کراچی: ایس ایس پی سی ٹی ڈی راجہ عمرخطاب نے کہا ہے کہ چوہدری اسلم کا غدار ان کا بااعتماد گارڈ تھا، کامران نے چوہدری اسلم پر حملے کی ریکی کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر حملہ کیا۔
ایس پی سی ٹی ڈی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ چوہدری اسلم کی گاڑی میں بارودی مواد نہیں تھا بلکہ اُن پر خود کش حملہ کیا گیا، چوہدری اسلم پر حملے میں اُن کا اپنا قریبی گارڈکامران ملوث تھا اور اُس کا تعلق لشکرجھنگوی کے نعیم بخاری گروپ سے تھا۔
راجہ عمر خطاب نے کہا کہ چوہدری اسلم پر حملہ لشکر جھنگوی کے نعیم بخاری گروپ نے کیا اور یہ گروپ اس کے علاوہ بھی کئی حملے کرچکا ہے۔ راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کامران کے دہشت گردوں سے تعلق ثابت ہونے کے بعد پولیس افسران کے ساتھ تعینات اہلکاروں کی اسکروٹنی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پڑھیں: ’’ چوہدر ی اسلم کے گھر حملے میں قریبی محافظ کے ملوث ہونے کا انکشاف ‘‘
یہ بھی پڑھیں: ’’ چوہدری اسلم کی گاڑی میں بم انکے ساتھی اہلکار کے نصب کرنے کا انکشاف، تحقیقات شروع ‘‘
یاد رہے ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم بہادر آفیسر تسلیم کیے جاتے تھے، انہوں نے سینکڑوں انتہاء پسندوں کو مقابلے میں ہلاک کیا تاہم دہشت گردوں کی جانب سے بھی اُن پر متعدد بار حملے کیے گئے تاہم تین سال قبل عیسیٰ نگری پر ہونے والے خود کش حملے میں چوہدری اسلم جامِ شہادت نوش کرگئے۔