سیمنٹ کی فروخت میں اضافہ ہو گیا، تازہ ترین کاروباری رپورٹ

سیمنٹ فروخت پاکستان

کراچی: مئی 2025 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 8.93 فی صد، برآمدات میں 7.27 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران مقامی سیمنٹ کی فروخت میں سال بہ سال 1.94 فی صد کمی رہی۔

سیمنٹ کی فروخت جولائی 2023 تا مئی 2024 کے دوران 35.1 ملین ٹن سے کم ہو کر جولائی 2024 تا مئی 2025 میں 34.4 ملین ٹن رہی۔ تاہم اسی عرصے کے دوران برآمدات میں 25.73 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر سیمنٹ سیکٹر نے ان گیارہ مہینوں کے دوران معمولی 2.46 فی صد نمو کا مظاہرہ کیا۔

مئی 2025 میں سیمنٹ کی فروخت میں 8.57 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 4.651 ملین ٹن رہی، جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 4.284 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوئی تھی۔ مئی 2025 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.662 ملین ٹن رہی، جو مئی 2024 کی 3.362 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 8.93 فی صد زیادہ ہیں۔ برآمدات میں بھی 7.27 فی صد اضافہ ہوا اور سیمنٹ کا برآمدی حجم 0.922 ملین ٹن سے بڑھ کر 0.989 ملین ٹن ہو گیا۔


پاکستان نے معیشت کی بازی پلٹ دی، دنیا کا اعتراف


مئی 2025 میں شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ ملز نے 3.261 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی، جو مئی 2024 کی 2.915 ملین ٹن کے مقابلے میں 11.87 فی صد زیادہ ہے۔ جنوبی علاقوں کی ملز نے مئی 2025 میں 1.39 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی جو مئی 2024 کی 1.379 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 1.54 فی صد زیادہ ہے۔

شمالی علاقوں کی سیمنٹ ملز نے مئی 2025 میں مقامی مارکیٹ میں 3.02 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی جو مئی 2024 کی 2.753 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 9.71 فی صد زیادہ ہے۔ جنوبی علاقوں کی ملز نے مئی 2025 میں مقامی مارکیٹ میں 641,894 ٹن سیمنٹ فروخت کی جو مئی 2024 کی 609,174 ٹن فروخت کے مقابلے میں 5.37 فی صد زیادہ ہے۔

شمالی علاقوں سے سیمنٹ کی برآمدات میں 48.27 فی صد اضافہ ہوا، جو مئی 2024 کی 162,929 ٹن کی سطح سے بڑھ کر مئی 2025 میں 241,578 ٹن ہو گئی۔ جنوبی علاقوں سے برآمدات میں 1.53 فی صد کمی واقع ہوئی، جو مئی 2024 میں 759,456 ٹن تھیں اور مئی 2025 میں 747,856 ٹن رہ گئیں۔

موجودہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت (مقامی اور برآمدات) 42.764 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 41.739 ملین ٹن کے مقابلے میں 2.46 فی صد زیادہ ہے۔ اس عرصے میں مقامی ترسیلات 34.419 ملین ٹن رہیں، جب کہ گزشتہ سال یہی مقدار 35.102 ملین ٹن تھی، جو 1.94 فی صد کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ برآمدات میں 25.73 فی صد کا مثبت رجحان دیکھا گیا اور حجم 6.637 ملین ٹن سے بڑھ کر 8.345 ملین ٹن ہو گیا۔

شمالی علاقوں کی ملز نے موجودہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران مقامی طور پر 28.489 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت کی، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی 28.931 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 1.53 فی صد کم ہے۔ شمالی علاقوں سے برآمدات میں 9.47 فی صد اضافہ ہوا اور مقدار 1.348 ملین ٹن سے بڑھ کر 1.476 ملین ٹن ہو گئی۔ شمالی علاقوں کی مجموعی فروخت 30.279 ملین ٹن سے کم ہو کر 29.965 ملین ٹن ہو گئی جو 1.04 فی صد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

جنوبی علاقوں کی سیمنٹ کمپنیوں نے جولائی 2024 تا مئی 2025 کے دوران مقامی طور پر 5.930 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کی 6.171 ملین ٹن ترسیل کے مقابلے میں 3.90 فی صد کم ہے۔ جنوبی علاقوں سے برآمدات میں 29.88 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا اور مقدار 5.288 ملین ٹن سے بڑھ کر 6.868 ملین ٹن ہو گئی۔ جنوبی علاقوں کی مجموعی فروخت 11.459 ملین ٹن سے بڑھ کر 12.799 ملین ٹن ہو گئی، جو 11.69 فی صد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران مقامی طلب میں 1.94 فی صد کی منفی شرح نمو کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ مقامی طلب سیمنٹ سیکٹر کی غیر استعمال شدہ صلاحیت کے استعمال کے لیے کلیدی کردار ادا کرتی ہے، جو ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے بھی اہم ہے۔ سیمنٹ انڈسٹری سے منسلک بہت سی دیگر صنعتیں جیسے اسٹیل، پینٹ، الیکٹریکل اشیا وغیرہ بھی ترقی کرتی ہیں اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ مجموعی معیشت کو فروغ دیتا ہے۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ بجٹ میں صنعت کی اپیل پر غور کرے گی اور سیمنٹ پر ڈیوٹیز اور ٹیکسز میں کمی کے اقدامات کرے گی تاکہ اسے عوام کے لیے سستا بنایا جا سکے۔