الیکشن میں حصہ نہیں لینے دیں گے تو حالات خراب ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی

چیئرمین پی ٹی آئی

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ الیکشن میں حصہ نہ لینے دیں، عوامی خواہش کے برعکس چلیں گے تو حالات خراب ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ صفاف شفاف اور بروقت انتخابات کے لیے ہم سب سے بات کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی نہیں کہا انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، مولانا فضل الرحمان کی کوشش رہی انتخابات تاخیر کا شکار ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی اور معاشی استحکام نہ آیا تو ملک انارکی کی طرف بڑھے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن پی ٹی آئی میں شامل ہوجائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی بھی یہی خواہش ہے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ الیکشن کمشنر نے کہا تھا شیڈول سے پہلے کوئی ڈائریکشن نہیں دے سکتے، شیڈول کے بعد لیول پلیئنگ فیلڈ یقینی بنائی جائے گی اب امید ہے کہ الیکشن کمیشن ہمیں انتخابی مہم چلانے دے گی اگر اب بھی انتخابی مہم نہیں چلانے دی گئی تو سپریم کورٹ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب قانون تبدیل ہوگیا ہے ایک امیدوار صرف دو حلقوں سے الیکشن لڑ سکتا ہے، میں این اے 10 بونیر سے الیکشن لڑوں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس مستقبل کا کوئی منصوبہ نہیں وہ اپنے مسائل بتاتے ہیں، وہ چاہیں جس حلقے سے لڑکیں وہ ضرور الیکشن ہاریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو وزیراعظم بنتے بھی نہیں دیکھ رہا وہ ابھی بھی نااہل ہیں وہ کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے تو مسترد ہوجائے گا۔