قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے سی ای او کے الیکٹرک کو باہر نکال دیا گیا

کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کا اپنے خلاف عدالتی فیصلے پر ردِعمل

اسلام آباد : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت کے اجلاس سے سی ای او کے الیکٹرک کو باہر نکال دیا گیا، ارکان نے مونس علوی کی معذرت مسترد کر دی اور مزید سننے سے بھی انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حفیظ الدین کی زیر صدارت قومی اسمبلی صنعت وپیداوار کا اجلاس ہوا، چیئرمین کمیٹی نے سیکریٹری صنعت وپیداوار کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جوائنٹ سیکریٹری سے استفسار کیا آپ کے سیکریٹری کہاں ہیں؟

جوائنٹ سیکریٹری نے بتایا کہ سیکریٹری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کےاجلاس میں گئےہیں، جس پر چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ یہاں اتنےارکان اسمبلی بیٹھےہیں سیکریٹری کوپیغام بھجواکربلائیں، نیپرا کے لوگ کمیٹی میں کیوں نہیں ہیں۔

جس پر سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ نیپرا کے لوگ شائد کابینہ اجلاس میں گئےہیں، تو چیئرمین کمیٹی سید حفیظ الدین کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے آپ کی نیپرا سےبہت قربت ہے ، مونس علوی نے کہا کہ جی بالکل ہمارا چولی دامن کا ساتھ ہے۔

چیئرمین کمیٹی کا سی ای او کے الیکٹرک سے مکالمے میں کہا کہ آپ کا تعلق عوام کے ساتھ نہیں نیپرا کے ساتھ ہے،شاباش ہے آپ پر، ہماری سفارشات کو اہمیت نہیں دی جا رہی،اپنی سفارشات پر عملدرآمد کیلئےہر حد تک جائیں گے، ہم یہاں عوام اور اسمبلی کے نمائندے ہیں۔

اجلاس کے دوران سی ای او کے الیکٹرک اور رکن سیف رضا علی گیلانی میں تلخ جملوں کاتبادلہ ہوا، سید رضا علی گیلانی نے سی ای او کے ای کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ انسان کمیٹی میں ہےمیں یہاں نہیں بیٹھوں گا۔

ممبران اسمبلی ، کراچی چیمبرز کو زوم پر بلانے پر سی ای اوکے ای نے اعتراض کرتے ہوئے کہا ان کو زوم کی سہولت دی مجھے کراچی سے یہاں کیوں بلایا گیا، جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کیا عدالت سے کراچی صنعت کرونا سبسڈی کا کیس واپس لیاہے، ہم نے آپ کو کیس واپس لینے کی ہدایت کی تھی۔چیئرمین کمیٹی حفیظ الدین

سی ای او کے الیکٹرک نے کہا کہ ہم کیس واپس نہیں لے سکتے، سی ای او کے جواب پر ممبران نے برہمی کا اظہار کیا۔

سید رضا علی گیلانی کا کہنا تھا کہ سی ای او کے ای کمیٹی کو ہدایت کیسے دے سکتے ہیں،یہ کیا رویہ ممبران اور کمیٹی کے ساتھ رکھا جا سکتا ہے۔

عبدالحکیم بلوچ نے بتایا کہ مونس علوی نے سندھ اسمبلی کے ممبران کے ساتھ بھی یہی رویہ رکھا،ممبران کے ساتھ یہ رویہ ہے تو عام عوام کا کیا حال کرتے ہونگے۔

کمیٹی ممبران نے سی ای او کے الیکٹرک کی معذرت مسترد کر دی اور مونس الہی کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا مطالبہ کیا۔

ممبران کی رائے پر چیئرمین کمیٹی نے سی ای او کیخلاف تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ اور ممبران نے سی ای او کو مزید سننے سے انکار کر دیا

ممبران کے اصرار پر سی ای او کے الیکٹرک کو کمیٹی اجلاس سے باہر نکال دیا گیا۔

صحافی نے مونس الہی سے سوال اجلاس میں جھگڑے کی کیا وجہ بنی؟ تو ان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا باقی لوگوں کو زوم پر بلایا مجھے کراچی سے بلایا، میں نے کوئی کیس واپس لینے کا وعدہ نہیں کیا تھا، انہوں نے کمیٹی بنائی ہے اس کی میٹنگز ہو رہی ہیں وہ ان کو رپورٹ کرے گی،میں کچھ نہیں کہہ سکتا یہ پارلیمنٹ ہے وہ سنیں گے تو پھر ناراض ہو جائیں گے۔

سی ای او مونس الہی کیخلاف مؤثر کارروائی کی تجویز نہ ماننے پر سید رضاعلی گیلانی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ممبران اوراپنی عزت پرسمجھوتانہیں کر سکتا، اس شخص کی موجودگی تک میں اجلاس میں نہیں بیٹھ سکتا۔