چیئرمین سینیٹ، اسپیکر و دیگر کی انوارالحق کو نگران وزیراعظم تعیناتی پرمبارکباد

چیئرمین سینیٹ، اسپیکرقومی اسمبلی، سلیم مانڈوی والا اور خورشید شاہ نے سینیٹر انوارالحق کو بطورنگران وزیراعظم تعیناتی پرمبارکباد دی ہے، بلوچستان سے انوار الحق کاکڑکی بطور وزیراعظم تعیناتی اچھا فیصلہ ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے سینیٹر انوارالحق کو بطورنگران وزیراعظم تعیناتی پرمبارکباد پیش کی گئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ محترم انوار الحق کاکڑ ایک پڑھے لکھے، قابل اور محنتی انسان ہیں، بلوچستان سے انوار الحق کاکڑکی بطور وزیراعظم تعیناتی اچھا فیصلہ ہے، ان کی قائدانہ صلاحیتوں سے انکار نہیں کیا جا سکتا، انوار الحق سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں.

اسپیکرقومی اسمبلی نے بھی انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی، راجا پرویز اشرف نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ ایک زیرک اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، امید ہے انوار الحق کاکڑ شفاف اور بروقت الیکشن کے انعقاد میں کامیاب ہوں گے۔

سلیم مانڈوی والا کی جانب سے انوارالحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم نامزدگی پر مبارکباد پیش کی گئی ہے، سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ امید ہے انوارالحق آئین اور قانون کے مطابق ذمہ داریاں پوری کریں گے، شفاف انتخابات کرانا انوارالحق کے لیے بڑا چیلنج ہوگا۔

خورشید شاہ نے بھی انوار الحق کو نگراں وزیراعظم مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے، انھوں نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا، شفاف انتخابات ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔