والد کی گرفتاری پر مونس الہٰی کا ردعمل آگیا

مونس الہیٰ

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے اپنے والد کی گرفتاری پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پولیس نے چوہدری پرویزالٰہی کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے رہا کرنے کے باوجود دوبارہ گرفتار کیا ہے۔

مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ پولیس واضح عدالتی احکامات کے بعد میرے والد کو گھر لے کر جارہی تھی کہ گھر کے پاس گلی میں داخل ہوتے ہی میرے والد کو اغوا کیا گیا، یہ عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

یاد رہے کہ عدالت سے رہائی کے بعد چوہدری پرویز الٰہی کو اسلام آباد پولیس نے ایک بار پھر نقص امن کے تحت ظہور الٰہی روڈ سے گرفتار کیا، ان کی تھری ایم پی او قوانین کے تحت گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے، ان کی اسلام آباد منتقلی خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کو 3 ایم پی او کے تحت 15 دن کیلئے اڈیالہ جیل میں نظربند کیا جائے گا۔