چیمپئنز ون ڈے کپ کے پہلے ایلیمنیٹر میں لائنز نے اسٹالینز کو 12 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔
فیصل آباد میں کھیلے گئے پہلے ایلیمنیٹر میں لائنز کی جانب سے دیے گئے 264 رنز کے تعاقب میں اسٹالینز کی ٹیم 49.4 اوورز میں 251 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
کپتان محمد حارث کی 30 اور جہانداد خان کی 36 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں۔
یاسر حسین 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، معاذ صداقت 27 رنز بنا کر خوشدل شاہ کا نشانہ بنے، طیب طاہر 28 رنز بنا کر احمد دانیال کو وکٹ دے بیٹھے۔
محمد حسن نے بھی 30 رنز بنائے، حارث رؤف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، زمان خان کو 6 رنز پر سراج الدین نے بولڈ کیا۔
لائنز کی جانب سے احمد دانیال نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، خوشدل شاہ نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں، سراج الدین اور فیصل اکرم ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اس سے قبل لائنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے۔
احمد دانیال نے 65 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تھی، محمد طحہٰ 47 اور عامر یامین 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے، کپتان امام الحق 23 رنز بنا کر عبید شاہ کا نشانہ بنے تھے۔
شارون سراج نے 38 رنز کی اننگ کھیلی تھی، عرفان خان 7 اور خوشدل شاہ 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
لائنز کی جانب سے عبید شاہ نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ عادل امین اور معاذ صداقت نے دو، دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔