Category: حیرت انگیز

VIRAL STORIES FROM AROUND THE WORLD IN URDU BY ARY News Urdu وائرل حیرت انگیز خبریں اور معلومات

  • پہاڑ کاٹ کر دنیا کا بلند ترین پُل تعمیر، ویڈیو دیکھنے والے دنگ رہ گئے

    پہاڑ کاٹ کر دنیا کا بلند ترین پُل تعمیر، ویڈیو دیکھنے والے دنگ رہ گئے

    چین میں بنایا جانے والا انجینئرنگ کا عظیم شاہکار ’ہواجیانگ گرینڈ کینین برج‘ دنیا کا سب سے بلند ترین پل کا اعزاز حاصل کر رہا ہے۔

    بلند و بالا پہاڑوں کا سینہ چاک کرکے تعمیر کیا جانے والا دنیا بلند ترین پل رواں سال کے آخر تک عوام کیلیے کھول دیا جائے گا۔

    mountain China

    چین کے جنوب مغربی پہاڑی علاقے گوئژو میں انجینیئرز نے ایک شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے پہاڑوں کو درمیان سے کاٹ کر نہ صرف ایک نیا ہائی وے بنایا بلکہ دنیا کا سب سے بلند پل بھی تعمیر کر دیا ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق یہ 2 ہزار 51 فٹ بلند یہ پل اپنی بلندی کی وجہ سے دنیا کا سب سے اونچا پل کہلائے گا۔ یہ پل ایک گہرے اور وسیع کینین پر بنایا جا رہا ہے جو علاقائی آمد و رفت کو انقلابی طور پر تبدیل کردے گا۔

    پل کا بنیادی اسٹیل ڈھانچہ 93 بڑے حصوں پر مشتمل ہے، جن کا مجموعی وزن 22 ہزار میٹرک ٹن ہے جو ایفل ٹاور کے وزن سے تین گنا زیادہ ہے۔ رواں سال جنوری میں پل کے آخری 215 ٹن وزنی فولادی حصے کی تنصیب مکمل کی گئی۔

    گوئژو ہائی وے گروپ کے چیف انجینئر ژانگ شینگلن نے میڈیا کو بتایا کہ فی الحال پل کا 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے 2025 کے آخری حصے میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    China's Bridge

    واضح رہے کہ چین کا گوئژو صوبہ پہاڑی زمین اور شاندار پلوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کے 100 بلند ترین پلوں میں سے آدھے سے زیادہ اسی صوبے میں واقع ہیں۔ یہ تیسری بار ہے کہ گوئژو دنیا کا سب سے اونچا پل بنانے کا اعزاز حاصل کر رہا ہے۔

    China's highest bridge

     

    پہلی بار یہ ریکارڈ 2003 میں بیپانجیانگ گوانشنگ پل نے حاصل کیا۔ دوسری بار 2016 میں بیپانجیانگ دیوج پل نے یہ اعزاز حاصل کیا اور اب 2025 میں ہواجیانگ گرینڈ کینین پل دنیا کے بلند ترین پل کا نیا ریکارڈ قائم کرے گا۔ یہ منصوبہ چین کی انفرااسٹرکچر طاقت کی ایک اور بڑی مثال ہوگا۔

  • خوفناک قاتل گڑیا ’اینابیل‘جسے قید میں رکھا گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    خوفناک قاتل گڑیا ’اینابیل‘جسے قید میں رکھا گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    حالیہ دنوں میں ’اینابیل‘ نامی بدنامِ زمانہ ڈراؤنی گڑیا اپنے نگران ڈین رویرا کی پراسرار موت کے بعد پھر سے خبروں میں ہے۔

    بدقسمتی کی علامت سمجھی جانے والی اس خوفناک گڑیا کو لوگ کیوں آسیب زدہ مانتے ہیں؟ یہ خوفناک گڑیا اس وقت کہاں ہے اور پہلی بار کب منظر عام پر آئی؟ یہ تمام سوالات لوگوں کے ذہنوں میں گردش کررہے ہیں۔

    یہ رپورٹ اینابیل نامی سرخ بالوں والی کپڑے کی ایک گڑیا سے متعلق ہے، جس سے متاثر ہو کر معروف فلم ’دی کونجرنگ‘بنائی گئی۔ یہ گڑیا 1968ءمیں کسی نامعلوم امریکی نرس کو تحفے میں دی گئی تھی، جس کے بعد اس نرس کے ساتھ عجیب و غریب اور ڈراؤنے واقعات رونما ہونے لگے۔

     doll

    ایک روحانی عامل نے بتایا تھا کہ اس گڑیا میں ایک مردہ بچی "اینابیل” کی روح ہے، پہلے اس روح کو قبول کرنے کی کوشش کی گئی مگر جلد ہی یہ روح پُرتشدد اور شیطانی انداز میں سامنے آئی۔

    گڑیا پہلی بار 2013 کی فلم "دی کونجرنگ” میں دکھائی گئی، پھر 2014 کی فلم "اینا بیل” نے اس کی کہانی کو فلمی انداز میں پیش کیا گیا۔

    فلم کی کہانی میں یہ گڑیا ایک شیطانی فرقے کے خون سے ناپاک ہو کر آسیب زدہ ہو جاتی ہے اور پھر خوفناک واقعات رونما ہونے لگتے ہیں۔ فلم میں اسے ایک شیشے جیسی آنکھوں والی گڑیا دکھایا گیا ہے جب کہ اصل میں یہ کپڑے کی گڑیا ہے۔

    ایڈ اور لورین وارین جو مشہور پیرا نارمل (ماورائی) محققین ہیں نے اس گڑیا کو "شیطانی قبضے میں” مان کر اپنے عجائب گھر میں ایک شیشے کے ڈبے میں بند کر دیا تھا تاکہ اس کی برائی کے اثرات دوسرے لوگوں پر نہ پڑ سکیں۔

     

    حال ہی میں اینابیلا "ڈیولز آن دا رن ٹوور” کے نام سے ایک قومی نمائش میں رکھی گئی تھی، جہاں لوگ اسے شیشے کے ڈبے میں باآسانی دیکھ سکتے تھے۔

    کہا جاتا ہے کہ جس نے بھی اس گڑیا سے کوئی شرارت یا چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی، اسے سنگین حادثات حتیٰ کہ موت تک کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس بات کو مزید تقویت اس وقت ملی جب اینابیل کے نگراں ڈین رویرا 13 جولائی کو پنسلوانیا کے ایک ہوٹل میں مردہ پائے گئے تھے۔ انہوں نے اسی دن اس گڑیا کو عوام کے سامنے پیش کیا تھا۔

    ڈین رویرا کی موت کے وقت اینابیل گڑیا ان کے پاس نہیں تھی لیکن ممکنہ طور پر وہ ہوٹل کی کار پارکنگ میں کھڑی ایک وین میں موجود تھی۔

    پولیس کے مطابق ڈین رویرا کی موت مشکوک نہیں مگر اصل وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ 60 سے 90 دن بعد سامنے آئے گی۔

    تحقیق کاروں ایڈ اور لورین وارن نے اس گڑیا کے متعلق بتایا تھا کہ اس گڑیا میں کوئی غیر انسانی شیطانی روح ہے جو سرائیت کرنے کے لیے کسی انسان کے جسم کی تلاش میں ہے۔

    اب یہ گڑیا امریکی ریاست کنیکٹیکٹ کے شہر منرو میں واقع ’وارنز اوکلٹ میوزیم‘ میں ایک شیشے کے باکس میں رکھی ہوئی ہے۔

  • برطانیہ سے 22 سال بعد اپنی گاڑی میں آنے والے محب وطن پاکستانی کے سفر کی دلچسپ روداد، ویڈیو رپورٹ

    برطانیہ سے 22 سال بعد اپنی گاڑی میں آنے والے محب وطن پاکستانی کے سفر کی دلچسپ روداد، ویڈیو رپورٹ

    کراچی : پاکستانی نژاد برطانوی شہری پہلی بار اپنی گاڑی پر برطانیہ سے پاکستان پہنچا، اس سفر کے دوران انہوں نے 13 ممالک کی سرحدوں کو عبور کیا۔

    مشہور مقولہ ہے کہ اگر ارادے پختہ ہوں تو ناممکن بھی ممکن ہوجاتا ہےاور منزل آسان ہو ہی جاتی ہے جسے فضل اللہ بلوچ نے سچ ثابت کر دکھایا۔

    اے آر وائی نیوز کوٹری کے نمائندے اشوک شرما کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی شہری فضل اللہ بلوچ نے 10 روز میں 10 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور 13ممالک سر ہوتے ہوئے اپنے آبائی وطن کی پاک سر زمین پر پہنچے۔

    فضل اللہ بلوچ کا تعلق سندھ کے شہر کوٹری سے ہے وہ زمانہ طالب علمی میں اسٹوڈنٹ ویزا پر برطانیہ گئے تھے، اور 22 سال بعد بذریہ سڑک اپنی گاڑی پر پاکستان واپس لوٹے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ برطانیہ سے پاکستان سفر کے دوران میری گاڑی پر چسپاں پاکستان کا جھنڈا دیکھ کر بہت سے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور اپنے ملک میں میرا استقبال کرتے ہوئے بھرپور تعاون کیا، اور پاکستان پہنچنے پر یہاں کے بارڈر حکام نے بھی کاغذات کی تکمیل کیلیے مکمل سپورٹ کی۔

    فضل اللہ بلوچ لندن میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں انہوں نے خاص طور پر اس یادگار سفر کیلیے ڈیفنڈر ہنڈرڈ10 گاڑی کا انتخاب کیا۔

  • آسیب زدہ گڑیا ’اینا بیل‘ خوف کی علامت بن گئی، تباہ کرنے کا مطالبہ

    آسیب زدہ گڑیا ’اینا بیل‘ خوف کی علامت بن گئی، تباہ کرنے کا مطالبہ

    پیرا نارمل شوز کے میزبان اور محقق ڈین رویرا کی پراسرار موت کے بعد شدت سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ شیطانی اینا بیل گڑیا کو تباہ کردیا جائے۔

    محقق ڈین رویرا کی پراسرار موت کے بعد اب روحانی ماہرین نے فوری طور پر اس پراسرار اینا بیل گڑیا کو تباہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ گڑیا شیطانی اثرات کا شکار ہے۔

    نیو انگلینڈ سوسائٹی فار سائیکک ریسرچ کے نمائندہ مرحوم ڈین ریویرا وہ شخص تھے جو مشہور “اینابیل” گڑیا کی دیکھ بھال پر مامور تھے یہ وہی گڑیا ہے جسے ہالی ووڈ کی فلم دی کونجرنگ سیریز میں دکھایا گیا ہے۔

    اس گڑیا سے کئی ڈراؤنی کہانیاں منسوب ہیں اور لوگ سوشل میڈیا پر اس کے بارے میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔

    سابق امریکی فوجی ڈین رویرا کی عمر 54 برس تھی وہ گزشتہ ماہ 13 جولائی کو پنسلوانیا کے ایک ہوٹل میں مردہ پائے گئے تھے، وہ چار بچوں کے والد بھی تھے۔

    انہوں نے ٹریول چینل کے مشہور معروف شو ’موسٹ ہنٹڈ پیلس‘ اور نیٹ فلکس کے 28’ ڈیز ہنٹیڈ‘ جیسے پروگراموں سے شہرت پائی۔

    ڈین رویرا کی موت کی وجوہات کا معاملہ ابھی زیر تفتیش ہے اور تحقیقاتی اداروں کو ان کے قتل یا غیر طبعی موت سے متعلق کسی قسم کا کوئی سرا نہیں مل رہا، تاہم ایڈمز کاؤنٹی کے کور ونر فرینسس ڈٹرو نے بتایا کہ انہیں موت میں کوئی مشتبہ چیز نظر نہیں آئی۔

    اس کے باوجود روحانی ماہرین کا اصرار ہے کہ مشہور خوفناک فلم ” دی کونجرنگ” میں دکھائی گئی اینا بیل نامی گڑیا کو مزید محفوظ نہیں رکھا جانا چاہیے اس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

    مزید پڑھیں : ڈراؤنی گڑیا ’اینا بیل‘ کی دیکھ بھال کرنے والے محقق کی پراسرار موت

    ایک روحانی ماہر ڈونا ملر  نے کہا کہ اس چیز کو فوراً ختم کر دینا چاہیے، اس گڑیا کے گرد بہت زیادہ شیطانی طاقتیں ہیں، اس کے ساتھ بہت سے پراسرار واقعات پیش آچکے ہیں اس لیے اب اسے مزید نہیں رکھنا چاہیے۔”

  • شوہر کے ہاتھوں بیوی اور ساس کا قتل، گھر میں لاشیں دفنا کر کیلے کا پودا لگا دیا

    شوہر کے ہاتھوں بیوی اور ساس کا قتل، گھر میں لاشیں دفنا کر کیلے کا پودا لگا دیا

    (31 جولائی 2025): بھارتی ریاست اڈیشہ میں شوہر نے بیوی اور ساس کو قتل کیا اور پولیس سے بچنے کیلیے لاشیں گھر میں دفنا کر کے اوپر کیلے کا پودا لگا دیا۔

    انڈین میڈیا کے مطابق دوہرے قتل کا واقعہ ضلع میوربھج میں پیش آیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم دیباشیش کا اپنی بیوی سونالی سے جھگڑا ہوا تھا جس کے باعث مقتولہ اپنی ماں کے گھر رہنے چلی گئی تھی۔

    12 جولائی کو سونالی اور والدہ سومیتا ملزم کے گھر آئے اور تب سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ سونالی کی بہن نے کولیانہ پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی۔

    پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم منگل کو دیباشیش کے گھر پہنچی، پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ اس نے غصے میں دونوں کو قتل کیا اور گھر کے عقب میں گارڈن میں 10 فٹ گہرا گڑھا کھودا اور لاشوں کو وہیں دفن کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: بہو کو زندہ جلا کر مارنے والی ساس، نند اور شوہر کو عمر قید

    پولیس حکام کے مطابق ملزم نے پکڑے جانے کے ڈر سے گڑھے کے اوپر کیلے کا پودا لگا دیا۔ کیس کو حل کرنے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو کھود کر دونوں لاشیں برآمد کیں جنہیں پوسٹ مارٹم کیلیے باری پاڑا پی آر ایم میڈیکل کالج بھیج دیا گیا۔

    دیباشیش کو گرفتار کر کے باری پاڑا عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ دوہرے قتل کی واردات میں دیگر ملزمان بھی شامل ہو سکتے ہیں کیونکہ ایک فرد کیلیے دو افراد کو قتل کرنا، 10 فٹ گہرا گڑھا کھودنا اور لاشوں کو دفن کرنا ناممکن ہے۔

    تفتیش کے دوران دیباشیش نے پولیس کو بتایا کہ اس نے پہلے سے قتل کا منصوبہ بنا رکھا تھا، گڑھا بھی کھود رکھا تھا۔

    پولیس افسر گوچایت نے بتایا کہ ملزم کی بیوی اور ساس کی گمشدگی کی اطلاع 25 جولائی کو کولیانہ تھانے میں درج کی گئی تھی تلاش کے دوران ان کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا، لواحقین نے شبہ ظاہر کیا کہ شاید دیباش نے انہیں قتل کیا ہے، اس سلسلے میں ہم نے دیبایش سے پوچھ گچھ کی۔

  • سرکاری اسکول کا انگلش ٹیچر Eleven کی اسپیلنگ نہ لکھ سکا، ویڈیو وائرل

    سرکاری اسکول کا انگلش ٹیچر Eleven کی اسپیلنگ نہ لکھ سکا، ویڈیو وائرل

    بھارت میں سرکاری اسکول کا انگلش ٹیچر Eleven کی اسپیلنگ نہیں لکھ سکا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے بلرام پور کے سرکاری اسکول کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جسے دیکھ کر بہت سے لوگ حیران اور پریشان ہوگئے۔

    ٹیچر بلیک بورڈ پر الیون کی اسپیلنگ بھی نہیں لکھ سکا جب ان سے کہا گیا کہ الیون کی اسپیلنگ لکھیں تو انہوں نے الیون کی اسپیلنگ Aivene اور نائنٹین کی اسپیلنگ ninithin لکھی۔

    جب ان سے کہا گیا کہ اسپیلنگ یہی ہے تو وہ کہنے لگے جی یہی بچوں کو سکھاتے ہیں۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور لوگ اس پر تبصرے بھی کررہے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا کہ یہ سب بکنگ کا جادو ہے بھائی، دوسرے صارف نے کہا کہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ آیا ان کی تقرری ذات پات کے تحفظات کی بنیاد پر کی گئی تھی۔

    تیسرے صارف نے لکھا کہ ’تدریسی عہدوں پر سفارشی بھرتیوں سے تعلیمی نظام تباہ ہورہا ہے۔

  • اسپین میں جنگی لڑاکا طیارے کے سامنے پرندوں کا جھنڈ آگیا

    اسپین میں جنگی لڑاکا طیارے کے سامنے پرندوں کا جھنڈ آگیا

    اسپین میں سالانہ ایئرشو کے دوران جنگی لڑاکا طیارہ ای ایف 18 کے سامنے پرندوں کا جھنڈ آگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی اسپین کے علاقے میں سالانہ گیجن ایئر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپینش ایئرفورس کے جنگی لڑاکا طیارے ای ایف 18 نے بھی حصہ لیا۔

    جنگی لڑاکا طیارہ ساحل پر زمین کی سطح کے بہت قریب آکر اپنے کرتب دکھا رہا تھا کہ اچانک پرندوں کے جھنڈ سے ٹکرانے سے بال بال بچ گیا۔

    ایئر شو دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جو طیارے کے سامنے پرندوں کے جھنڈ کو دیکھ کر دنگ رہ گئی۔

    کئی شہریوں نے اس منظر کو کیمرے میں محفوظ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور ویڈیو اب وائرل ہورہی ہے۔

    پائلٹ نے کمال مہارت سے جہاز کو حادثے سے بچالیا اور شہریوں کی جان کی حفاظت کو یقینی بنایا۔

  • خاتون نے گاڑی ریورس کرتے ہوئے ہوٹل کا شیشہ توڑ دیا، ویڈیو وائرل

    خاتون نے گاڑی ریورس کرتے ہوئے ہوٹل کا شیشہ توڑ دیا، ویڈیو وائرل

    بھارت میں خاتون نے گاڑی ریورس کرتے ہوئے ہوٹل کا شیشہ توڑ دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بریلی کے ہوٹل کے باہر اس وقت افرا تفری مچ گئی جب خاتون نے ایس یو وی ریورس کرتے ہوئے ہوٹل کا شیشہ توڑ دیا۔

    یہ واقعہ اتر پردیش کے ہوٹل رمدا میں پیش آیا اور ڈرامائی سی سی ٹی وی فوٹیج اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    رات 11 بجے کے قریب ہوٹل کے داخلی دروازے پر چند لوگوں کو کھڑے دیکھا جاسکتا ہے چند لمحوں بعد ہی ایس یو وی ریورس ہونا شروع ہوئی اور تیز رفتاری سے شیشے کے دروازے میں جاگھسی۔ اور شیشہ کرچی کرچی ہوگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ خود کو بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگے اور گاڑی ہوٹل کی لابی کے اندر آکر رک گئی۔

    وائرل ویڈیو پر ایک صارف نے لکھا کہ خاتون وکیل اپنی کار کو ریورس کرتے ہوئے کنٹرول کھو بیٹھی اور ہوٹل رمدا کے گیٹ سے ٹکرا گئی۔

    واقعے کے بعد باراداری تھانے کے انسپکٹر دھننجے پانڈے ہوٹل پہنچے تاہم کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی ہوٹل کے عملے اور خاتون کے اہلخانہ کے درمیان معاملہ پر امن طریقے سے حل ہوگیا۔

    دوسرے صارف نے لکھا کہ ’ہوٹل والوں کی غلطی ہے کہ شیشہ کا دروازہ کیوں لگوایا اسٹیل کا لگوانا تھا۔‘

    تیسرے صارف نے لکھا کہ ’خاتون کی کوئی غلطی نہیں ہے ہوٹل ہی غلط جگہ پر تعمیر کیا گیا ہے۔‘ چوتھے صارف کا کہنا تھا کہ خواتین اور ان کی ڈرائیونگ، یقینی طور پر آپ کچھ ڈرامے کی توقع کرسکتے ہیں۔‘

  • آئرلینڈ کے ساحل سے ملنے والے بوتل میں بند پیغام نے چار سال پرانا معمہ زندہ کردیا

    آئرلینڈ کے ساحل سے ملنے والے بوتل میں بند پیغام نے چار سال پرانا معمہ زندہ کردیا

    آئرلینڈ کے ساحل سے ملنے والے بوتل میں بند پیغام نے چار سال پرانے معمہ کو زندہ کردیا ہے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تائیوانی ماہی گیروں کی گمشدگی کشتی کا ممکنہ ایس او ایس پیغام آئرلینڈ کے ساحل سے مل گیا۔

    آئرلینڈ کے جزیرے انشیر کے ساحل پر سیل بوتل میں پیغام ملا جس میں انگریزی، چینی اور انڈونیشین زبانوں میں مدد کی اپیل کی گئی تھی۔

    پیغام میں لکھا تھا کہ ہم کھو چکے ہیں، 3 افراد زخمی ہیں، مدد بھیجیں، انٹرنیٹ صارفین نے پیغام کو 2021 میں لاپتا ہونے والی کشتی سے جوڑ دیا۔

    نوٹ کا اختتام چینی حرف "لی” اور نام "یونگ یو سنگ نمبر 18” کے ساتھ ہوتا ہے۔

    یونگ یوسنگ 18 کشتی مڈوے ایٹول کے قریب خالی حالت میں ملی تھی، کشتی میں عملہ اور لائف بوٹ دونوں غائب تھے، کیس کو حادثہ قرار دیا گیا تھا۔

    تائیوان کے مچھلی گیر ایسوسی ایشن نے پیغام کی جانچ کا مطالبہ کردیا، مقامی پولیس نے بوتل ملنے کی تصدیق کی مگر مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

  • سولر پینلز تیز دھوپ میں کم بجلی پیدا کرتے ہیں لیکن کیوں؟ شمسی ماہرین کا نیا انکشاف

    سولر پینلز تیز دھوپ میں کم بجلی پیدا کرتے ہیں لیکن کیوں؟ شمسی ماہرین کا نیا انکشاف

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں سورج کی روشنی سے بجلی پیدا کرنے والے سولر پینلز کی تنصیب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

    موجودہ دور میں سولر انرجی بہت زیادہ اہمیت اختیار کرچکی ہے، کیونکہ یہ گھروں اور کاروبار میں بجلی کی ضرورت کو مکمل کرنے اور صاف اور قابل تجدید توانائی کا ایک مناسب اور بہترین ذریعہ ہے۔

    اس سے بجلی کے بلوں میں کمی، ماحول دوست توانائی کا استعمال اور بجلی کی فراہمی میں خود کفالت حاصل ہوتی ہے۔ تاہم ان پینلز کی بہتر کارکردگی اور حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بھی ضروری ہیں۔

    عام طور پر یہ تصور کیا جاتا ہے کہ جتنی تیز دھوپ ہوگی سولر پینلز بھی اتنی زیادہ بجلی پیدا کریں گے کیونکہ یہ دن کے اوقات میں کام کرتے ہیں اور شام ہوتے ہی بجلی بنانا کم کردیتے ہیں تاہم اس حوالے سے ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔

    عقل تو یہی کہے گی لیکن شمسی توانائی کے ماہرین نے عام لوگوں کے اس تصور کی نفی کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ گرمی جتنی زیادہ بڑھتی ہے سولر پینلز کی بجلی پیدا کرنے کی کارکردگی بھی کم ہونا شروع ہوجاتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق جدید سولر پینل 15 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ پر بہترین کام کرتے ہیں اگر درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے تو پینل کی کارکردگی ہر 1 ڈگری کے اضافے پر صفر اعشاریہ 3 سے صفر اعشاریہ5 فیصد تک کم ہو جاتی ہے کیونکہ شمسی خلیوں میں بجلی پیدا کرنے والے الیکٹران (ایٹم) بہت زیادہ باؤنس کرتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں کم وولٹیج اور کم بجلی پیدا ہوتی ہے۔