لاہور : پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا، وسطی پنجاب سے مختلف رہنماؤں نے بلال بھٹو سے ملاقات کرکے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی 101فیصل آباد سے شمشیرخان، پی پی 96 چنیوٹ سے ڈاکٹر فخر النساء پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئیں۔
ذرائع کے مطابق پی پی 73 سے زاہد غوری، سہیل الیاس، سرگودھا سے کاشف ممتاز گجر، وہاڑی سے سابق ایم این اے آفتاب خان کھچی، شہزاد خان کھچی، سابق ایم پی اے افضل خان کھچی اور طاہرخان کھچی نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
اس کے علاوہ بہاول نگر سے ق لیگ کے صاحبزادہ عابد مہاروی، لودھراں سے سابق ایم پی اے علی خان کانجو بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری پنجاب کے سیاسی محاذ پر مزید سرگرم ہوگئے ہیں، وسطی پنجاب کے 25 سے زائد سیاستدانوں نے گزشتہ روز آصف زرداری سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا عندیہ دیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بیشتر چیلنجز کا سامنا ہے، بیرونی مسائل کے ساتھ ہمیں اندرونی چیلنجز کا بھی سامنا ہے لیکن یقین ہے ہمارے عوام مل کر ان چیلنجزمیں نمٹنے میں کامیاب ہوں گے۔ پاکستان کی قسمت کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔