مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکریٹری چوہدری شافع نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی جماعت میں واپس آنا چاہتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع نے کہا کہ چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کی ملاقات مثبت رہی، وہ واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اسپین میں بیٹھا شخص ابھی نہیں مان رہا جو کہتا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہے۔
چوہدری شافع نے کہا کہ مونس الٰہی ایک سال پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سیاست اپنی اپنی، ہم ایک خاندان ہیں جبکہ سیاسی طور پر فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کو باقاعدہ دعوت دی وہ مسلم لیگ (ق) میں واپس آ جائیں، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مستقبل میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد بہت سی سیاسی شخصیات مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو جائیں گی۔
گزشتہ روز فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الٰہی کو گرفتار کیا۔ اس سے قبل اینٹی کرپشن کی عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں ان کی ضمانت منظور کر لی تھی اور دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں اور سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمات درج ہیں۔ ان کے خلاف لاہور کے تھانے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر تشدد کا مقدمہ بھی درج ہے۔