سعودی عرب میں یوم سیاہ کشمیر پر تقریب

یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام تقریب منعقد ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کیخلاف یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام تقریب ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار اور بھارتی افواج کے ظلم وستم کی شدید مذمت کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاض میں پاکستان کے سفیر خرم راٹھور نے کہا ہے کہ بھارت نے سات دہائیوں سے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور وہاں مسلسل نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینے کے بجائے وہاں کشمیریوں سے ان کے بنیادی حقوق چھینے جا رہے ہیں اور مودی سرکار طاقت کے زور پر مظلوم کشمیریوں کے بنیادی حق آزادی کو دبا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے بھارت کو کبھی مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا، پاکستان کشمیرکی آزادی تک ان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔