مردم شماری تحفظات، وزیراعظم نے ایم کیو ایم کو یقین دہانی کروا دی

FILE

وزیراعظم شہبازشریف نے مردم شماری کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ایم کیو ایم وفد کی مردم شماری پر تحفظات سے متعلق اہم ملاقات ہوائی جس میں ایم کیو ایم نے اپنے شدید تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے۔

ایم کیو ایم نے موقف رکھا کہ دانستہ طور پر ایک بار پھر شہری سندھ بلخصوص کراچی کی آبادی کو کم گنے جانے کی سازش ہو رہی ہے اگر وزیراعظم نے زیادتی کا ازالہ نہیں کیا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ پھر ہر قسم کا احتجاج ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے تحفظات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مردم شماری کے حوالے سے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ادارہ شماریات سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ اس مسئلے کو ذاتی توجہ کے ساتھ حل کروں گا۔ وزیراعظم نے احسن اقبال کی سربراہی میں ٹیکنیکل کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔