لاہور: سربراہ مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین نے آئین کے مطابق عام انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کا مطالبہ کر دیا۔
شجاعت حسین سے (ق) لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پارٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات میں قومی اسمبلی کی تحلیل اور نگراں سیٹ اپ کے معاملے پر مشاورت کی گئی جبکہ غیر جانبدار سیٹ اپ کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اس موقع پر شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ الیکشن آئین کے مطابق مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، امید ہے کہ نگراں وزیر اعظم کیلیے اتحادیوں کی مشاورت سے متفقہ نام پر اتفاق ہوگا۔
چیف آرگنائزر چوہدری سرور نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کیلیے غیر جانبدار سیٹ ضروری ہے، ملکی حالات تقاضہ کرتے ہیں کہ آئینی طریقہ کار کے مطابق چلا جائے۔
جنرل سیکرٹری (ق) لیگ پنجاب چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ نگراں سیٹ بالکل بھی متنازع نہیں ہونا چاہیے۔
رواں سال مئی میں وزیر اعظم شہباز شریف اور شجاعت حسین کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں نے انتخابات کی حکمت عملی پر اتفاق کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ (ن) لیگ اور (ق) لیگ آئندہ انتخابات میں مل کر حصہ لیں گی، سالک اور شافع حسین (ن) لیگ کے گجرات سے رہنما عابد رضا سے معاملات طے کریں گے اور حلقوں کے مطابق مشترکہ امیدواروں کا فیصلہ ہوگا۔
اس ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت نے 9 مئی کے واقعات پر کہا تھا کہ مجرموں کو سزا دی جائے اور معصوم لوگوں کو چھوڑ دیا جائے۔