لاہور: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑی ساری دنیا میں لیگ کھیلتے ہیں، ہماری اجازت کے بغیر کوئی کھلاڑی باہر نہیں کھیل سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر صوبے میں سٹی ایسوسی ایشن بنانے جارہے ہیں، بورڈ نے آج آئین کی منظوری دے دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ بڑا قدم ہے کہ 2009 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ ملک میں واپس آئی ہے، پی ایس ایل شروع ہورہا ہے وعدہ تھا کہ سارے میچز پاکستان میں ہوں گے، پی ایس ایل تمام 34 میچز پاکستان میں ہوں گے۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ کی میزبانی کا فیصلہ، چیئرمین پی سی بی کو اختیار مل گیا
احسان مانی نے کہا کہ پشاور کے میچز کے لیے ہمیں اسٹیڈیم چاہئے، پی سی بی چاہتا ہے کہ پشاور میں انٹرنیشنل میچز ہوں، اسٹیڈیم تیار ہوگیا تو آئندہ سال پشاور میں میچز ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ پاکستان کا نہیں ایشین کرکٹ کونسل کا ہے، بھارت سے کھیلنے کا فیصلہ پاکستان نہیں پوری کونسل کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں احسان مانی نے کہا کہ مصباح پروفیشنل آدمی ہیں جبکہ میرٹ پی سی بی کی شروع سے سوچ رہی ہے، سٹی ایسوسی ایشن سب ریکارڈ رکھے گا۔