پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال فروری مارچ میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخوں کی تبدیلی کی بعض میڈیا رپورٹس کی کھیل کر تردید کر دی ہے۔
آئی سی سی چیمپئز ٹرافی آئندہ سال 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے جس کی میچز کراچی، لاہور اور پنڈی میں کھیلے جائیں گے، جس کے لیے تینوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔
گزشتہ دنوں کچھ میڈیا رپورٹس میں گمراہ کن دعویٰ کیا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کی تاریخوں میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان دعووں کی دوٹوک الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے تبصروں کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا اور شوپیس ایونٹ کی تاریخوں میں تبدیلی کا شوشا چھوڑا گیا جس نے غیر ضروری سنسنی خیزی کو جنم دیا۔
پی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا ٹاک کے دوران، جو پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔ چیئرمین محسن نقوی نے واضح طور پر کہا تھا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے تیاری کو یقینی بناتے ہوئے، تینوں اسٹیڈیمز کی دوبارہ تعمیر اور دوبارہ ڈیزائن کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کے دوران کچھ ڈومیسٹک میچوں کی منتقلی کے حوالے سے ضرور بات کی تھی تاہم یہ کسی طور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق نہیں تھی۔
کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کو مجوزہ شیڈول پر کرانے کے لیے پر عزم اور تیار ہے۔ پی سی بی نے پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ایک ڈرافٹ شیڈول پیش کر دیا ہے، جس کی مجوزہ تاریخیں 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک ہیں۔