کراچی : بھارتی فلم بجرنگی بھائی جان سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی صحافی چاند نواب پرریلوے افسران نے لاتوں گھونسوں اور تھپڑوں کی بارش کردی۔
تفصیلات کے مطابق مقامی ٹی وی چینل سےوابستہ صحافی چاند نواب رپورٹنگ کے سلسلے میں ریلوے اسٹیشن پر اپنے فرائض انجام دے رہے تھے کہ کراچی کے کینٹ اسٹیشن کی ریلوے پولیس نے کوریج کے دوران سینئر صحافی چاندنواب کوبدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
اطلاعات کے مطابق چاند نواب جب ریلوے اسٹیشن پہنچے تواسٹیشن پر موجود لوگوں نے چاند نواب کے سامنے ریلوے انتظامیہ کی نااہلی اور بلیک میلنگ کی شکایت کرنا شروع کردی۔
جس پر وہ لوگوں کے تاثرات ریکارڈ کرنے لگے تواسٹیشن ماسٹر اور ریلوے پولیس نے چاند نواب پر تشدد شروع کردیا،جس کی زد میں چاندنواب کے ساتھ موجود کیمرہ مین اور ڈی ایس این جی انجینئربھی آگئے۔
ذرائع کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر چھ سو روپے کا ٹکٹ 24 سو روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، اس راز کے فاش ہونے پر چاند نواب اور ان کی ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
چاند نواب اور ان کی ٹیم پر تشدد کی خبر کا صحافتی تنظیموں اور دیگر سماجی حلقوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف سحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Chand Nawab from Azhar Khan on Vimeo.