پاکستان میں ڈیجیٹل مردم شماری جاری ہے اس حوالے سے چیف سینسز کمشنر پاکستان ڈاکٹر نعیم الظفر نے بتایا ہے کہ ملک میں 14 کروڑ لوگ گنے جاچکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل مردم شماری جاری ہے۔ اس حوالے سے چیف سینسز کمشنر پاکستان ڈاکٹر نعیم الظفر نے کراچی میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پورے ملک میں اس وقت تک 14 کڑور لوگ گنے جا چکے ہیں جبکہ چار کڑور گھروں کی جیو ٹیگنگ ہوچکی ہے۔
نعیم الظفر نے کہا کہ پاکستان میں وسائل ، نمائندگی ہر صوبے کی آبادی کے لحاظ سے ہوتی ہے۔ اب تک ہونے والی مردم شماری میں کراچی کو آدھے سے بھی کچھ کم گنا گیا ہے۔ کراچی میں 84 لاکھ 87 ہزار 430 افراد کو گنا جا چکا ہے۔ 2017 کی مردم شماری تین سال کی تاخیر سے منظور ہوئی ہے۔ ہم پونے 2 سال سے ڈیجٹیل مردم شماری کی تیاری کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ شفاف مردم شماری لازمی ہے، اس سے قبل 6 مردم شماری نان ڈیجیٹل ہوئی ہیں۔ یہ ملک کی ساتویں اور پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے۔ اس کے لیے میپنگ میں سپارکو اور ڈیٹا اور سیکیورٹی کے لیے این ٹی سی اور نادرا کی خدمات لی گئی ہیں۔