چاغی : تیز آندھی کے بعد دن میں مکمل اندھیرا چھا گیا

چاغی، دالبندین اور گردو نواح میں تیز آندھی اور طوفانی ہواؤں کے باعث مکمل اندھیرا چھا گیا جس کے سبب دن میں رات کا سماں ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں چاغی، دالبندین اور گردونواح میں تیز آندھی کے بعد دن کی روشنی ختم اور مکمل طور پر اندھیرا چھا گیا۔

اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان ایران شاہراہ پر رواں ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے جنوبی اضلاع سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، طوفان اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔