’بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں جائے گی‘

شرجیل

بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم 99.9 فیصد چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔

بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے مقامی اسپورٹس چینل سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آئی سی سی کی سری لنکا میں میٹنگ ہے اس میں کلیئر کٹ یہ سامنے آجانا چاہیے کہ چیمپئنز ٹرافی کا مستقبل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آئی سی سی، بی سی سی آئی کے سامنے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شیڈول رکھے گا تو بھارت کہے گا کہ ہم وہاں نہیں جاسکتے ہماری حکومت اجازت نہیں دیتی۔

وکرانت گپتا کا کہنا تھا کہ ’بی سی سی آئی یہ کہے گا کہ چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروادیں جس کے میچز سری لنکا اور یو اے ای میں کروانے کی بات ہورہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں شاید ہائبرڈ ماڈل کے تحت میچز نہ ہوں دبئی میں ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی 2025 کا سیمی فائنل اور فائنل میچ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں انڈین میڈیا نے رپورٹس شائع کی تھیں کہ ٹورنامنٹ کو پاکستان سے منتقل کرنے پر آئی سی سی نے غور شروع کردیا ہے۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں شیڈول ہے جس میں شرکت کے لیے بھارت نے پھر سے حیلے بہانے شروع کردیے ہیں۔