چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ کو بہتر کرنے کی ٹھان لی۔
بنگلادیش کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں شرمناک شکست پر چیئرمین پی سی بی نے پاکستان کرکٹ کے معاملات کو ٹھیک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے معاملات ہر صورت ٹھیک کروں گا، پسِ پردہ بہت سارے معاملات چل رہے ہیں میرے الفاظ یاد رکھیں چیزیں اس طرح نہیں رہیں گی۔
پنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے اپنی ٹیسٹ کرکٹ کی 23 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کی۔ یہ شکست پاکستان کے لیے یوں بھی شرمناک ہے کہ پاکستان کو نہ صرف پہلی بار بلکہ ہوم گراؤنڈ پر 10 وکٹوں کی شکست کی خفت اٹھانی پڑی ہے۔
میچ کا نتیجہ آنے کے بعد سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم پر کڑی تنقید کی اور بالخصوص کپتان شان مسعود اور بیٹر بابر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیا۔
سابق اسٹائلش بلے باز اور موجودہ تجزیہ کار باسط علی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ میچ کا مطلب ہر چیز کا ٹیسٹ ہوتا ہے۔ پاکستان تو پہلے دن ہی فیل ہوگیا تھا کیونکہ میچ میں چار فاسٹ بولرز رکھے، کوئی اسپنر نہیں لیا۔
پاکستان ریڈ بال ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بنگلہ دیش سے ٹیسٹ میں شرمناک شکست کو ٹیم کے لیے سبق قرار دیا ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ ہم نے پچ کو دیکھتے ہوئے تین فاسٹ بولرز رکھتے تھے لیکن پچ کو سمجھنے میں ہم سے غلطی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ چوتھے روز میچ میں واپس آنے کی کوشش کی لیکن جب میچ ڈرا کی طرف لے کر جاتے ہیں تو پھر پریشر میں غلطیاں ہوتی ہیں۔ ہمیں لگا تھا کہ موسم کی وجہ سے پانچواں دن مکمل نہیں ہوگا۔