی جانب سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ کھانا ایک بنیادی چیز ہے جو کسی بھی تقریب میں فراہم کیا جاتا ہے اور اس سے پہلے ان کے ساتھ ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔

    کمپنی نے مزید لکھا کہ اس عمل سے انھیں اچھا سبق سیکھنے کوملا، ہمیں بتایا جارہا تھا کہ ہمیں کب کھانا ہے اور کب نہیں کھانا ہے، ورکنگ ریلیشن شپ میں اس چیز کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

  • یوٹیوبر ویڈیو بناتے ہوئے آبشار میں بہہ گیا

    یوٹیوبر ویڈیو بناتے ہوئے آبشار میں بہہ گیا

    بھارت میں یوٹیوبر ساگر ڈوڈوما ریلز بناتے ہوئے آبشار میں بہہ گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اوڈیسہ کے ضلع کوراپٹ میں 22 سالہ یوٹیوبر ساگر ڈوڈوما ریلز بناتے ہوئے آبپشار میں تیز بہاؤ کے باعث بہہ گیا۔

    افسوسناک حادثہ ڈرون کیمرے کے ذریعے ریلز بناتے ہوئے رونما ہوا۔

    ساگر اپنے دوستوں کے ساتھ کٹک سے کوراپٹ یوٹیوب چینل کے لیے سیاحتی مقامات کی ریلیز بنانے کے لیے پہنچا تھا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساگر پانی کے بیچ کھڑا ہے اور لوگ رسیوں کے ذریعے اسے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم شدید بہاؤ کے باعث وہ بیلنس برقرار نہ رکھ سکا اور پانی کی بے رحم موجیں اس کو بہا لے گئیں۔

    حکام کے مطابق ماچاکونڈا ڈیم سے شدید بارشوں کے بعد تقریباً 2000 کیوسک پانی چھوڑا گیا تھا، جس کے باعث اچانک پانی کی سطح بلند ہوگئی، مقامی افراد اور سیاحوں کی کوششوں کے باوجود ساگر بچ نہ سکا۔

    اطلاع ملتے ہی ماچاکونڈا پولیس اور فائر سروسز کے اہلکار موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا تاحال اس کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔

  • ویڈیو: موٹو جی پی کے دوران کیمرا مین حادثے سے بال بال بچ گیا

    ویڈیو: موٹو جی پی کے دوران کیمرا مین حادثے سے بال بال بچ گیا

    ہنگری میں گراں پری کوالیفائی کرنے کے دوران موٹو جی پی کیمرا مین خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    کوالیفائنگ سیشن کے دوران ہسپانوی اسٹار پیڈرو کوسٹا نے اپنی موٹر سائیکل پر کنٹرول کھو دیا جس کے بعد ان کے ساتھ کیمرا مین بھی حادثے سے بچ گیا۔

    پیڈرو کو ہم وطن مارک مارکیز کے ہاتھوں پول پوزیشن میں شکست ہوئی لیکن موٹر سائیکل کے کریش ہونے کا لمحہ کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سلپ ہونے کے بعد کیمرا مین کی جانب گئی اور رگ سے ٹکرا گئی جبکہ کیمرا مین اس حادثے سے بے خبر تھا۔

    حادثے کے بعد کیمرا مین جواؤ بے خوف دکھائی دیا اور قریبی عہدیداروں کو خیریت بتا کر دوبارہ کیمرا سنبھال لیا۔

    پیڈرو نے بھی جواؤ کی خیریت دریافت کی اور انہیں گلے سے لگا لیا۔

    وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ وہ ٹھیک ہے اور کوئی بھی مداح زخمی نہیں ہوا۔‘

  • نوجوان بیٹر کو چھکا مارتے ہی دل کا دورہ پڑ گیا، ویڈیو

    نوجوان بیٹر کو چھکا مارتے ہی دل کا دورہ پڑ گیا، ویڈیو

    ٹیپ بال کرکٹ میچ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، نوجوان بیٹر کو چھکا مارتے ہی دل کا دورہ پڑا اور وہ گرکر ہلاک ہوگیا۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ پر ایک چونکا دینے والا واقعہ زیرگردش ہے جس میں کرکٹ کے شائقین کے سامنے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، ایک بلے باز مقامی میچ کے دوران چھکا لگانے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے وہیں پچ پر گر کر انتقال کرگیا۔

    میچ کے دوران بنائی گئی ویڈیو وائرل ہوگئی، ویڈیو کے آغاز میں مذکورہ کھلاڑی اعتماد کے ساتھ ایک زبردست چھکا لگاتا ہے جبکہ اسکا بیٹنگ پارٹنر اس آکر شاباش بھی دیتا ہے۔

    تاہم اسی دوران اچانک وہی بیٹر دھڑام سے زمین پر گرتا ہوا نظر آتا ہے، جس سے وہاں موجود کھلاڑی، امپائر اور تماشائی دنگ رہ جاتے ہیں۔

    اسے فوری طور قریبی اسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی تاہم وہاں پہنچنے پر بیٹر کو مردہ قرار دے دیا گیا، اس دل دہلا دینے والی ویڈیو کلپ نے آن لائن صارفین میں اب نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

    انٹرنیٹ پر کچھ صارفین اس واقعے کو ویکسینیشن کے بعد کے ممکنہ ضمنی اثرات سے جوڑتے ہوئے بھی نظرآئے جبکہ کئی دوسرے لوگوں کا خیال ہے کہ یہ واقعہ نوجوانوں میں تناؤ کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کو اجاگر کرتا ہے۔

    ایک صارف نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ "آج کے نوجوان مسلسل دباؤ میں ہیں، کام، مالی صورتحال، خاندان، اور یہ عوامل، طرز زندگی کی عادات کے ساتھ مل کر، دل کی صحت کے لیے خطرناک بن رہے ہیں۔

    اسی طرح ایک اور صارف نے شیئر کیا کہ "کوئی چھکا کیسے مار سکتا ہے اور اگلے ہی منٹ میں مر سکتا ہے؟ چھکا لگانے کے لیے آپ کو بہت طاقت کی ضرورت ہوتی ہے، اگر اس میں اتنی طاقت ہے تو وہ کیسے مر گیا؟”

    ایک صارف نے لکھا کہ "زندگی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ یہ کتنی غیر متوقع ہے، فٹنس کی سطح بہتر ہو رہی ہے، لیکن تناؤ، دباؤ اور مخفی طبی حالات کی وجہ سے دل کی صحت کے لیے خطرات بڑھ رہے ہیں۔