فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں افراتفری اور بھگدڑ کے دوران شائقین کے بے ہوش ہونے کے واقعے پر کویت کا پورا فٹبال بورڈ مستعفی ہوگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کویت میں جاری فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں جابر الاحمد انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں گزشتہ دنوں عراق کے خلاف ایک میچ میں افراتفری مچ گئی۔ شدید ترین گرمی میں پانی دستیاب نہ ہونے کے باعث کئی شائقین بے ہوش ہو گئے۔
اسی افراتفری اور بھگدڑ کے دوران کچھ شائقین بغیر ٹکٹ کے اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے جب کہ متعدد شائقین کو ٹکٹ ہونے کے باوجود اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
بدنظمی کی اس صورتحال کے بعد کویت کی فٹبال گورننگ باڈی کا پورا بورڈ مستعفی ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 60 ہزار شائقین کی تعداد والے اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد، ٹکٹنگ اور لاجسٹک کے مسائل کی انکوائری کے بعد بورڈ کے ارکان مستعفی ہو گئے اور سات ممبران نے اپنا استعفیٰ اجتماعی صورت میں پیش کیا۔
اس سے قبل کویت فٹبال ایسوسی ایشن نے اپنے سیکرٹری جنرل صلاح القنائی اور تعلقات عامہ کے سربراہ محمد بو عباس کو ’ناقابل قبول وجوہ ‘ کے باعث گزشتہ بدھ کے روز معطل کر دیا تھا، ان دونوں عہدیداروں کا استعفیٰ بھی قبول کر لیا گیا ہے۔