چوہدری شوگرمل کیس : مریم نواز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 25 اکتوبرتک توسیع

لاہور : چوہدری شوگرمل کیس میں احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں پچیس اکتوبرتک توسیع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگرمل کیس کی سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کےجج امیرمحمدخان نے کیس کی سماعت کی، جیل حکام کی جانب سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کیا گیا۔

مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ان کا بیٹا جنید صفدر ، احسن اقبال، پرویز رشید،مریم اورنگزیب، سائرہ افضل تارڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ن لیگی کارکن باز نہ آئے اور حسب روایت عدالت کو سیاسی اکھاڑا بنائے رکھا، نعرے بازی کے ساتھ پولیس اہلکاروں سے دھکم پیل کرتے رہے، جس کے بعد فاضل جج نے مختصر سماعت کے بعد ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 25 اکتوبر تک توسیع کردی۔

پیشی کے آئیں پر مریم نواز نے ٹیلی فون پرنواز شریف سے گفتگو بھی کی اور والد سے بات کرتے ہوئے رو پڑیں۔

گذشتہ سماعت میں مریم نواز کے وکلا نے سائیڈروم میں مشاورت کی اجازت کی درخواست کی تھی ، جس پر عدالت نے کہا تھا ملاقات کر لیں مگریقینی بنایا جائے کوئی دوسرا نہ ہو، غیر متعلقہ افراد ملاقات میں گئے تو ذمہ دار وکلاہوں گے۔

عدالت نے ن لیگی کارکنوں کے شور شرابے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایت کی سیکیورٹی اہلکار سب کو باہر نکالیں ، کیا یہ لوگ میری عدالت کا ریکارڈ تباہ کرنا چاہتے ہیں، اور مریم نواز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کر دی اور دونوں ملزمان کو 23 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل ہونے والی سماعت میں عدالت نے مریم نواز کے مزید جسمانی ریمانڈکی نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے مریم نواز اور یوسف عباس کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔

یاد رہے 8 اگست کو نیب نے چوہدری شوگرملز منی لانڈرنگ کیس میں مریم نوا ز کو تفتیش کے لئے بلایا گیا تھا لیکن وہ نیب دفترمیں پیش ہونے کے بجائے والد سے ملنے کوٹ لکھپت جیل چلی گئیں تھیں، تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش نہ ہونے پر نیب ٹیم نے انھیں یوسف عباس کو گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کے تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھاکہ مریم نواز، نوازشریف اور شریک ملزموں نے2000ملین کی منی لانڈرنگ کی، ملزمان کےاثاثے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔