علیمہ خان کا پارٹی امور سے کوئی تعلق نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

راولپنڈی (26 اگست 2025): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے واضح کیا ہے کہ علیمہ خان کا پارٹی امور سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے کے بعد وہ نیاز اللہ نیازی ودیگر وکلا کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ علیمہ خان کا پارٹی امور سے کوئی تعلق نہیں اور یہ تاثر غلط ہے کہ وہ پارٹی پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔
ن

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کے 100 فیصد فیصلے عمران خان خود کرتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کس کو ہونا چاہیے اور کس کو نہیں، اس کا فیصلہ بانی نے کرنا ہے۔ میں نے کہیں بھی خود کو امیدوار کے طور پر پیش نہیں کیا۔ ہم نے اس معاملے پر اسٹے لے لیا ہے، لیکن اپوزیشن کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات اور بچوں کے امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پارٹی میں انتخابات میں حصہ لینے کی رائے ضرورہے، لیکن حتمی فیصلہ عمران خان نے ہی کرنا ہے۔ اگر ان کی ہدایات ہیں کہ حصہ نہیں لینا تو ان کی بات ہی حتمی ہوگی۔ کچھ باتوں پر ابہام ہے، لیکن بانی کی ہدایات پر 100 فیصد عمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے 26 نومبر کے واقعہ کے بعد بھی استعفیٰ دیا تھا، جو بعد میں واپس ہو گیا۔ ان کے استعفے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان خود فیصلہ کریں گے۔ تاہم ان کی واضح ہدایات ہیں کوئی پارٹی لیڈر پبلک میں استعفیٰ پیش نہیں کرے گا۔ پارٹی کے اندر سے باتیں باہر آتی ہیں تو لوگ سمجھتے ہیں اختلافات ہیں۔ سلمان اکرم راجا سمیت کسی لیڈر کو پارٹی معاملات پر ٹوئٹ نہیں کرنی چاہئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کسی سطح پر کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ حکومت والے صرف شوشے چھوڑ رہے اور اپنوں کو نواز رہے ہیں۔ پی پی اور ن لیگ کے پلے تو ایک ووٹ بھی نہیں ہے۔ ہمارے لیے صورتحال ٹف ہے، یہ سزائیں اور نا اہلیاں غلط ہیں، بانی کے فیملی ممبرز کو گرفتار کرنے کی کیا ضرورت تھی۔

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ سیلاب سے کے پی کے 10 اضلاع متاثر ہوئے، صرف بونیر میں 236 اموات اور 120 زخمی ہوئے۔ سینکڑوں گھر اور دکانیں جب کہ 55 ہزار ایکڑ پر فصلیں تباہ ہو گئیں۔ جتنی تباہی ہوئی، اس کے مقابلے میں وفاقی حکومت نے بہت کم امداد دی ہے، اس کو دل کھول کر مدد کرنی چاہیے۔ سیلاپ متاثرین کی مدد کیلیے آرمڈ فورسز، سیاسی جماعتوں اور این جی اوز کا مشکور ہوں۔

https://urdu.arynews.tv/aleema-khanum-on-salman-akram-raja/