چیئرمین پی سی بی نے کوچز کو فری ہینڈ دے دیا

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے پاکستان وائٹ بال اور ریڈ بال کے ہیڈ کوچز گیری کرسٹن اور جیسن گلیپسی ٹیم میں بہتری لانے کے لیے فری ہینڈ دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کی شرمناک کارکردگی کے بعد ٹیم میں سرجری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی سے پاکستان وائٹ بال اور ریڈ بال کے ہیڈ کوچز گیری کرسٹن اور جیسن گلیپسی، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے ملاقات کی جب کہ سابق قومی کرکٹرز نے بھی محسن نقوی سے ملاقات کر کے انہیں ٹیم میں بہتری لانے کے لیے مفید مشورے دیے۔

پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلیے بڑے اقدامات اور فیصلے کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ہیڈ کوچز کو فری ہینڈ دے دیا اور انہیں فٹنس پرسمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔

اس میٹنگ میں ٹیم کی بیٹنگ، بولنگ بالخصوص فیلڈنگ بہتر بنانے کے لیے جامع پلان وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کوچز نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے تاہم اچھے کامبی نیشن کا فقدان ہے۔ محسن نقوی نے کوچز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق کرکٹرز نے چیئرمین سے ملاقات میں ڈومیسٹک اسٹرکچر مضبوط بنانے اور بار بار کپتان تبدیل نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

https://urdu.arynews.tv/pakistan-teams-major-surgery-inside-story-of-pcb-meeting/