غزہ میں اسرائیلی فوج کی جاری بربریت کیخلاف دنیا کے متعدد ممالک کی جانب سے احتجاجاً اسرائیلی سے اپنے سفیر واپس بلوالیے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اردن، بولیویا، بحرین، ترکیہ اور دیگر ممالک کے بعد اب وسطی افریقی ملک چاڈ نے بھی اسرائیل سے سفیر واپس بلوالیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چاڈ کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وسطی افریقی ملک نے غزہ میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کی وجہ سے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے غزہ میں معصوم شہریوں کی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ چاڈ مشرق وسطیٰ کی صورت حال، خاص طور پر غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں پر تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر چاڈ نے اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے اسرائیل سے واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ غزہ میں ایسی جنگ بندی کی جائے جو فلسطین کے مستحکم حل کی طرف جائے۔
واضح رہے کہ اردن، بحرین،ترکیہ، ہنڈورس، چلی،کولمبیا بھی اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا چکے ہیں جبکہ بولیویا بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرچکا ہے۔