اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے بینکوں کو بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر سے بینکوں کے چیف فنانشل آفیسرز نے ایف بی آرہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی نے تمام بینکوں کو بے نامی اکاونٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی نے بے نامی اکاونٹس کا خاتمہ یقینی بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کے خلاف یکم جولائی سے ایکشن ہوگا۔
ٹیکس ماہرین کے مطابق بے نامی اکاؤنٹس سے بڑے پیمانے پرمنی لانڈرنگ کی جاتی ہے، اسی وجہ سے ایمسنٹی اسکیم بھی لائی گئی ہے۔
بے نامی اثاثے ظاہر کریں، نادر موقع سے فائدہ اٹھائیں،عمران خان
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ 22 کروڑ پاکستانیوں میں سے صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کرتے ہیں، ایک فیصد پاکستانی 22 کروڑ پاکستانیوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ ٹیکس نہیں دیتے تو کوئی بھی ملک اپنے لوگوں کی خدمت نہیں کرسکتا اور حکومت کو قرضے لینے پڑتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے لیے اثاثے ظاہر کرنے کی سب سے آسان اسکیم لائی ہے جس سے آپ کو اثاثے ظاہر کرنے کا موقع ملے گا۔