غیر سنجیدگی پر چیئرمین نے سینیٹرز کو وارننگ جاری کردی

چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد: ملک کے سب سے بڑے قانون ساز ادارے سینیٹ یعنی ایوان بالا میں سینیٹرز کی غیر سنجیدگی کھل کر سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سینیٹرز مسلسل فون استعمال کرتے رہے جب کہ ایک سینیٹر چیونگم چباتے رہے۔

چیئرمین سینیٹ نے غیر سنجیدہ رویے پر سینیٹر ولید اقبال کو 2 بار اور سینیٹر رحمان ملک کو ایک بار وارننگ جاری کردی۔

چیئرمین سینیٹ نے ولید اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معزز سینیٹر آپ ایوان میں چیونگم چبارہے ہیں آپ پارلیمان کی روایات کو مت توڑیں، پہلی تنبیہ کو ولید اقبال نے نظر انداز کردیا اور وہ مسلسل موبائل فون استعمال کرتے رہے جس پر چیئرمین کو انہیں دوبارہ وارننگ جاری کرنا پڑ گئی۔

موبائل میں مشغول رہنے پر چیئرمین نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ولید اقبال صاحب آپ کا موبائل ضبط کر لیا جائے گا۔

تھوڑی دیر بعد سینئر سیاستدان سینیٹر رحمان ملک بھی موبائل فون میں مشغول پائے گئے تو اسپیکر نے انہیں بھی مخاطب کرتے ہوئے وارننگ جاری کر دی۔