Category: حیرت انگیز

VIRAL STORIES FROM AROUND THE WORLD IN URDU BY ARY News Urdu وائرل حیرت انگیز خبریں اور معلومات

  • پاکستانی نوجوان نے موبائل سے گاڑی چلا کر سب کو حیران کر دیا

    پاکستانی نوجوان نے موبائل سے گاڑی چلا کر سب کو حیران کر دیا

    پاکستان میں موبائل فون کی مدد سے ڈرائیور کے بغیر چلنے والی کار تیار کرلی گئی، یہ کارنامہ ٹیکسلا کے نوجوان محمد سبحان فاروقی نے انجام دیا ہے۔

    مکینیکل ڈپلومہ طالب علم سبحان فاروقی نے موبائل فون کے ذریعے گاڑی چلانے کا کامیاب تجربہ کرکے ٹیکسلا کا نام پاکستان سمیت دنیا بھر میں روشن کردیا یہ نوجوان ایلون مسک سے مقابلے کا بھی خواہش مند ہے۔

    ا ےآر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں اس ہونہار نوجوان نے بحیثیت مہمان شرکت کی اور اپنی اس تاریخی ایجاد کے بارے میں بتایا۔

    محمد سبحان نے بتایا کہ میں نے ایک کار بنائی ہے جو موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے چلائی جاتی ہے جسے ہم موبائل فون سے کنٹرول کرسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ اپلی کیشن پلے اسٹور پر پہلے سے موجود ہے ہم نے صرف ایسی کٹ بنائی ہے جو اس ایپ سے منسلک ہوکر گاڑی کو چلاتی ہے۔

    اس کٹ کو بنانے میں مجھے تین ماہ کا عرصہ لگا، موبائل فون سے گاڑی کا اسٹیئرنگ بریک ایکسیلیٹر سمیت سب کچھ باآسانی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ معذور افراد کیلیے بنانے کی کوشش ہے میرا ارداہ ہے کہ اب کار کو آرٹیفشل مائنڈ دیا جائے جیسے انسانوں سے بات کی جاتی ہے اسی طرح کار سے کہا جائے گا کہ فلاں شہر چلو تو یہ اپنے سینسرز کا استعمال کرتے ہوئے مطلوبہ شہر تک جائے گی۔

    ایک سوال کے جواب میں سبحان نے بتایا کہ میں ایلون مسک سے بہت متاثر ہوں اور چاہتا ہوں ان سے مقابلہ کروں۔

  • بازوؤں سے محروم نوجوان کے حوصلے نے سب کو حیران کردیا

    بازوؤں سے محروم نوجوان کے حوصلے نے سب کو حیران کردیا

    دونوں بازوؤں سے محروم باہمت نوجوان نے اپنی معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیا، وہ نہ صرف اپنے کام خود کرتا ہے بلکہ اپنی ماں کا بھی ہاتھ بٹاتا ہے۔

    کوئی بھی انسان اگر ہمت حوصلے اور مستقل مزاجی سے کام لے تو وہ ہر ناممکن کام کو ممکن بنا سکتا ہے، چاہے وہ کتنا ہی کٹھن اور دشوار کیوں نہ ہو۔

    اس کی بہت بڑی مثال ان معذور افراد میں دیکھنے میں آتی ہے جو کسی جسمانی معذوری کا شکار ہونے کے باوجود قدرت کے فیصلے کو دل سے قبول کرتے ہوئے اپنے حوصلے بلند رکھتے ہیں۔

    ایک ایسا ہی نوجوان جس نے اپنے دونوں بازوؤں سے محرومی کے باوجود ہمت نہ ہاری اور زندگی کو معمول کے مطابق بسر کرنے تہیہ کیا جسے دیکھنے والے بھی اس کی ہمت کی داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

    اے آر وائی نیوز مری کے نمائندے ارسلان ایاز کی رپورٹ کے مطابق یہ باہمت نوجوان مری کا رہائشی کامران عباسی ہے جو دس سال قبل کرنٹ لگنے کے باعث اپنے دونوں بازو گنوا چکا ہے لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری اور کسی پر بوجھ نہیں بنا۔

    کامران جنگل سے لکڑیاں بھی لاتا ہے مرغیوں کو دانہ پودوں کو پانی اور اپنے کپڑوں پر استری بھی خود ہی کرتا ہے۔

    دونوں ہاتھوں سے محروم نوجوان بے روزگاری کے باعث غربت کا شکار ہے اس کی ضعیف والدہ نے حکام بالا سے درخواست کی ہے کہ میرا بیٹا بہت ہمت والا ہے مین چاہتی ہوں اسے دو مصنوعی ہاتھ لگ جائیں اور اسے کوئی نوکری مل جائے تاکہ یہ اپنی باقی زندگی عزت اور سکون سے گزار سکے۔

  • غصے میں بپھرے ہاتھی نے ٹرک کو الٹ دیا، ویڈیو وائرل

    غصے میں بپھرے ہاتھی نے ٹرک کو الٹ دیا، ویڈیو وائرل

    غصے میں بپھرے ہاتھی نے سڑک پر اٹرک کو الٹ دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہاتھی اپنی منی ٹرک کو الٹ کر رکھ دیا۔

    یہ واقعہ گھنے سبزے سے گھری ایک سنسان سڑک پر پیش آیا، جہاں ٹرک کے الٹنے کے بعد راستہ بند ہو گیا۔

    ویڈیو شیئر کرنے والے صارف نے لکھا کہ "یہ جنگل کی طرف سے یاد دہانی ہے، ایک ہاتھی کا منی ٹرک کو الٹ دینا صرف طاقت ہی نہیں بلکہ اس کے دباؤ کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

    اس سے قبل جنگل کے درمیان سے گزرنے والی نیشنل ہائی وے پر ایک شخص نے اپنی گاڑی سے اتر کر ہاتھی کے ہمراہ سیلفی لینے کی کوشش کی تھی۔

    سیلفی کا شوقین مذکورہ شخص جو کیرالہ کا رہائشی بتایا گیا تھا۔ اس کی یہ حرکت شاید جنگلی ہاتھی کو پسند نہ آئی اور وہ مذکورہ شخص پر حملہ کرنے کے لیے چڑھ دوڑا تھا۔

    یہ ویڈیو جو سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگے مذکورہ شخص ہاتھی کے حملے سے بچنے کے لیے دوڑ رہا ہے جب کہ ہاتھی اس کا پیچھا کر رہا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص پہلے سڑک کے کنارے گھاس والے میدان کی جانب بھاگا اور ہاتھی کو اپنے پیچھے آتا دیکھ کر گھبرا کر واپس سڑک کی طرف رخ موڑا لیکن اس کوشش میں وہ لڑکھڑا کر گر گیا۔

  • واٹس ایپ پر شادی کا دعوت نامہ وصول کرتے ہی شہری 2 لاکھ روپے سے محروم

    واٹس ایپ پر شادی کا دعوت نامہ وصول کرتے ہی شہری 2 لاکھ روپے سے محروم

    بھارت میں واٹس ایپ پر شادی کا دعوت نامہ وصول کرتے ہی سرکاری ملازم دو لاکھ روپے سے محروم ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے ہنگولی ضلع میں سرکاری ملازم کو مبینہ طور پر واٹس ایپ کے ذریعے جعلی ڈیجیٹل شادی کا دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد سائبر فراڈ میں تقریباً 2 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

    متاثرہ شخص کو واٹس ایپ پر ایک نامعلوم نمبر سے پیغام موصول ہوا جس میں انہیں 30 اگست کو شادی کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔

    پیغام میں لکھا تھا: خوش آمدید، 30 اگست 2025ء کو شادی میں ضرور آئیں، محبت وہ ماسٹر چابی ہے جو خوشی کے دروازے کھولتی ہے۔

    متن کے نیچے جو چیز نظر آ رہی تھی وہ ایک پی ڈی ایف فائل کی طرح تھی، لیکن حقیقت میں یہ ایک اینڈرائیڈ ایپلی کیشن پیکیج یعنی اے پی کے فائل تھی جسے متاثرہ شخص کے فون کو ہیک کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

    سرکاری ملازم  نے انجانے میں شادی کے دعوت نامے پر کلک کرلیا جس سے سائبر جرائم پیشہ افراد کو اس کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوئی اور 1,90,000 روپے اکاؤنٹ سے نکال لیے گئے۔

    متاثرہ شخص نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق جیسے ہی متاثرہ شخص نے اے پی کے فائل پر کلک کیا، سائبر کرمنلز  نے متاثرہ کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کی اور 1,90,000 روپے چرا لیے۔

    ہماچل پردیش سائبر پولیس نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور نامعلوم ذرائع سے موصول ہونے والی فائلوں کو ڈاؤن لوڈ یا کلک نہ کریں۔

  • کینیڈا: خاتون سیاست دان نے سب سے زیادہ ٹائیاں پہن کر عالمی ریکارڈ بنا دیا

    کینیڈا: خاتون سیاست دان نے سب سے زیادہ ٹائیاں پہن کر عالمی ریکارڈ بنا دیا

    کینیڈا میں خاتون سیاست دان نے سب سے زیادہ 360 ٹائیاں پہن کر عالمی ریکارڈ بنا دیا۔

    کینیڈا کی سیاست جو ریٹائر ہونے کی تیاری کررہی ہیں انہوں نے ایک ہی وقت میں 360 ٹائیاں گلے میں باندھ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

    مروہ رزقی کیوبیک کی قومی اسمبلی کی رکن ہیں جنہوں نے رواں سال اعلان کیا تھا کہ وہ 2026 میں دوبارہ الیکشن نہیں لڑیں گی۔

    کینیڈین ٹی وی سیریز ’انفومین‘ میں انہوں نے گنیز بک ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی اور کامیاب بھی ہوگئیں۔

    انہیں 2023 میں برازیل کے ڈیوڈ اپاریسیڈو ڈوس کے قائم کردہ 330 کے ریکارڈ کو شکست دینا تھی۔

    رزقی نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کو بتایا کہ میں نے سب سے زیادہ گلے میں ٹائی پہننے کا ریکارڈ توڑنے کا چیلنج قبول کیا تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ خواتین مردوں کے برابر ہیں اور خواتین بھی بہت سے ٹائی پہن سکتی ہیں۔

    خاتون سیاست دان کو گزشتہ ریکارڈ تک پہنچنے میں 48 منٹ لگے اور ان کا چہرہ بمشکل ہی دکھائی دے رہا تھا۔

  • سب کو ’’دو لڈو‘‘ دیے مجھے ایک کیوں؟ شہری نے وزیراعلیٰ ہیلپ لائن پر کال کردی

    سب کو ’’دو لڈو‘‘ دیے مجھے ایک کیوں؟ شہری نے وزیراعلیٰ ہیلپ لائن پر کال کردی

    بھارت میں یوم آزادی کی تقریب میں دو کے بجائے ایک لڈو دینے پر شہری نے وزیراعلیٰ ہیلپ لائن پر شکایت کردی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ کے رہائشی شخص نے وزیر اعلیٰ کی ہیلپ لائن پر ایک معمولی شکایت کے لیے کال کی کہ سب کو دو لڈو دیے گئے اور اسے صرف ایک لڈو ملا۔

    واقعہ گرام پنچایت بھون میں یوم آزادی کی تقریبات کے دوران پیش آیا، پرچم کشائی کی تقریب کے بعد تمام حاضرین میں لڈو تقسیم کیے جارہے تھے، جب کملیش خوشواہا کی باری آئی تو اسے ایک لڈو پیش کیا گیا۔

    جب اسے دو لڈو دینے سے انکار کیا گیا تو اس نے اپنا احتجاج درج کروانے کے لیے سی ایم ہیلپ لائن پر کال کی اور شکایت میں لکھا کہ پنچایت پرچم کشائی کے بعد مناسب طریقے سے مٹھائی تقسیم کرنے میں ناکام رہی اور اس معاملے کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

    پنچایت سکریٹری رویندر سریواستو نے  این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ "کملیش باہر سڑک پر کھڑا تھا۔ چپراسی نے اسے ایک لڈو دیا، لیکن اس نے دو پر اصرار کیا۔ جب انکار کیا تو اس نے سی ایم ہیلپ لائن پر کال کی۔”

    پنچایت نے بازار سے ایک کلو مٹھائی مزید خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور شکایت کنندہ کو تسلی دی ہے۔

  • شوہر کی بیچ سڑک پر بیوی پر غصہ کرنے کی ویڈیو وائرل

    شوہر کی بیچ سڑک پر بیوی پر غصہ کرنے کی ویڈیو وائرل

    بھارت میں شوہر نے بیوی کو شادی کے چند دن بعد ہی بیوی کو بوائے فرینڈ کے ساتھ پکڑ لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارت میں شادی کے پانچ دن بعد شوہر نے دیکھا کہ بیوی اپنے سابق بوائے فرینڈ سے مل رہی ہے، یہ واقعہ مصروف سڑک کے بیچ میں پیش سامنے آیا۔

    ویڈیو کو شوہر کو بیوی پر چیختے چلاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    شوہر کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ تم بھی فریبی نکلیں، کیا کہہ رہی تھیں اپنی ممی کے گھر جارہی ہوں اور اس کے ساتھ گھوم رہی ہے، تمہارے لیے اپنے گھر والوں کو چھوڑ دیا اور تم یہاں پر بیٹھی ہو۔

    وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو تقسیم کردیا بہت سے لوگوں نے بیوی اور اس کے بوائے فرینڈ پر غصے کا اظہار کرتے ہوئئے شوہر کی حمایت کی۔

    کچھ نے کہا کہ وہ ذاتی معاملات کو حل کرنے کے لیے سابقہ بوائے فرینڈ سے مل سکتی ہے، صارفین نے یہ بھی لکھا کہ ’یہ اس کا دوست بھی ہوسکتا ہے۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ شاید وہ مایوس سابق بوائے فرینڈ کو آگے بڑھنے کے لیے راضی کرکے اسے الوداع کہنے گئی ہوگی۔

  • چتا کو آگ لگانے سے چند لمحے قبل نوجوانوں کو زندہ آتے دیکھ کر سب حیران

    چتا کو آگ لگانے سے چند لمحے قبل نوجوانوں کو زندہ آتے دیکھ کر سب حیران

    بھارت (21 اگست 2025) چتا کو آگ لگانے سے چند لمحے قبل تینوں نوجوانوں کو زندہ آتے دیکھ کر سب حیران اور سوگوار ماحول خوشی میں بدل گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے ایک دور افتادہ گاؤں میں پیش آیا جہاں سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان راہل مکھیا، منا مکھیا اور روی کمار گزشتہ ہفتہ شدید بارشوں اور سیلاب کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے۔

    لاپتہ نوجوانوں کی عمر 19، 20 سال کے لگ بھگ تھی اور وہ سیلاب والے روز کام پر جانے کے لیے گھر سے نکلے تھے۔ ان کے نکلتے ہی طوفانی بارش شروع ہو گئی اور سیلاب سے ہر چیز کو تہس نہس کردیا۔

    مذکورہ نوجوان گھر واپس نہ آئے اور نہ ہی اہل خانہ کا ان سے کوئی رابطہ ہو سکا۔ انتظامیہ کی جانب سے بھی ان کی تلاش کی گئی، لیکن ناکام رہے۔ اس کے بعد لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے انہیں مردہ تصور کر لیا اور سمجھا کہ وہ سیلاب کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گئے۔

    تینوں نوجوانوں کی موت کا یقین ہو جانے کے بعد اہلخانہ نے ان کی آخری رسومات علامتی طور پر ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم ابھی ہم نے آگ جلائی ہی تھی کہ کسی نے آ کر بتایا کہ وہ زندہ ہیں اور واپس آ گئے۔ اس کے بعد ہماری خوشی کی انتہا نہ رہی۔

    دوسری جانب گھر واپس پہنچنے والے نوجوانوں نے میڈیا کو بتایا کہ جب سیلاب آیا تو وہ اس علاقے میں تھے ہی نہیں۔ ہمیں نہ سیلاب کا علم تھا اور نہ ہی یہ کہ گھر والے ہمیں لاپتہ سمجھ کر ڈھونڈ رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ریسکیو اداروں کی ٹیم اس علاقے میں بھی پہنچی جو لاپتہ لوگوں کو تلاش کر رہی تھی۔ اس ٹیم نے ہم کو بھی اپنے ساتھ لے لیا۔ اہلکاروں نے ہم کو کھانے کا سامان وغیرہ دیا اور خیال بھی رکھا مگر یہ نہیں بتایا کہ ہمیں واپس گاؤں کیوں لے جایا جا رہا ہے۔

  • سینے میں چاقو کیسے پہنچا؟ طبی تاریخ کا نایاب واقعہ، ڈاکٹرز بھی دنگ رہ گئے

    سینے میں چاقو کیسے پہنچا؟ طبی تاریخ کا نایاب واقعہ، ڈاکٹرز بھی دنگ رہ گئے

    (21 اگست 2025): کئی بار ایسے کیسز سامنے آتے ہیں کہ سب گنگ ہو جاتے ہیں ایک شخص کے سینے میں چاقو دیکھ کر ڈاکٹرز بھی حیران رہے گئے۔

    کسی کے پیٹ سے بالوں کا گچھا نکلنا، کسی کے موبائل فون اور کسی کے پیٹ میں تیرتی مچھلی جیسے واقعات میڈیا میں سامنے آ چکے ہیں۔ مگر اب سامنے آنے والے ایک کیس نے ڈاکٹروں کو بھی شدید حیران کر دیا۔ ڈاکٹرز ایکسرے میں یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ایک شخص سینے کے اندر چاقو لیے زندہ سلامت چل پھر رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حیرت انگیز واقعہ تنزانیہ میں پیش آیا جہاں ایک 44 سالہ شہری کا آپریشن کر کے اس کے سینے کے اندر پھنسا ہوا بڑا چاقو نکالا۔ ماہرین نے اس کو طبی تاریخ کا نایاب کیس قرار دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ چاقو مذکورہ شہری کے سینے میں 8 سال سے پھنسا ہوا تھا اور وہ اس کے سینے میں چبھن کر کے تکلیف و اذیت کا سبب بنتا تھا۔

    مذکورہ شہری انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچا۔ اس وقت اس کے سینے کے دائیں جانب سے مواد خارج ہو رہا تھا جب کہ اس کو سینے درد، سانس لینے میں دشواری، بخار یا کھانسی کا کوئی احساس نہیں تھا۔

    ڈاکٹروں نے اس کی حالت دیکھتے ہوئے اس کا ایکسرے کیا تو یہ اس کے سینے کے اندر ایک بڑا چاقو دیکھ کر حیران رہے گئے۔ یہ چاقو مذکورہ مریض کے دائیں کاندھے کی ہڈی میں داخل تھا لیکن حیرت انگیز طور پر اس کا کوئی اہم اعضا متاثر نہیں ہوئے تھے۔

    ڈاکٹروں نے مریض کا فوری آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا اور سرجری کر کے چاقو کو احتیاط سے باہر نکال لیا۔ جس حالت اب تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔

    مریض نے آپریشن کے بعد بتایا کہ 8 سال قبل ایک جھگڑے کے دوران اس کو چوٹیں آئی تھیں۔ اس وقت زخموں کا صرف ابتدائی علاج ہوا، مگر چونکہ کوئی شدید تکلیف نہ ہوئی، اس لیے ایکسرے نہیں کروایا گیا۔

    طبی جرنل میں یہ غیر معمولی کیس شائع ہوا، جس میں ڈاکٹروں نے اس واقعے کو انتہائی نایاب واقعہ قرار دیا۔

  • کوسٹاریکا کے ساحل پر عجیب و غریب نارنجی شارک کو مچھیروں نے پکڑلیا

    کوسٹاریکا کے ساحل پر عجیب و غریب نارنجی شارک کو مچھیروں نے پکڑلیا

    مچھیروں نے کوسٹاریکا کے ساحل کے قریب ایک عجیب و غریب شارک کو پکڑا ہے جس کی رنگت غیرمعمولی طور پر نارنجی ہے۔

    شارک کی رنگت نہ صرف چمکدار نارنجی بلکہ آنکھیں بھی حیرت انگیز طور پر سفید ہیں، آبی ماہرین کے مطابق شارک کی نارنجی رنگت ایک نایاب جینیاتی بیماری زینتھزم کی وجہ سے ہوئی ہے، اس بیماری میں جلد پر زرد یا سنہری رنگ غالب ہوتی ہے جبکہ سرخ رنگت ختم ہو جاتی ہے۔

    ماہی گیروں کو ملنے والی نارنجی شارک 6 فٹ سے زیادہ لمبی ہے، ٹورٹوگیرو نیشنل پارک کے قریب 37 میٹر کی گہرائی میں اسپورٹس فشنگ کے دوران اس شارک کو قابو کیا گیا۔

    اس سے قبل اس نسل کی جو شارک ملی تھیں ان کی جلد بھورے رنگ کی ہوتی تھی، تاہم نارنجی جلد اور سفید آنکھوں کی وجہ سے یہ سمندری جاندار زیادہ نمایاں ہوگئی ہے جبکہ شکاریوں کے لیے بھی اسے ہدف بنانا آسان ہوگا۔

    تحقیق سے پتا چلا ہے کہ یہ زینتھزم کا پہلا ریکارڈ شدہ کیس ہے جو کارٹیلیج والی مچھلیوں (شارک، ریز اور اسکیٹس) میں پایا گیا ہے۔

    تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ اس شارک میں البینزم (Albinism) کی علامات بھی موجود ہیں، جو اس کی بقا کو مزید مشکل بنا سکتی ہیں، نارنجی شارک کی دریافت نے میرین بایولوجی کے ماہرین کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

    شارک چونکہ زائد العمر ہے اس لیے سائنس دانوں کا یہ خیال ایک طرح سے درست ثابت نہیں ہوا کہ زینتھزم سے جاندار زیادہ دیر زندہ نہیں رہ پاتے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ زینتھزم نامی بیماری جانوروں میں انتہائی کم موجود ہوتی ہے، مچھلیوں، پرندوں اور رینگنے والے جانوروں میں سنہری یا پیلے رنگ کے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں طوطے، کینری پرندے اور کچھ سانپ و چھپکلیوں کو ایسے رنگوں میں پایا گیا تھا۔