پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت آتے ہی تاجروں کا عمران خان سے بڑا مطالبہ

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پنجاب کے تاجروں نے اتوار کی چھٹی ختم کرنے اور کاروبار کے لیے وقت کی پابندی ختم کرنے کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے تاجروں کے وفد کی بنی گالہ میں ملاقات ہوئی ، ملاقات میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

دوران ملاقات تاجر برادری نے پنجاب میں اتوار کی چھٹی ختم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا رات نو بجے مقرر کیا ٹائم جلد ختم کردیا جائے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں تاجر برادری کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کا ملکی معیشت میں اہم رول ہے، تحریک انصاف کی اولین ترجیح تاجر برادری کے مسائل حل کرنا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے تاجر وں کومسائل کے حل کےلیےہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔