چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے، چیئرمین پی سی بی

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم سمیت تمام اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر رات گئے بھی کام جاری ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کر کے کام کا جائزہ لیا۔

چیئرمین پی سی بی نے بیسمنٹ کی کھدائی کے کاموں کا معائنہ کیا اور کام کو تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اضافی لیبر اور مشینری لگا کر کام جلد مکمل کیا جائے۔

محسن نقوی نے بارشوں کے پیش نظر کام کو ٹائم لائن کے اندر پورا کرنے کی پلاننگ کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک چیلنجنگ ٹاسک ہے۔ پوری ٹیم دن رات محنت کرے اور تین شفٹوں میں کام جاری رکھا جائے کیونکہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اپ گریڈیشن کے کام کو ہر صورت مکمل کرنا ہے۔

اس موقع پر ایف ڈبلیو او کے حکام نے قذافی اسٹیڈیم اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کے بارے بریفنگ دی جب کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے منصوبے کی بر وقت تکمیل کیلیے ضروری ہدایات دیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے آئندہ سال فروری مارچ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے۔ یہ ایونٹ تین شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا اور ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لیے تینوں اسٹیڈیمز میں اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔

نیشنل کراچی اسٹیڈیم میں جاری اپ گریڈیشن کے کام میں تعطل نہ آئے، اسی وجہ سے 30 اگست سے شیڈول پاک، بنگلہ دیش ٹیسٹ پنڈی اسٹیڈیم منتقل کیا گیا ہے۔